کراچی: اسٹاک مارکیٹ میں چائنیز انویسٹمنٹ اور کمپنیز کی لسٹنگ کیلئے روڈ میپ تیار کرلیا گیا، ایس ای سی پی اور اسٹاک ایکسچینج کا وفد چائنا کا دورہ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اوراسٹاک ایکسچینج میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید اور کمشنر عبد الرحمان وڑائچ کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں اسٹاک مارکیٹ کی ترقی کیلئے اہم اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا اور اسٹاک مارکیٹ میں چائنیز انویسٹمنٹ اور کمپنیز کی لسٹنگ کیلئے روڈ میپ تیار کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایس ای سی پی اور اسٹاک ایکسچینج کا وفد چائنا کا دورہ کرے گا، چائنا اور پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس میں قریبی تعاون کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
اجلاس میں کپیٹل مارکیٹ کو وسعت دینے میں درپیش چیلنجوں ، مسائل اور ان سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے مارکیٹ کے ریگولیٹر ، اور چین کی قابل ذکر اسٹاک مارکیٹوں کے شرکائکے ساتھ روابط اور تعاون کو بڑھانے کی کوشش کی جائے گی اور مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھانے کیلئے پالیسیز میں نرمی ہوگی۔