روہڑی: چائے لانے میں تاخیر پر جھگڑے کے دوران ہوٹل کے عملے کے مبینہ تشدد سے نوجوان جاں بحق ہوگیا تاہم پولیس نے ایک ملازم کو گرفتار کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع سکھر کے علاقے روہڑی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ہوٹل میں چائے کے آرڈر میں تاخیر پر ہونے والے جھگڑے کے دوران ہوٹل کے عملے کے مبینہ تشدد سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق نوجوان کی شناخت نعیم بھٹی کے نام سے ہوئی ہے، جو ہوٹل میں چائے پینے آیا تھا، چائے میں تاخیر ہونے پر اس کی ہوٹل کے ویٹر یار محمد مہیسر سے تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔
جھگڑے کے دوران ہاتھا پائی ہوئی اور مبینہ طور پر ویٹر کے تشدد سے نوجوان زمین پر گر پڑا، موقع پر موجود افراد نے نعیم بھٹی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہوٹل کے ملازم یار محمد کو گرفتار کر لیا، واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں دیگر ملوث افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
نعیم بھٹی کی موت پر علاقے میں غم و غصے کی فضا پائی جاتی ہے، جبکہ شہریوں نے واقعے میں ملوث تمام ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔