Tag: چائے کا ایک کپ

  • چینی کی قیمت بے لگام ، چائے کا ایک کپ 80 روپے میں ملے گا

    چینی کی قیمت بے لگام ، چائے کا ایک کپ 80 روپے میں ملے گا

    کوئٹہ : چینی کی قیمت دو سو روپے فی کلو تک جاپہنچی ، جس کے باعث چائے کا آدھا کپ بھی مزدور کی دسترس میں نہیں رہا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی کی قیمتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں بڑھنے سے عام شہری تو پہلے سے ہی پریشان ہیں اب چینی سے بننے والی چیزوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہونے لگا۔

    مٹھائی،آئسکریم اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا، چینی مہنگی ہونے کے باعث کوئٹہ شہر کے ہوٹل مالکان بھی پریشانی سے دوچار ہیں ،ان کا کہنا ہے کہ اب انہیں چائے کی قیمتیں بڑھانی ہونگی یا پھر ہوٹل بند کرنا پڑیں گے۔

    چائے کے کپ کی قیمتوں میں گزشتہ تین ماہ کے دوران دس روپے اضافہ ہوا جبکہ اب دس روپے مزید اضافے کی صورت میں ایک کپ چائے اسی روپے کی ملے گی۔

    مہنگائی کے باعث پہلے ہی ہوٹلوں پر نصف قیمت میں آدھا کپ چائے دینے کا رجحان بڑھ رہا تھا اب شاید غریب اور مزدور کار افراد کے لئے آدھا کپ چائے پینا بھی دشوار ہوگا۔

  • سیاستدانوں اور افسران پر سرکاری خزانے سے چائے پینے پربھی پابندی

    سیاستدانوں اور افسران پر سرکاری خزانے سے چائے پینے پربھی پابندی

    لاہور: ہائی کورٹ نے سیاستدانوں اور افسران کو سرکاری خزانے سے چائے کا ایک کپ بھی پینے پر تاحکم ثانی پابندی لگا دی اور سرکاری خزانے کے ذاتی استعمال سے بھی روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس امین الدین خان نے لائرز فاؤنڈیشن کی وی آئی پی کلچر اور پروٹوکول کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ سرکاری خزانہ عوام کی امانت، عوامی فلاح کیلئے ہی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ حکمران اور افسران سرکاری خزانے کے امین ہوتے ہیں۔ وہ سرکاری خزانے کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کر سکتے۔

    دائر درخواست میں کہا گیا قائد اعظم نے سرکاری اجلاسوں میں چائے فراہم نہ کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ حکمران اور افسران سرکاری پیسے کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں۔

    درخواست میں استدعا کی گئی عدالت سرکاری خزانے کا ذاتی استعمال روکنے کا حکم دے۔

    دلائل کے بعد عدالت نے سیاستدانوں اور افسران کو سرکاری خزانے سے چائے کا ایک کپ بھی پینے پر تاحکم ثانی پابندی لگا دی اور سرکاری خزانے کے ذاتی استعمال سے بھی روک دیا۔

    عدالت نے درخواست پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت سمیت فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے اور سماعت 23 مئی تک ملتوی کردی۔