Tag: چارجنگ

  • رات بھر اسمارٹ فون کو چارج کرنا واقعی نقصان دہ ہے؟

    رات بھر اسمارٹ فون کو چارج کرنا واقعی نقصان دہ ہے؟

    اکثر افراد رات سوتے ہوئے اپنے اسمارٹ فون کو چارجنگ پر لگا دیتے ہیں اور فون رات بھر چارج ہوتا رہتا ہے۔

    کہا جاتا ہے کہ رات بھر فون کو چارج کرنا بیٹری کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے، تو کیا یہ بات واقعی درست ہے؟

    اس کا جواب سادہ نہیں بلکہ کچھ پیچیدہ ہے جس کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ فون کو چارج کرنے کا عمل کس طرح مکمل ہوتا ہے۔

    موجودہ عہد میں اسمارٹ فونز کو ڈیزائن کرتے ہوئے یہ خیال رکھا جاتا ہے کہ اس کی بیٹری اور اندرونی حصوں کو تحفظ حاصل ہو۔

    بیشتر اسمارٹ فونز کو چارجنگ پر لگایا جاتا ہے تو شروع میں وہ بہت تیزی سے چارج ہوتے ہیں مگر بتدریج یہ رفتار سست ہو جاتی ہے اور جب بیٹری 100 فیصد چارج ہو جاتی ہے تو چارجنگ رک جاتی ہے۔

    مگر چارجنگ رک جانے کے بعد بیٹری سست روی سے ڈسچارج ہونے لگتی ہے، جب وہ 99 فیصد پر پہنچتی ہے تو پھر دوبارہ چارج ہو کر 100 فیصد ہو جاتی ہے۔

    ایسا اس وقت تک بار بار ہوتا ہے جب تک آپ فون کو چارجر سے نہیں نکال لیتے، یعنی فون اوور چارج تو نہیں ہوتا مگر لگ بھگ مسلسل چارج ہوتا رہتا ہے۔

    اسمارٹ فونز تیار کرنے والی کمپنیوں کے مطابق بیٹریوں کو مکمل چارج کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی، درحقیقت زیادہ بہتر تو یہ ہے کہ انہیں مکمل طورپر چارج ہی نہ کریں جس کی وجہ بیٹری میں موجود ایک ہائی وولٹیج اسٹریس ہوتا ہے جو طویل المیعاد بنیادوں پر نقصان پہنچاتا ہے۔

    ہر فون کی بیٹری لائف وقت کے ساتھ کم ہو جاتی ہے مگر رات بھر چارجنگ کی عادت سے بیٹری کی تنزلی کا عمل تیز ہو جاتا ہے۔

    تو رات بھر اسمارٹ فون چارج کرنا نقصان دہ ہوتا ہے یا نہیں، اس کا جواب یہ ہے کہ کبھی کبھار فون کو رات بھر چارج کرنا نقصان دہ نہیں مگر اس کو عادت بنا لینے سے ضرور بیٹری لائف متاثر ہو سکتی ہے۔

    اگر آپ اپنے فون کو رات بھر چارج کرنا چاہتے ہیں تو بہتر ہے کہ آپٹمائزڈ چارجنگ فیچرز کو استعمال کریں جو اب تمام کمپنیوں کی جانب سے ڈیوائسز میں دیے جا رہے ہیں تاکہ طویل المعیاد بنیادوں پر بیٹری لائف کو کم از کم نقصان پہنچے۔

  • چارجنگ کے دوران الیکٹرک بائیک کی بیٹری میں دھماکے نے تباہی پھیلا دی، متعدد افراد ہلاک

    چارجنگ کے دوران الیکٹرک بائیک کی بیٹری میں دھماکے نے تباہی پھیلا دی، متعدد افراد ہلاک

    حیدرآباد: بھارتی شہر حیدرآباد میں ایک عمارت میں اس وقت آگ لگ گئی جب بیسمنٹ میں موجود الیکٹرک چارجنگ یونٹ میں ایک بائیک کی بیٹری دھماکے سے پھٹ گئی، اس حادثے میں 8 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد کے علاقے سکندر آباد میں پیر کی شب دوران چارجنگ ایک الیکٹرک بائیک کی بیٹری میں دھماکے نے تباہی پھیلا دی، دھماکے سے عمارت میں آگ لگنے سے آٹھ افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    رپورٹس کے مطابق عمارت کے بیسمنٹ میں الیکٹرک اسکوٹر کا شو روم تھا، جب کہ اوپر کی 4 منزلوں میں ایک ہوٹل قائم ہے، آگ عمارت کے بیسمنٹ میں الیکٹرک چارجنگ یونٹ سے شروع ہوئی اور پوری عمارت میں پھیل گئی۔

    ہلاک شدگان میں ایک خاتون بھی شامل ہے، جب کہ 7 افراد جھلسنے کے باعث شدید زخمی ہو گئے ہیں، جنھیں لوگوں نے فوری طور پر اسپتال پہنچایا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے سبب 25 سے 30 افراد اوپر کی منزلوں میں پھنس گئے تھے، کئی لوگ جان بچانے کے لیے اوپر کی منزل سے نیچے کود گئے۔

    واقعے کے بعد علاقے کے وزیر ٹی سری نواس راؤ، اور وزیر داخلہ محمود علی اور حیدر آباد سٹی کمشنر سی وی آنند نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔

  • بیک وقت ڈھیر ساری ڈیوائسز چارج کرنے والی میز

    بیک وقت ڈھیر ساری ڈیوائسز چارج کرنے والی میز

    دنیا بھر میں جیسے جیسے الیکٹرانک اشیا کا استعمال بڑھ رہا ہے ویسے ویسے ان کی چارجنگ کے لیے بھی نئی نئی ایجادات متعارف کروائی جارہی ہیں، حال ہی میں ایسی میز پیش کی گئی ہے جو بیک وقت کئی ڈیوائسز چارج کرسکتی ہے۔

    اسپین کی ایک کمپنی کی جانب سے بنائی گئی میز جسے ’ای بورڈ‘ کا نام دیا گیا ہے بیک وقت 50 ڈیوائسز چارج کرسکتی ہے اور اس کے لیے اسے تاروں کی ضرورت بھی نہیں۔

    ای بورڈ ’چی‘ ٹیکنالوجی پر مبنی پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے جدید ماڈل کے موبائل فون اس سے تار کے بغیر چارج ہوسکتے ہیں۔

    ان میں آئی فون اور گیلکسی کے جدید ماڈلز، گوگل پکسل تھری اور تھری ایکس ایل، تقریباً تمام اسمارٹ واچز، ٹیبلٹس، ایئر بڈ اور ایئر فون شامل ہیں۔

    وائر لیس چارجنگ کی سہولت کے بغیر موبائل فونز کے لیے اس کے ساتھ ایڈاپٹرز بھی پیش کیے گئے ہیں۔ یہ میز شمسی توانائی پر کام کرتی ہے اور مصنوعی روشنی کو بھی ذخیرہ کر کے اسے استعمال میں لاتی ہے۔

    کیا آپ اس میز کو اپنے گھر کی زینت بنانا چاہیں گے؟

  • اسمارٹ فون کی بیٹریوں کی عمر کیسے بڑھائی جائے

    اسمارٹ فون کی بیٹریوں کی عمر کیسے بڑھائی جائے

    اسمارٹ فون کو چارج کرنا ہمیشہ ایک مسئلہ رہا ہے کوئی اسے پوری رات کے لیے چارجنگ پر لگائے رکھتا ہے تو کوئی فون بند ہونے کے بعد ہی موبائل چارج کرنا شروع کردیتا ہے کہ شاید بار بار چارج کرنے سے بیٹری کی افادیت کھو جائے گی جب کہ کچھ لوگ سو فی صد چارجنگ کے بعد بھی چارجنگ جاری رکھتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس سے بیٹری زیادہ چارجنگ محفوظ کر لے گی۔

    اس قسم کے اور اس سے ملتے جلتے خیالات ہر اسمارٹ فون استعمال کرنے والے صارف کے ذہن میں پائے جاتے ہیں کیوں کہ انٹرنیٹ کے تیزی سے بڑھتے ہوئے استعمال کے بعد بہت سے فیچرز کے مسلسل استعمال سے بیٹری جلد ختم ہوجاتی ہے اور اسے چارج کی ضرورت پیش آتی رہتی ہے۔


    اسی سے متعلق : موبائل فون کی بیٹری جلد ختم کرنے والی وجوہات


    تا ہم ایک تحقیق سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ یہ تمام خیالات کم علمی کی وجہ سے ہیں اور حقیقت کے بالکل برعکس ہیں بلکہ ہم ایسا کر کے درحقیقت بیٹری کو زیادہ نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں۔

    smart-phone-post-1

    اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے اسمارٹ فون کی بیٹری دیرپا، موثر اور بہتر کارکردگی دکھائے تو درج ذیل ہدایات پرعمل کرتے ہوئے اپنے موبائل کو چارج کرنے کے طریقے میں تھوڑی سی تبدیلی لائیں اور لامحدود فوائد اُٹھاتے ہوئے اپنے اسمارٹ فون کی بیٹری کی عمر بڑھایے۔


    یہ پڑھیں : صدیوں کارآمد رہنے والی بیٹری


    بیٹری کو ٹھنڈا رکھیں

    سب سے پہلا کام جو آپ نے کرنا ہے وہ اسمارٹ فون کی بیٹری کو ٹھنڈا رکھنا ہے اس کے لیے بیٹری کو چارج کرتے ہوئے فون کے پچھلے کور کو نکال دیں یا کم از کم اضافی کیس کو ضرور منہا کر دیں تا کہ درجہ حرارت معتدل رہے، دوم یہ کہ فون کو ایسی جگہ چارج کریں جہاں درجہ حرارت معتدل اور فضاء ہوا دار ہو، اگر آپ چلچلاتی گرمی میں گھر سے باہر ہوں تو فون کو کیس میں محفوظ رکھیں تا کہ بیٹری گرم نہ ہونے پائے۔

    smart-phone-post-3

    رات بھر فون چارجنگ پر لگا نہ رہنے دیں

    اکثر لوگ فون کو چارجنگ پہ لگا کر سو جاتے ہیں اور رات بھر چارجنگ کے بعد صبح ہی فون کو چارجنگ سے ہٹاتے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ شاید اس سے چارجنگ زیادہ ہوجائے گی حالانکہ اسمارٹ فون میں ایک بیٹری کے علاوہ کوئی دوسرا عنصر نہیں جو چارجنگ کو محفوظ کر سکے اس طرح کرنے سے بیٹری نہایت گرم ہو کر پھول جاتی ہے اور جلد ہی ناکارہ ہو جاتی ہے۔

    سو فیصد چارجنگ نہ کریں

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جب ہمارا اسمارٹ فون سو فیصد چارج ہوجاتا ہے اور پھر بھی چارجر پر لگا رہے تو بیٹری پردباؤ بڑھ جاتا ہے جس سے اس کے درجہ حرارت میں اضافہ ہو جاتا ہے اور وہ پھول جاتی ہے یا سست روی کا شکار ہو جاتی ہے اس لیے بیٹری کی عمر بڑھانے اور کارکرد گی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ سو فی صد چارجنگ کے بجائے نوے فی صد ہونے پر ہی موبائل کو چارجر سے نکال لیا جائے اس طرح بیٹری پر دباؤ کم ہوگا۔

    smart-phone-post-5

    فون مکمل بند ہونے سے پہلے چارج کرلیں

    عام طور پر لوگ بیٹری مکمل ختم ہونے کے بعد جب فون بند ہوجاتا ہےتو اسی وقت چارجنگ کرتے ہیں یہ نہایت غلط عمل ہے کیوں کہ بیٹری جب مکمل مردہ ہو جاتی ہر تو اسے دوبارہ چارج ہونے میں تکنیکی بنیادوں پر دشواری کا سامنا ہوتا ہے جس کا اثر فون کی کارکردگی پر بھی پڑتا ہے۔

    smart-phone-post-4

    بیٹری کو وقفے وقفے سے چارج کریں

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بیٹری میں موجود لیتھیم آئیون کو مکمل چارج ہونے کی ضرورت نہیں ہوتی اس لیے بیٹریوں کو سو فی صد چارج ہونے سے پہلے ہٹا لینا چاہیے اور مکمل ختم ہونے سے پہلے چارجنگ پہ لگانا لینا چاہیے اس سلسلے میں سب سے مفید طریقہ کار یہ ہے کہ بیٹری کو تھوڑے تھوڑے وقفے سے چارج کیا جائے اس طرح بیٹری میں تناؤ بھی نہیں بڑھتا اور فون کی چارجنگ بھی نہ تو کم ہوتی ہے اور نہ مقررہ حد سے بڑھتی ہے۔

    smart-phone-post-2

    بیٹری تھوڑی دیر کے لیے چارج کریں

    موبائل کو گھنٹوں چارج پر رکھنے کے بجائے تھوڑی دیر کے لیے بار بار چارج کیا جائے تا کہ بیٹری کا لیول نہ بہت کم ہو نہ ہی زیادہ بلکہ درمیانہ رہے اس سے بیٹری کی عمر بھی بڑھ جاتی ہے اور بار بار چارج کرنے سے کوئی نقصان بھی نہیں ہوتا بلکہ اس سے چارجر بھی محفوظ رہتا ہے۔

    smart-phone-post-6


    یہ بھی پڑھیں : سیکنڈز میں چارج، ہفتہ بھر چلے، اسمارٹ فون کی سپر بیٹری ایجاد


    ایک ماہر کیمیا دان نے بتایا ہے کہ بیٹریاں انسانوں کی طرح ہی حساس ہوتی ہیں، زیادہ تناؤ اور درجہ حرارت ان کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے جو ان کی کارکردگی اور عمر گھٹا دیتا ہے اس لیے چارجنگ جتنی بہتر ڈھنگ سے کی جائے اسمارٹ فون کی بیٹریاں اتنی ہی زیادہ موثر، فعال اور کارگر رہیں گی۔

  • موبائل فون کی بیٹری جلد ختم کرنے والی وجوہات

    موبائل فون کی بیٹری جلد ختم کرنے والی وجوہات

    آج کل ہر شخص کے ہاتھ میں اسمارٹ فون نظر آتا ہے جو اسے ہر لمحہ اپنے ساتھ مصروف رکھتا ہے۔ اسمارٹ فون کے ذریعہ دنیا جہاں کی خبریں اور معلومات ایک لمحہ میں ہم تک پہنچ جاتی ہیں۔

    لیکن ہم میں سے اکثر افراد اپنے فون کی بیٹری جلد ختم ہونے کے باعث پریشان رہتے ہیں۔ وہ دن میں کئی بار چارجر اور اسمارٹ فون ہاتھ میں لیے برقی ساکٹ کی تلاش میں سرگرداں نظر آتے ہیں تاکہ اپنے موبائل کو چارج کرسکیں۔

    دراصل ہم انجانے میں موبائل کو اس طرح سے استعمال کرتے ہیں کہ وہ زیادہ بیٹری استعمال کرنے لگتا ہے اور ہمیں اس کا علم بھی نہیں ہوپاتا۔ یہاں ہم کو آپ کو وہ وجوہات بتا رہے ہیں جن کی وجہ سے آپ کے موبائل کی بیٹری جلد ختم ہوجاتی ہے۔

    :اسکرین برائٹ نیس

    اپنے موبائل کی اسکرین برائٹ نیس کو ہمیشہ کم رکھیں۔ زیادہ برائٹ نیس زیادہ چارجنگ خرچ کرنے کا باعث بنتی ہے۔ اسی طرح یہ آنکھوں کی صحت کے لیے بھی نقصان دہ ہے اور موبائل کی مستقل تیز روشنی ہمیں نابینا بھی کر سکتی ہے۔

    :وائی فائی کی تلاش

    اپنے موبائل کی سیٹنگز میں جا کر وائی فائی کے ’آٹو کنیکٹ‘ آپشن کو بند کردیں۔ یہ آپشن کھلا رہنے کی صورت میں موبائل مستقل وائی فائی تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے اور جہاں کہیں اوپن وائی فائی ملتا ہے یہ وہاں کنیکٹ ہوجاتا ہے۔

    اس کے بعد موبائل کی ایپس کام کرنے لگتی ہیں یوں بیٹری ختم ہونے لگتی ہے۔

    :نوٹیفیکشن موصول ہونا

    موبائل پر مستقل نوٹیفیکیشنز آنا بھی موبائل کی بیٹری میں کمی کا سبب بنتا ہے۔ سیٹنگز میں جا کر نوٹیفیکیشنز کو ڈس ایبل کردیں اور صرف انہی نوٹیفیکیشنز کو کھلا رکھیں جو ضروری ہیں جیسے میسیجنگ یا واٹس ایپ۔

    :ایپس کا مستقل کام کرنا

    ہر اسمارٹ فون میں ایپس کو بند کرنے کا ایک طریقہ ہوتا ہے۔ اگر آپ اس طریقے پر عمل کیے بغیر ایپس کو بند کریں گے تب وہ اسکرین سے تو غائب ہوجائیں گی لیکن پس منظر میں کام کر رہی ہوں گی اور موبائل کی بیٹری خرچ ہو رہی ہوگی۔

    ان ایپس کو بند کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ ہوم بٹن کو کچھ دیر پریس کر کے رکھیں، کھلی ہوئی ساری ایپس آپ کے سامنے آجائیں گی۔ ان کو سلائیڈ کردیں یا ’کلوز‘ کے نشان پر ٹچ کر کے بند کردیں۔

    :ایپس کا مستقل استعمال

    اگر آپ مستقل موبائل کو استعمال کر رہے ہیں اور مختلف ایپس کو بار بار کھول بند کر رہے ہیں تو یہ بھی آپ کے موبائل کی بیٹری ختم ہونے کی بڑی وجہ ہے۔

    :سافٹ ویئر اپ ڈیٹ

    موبائل سافٹ ویئر کا پرانا ورژن بھی بعض اوقات بیٹری ختم کرنے کا سبب بنتا ہے۔ سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کرتے رہیں تاکہ یہ جدید طریقہ سے کام کرتا رہے۔

    :ہارڈ ویئر میں مسئلہ

    ان تمام طریقوں کے باوجود بھی اگر آپ بیٹری جلد ختم ہونے کے مسئلہ کا شکار ہیں تو آپ کے موبائل کے ہارڈ ویئر میں کوئی مسئلہ ہے اور اسے کسی اچھے موبائل ٹیکنیشن کو دکھانے کی ضرورت ہے۔