Tag: چارسدہ

  • چارسدہ : پولیس وین کے قریب خودکش دھماکا، اہلکار محفوظ رہے

    چارسدہ : پولیس وین کے قریب خودکش دھماکا، اہلکار محفوظ رہے

    چارسدہ : اخون ڈھیری کے قریب پولیس وین کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور اہلکار محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں اخون ڈھیری کے قریب پولیس وین کے قریب خودکش دھماکا ہوا، پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکے سے پولیس اہلکاروں سمیت پولیس وین محفوظ رہی۔

    دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، رش نہ ہونے کے باعث دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا.

    حکام نے بتایا کہ حملہ آور نے پولیس وین گزرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے کے مقام سے تباہ موٹر سائیکل اور انسانی اعضاء ملے ہیں تاہم دھماکا خودکش تھا یا کچھ اور تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر ہونے ہولناک دھماکے میں 26 افراد جاں بحق ہوئے،جب کہ 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے، کالعدم بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے نے) نے دعویٰ کیا تھا کہ ریلوے اسٹیشن پر ان کے خودکش بمبار نے دھماکا کیا۔

  • چارسدہ: گھر کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    چارسدہ: گھر کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    چارسدہ: ترنگزئی خٹ کورونہ میں گھر کی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ چارسدہ میں جاں بحق افراد میں گھر کا سربراہ ساجد اس کی بیوی اور 3 بچے شامل ہیں۔ بچوں میں 8 ماہ کی دعانور، 7 سالہ حنیفہ، 8 سالہ موسیٰ شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی شیخوپورہ میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے تین خواتین سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق افسوسناک حادثہ صدیقیہ کالونی میلاد چوک کے قریب پیش آیا۔ جاں بحق افراد میں 55 سال کی کوثر بی بی، 50 سالہ بانو، 35 سالہ مفیظہ اور 25 سال کے علی رضا شامل ہیں۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بڑی خوشخبری

    ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ ملبے میں دب کر سات افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

  • قیدیوں کی گاڑی سے فرار ہونیوالا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

    قیدیوں کی گاڑی سے فرار ہونیوالا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

    چارسدہ: 12 جون کو قیدیوں کی گاڑی سے فرار ہونے والا ملزم ولی محمد پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں چند روز قبل قیدیوں کی گاڑی سے فرار ہونے والے ملزم ولی محمد پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ولی محمد کو 12 جون کو چار سدہ کی عدالت پیشی کے لیے لایا گیا تھا، پیشی کے بعد مردان جیل واپسی پر ملزم قیدیوں کی گاڑی سے چھلانگ لگا کر فرار ہوا تھا جس کے بعد غفلت برتنے پر ڈی پی او نے 7 پولیس اہلکاروں کو معطل کیا تھا۔

    پولیس کے مطابق قائد آباد میں آج ملزم کی موجودگی پرپولیس نے چھاپہ مارا، پولیس کو دیکھتے ہی ملزم نے فائرنگ کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم ولی محمد ہلاک ہوا۔

    پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزم ولی محمد پر تھانہ سٹی چارسدہ میں قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر سنگین مقدمات درج تھے۔

  • بوڑھے شخص سے 13 سالہ بچی کی شادی، پولیس عین وقت پر پہنچ گئی

    بوڑھے شخص سے 13 سالہ بچی کی شادی، پولیس عین وقت پر پہنچ گئی

    چارسدہ: پولیس نے ضعیف العمر دلہا کی نوعمر بچی سے شادی ناکام بنادی، باپ نے پیسوں کے عوض بیٹی کی شادی طے کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں بچی کے باپ عالم سید نے 5 لاکھ روپے کے عوض معمر شخص سے بیٹی کی شادی طے کی تھی، تنگی پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے 72 سالہ دلہا کی 13 سالہ بچی سے شادی کو کوشش ناکام بنا دی۔

    پولیس نے ارمڑ پشاور سے تعلق رکھنے والے 72 سالہ حبیب خان کو گرفتار کرلیا، 13 سالہ بچی سایہ گل کا باپ عالم سید موقع سے فرار ہوگیا۔

    لڑکی کے باپ اور معمر دلہا کیخلاف پولیس نے چائلڈ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے ہیں، پولیس نے نکاح پڑھانے والے قاضی کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں چائلڈ میرج ایکٹ موجود تو ہے لیکن اس پر موثر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث ملک میں آئے روز کمسن بچیوں کی بوڑھوں سے زبردستی کی شادی کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔

    کچھ عرصہ قبل پنجاب کے علاقے راجن پور میں بھی کم عمر بچی کی شادی کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنایا تھا، پولیس نے دولہے اور دلہن کے بھائیوں کو گرفتار کیا تھا۔

    اس واقوے میں 11 سالہ بچی کی شادی 40 سالہ شخص سے کرائی جارہی تھی، لڑکی کا والد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

    سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں بھی کمسن بچی کا 50 سالہ زمیندار سے زبردستی نکاح کرایا گیا تھا تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث بچی کو بچا لیا تھا۔

  • پنجاب اور کے پی میں بی آئی ایس پی قسط کی ادائیگی شروع، شدید گرمی میں خواتین بے ہوش، لاٹھی چارج

    پنجاب اور کے پی میں بی آئی ایس پی قسط کی ادائیگی شروع، شدید گرمی میں خواتین بے ہوش، لاٹھی چارج

    چارسدہ/جھنگ: پنجاب اور خیبر پختون خوا میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی قسط کی ادائیگی شروع ہو گئی، تاہم شدید گرمی میں عدم سہولیات کی وجہ سے خواتین رُل گئی ہیں، چارسدہ میں مصیبت زدہ خواتین پر پولیس نے لاٹھی چارج بھی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے شہر چارسدہ میں بینک کا سسٹم بند ہونے سے بی آئی ایس پی کی امدادی رقوم وصولی کے لیے آنے والی خواتین رُل گئیں، شدید گرمی اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے خواتین مشکلات کا شکار رہیں۔

    بابڑہ ہائی اسکول پر خواتین کو منتشر کرنے کے لیے بے رحم اور بے حس پولیس اہل کاروں نے لاٹھی چارج بھی کیا، جس پر ڈی پی او چارسدہ نے نوٹس لیتے ہوئے 2 پولیس اہل کاروں کو معطل کر دیا ہے۔

    ادھر پنجاب کے شہر جھنگ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ایک لاکھ 90 ہزار سے زائد خواتین کو قسط کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، تاہم خواتین کے لیے قائم کیمپوں میں شدید گرمی اور بنیادی سہولیات نہ ہونے سے خواتین شدید مشکلات کا شکار ہیں، اور پہلے ہی روز 3 خواتین بے ہوش ہو گئیں۔

    خواتین کا کہنا ہے کہ کیمپوں میں پینے کا پانی تک نہیں ہے اور انھیں سارا سارا دن شدید گرمی میں دھکے کھانے پڑتے ہیں، خواتین نے مطالبہ کیا ہے کہ شاپس کا پرانا سسٹم بحال کیا جائے تاکہ وہ با عزت طریقے سے بینظیر انکم سپورٹ کی قسط وصول کر سکیں۔

  • چارسدہ: امن وامان میں رخنہ ڈالنے والوں کا عبرتناک انجام

    چارسدہ: امن وامان میں رخنہ ڈالنے والوں کا عبرتناک انجام

    چارسدہ: کے پولیس نے صوبے کے امن وامان میں رخنہ ڈالنے والے شرپسندوں کو ان کے انجام تک پہنچادیا۔

    چارسدہ پولیس کے شہر میں شرپسندوں کی موجودگی پر سرچ آپریشن کیا گیا،سرچ آپریشن کے دوران شرپسندوں نے پولیس پرفائرنگ کی۔

    پولیس کے مطابق شرپسندوں کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا اور جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد بھاگتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق تینوں شرپسندوں کی لاشیں کھیتوں سے برآمد کرلی گئیں،فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن میں مزید کردیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پشاور دھماکہ: مراد سعید نے کے پی عوام سے بڑی اپیل کردی

    دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی مراد سعید نے سیاسی وابستگی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کے پی عوام کو امن کی کال دے دی ہے۔

    ایک بیان میں مراد سعید نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالا تر امن کیلئے کال دے رہا ہوں، کل انشااللہ بعد از نماز جمعہ کےپی عوام امن کیلئےنکلیں گے تمام شرکا کے ہاتھوں میں سفید جھنڈے ہونگے۔

  • چارسدہ: 8 سالہ بچی کا قاتل گونگا بہرا نکلا

    چارسدہ: 8 سالہ بچی کا قاتل گونگا بہرا نکلا

    چارسدہ: خیبر پختون خوا کے شہر چارسدہ میں اغوا کے بعد 8 سالہ بچی کا قتل کیا گیا تھا، پولیس نے قاتل کو گرفتار کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 8 سال کی بچی کو اغوا کے بعد قتل کرنے میں ملوث ملزم ہجرت خان گرفتار کر لیا گیا، ڈی ایس پی چارسدہ کا کہنا ہے کہ ملزم گونگا بہرا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم ہجرت خان نے اشاروں سے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔

    ڈی ایس پی تاج محمد خان کے مطابق بچی حنا کو ملزم نے 25 ستمبر کو چارسدہ کے علاقے تنگی سے اغوا کرنے کے بعد قتل کیا تھا، بچی کی لاش 26 ستمبر کو کچرے کے ڈھیر سے ملی تھی، بچی کو تشدد کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا۔

    انھوں نے بتایا کہ ملزم ہجرت خان کی عمر 22 سال ہے اور اس کا تعلق افغانستان سے ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قاتل نے بچی پر سیمنٹ کے بلاک سے وار کیا اور پھر گلا دبا کر قتل کیا، وقوعہ کے روز 8 سالہ حنا کو ملزم افغان مہاجر نے تالیاں بجانے اور گونگے ہونے کے اشارے پر طیش میں آ کر قتل کیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم کے باپ نے کہا ہے کہ ہجرت خان کو تالیاں بجانے اور گونگے ہونے کے اشارے پر سخت غصہ آتا ہے۔

  • چارسدہ میں اونچے درجے کا سیلاب آنے کا خدشہ

    چارسدہ میں اونچے درجے کا سیلاب آنے کا خدشہ

    چارسدہ میں اونچے درجے کا سیلاب آنے کے خدشے کے پیش نظر عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے کئی شہر سیلابی ریلوں کی زد میں ہیں اور نوشہرہ کے بعد چارسدہ بھی سیلاب کے خطرے سے دوچار ہے۔

    چند گھنٹوں میں سیلابی ریلا چارسدہ پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ مُنڈاہیڈورکس بھی سیلابی ریلے میں بہہ گیا ہے۔


    https://urdu.arynews.tv/charsaada-floods-in-pakistan/

    چارسدہ کی عوام سے سیلابی صورت حال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    چارسدہ میں خیالی کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہورہا ہے جبکہ پھنسے ہوئے شہریوں کو ریسکیو کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    سیلاب متاثرین نے موٹر وے پر پناہ لے رکھی ہے اور بڑی تعداد میں متاثرین رات کھلے آسمان تلے گزار رہے ہیں۔

    کے پی انتظامیہ الرٹ ہے، معاون خصوصی بیرسٹر سیف

    معاون خصوصی وزیر اعلیٰ بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کے پی انتظامیہ الرٹ ہے اور آبادی کو محفوظ مقام پر نقل مکانی کا کہہ دیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پولیس اور انتظامیہ عوام کو نکالنے میں مصروف عمل ہیں۔

    بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ دریا کے قریبی لوگوں کو جلد سے جلد دوسری جگہ منتقل کیا جارہا ہے اور کافی لوگوں کو منتقل کیا جاچکا ہے لیکن خطرہ بہت ہے اللہ خیر ہے۔

    واضح رہے کہ چاروں صوبوں کے مختلف علاقے سیلاب کی زد میں آنے سے اب تک 900 سے زائد اموات ہوچکیں ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے اور فوری امداد کے منتظر ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں مویشی بھی پانی میں بہہ گئے ہیں۔

  • عمران خان کے کارندوں نے جیل میں آ کر کہا اس کو زمین پر سلاؤ: شہباز شریف کا دعویٰ

    عمران خان کے کارندوں نے جیل میں آ کر کہا اس کو زمین پر سلاؤ: شہباز شریف کا دعویٰ

    چارسدہ: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے کارندوں نے جیل میں آ کر کہا تھا کہ اس کو زمین پر سلاؤ۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ میں کئی بار گرفتار ہوا، پہلے 1996 میں گرفتار کیا گیا تھا، نواز شریف کے ساتھ اٹک جیل میں رکھا گیا، لانڈھی جیل میں بھی نواز شریف کے ساتھ جیل کاٹی، جیلیں کاٹ رہے ہیں کیا یہ ڈیل ہے؟

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ جیل میں عمران خان کے کارندے آئے، ان کا نام نہیں لوں گا، انھوں نے کہا اس کو زمین پر سلاؤ، عام قیدیوں کے ساتھ رکھو، پھر جیل انتظامیہ کے لوگ میرے پاس آئے، اور مجھے کمر کی تکلیف کے باوجود جیل میں پہلی رات زمین پر سلایا گیا۔

    شہباز شریف نے کہا تاریخ میں اتنی بدترین حکومت نہیں دیکھی، رنگ روڈ منصوبے میں ایکسٹینشن کی خود عمران خان نے اجازت دی، ویڈیو موجود ہے جس میں عمران خان خود اجازت دے رہے ہیں، جب شور مچا تو یو ٹرن لینا شروع کر دیا، ان کی عادت ہے یوٹرن لینے کی۔

    ان کا کہنا تھا رنگ روڈ اسکینڈل پر ن لیگ نے واضح مؤقف اختیار کیا، میرے دورمیں رنگ روڈ منصوبے کی پلاننگ 2016-17 میں ہو چکی تھی، ڈاکٹر توقیر کو منصوبے سے متعلق انتہائی ایمان دار پایا، ڈاکٹر توقیر سے متعلق کوئی بات سامنے آتی تو میرے دور میں آنی چاہیے تھی۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا جس طرف دیکھیں ہر طرف اسکینڈل ہے، مہنگائی اور ویکسین کی بات کریں تو چور ڈاکو کہا جاتا ہے، حکومت نے ملک میں بے روزگاری، مہنگائی کر دی، لاکھوں لوگ بے روزگار ہو گئے، حکومت نے ویکسین کا انتظام نہیں کیا، کرونا نے ملک میں تباہی مچا دی، حکومت کو چاہیے تھا راتوں رات جہاز بھیج کرجہاں سے ویکسین ملتی لے کر آتی، لیکن ویکسین کا نام لیں تو چور ڈاکو کہا جاتا ہے۔

  • چارسدہ: تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام

    چارسدہ: تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام

    چارسدہ: خیبر پختون خوا کے شہر چارسدہ میں پولیس نے تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2 ملزمان کو بارودی مواد کے ساتھ گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع چارسدہ میں تھانہ سرو پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران گاؤں سرو میں ایک گاڑی سے بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد کر لیا۔

    چارسدہ پولیس کے مطابق ایک پک اپ گاڑی کے خفیہ خانوں سے 200 میٹر پرائما کارڈ اور 1200 ڈائنا مائٹ برآمد کیے گئے ہیں، 2 ملزمان طیب اور امان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش سے معلوم ہوا کہ دونوں ملزمان کا تعلق صوابی سے ہے، جو بارودی مواد شبقدر کے راستے ضلع مہمند منتقل کر رہے تھے، ملزمان کے خلاف تھانہ سرو میں مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

    نوشہرہ : بارودی مواد پھٹنے سے دھماکا ، 5 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 29 ستمبر کو صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے اکبرپورہ میں دریا کنارے سے ملنے والے مارٹر گولے کے پھٹنے سے دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا اسکریپ میں موجود بارودی مواد پھٹنے سے ہوا، واقعہ مقامی لوگوں کو دریا کنارے سے ملنے والے مارٹر گولے کو کباڑ میں بیچنے کے دوران پیش آیا۔