Tag: چارسدہ

  • ننھی زینب کا قتل کس چیز سے کیا گیا؟ پولیس نے قاتل کو گرفتار اور آلہ قتل برآمد کر لیا

    ننھی زینب کا قتل کس چیز سے کیا گیا؟ پولیس نے قاتل کو گرفتار اور آلہ قتل برآمد کر لیا

    چارسدہ: خیبر پختون خوا میں ایک درندے کی بھینٹ چڑھنے والی ننھی زینب کے زیادتی و قتل کیس میں ملوث ملزم گرفتار ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس ذرایع نے کہا ہے کہ چارسدہ کی ننھی زینب کے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم کی عمر 45 سے 50 سال کے درمیان ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق بھی ڈھائی سالہ زینب کے گاؤں سے ہے، ملزم نے پولیس کے سامنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا، اعتراف کے بعد سخت سیکورٹی میں ملزم کو جائے وقوعہ کی نشان دہی کے لیے لے جایاگیا۔

    ملزم کی نشان دہی پر پولیس نے آلہ قتل درانتی بھی برآمدکر لی، نشان دہی پر کھیتوں سے زینب کے جوتے بھی برآمد ہو گئے، معلوم ہوا کہ سفاک ملزم نے زینب کوگھر کے سامنے سے اٹھایا تھا، اور کھیت میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا۔

    زینب کے والد اختر منیر نے ملزم کو چوک پر لٹکانے کا مطالبہ کر دیا ہے، انھوں نے کہا قصور کی زینب کو انصاف ملا اس کے والدین کے سامنے ملزم کو لٹکایاگیا، میری بیٹی زینب کے قاتل کو سر عام پھانسی دی جائے۔

    زینب قتل کیس، وزیراعلیٰ کے پی‌ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے پرعزم

    واضح رہے کہ چارسدہ پولیس نے اس کیس میں 15 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا، جن سے تفتیش جاری تھی، زینب کے قاتل نے اس دوران اپنے جرم کا اقرار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی زینب کی ڈی این اے رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے، تین افراد زیادہ مشتبہ تھے ان کا بھی ڈی این اے ٹیسٹ کیا گیا لیکن یہ رپورٹ بھی ابھی موصول نہیں ہوئی ہے۔

    زینب زیادتی و قتل کیس میں تاحال 300 سے زائد افراد کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کیا جا چکا ہے، 15 مشتبہ افراد کے سوا دیگر زیر حراست افراد کو تفتیش کے بعد چھوڑ دیا گیا تھا، آج پولیس کا کہنا تھا کہ میڈیکل ٹیم آج علا قے میں مزید 100 مشتبہ افراد کا ڈی این اے ٹیسٹ کرے گی۔

    یاد رہے کہ 7 اکتوبر کو چارسدہ میں ڈھائی سال کی بچی کو زیادتی کے بعد بے رحمی سے قتل کر دیا گیا تھا، میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچی کو 18 گھنٹے قبل زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور پھر اُس کا پیٹ اور سینہ چاک کر کے قتل کیا گیا۔

  • چارسدہ : تین بھائیوں کو قتل کرنے والا ملزم انٹر پول کے ذریعے ملائشیا سے گرفتار

    چارسدہ : تین بھائیوں کو قتل کرنے والا ملزم انٹر پول کے ذریعے ملائشیا سے گرفتار

    چارسدہ : تین سگے بھائیوں کو بہیمانہ انداز میں قتل کرنے والے سفاک ملزم کو انٹر پول کے ذریعے ملائشیا سے گرفتار کر لیا گیا، عدالت نے ملزم کو دس روزہ ریمانڈ ہر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ رمضان المبارک میں چارسدہ کے علاقہ عمر زئی علی جان کلے میں بااثر رئیس زادے نادر خان نے دیگر دو ملزمان ناصر جمال اور پیر محمد سے مل کر تین سگے بھائیوں کاشف، شبیر اور سجاد کو لین دین کے تنازعے پر اپنے حجرے میں طلب کر کے بے دردی سے قتل کیا تھا۔

    تہرے قتل کیس کے چند گھنٹے بعد مرکزی ملزم نادر خان اپنی گرل فرینڈ کے ہمراہ ملائیشاء فرار ہو گیا جبکہ دیگر دو ملزمان پیر محمد اور ناصر جمال بھی روپوش ہو گئے۔

    ڈی آئی جی مردان محمد علی خان نے دیگر پولیس افسران کے ہمراہ میڈیا کو تہرے قتل کیس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تہرے قتل کیس کے دلخراش واقعہ کا آئی جی خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزمان کو جنگی بنیادوں پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کرکے روزانہ کی بنیاد پر پوگریس رپورٹ لیتے رہے۔

    ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ نذیر خان کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی گئی جس میں حساس اداروں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا۔

    تفتیشی اور اپریشنل ٹیم نے پہلے مرحلے میں ٹریول ایجنٹ رباب نسیم کو گرفتار کیا، جس نے مرکزی ملزم نادر خان کو ملائیشاء فرار کرنے میں نہ صرف سہولت کار ی کی بلکہ ملزم کے ساتھ خود ملائشیاءبھی گیا تھا جس کو ملایشیاء سے واپسی پر اسلام آباد ائیر پورٹ پر گرفتار کیا گیا۔

    اگلے مرحلے میں چارسدہ پولیس نے تہرے قتل کیس کے ایف آئی آر میں نامزد دو ملزمان پیر محمد اور ناصر جمال کو بھی گرفتار کرلیا۔

    ڈی آئی جی محمد علی خان کے مطابق مرکزی ملزم نادر خان کی ملائیشیاء سے گرفتاری کے حوالے سے وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، ایف آئی اے اور ملایشیاء کے رائل پولیس کے تعاون سے انٹرپول کے ذریعے بالاخر سفاک ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

    جس کو چارسدہ پولیس نے گزشتہ رات کو الالمپور سے لاہور اور پھر چارسدہ منتقل کیا۔ بعد ازاں ملزم نادر خان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے ملزم کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

     

  • لندن میں پاکستانی سرجڑی بچیوں کو کامیاب آپریشن کے بعد علیحدہ کردیا گیا

    لندن میں پاکستانی سرجڑی بچیوں کو کامیاب آپریشن کے بعد علیحدہ کردیا گیا

    لندن: برطانیہ کے گریٹ اورمونڈ اسٹریٹ اسپتال میں پاکستانی سرجڑی جڑواں بچیوں کو 50 گھنٹے کے کامیاب آپریشن کے بعد علیحدہ کردیا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چارسدہ سے تعلق رکھنے والی دو بہنوں صفا اور مروہ کا لندن کے گریٹ اورمونڈ اسپتال میں کامیاب آپریشن کیا گیا اور اس آپریشن کی سیریز میں مجموعی طور پر 50 گھنٹے کا دورانیہ صرف ہوا جس کے بعد وہ اب تیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں۔

    دو سالہ صفا اور مروہ کے جڑے ہوئے سروں کو علیحدہ کرنے کے لیے 4 ماہ کے عرصے میں تین بڑے آپریشن کیے گئے اور اس تمام عمل میں 100 اسٹاف ممبر شامل تھے۔

    رپورٹ کے مطابق بچیوں پہلا آپریشن اکتوبر 2018 میں ہوا جب ان کی عمر 19 ماہ تھی، آپریشن 20 گھنٹے جاری رہا اور اس میں 20 اسٹاف ممبر نے حصہ لیا۔

    صفا اور مروہ کا حتمی آپریشن 11 فروری کو کیا گیا جس کے بعد وہ لندن میں تیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں اور آئندہ سال پاکستان واپس جانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

    صفا مروہ پشاور کے علاقے حیات آباد کے ایک اسپتال میں 7 جنوری 2017 کو پیدا ہوئی تھیں ان کے سر جڑے ہوئے تھے اور اسے میڈیکل کی زبان میں کارنیوپیگس ٹوئن کہا جاتا ہے۔

    دونوں بچیوں کی پیدائش سے دو ماہ قبل ان کے والد کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا تھا، بچیوں کی والدہ زینب بی بی نے اسپتال انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے کرم سے وہ آج دونوں بچیوں کو علیحدہ علیحدہ دیکھ کر بہت خوش ہیں۔

    گریٹ اورمونڈ اسپتال کے نیورو سرجن الاویس جیلانی کے مطابق صفا اور مروہ کا کیس انتہائی نازک تھا جس کے باعث انہوں نے آُپریشن کے لیے بہت تیاری کی اور تھری ڈی ٹیکنالوجی کا سہارا لیا۔

    ڈاکٹرز کے مطابق دونوں بچیاں فزیو تھراپی کے عمل سے گزر رہی ہیں اور طبی عملہ ان کی مکمل نگرانی کررہا ہے۔

    واضح رہے کہ دونوں بچیوں کے نام مکہ میں مقدس پہاڑیوں صفا اور مروہ کے نام پر رکھے گئے ہیں۔

  • چارسدہ میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق

    چارسدہ میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق

    چارسدہ : صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر چارسدہ میں ملزم نے فائرنگ کرکے ماں سمیت 4 افراد کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے علاقے تالا شاہ میں ملزم نے فائرنگ کرکے ماں، بھابھی، بھتیجی اور چچا زاد بھائی کو قتل کردیا۔

    فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوراََ جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نشہ کرتا ہے اور اس سے قبل بھی اپنی بیوی کو قتل کرچکا ہے۔

    کرک میں مخالفین کی فائرنگ سےباپ سمیت 3 بیٹے جاں بحق

    یاد رہے کہ رواں سال اگست کو صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقے کرک میں جائیداد کے تنازع پرمخالفین نے فائرنگ کرکے باپ اورتین بیٹوں کو قتل کردیا تھا، شوہراور بیٹوں کی لاشیں دیکھ ماں بھی صدمے سے انتقال کرگئی تھی۔

    مردان میں فائرنگ‘ 5 افراد جاں بحق‘ 5 زخمی

    واضح رہے کہ 22 اگست کو مردان میں طورو کے علاقے ڈھکی میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ معمولی جھگڑے پرپیش آیا، مرنے والوں میں 2 بھائی ، چچا، بھتیجا اور ایک راہگیر شامل تھا۔

  • تحریک انصاف کا مقابلہ خاندانی سیاست سے ہے، عمران خان

    تحریک انصاف کا مقابلہ خاندانی سیاست سے ہے، عمران خان

    چارسدہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا مقابلہ خاندانی سیاست سے ہے، خاندانی سیاست میں میرٹ نہیں جب کہ حقیقی جمہوریت میں لیڈر میرٹ پر آتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے کے پی کے ضلع چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا باچا خان چارسدہ کا بڑا لیڈر تھا، چارسدہ کے نوجوان مستقبل کے لیڈر ہیں، میں آج آپ کے مستقبل کے لیے یہاں کھڑا ہوں۔

    عمران خان نے کہا چارسدہ میں پی ٹی آئی کا مقابلہ خاندانی سیاست سے ہے، یہاں باپ بیٹا کھڑے ہیں، شیرپاؤ کا بیٹا بھی ہے، مولانا فضل الرحمان کا بیٹا اور بھائی بھی سیاست میں ہیں، جو اقتدار میں آتا ہے فضل الرحمان اس کے ساتھ جڑ جاتا ہے، یہ کیا مذاق بنا لیا گیا ہے۔

    [bs-quote quote=”25 جولائی کو میرے لیے نہیں اپنے مستقبل کے لیے نکلنا ہے، مجھے اللہ سب کچھ دے چکا ہے۔” style=”style-2″ align=”left” author_name=”عمران خان” author_job=”پی ٹی آئی چیئرمین” author_avatar=”https://arynewsudweb.wpengine.com/wp-content/uploads/2018/04/imran-khan-6.jpg”][/bs-quote]

    پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ زرداری کا بیٹا زمین پر ایک کلو میٹر پیدل نہیں چلا اور وزیر اعظم بننے چلا ہے، مریم نواز نے زندگی میں ایک گھنٹہ کام نہیں کیا مگر وزیر اعظم بننا چاہتی ہیں، ان دونوں بے چاروں کو کیا معلوم کہ کسان اور مزدور کس طرح محنت کرتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ رشتے داروں کے سوا ان کے پاس کوئی لیڈر نہیں، یہ کیسی جمہوریت ہے، معاشرہ اوپر اس وقت جاتا ہے جب میرٹ پر معاملات چلتے ہیں، ن لیگ کی مخصوص نشستیں سب رشتے داروں کو دی گئیں ہیں، جمہوریت اس لیے کام یاب نہیں کیوں کہ میرٹ نہیں خاندانی سیاست ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ 25 جولائی پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم دن ہے، اللہ قوم کو تقدیر بدلنے کا موقع کبھی کبھی دیتا ہے، 25 جولائی ملک کا رخ بدلنے کا موقع ہے، پی ٹی آئی کےعلاوہ کوئی جماعت کرپشن ختم نہیں کرسکتی، کرپشن کے خلاف اداروں کو مضبوط کریں گے۔

    انھوں نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ نے 25 جولائی کو میرے لیے نہیں اپنے مستقبل کے لیے نکلنا ہے، مجھے اللہ سب کچھ دے چکا ہے، انشاءاللہ 25 جولائی کو ایک نیا پاکستان دیکھیں گے۔

    عمران خان نے کہا کل عدالتی فیصلہ آ رہا ہے اور نواز شریف لندن سے کہتا ہے فیصلہ مؤخر کردو، وہ قوم کا مجرم ہے، اربوں روپیا چوری کیا، نواز اور زرداری کی جائیدادیں بڑھ گئیں، نیب نے بھی کہا 25 جولائی تک کسی کو نہیں پکڑیں گے، بتائیں کس قانون کے تحت، 25 جولائی کو ان سب کو شکست دینی ہے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا شہباز شریف کہتا ہے لاہور کو پیرس، کراچی کو لاہور بنادوں گا، لاہور میں بارش ہوئی تو لوگوں کو معلوم ہوا ترقی صرف اشتہاروں میں ہے اور اصل امپائر خدا ہے، شہباز شریف نے بجلی، اسکول و کالج بھی اشتہاروں میں بنائے۔

    [bs-quote quote=”جو اقتدار میں آتا ہے فضل الرحمان اس کے ساتھ جڑ جاتا ہے، بارش ہوئی تو معلوم ہوا شہباز شریف کی لائی ہوئی ترقی صرف اشتہاروں میں ہے” style=”style-13″ align=”center” color=”#97abbf”][/bs-quote]

    عمران خان نے مزید کہا پاکستان کا بچہ بچہ مقروض ہے، عوام حکمرانوں سے پوچھیں قرضے کا پیسا کہاں گیا، دبئی میں پاکستانیوں نے چار سال میں 900 ارب روپے کے گھر خریدے، 10سال میں پاکستان پر قرضہ 6 ہزار سے بڑھ کر 27 ہزار ارب ہو گیا ہے اور ڈالر 60 روپے سے 125 روپے ہو گیا ہے۔

    پی ٹی آئی انتخابی مہم


    پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے، عمران خان کل بھی خیبر پختونخوا میں سیاسی میدان سجائیں گے، کل تیمر گرہ اور سوات کا دورہ کریں گے اور مختلف جلسوں سے خطاب کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • تحریک انصاف آج چارسدہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

    تحریک انصاف آج چارسدہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

    چارسدہ : پاکستان تحریک انصاف آج چارسدہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، عمران خان جلسے میں کارکنوں سےخطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے انتخابی مہم کے سلسلے میں طوفانی دورے جاری ہے ، عمران خان آج چارسدہ جائیں گے ، اس سلسلے میں جلسے کے تمام ترانتظامات مکمل کرلیے گئے۔

    پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جلسہ گاہ کو پارٹی پرچموں اور بڑے بڑے بینروں سے سجا دیا ہے جبکہ جلسہ گاہ میں 50 ہزار سے زائد کرسیاں لگائیں گئیں ہیں اور 80 فٹ لمبا اور 20 فٹ چوڑا اسٹیج تیارکرلیا گیا ہے۔

     عمران خان نے کراچی کیلئے نیا بلدیاتی نظام تجویزکردیا

    گزشتہ روز اسلام آباد روانگی سے قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کو صوبہ بنانے کی ضرورت نہیں بلکہ اسے میٹروپولیٹن بلدیاتی نظام کی ضرورت ہے، صوبے کی ضرورت تو پنجاب میں ہے، جہاں کی آبادی تین صوبوں کے برابر ہے اورستاون فیصد بجٹ لاہور پر خرچ کیا جارہا ہے۔

    کراچی میں مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ باریاں لینے والے آئندہ پانچ سال بھی عوام کے لئے کچھ نہیں‌ کریں گے، 25 جولائی فیصلے اور کراچی کو روشنیوں کا شہربنانے کا دن ہے، مسیحی برادری اور دیگر اقلیتیں بھی الیکشن میں بھرپورشرکت کریں۔

    پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جو لوگ نظام کو تباہ کرتے ہیں، وہ کبھی اسے ٹھیک نہیں کرسکتے، سندھ پولیس کے نظام کو تباہ کرنے والے خود اسے ٹھیک نہیں کریں گے، کرپشن انتہا کی ہوئی، نظام پرکوئی توجہ نہیں دی گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کالا باغ ڈیم زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، نہیں بننے دیں گے، اسفند یار ولی

    کالا باغ ڈیم زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، نہیں بننے دیں گے، اسفند یار ولی

    چارسدہ: ملک میں ڈیموں کی تعمیر کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے اہم ترین فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ کالا باغ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، نہیں بننے دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اسفند یار ولی نے کہا کالا باغ ڈیم کا معاملہ متنازعہ ہے۔

    سربراہ اے این پی کا کہنا تھا کہ ہم کالا باغ ڈیم کی تعمیر کسی بھی صورت میں نہیں ہونے دیں گے، اس کی بجائے بھاشا ڈیم کی تعمیر پر توجہ دی جائے، خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے بھی بھاشا ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم دیا ہے۔

    اسفند یار ولی خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کو ہر پانچ سال بعد انتخابات کے موقع ہی پر اسلام یاد آ جاتا ہے۔

    مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے بھی انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے نوا ز شریف کو فون کر کے فاٹا انضمام بل رکوایا تھا، فضل الرحمان نے ن لیگ سے نفاذ شریعت کے لیے بھی کوئی مطالبہ نہیں کیا۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حوالے سے بھی کہا کہ اگر انھوں نے مجھ پر الزامات ثابت نہ کیے تو عدالت جاؤں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض قوتیں 18 ویں ترمیم کا خاتمہ چاہتی ہیں۔

    سپریم کورٹ: بھاشا اور مہمند ڈیم کی فوری تعمیر اور کالا باغ کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا حکم


    اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے کرپشن نہیں کی، اے این پی کے کسی رکن اسمبلی پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہ ہوسکا۔

    واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ نے ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے اہم اور تاریخی فیصلہ کیا ہے، جس کے مطابق ملک میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر فوری طور پر شروع کی جائے گی جب کہ کالا باغ کی تعمیر کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • جنات کی مداخلت نہ ہوئی تو بتائیں گے انتخابات کیسے لڑے جاتے ہیں، اسفندیار ولی

    جنات کی مداخلت نہ ہوئی تو بتائیں گے انتخابات کیسے لڑے جاتے ہیں، اسفندیار ولی

    چارسدہ: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ اس بار جنات کی مداخلت نہ ہوئی تو ہم بتائیں گے کہ الیکشن کس طرح لڑا جاتا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاست میں گالم گلوچ کے کلچر کو فروغ دیا، وہ بنی گالہ سے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی ڈوریں ہلارہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم پر کرپشن کے الزامات لگائے جارہے ہیں، ہمارا دامن صاف ہے، صفائی کے لیے حلف اٹھانے کو بھی تیار ہیں، پی ٹی آئی بھی آئے اور حلف اٹھائے۔

    اسفندیار ولی نے کہا کہ جیل کاٹی لیکن کسی کے سامنے جھکنا گوارا نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں ہم نے الیکشن کب لڑا، ہم نے تو جنازے اٹھائے، ہم حکومت میں آکر سب سے پہلے فاٹا کو پختونخوا میں ضم کریں گے۔

    ایم ایم اے کی سیاست اسلام کے لیے نہیں، اسلام آباد کے لیے ہے: پرویز خٹک

    صوبوں کے حقوق کو یاد کرتے ہوئے انھوں نے حکومت کو تنبیہہ کی کہ اگر اٹھارویں ترمیم کو چھیڑا گیا تو ہم سڑکوں پرآ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک عمران خان کا کٹھ پتلی ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے سارا پیسا بنی گالی منتقل کیا۔


     خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • چارسدہ : زلزلے کے باعث زیادتی کی کوشش ناکام، ملزمان فرار، مقدمہ درج

    چارسدہ : زلزلے کے باعث زیادتی کی کوشش ناکام، ملزمان فرار، مقدمہ درج

    چارسدہ : دو اوباش نوجوانوں نے گھر میں گھس کر سولہ سالہ لڑکی کو اسلحہ کے زور پر برہنہ کردیا، ملزمان ویڈیو بنانے کیلئے زیادتی کی کوشش کررہے تھے کہ اچانک زلزلہ آنے سے ڈر کر بھاگ گئے، اے آر وائی نیوز کی خبر پر آئی جی خیبرپختونخوا نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے علاقے میاں کلے میں دو اوباش ملزمان نے لڑکی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کی اس دوران زلزلہ آنے سے گھبرا کر فرار ہوگئے، تھانہ پڑانگ پولیس نے لڑکی کی رپورٹ پر واقعے کا مقدمہ پڑوسی ملزم اعظم اور واصف کے خلاف درج کرلیا۔

    پولیس کو دیئے گئے بیان میں مذکورہ لڑکی عائشہ نے بتایا کہ علاقے کے دو لڑکے اعظم اور واصف میرے گھر میں گھس گئے اور پستول دکھا کربرہنہ کر کے زیادتی کی کوشش کی۔

    اس حوالے سے ایس ایچ او منظور خان نے میڈیا کو بتایا کہ متاثرہ لڑکی عائشہ کے بیان پر ایف آئی آر درج کر کے نامزد ملزمان کے گھروں پر چھاپہ مارا گیا ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

    ڈی پی او چارسدہ ظہور آفریدی کا اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مقدمہ کے اندراج کے بعد متاثرہ لڑکی کو میڈیکل رپورٹ کیلئے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کل تک ملزمان کو گرفتار کرکے میڈیا کے سامنے پیش کردیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کی خبر پر آئی جی کے پی کے نے نوٹس لے لیا، انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے، صلاح الدین محسود کا کہنا ہے کہ ملزمان کا کرمنل ریکارڈ موجود ہے جلد پکڑے جائیں گے۔

    چارسدہ میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے سرتاج خان نے بتایا ہے کہ واقعہ دوپہر بارہ بجے پیش آیا، لڑکی نے بتایا ہے کہ اس کی والدہ رشتہ داروں کے گھر گئی ہوئی تھیں اور میں گھر میں اکیلی تھی کہ دو اوباش نوجوان گھر کی دیوار پھلانگ کر داخل ہوگئے، رپورٹر کا کہنا ہے کہ پولیس کے پاس ملزمان کا پہلے سے کرمنل ریکارڈ موجود ہے۔

  • پرنسپل کے قتل میں ملوث ملزم تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    پرنسپل کے قتل میں ملوث ملزم تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    چارسدہ : کالج پرنسپل کو توہین رسالت کے مبینہ الزام میں گولیاں مار کر قتل کرنے والے سیکنڈ ائیر کے گرفتار طالب علم فہیم اشرف کا عدالت نے تین روزہ ریمانڈ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں مٹہ روڈ پر واقع نیو اسلامیہ کالج کے سیکنڈ ایئر کے طالب علم فہیم اشرف کو کالج پرنسپل کے قتل کے الزام میں پولیس نے مقامی عدالت میں پیش کیا۔

    پولیس نے ملزم کے ریمانڈ کی درخواست کی جس پر عدالت نے ملزم کو تین روزہ ریمانڈ ہر پولیس کے حوالے کردیا، ایس ایچ او تھانہ شبقدر کے مطابق واقعے کی تفتیش کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس نے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔

    دوسری جانب پرنسپل کے قتل کیخلاف طلبہ طالبات اورعلاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے، واقعے کے بعد شبقدر کے تمام نجی تعلیمی اداروں نے سوگ منانے کے لیے تین دن تک تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔


    مزید پڑھیں: چارسدہ، طالب علم نے پرنسپل کو گولی مارکر قتل کردیا


    واضح رہے کہ نیو اسلامیہ کالج کے طالب علم فہیم اشرف نے 22 جنوری بروز پیر کی صبح پرنسپل سریر احمد پر توہین کا الزام عائد کرکے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی۔

    گولیاں لگنے سے سریر احمد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج جاں بحق ہوگئے، مقتول کو سر اور سینے میں گولیاں ماری گئیں تھیں، پولیس نے ملزم کو موقع واردات سے آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا تھا۔