Tag: چارسدہ

  • چارسدہ : شب قدر کی عدالت میں خود کش حملہ، 9 افراد جاں بحق متعدد زخمی

    چارسدہ : شب قدر کی عدالت میں خود کش حملہ، 9 افراد جاں بحق متعدد زخمی

    چارسدہ : خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کا ایک اور واقعہ رونما ہوگیا، زور دار خود کش دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت نو افراد جاں بحق جبکہ دو لیڈی کانسٹیبل اور وکلاء سمیت تئیس افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ کی تحصیل شب قدر میں کچہری میں زور دار بم دھماکہ ہوا،

    ڈی پی او چارسدہ کا کہنا ہے کہ دھماکہ خود کش ہے، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، جائے وقوعہ پر پولیس موقع پر پہنچ گئیں امدادی ٹیمیں بھی روانہ کردی گئیں۔

    ڈی پی او چارسدہ نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکار گیٹ پر ڈیوٹی دے رہے تھے اور دہشت گرد کچہری کے اندر داخل ہونا چاہتے تھے۔

    اُنہوں نے خود کش حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تو اسی دوران اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ کچہری میں خواتین بچے اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    عدالت کے باہر دھماکے کے بعد سیاہ دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیئے جبکہ وہاں موجود دیگر گاڑیوں کو بھی آگ لگ گئی،

    سانحے میں نو افراد جاں بحق اور چودہ سے زائد لوگ زخمی ہوگئے ، زخمیوں طبی امداد کیلئے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں دو لیڈی پولیس کانسٹیبلز بھی شامل ہیں۔

    زخمیوں میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ ذرائع کے مطابق مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیاجارہاہے۔

    ڈی آئی جی شبقدر نے کہا ہے کہ کچہری کی سیکیورٹی کے لئے اٹھارہ پولیس اہلکار تعینات تھے، ڈی آئی جی کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور کا ٹارگٹ کورٹ رومز تھا لیکن پولیس اہلکاروں کی بروقت کارروائی اور بہادری نے اس کو گیٹ پر ہی روک دیا۔

     ڈی پی او سہیل خالد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خود کش حملہ آور نے دھماکے سے قبل فائرنگ بھی کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ خود کش حملہ آور کی عمر 15 سے 16 سال کے درمیان تھی،

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔

  • چارسدہ: بھارتی سفارتخانے کا ملازم3بیٹوں سمیت گرفتار

    چارسدہ: بھارتی سفارتخانے کا ملازم3بیٹوں سمیت گرفتار

    چارسدہ : سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے بھارتی جاسوس باپ اورتین بیٹوں کو گرفتارکرلیا، ملزمان خصوصی مشن پرافغان مہاجرین کے روپ میں رہائش پزیر تھے۔

    باچا خان یونیورسٹی پرحملے کے بعد دہشگردوں کے گرد گھیرا تنگ ہوگیاچارسدہ میں سیکورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے بھارتی جاسوس باپ اور تین بیٹوں کوگرفتار کرلیا۔

    بتایا گیا ہے کہ ملزمان افغانستان میں بھارتی سفارت خانہ کے ملازم اور را کے ایجنٹ ہیں، ملزم باپ نے نوید خان کے نام سے پاکستان کا جعلی شناختی کارڈ بنارکھا تھا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان عرصہ دراز سے چارسدہ میں خصوصی مشن پر تھے اور افغان مہاجرین کے روپ میں رہائش پزیر تھے، ملزمان کےباچا خان یونیورسٹی پر حملے میں بھی ملوث ہونے کا خدشہ ہے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • چارسدہ میں دہشت گردی کی اطلاع ایک ماہ قبل دی گئی تھی

    چارسدہ میں دہشت گردی کی اطلاع ایک ماہ قبل دی گئی تھی

    پشاور : باچاخان یونیورسٹی پشاور پرحملےسے تقریبا ایک ماہ قبل چارسدہ میں خوفناک دہشت گرد حملےکاالرٹ جاری کردیا گیا تھا،اس حوالے سے وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت اورسیکورٹی حکام کوتحریری طورپرآگاہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی وزارت داخلہ نے چودہ دسمبردوہزارپندرہ کوساڑھے آٹھ بجے تھریٹ الرٹ جاری کیا۔ یہ خط خیبرپختونخوا کے سیکرٹری داخلہ،پولیس اورایف سی کے اعلٰی حکام کو بھیجا گیا۔

    خط میں کہا گیا تھا کہ دہشت گردوں کاطارق گیدڑعمرنارے گروپ تین خودکش دہشت گرد چارسدہ بھیج رہا ہے۔ لیکن خط کے مطابق ان دہشت گردوں کا نشانہ چارسدہ کی باچاخان یونیورسٹی نہیں،ایک اورمقام تھا۔

    خط میں خبردارکیا گیا کہ دہشت گرد ڈسٹرکٹ کورٹ چارسدہ کونشانہ بنائیں گے۔ وفاقی حکومت کے خط میں بتایا گیا کہ تین دہشت گردعباس سواتی، سیف اللہ افغان اورایک اورافغان شخص رکشےسےعدالت کے گیٹ پراتریں گے۔

    دودہشت گرد خود کو پولیس اسپیشل برانچ کا اہلکارظاہرکریں گے،خودکش بمبارعباس کے ہاتھوں میں ہتھکڑی لگی ہوگی، دہشت گرد ایسا ظاہرکریں گے کہ جیسےعباس ملزم ہے اوراسے جج کے سامنےپیش کرنا ہے۔

    خط کے مطابق یہ تینوں عدالت میں داخل ہوں گے،عباس خود کودھماکے سے اڑائےگا، دوسرے دودہشت گرد اندھادھند فائرنگ کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ جانی نقصان ہوسکے۔

    اس خط میں دہشت گردی سےمتعلق کئی معلومات درست تھیں البتہ مقام کی اطلاع درست نہ نکلی۔ تاہم وفاقی حکومت کے خط میں کچھ باتیں درست اورکچھ غلط نکلیں،چارسدہ یونیورسٹی پرحملہ کرنے والے گروپ کاتعلق طارق گیدڑگروپ سے ہی تھا،۔

    خط میں تین دہشت گردوں کی نشاندھی کی گئی۔ چارسدہ یونیورسٹی میں چاردہشت گرد داخل ہوئے،خط میں کہا گیا وہ خود کو پولیس اہلکارظاہرکریں گے۔

    عینی شاہدین کے مطابق چارسدہ حملےمیں دہشت گردوں نےایسا ہی کیا،لیکن نشاندھی کی سب سے بڑی غلطی مقام کی تھی، وفاقی حکومت نے خطرہ ظاہرکیا کہ حملہ ڈسٹرکٹ کورٹ پر ہوگا۔ لیکن دہشت گردی کاواقعہ باچا خان یونیورسٹی میں پیش آیا۔

  • کیمسٹری کے پروفیسر سید حامد حسین بھی چارسدہ سانحے میں شہید

    کیمسٹری کے پروفیسر سید حامد حسین بھی چارسدہ سانحے میں شہید

    چارسدہ : باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پروفیسرسید حامد حسین نے حال ہی میں برطانیہ سے کیمسٹری میں پی ایچ ڈی ڈگری حاصل کی تھی۔

    ابتدائی تعلیم انہوں نے اپنے شہر کے گورنمنٹ ہائی اسکول سے حاصل کی، جس کے بعد پشاور یونیورسٹی سے شعبہ کیمیا میں بیچلر اور ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔ وہ باچا خان یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے تعینات تھے۔

    پروفیسرحامدحسین کےدوبچےہیں، وہ طلبا میں انتہائی مقبول تھے، پروفیسرڈاکٹرسیدحامد حسین باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں علم کی روشنی بانٹ رہے تھے۔ دہشت گردوں نے موت بانٹی تو وہ بھی گولی کانشانہ بن گئے۔

    تعلیم کا زیوربانٹنے والے استاد نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پرجو آخری پوسٹ کی وہ بھی تعلیم سے ہی متعلق تھی۔ اسسٹنٹ پروفیسرحامد حسین نے 17 جنوری کو صبح 8 بج کر41 منٹ پرآخری پوسٹ کی جس میں انہوں نے پاکستانی طلبا کو ورلڈ بینک فیلو شپ کی ترغیب دی۔

    ان کے ایک کزن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرحامد چاہتے تودنیا میں کہیں بھی جاسکتے تھے۔ لیکن انہوں نےاپنےملک اوراپنےصوبے کوترجیح دی، دہشت گردوں نے ایک استاد کو شہید نہیں کیا۔ امید حوصلےاورروشنی کاچراغ گل کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔

  • پشاور، چارسدہ، بنوں اورنوشہرہ میں آج عید منائی جارہی ہے

    پشاور، چارسدہ، بنوں اورنوشہرہ میں آج عید منائی جارہی ہے

    پشاور : ملک میں اس سال بھی دو عیدیں منانے کی روایت برقرار ہے۔

    خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج عیدالفطر منائی جارہی ہے،  پشاور میں نماز عید کے بڑے اجتماعات عید گاہ اور باغ ناران میں منعقد ہوئے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں غلام احمد بلور اور حاجی عدیل نے پشاور میں نماز ادا کی۔

      شمالی وزیرستان، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور بنوں میں بھی نماز عید الفطر کے اجتماعات ہوئے اور لوگوں نے نماز عید ادا کی جبکہ ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے عوام مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان پر عید منائیں گے۔

    داؤدی بوہرہ جماعت آج عید الفطر عقیدت اور احترام سے منارہی ہے، کراچی میں نماز عید کا بڑا اجتماع طاہری مسجد صدر میں منعقد ہوا، نماز عید کے اجتماع میں بوہری جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

     نمازِ عید کے اجتماعات کے موقع پر پولیس اور رینجزر کے اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا، شہر میں نماز عید کے 11سے زائد اجتماعات منعقد کئے گئے۔ جن علاقوں میں نماز عید ادا کی گئی، ان میں حیدری، صدر، جونا مارکیٹ، گاڑی کھاتا، ڈیفنس، سندھی مسلم سوسائٹی، ماڈل کالونی اور رنچھوڑ لائن کے علاقے شامل ہیں۔

    نماز عید کی ادائیگی کے بعد بوھری برادری کے افراد ایک دوسرے سے گلے ملے اور انہیں عید کی مبارکباد دی اور ملک کی سلامتی اور ترقی سمیت امن و امان کے لِئے خصوصی دعائیں مانگی گئی۔

  • چارسدہ : مسجد میں پیش امام نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، 6افراد زخمی

    چارسدہ : مسجد میں پیش امام نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، 6افراد زخمی

    شبقدر: چارسدہ کے علاقے شبقدر کی مسجد میں خود کش دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوگئے۔

    چار سدہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مسجد کے پیش امام نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، ڈی پی او شفیع اللہ خان کا کہنا ہے کہ پولیس کو پیش امام قاری نعیم اللہ پر شک تھا، جس پر اس کو روکا تو اس نے خود کو اڑالیا۔

    ڈی پی او نے بتایا کے قاری نعیم اللہ کو پہلے بھی پولیس نے گرفتار کیا تھا، دھماکے میں زخمی ہونے والے دو افراد کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • چارسدہ : بم ڈسپوزل اسکواڈ نے 15کلووزنی بارود ناکارہ بنا دیا

    چارسدہ : بم ڈسپوزل اسکواڈ نے 15کلووزنی بارود ناکارہ بنا دیا

    چارسدہ: بم ڈسپوزل اسکواڈنے پندرہ کلووزنی بارود ناکارہ بنا دیا گیا۔

    چارسدہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ یونٹ نے دریائے سوات کے کنارے بم کی اطلاع پرفوری کارروائی کی، جس میں دریا کے کنارے رکھا گیا پندرہ کلووزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق ناکارہ بنائے گئے مواد میں ایک خودکش جیکٹ بھی شامل ہے، جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ بارودی مواد پھٹنے سے بڑے پیمانے پرتباہی کا خدشہ تھا۔

  • حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم ہو گیا اب حساب کتاب ہوگا، سراج الحق

    حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم ہو گیا اب حساب کتاب ہوگا، سراج الحق

    چارسدہ : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم ہو گیا اب حساب کتاب کا وقت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام چارسدہ میں ایک بڑے اجتھاع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کاشغر روٹ کو متنازعہ بنایا گیا تو ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی۔

    امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکمراں باریاں لیتے رہتے ہیں ۔اس حکومت کو دو سال ہونے کو آئے ،ہنی مون کا وقت ختم ہوا، اب حساب کتاب دینا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ غریبوں نے اے این پی ،پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا ساتھ دیا لیکن انہوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ہم فلاحی پاکستان بنانا چاہتے ہیں طبقاتی تعلیمی نظام اور اقرباء پروری کا خاتمہ کریں گے۔

    سراج الحق نے کہا کہ کاشغر روٹ سے متعلق مشاورت نہیں کی گئی تو عمل درآمد بھی مشکل ہے۔ دوسری جانب جماعت اسلامی کے اجتماع میں کچھ بدنظمی بھی پیدا ہوگئی تاہم قیادت نے بات بڑھنے سے پہلے معاملہ ختم کرا دیا۔

  • آفتاب شیرپاؤ پرخودکش حملے کا ماسٹر مانئڈ گرفتار

    آفتاب شیرپاؤ پرخودکش حملے کا ماسٹر مانئڈ گرفتار

    چارسدہ : سابق وزیرِداخلہ آفتاب شیرپاؤ پرخودکش حملے کاماسٹر مانئڈ گرفتارکرلیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق خفیہ اداروں نے کارروائی کرکے سابق وزیرِداخلہ آفتاب شیرخان پاؤپرخودکش حملے میں ملوث ماسٹر مانئڈ جاوید کوچارسدہ کے علاقے سے گرفتارکرلیا۔

    ذرائع کے مطابق ملزم کاتعلق باجوڑایجنسی سے ہے۔ گزشتہ روزآفتاب شیرپاؤ پر چارسدہ کےعلاقےعمرزئی ٹاؤن میں خودکش حملہ کیا گیا تھا۔ تاہم آفتاب شیرپاؤ حملے میں محفوظ رہے تھے۔

    وزیراعظم نوازشریف اوروزیر داخلہ چودھری نثارنے آفتاب شیر پاؤ پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • چارسدہ: رشتے کے تنازے پر 10افراد قتل

    چارسدہ: رشتے کے تنازے پر 10افراد قتل

    چارسدہ :رشتے کے تنازعے پرجنونی بھتیجے نے چچا کے گھر میں گھس کرخواتین اور بچوں سمیت دس افراد کو قتل کردیا۔

    چارسدہ کی تحصیل تنگی میں بھتیجے نے چچا کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت دس افراد ہلاک ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق حادثہ رشتے کے تنازعے کی بنا پر پیش آیا،بھتیجے نے رشتہ نہ دینے پر چچا کے گھرمیں گھس کر فائرنگ کی اور قتل کے بعد موقع سےفرار ہوگیا۔

    قاتل بھتیجے نے اس سے قبل اپنے والدین اور بہن،بھائی کو بھی فائرنگ کرکے قتل کردیا تھااور چھ ماہ سے مفرور تھا۔ لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال تنگی منتقل کر دی گئیں۔