Tag: چار مطالبات

  • آپ کیسے باپ ہیں؟ خود کو بچانے کے لیے بچوں کو آگےکررہے ہیں، بلاول بھٹو

    آپ کیسے باپ ہیں؟ خود کو بچانے کے لیے بچوں کو آگےکررہے ہیں، بلاول بھٹو

    فیصل آباد : بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سستی روٹی، آشیانہ اسکیم اور دانش اسکول سمیت شہباز شریف کے تمام پروجیکٹس فیل ہوگئے ہیں جس کے بعد ان کا دماغ بھی فیل ہوگیا ہے۔

    وہ فیصل آباد میں اپنے چار مطالبات کی منظوری کے لیے دیے گئے الٹی میٹم کے اختتام پر حکومت مخالف تحریک کے آغاز پر جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ آج جس شہرمیں آیاہوں وہ پاکستان کاصنعتی مرکزکہلاتا تھا یہاں مِلیں چلا کرتی تھیں تو لوگوں کو روزگار ملتا تھا افسوس کا مقام ہے کہ آج یہاں تمام مِلیں بند ہیں۔

    بلاول بھٹو نے اعلان کیا کہ ہم نے حکومت مخالف تحریک کا آغا ز کر دیا ہے جو عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی تک جاری رہےگی جس کے پہلے مرحلے میں لاہور سے فیصل آباد آیا ہوں جہاں شاندار استقبال، پذیرائی اور عاجزی پر آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور یاد رکھیے کہ تاریخ گواہ ہے بڑی تحریکوں کے آغاز عاجزانہ ہی ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی دورمیں بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عمل درآمد کیا جائے کیوں کہ موجودہ حکمرانوں کی ذاتی تعلقات پرمبنی خارجہ پالیسی نے دنیا بھر میں پاکستان کوتنہا کردیا ہے لیکن اب پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش مزید نہیں چلے گی ملک کو مستقل وزیر خارجہ اور وزیرداخلہ کی ضرورت ہے۔

    پاناما کیس کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ احتساب سےمتعلق پیپلزپارٹی کابل منظور کیا جائے ہماری قیادت کو جیل میں رکھا جاتا ہے جب کہ نوازشریف خود اپنا سرمایہ باہر بھجواتے رہے لیکن اب ہم اب ایسا نہیں ہونےدیں گے ملکی خزانے میں نقب لگا کر بیرون ملک سرمایہ کی منتقلی ناقابل برداشت ہے۔

    انہوں نے وزیراعظم کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ آپ کیسے باپ ہیں؟ جوخود کو بچانے کے لیے اپنے بچوں کو آگے کرتے ہیں، ہم میں اور آپ میں یہی فرق ہے آپ اپنامال بچانے کے لیے اپنے بچوں کو آگے کر رہے ہیں جب کہ دوسرے شریف صرف شوبازیاں کرتے ہیں۔

    چیئرمین پیلز پارٹی نے کہا کہ ہماری ریلی پر آج کسان خوشیاں منا رہے ہیں کیوں کہ کسان جانتے ہیں کہ ان کا محفوظ مستقبل اور خوشحال روزگار پیپلز پارٹی سے وابستہ ہے جب کہ موجودہ دور میں غریب کسان کی فصلیں تباہ ہورہی ہیں اور کسان خود کشی کر رہے ہیں جب کہ نہ جانے میاں برادران کس ترقی کی بات کر رہے ہیں۔

    انہوں نے شریف برادران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غریب کابچہ تعلیم حاصل نہیں کرسکتا، مریض اسپتالوں کے ٹھنڈے فرش پر سسک سسک کر دم توڑ رہے ہیں، تین سال میں قرضے دگنے کر دیئے ہیں پھر آپ کس ترقی کی بات کرتے ہیں؟

    انہوں نے کہا کہ آپ نے تو دعوی کیا تھا کہ حکومت 3سال میں لوڈ شیڈنگ ختم کردیں گے میں پوچھتاہوں کیا لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی؟ لوڈ شیڈنگ تو ختم نہ ہوئی البتہ بجلی ضرور مہنگی ہو گئی ہے، لوڈ شیڈنگ نے تو بے نظیر بھٹو نے ختم کر دی تھی اور ہمارے ہی دور حکومت میں بجلی 8 روپے فی یونٹ تھی جب کہ آج 16 روپے فی یونٹ ہے جب کہ عالمی منڈی میں تیل بھی سستا ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ترقی صرف جاتی امراء میں ہو رہی ہے عوام کوغریب بناکرذاتی کاروبارچمکایاجارہاہے جب کہ قومی اداروں کو ترقی و وسعت دینے کے بجائے اسے دوستوں میں بانٹا جارہا ہے اسی لیے اگر پاکستان کی معیشت کو بچاناہے تو شریفوں کونکالنا ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میاں صاحب نےمنشور میں کہا تھا کہ ایکسپورٹ 100ارب ڈالر تک لے کرجائیں گے لیکن میاں صاحب تو حکومتی منصوبے اپنا سریا اور دوستوں کاسیمنٹ بیچنے کے لیے بناتے ہیں۔

  • وزیراعظم چوہدری نثار کو فوری برطرف کریں، عاجز دھامرا

    وزیراعظم چوہدری نثار کو فوری برطرف کریں، عاجز دھامرا

    نواب شاہ : پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹریاطلاعات سینیٹر عاجز دھامرا نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات ثابت ہوگئے ہیں، وزیراعظم چوہدری نثار کو فوری برطرف کیا جائے۔

    پیپلزسیکریٹریٹ نواب شاہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ ’’کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ سے واضح ہوگیا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کے کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات ہیں اس لیے فوری طور وزیر داخلہ کو برطرف کیا جائے‘‘۔

    سینیٹر عاجز دھامرا نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کی جانب سے پیش کیے گئے چار مطالبات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہے پیپلز پارٹی مک مکا کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔


    پڑھیں: ’’ وزیراعظم نے چار مطالبات نہ مانے تو دما دم مست قلندر ہوگا، بلاول ‘‘


    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی وہ واحد جماعت ہے جو پاناما لیکس کے معاملے پر احتساب اور مستقل قانون سازی کے لیے سنجیدہ ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ مشاورت اور مشترکہ جدوجہد پر اتفاق رائے ہوا تھا مگر عمران خان ہمیشہ کی طرح اکیلے ہی اس معاملے کو لے کر سڑکوں پر نکلے۔

    عاجز دھامرا نے مسلم لیگ کو متنبہ کیا کہ اگر بلاول بھٹو کی جانب سے پیش کردہ چار مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو دما دم مست قلندر ہوگا، آئی جی سندھ کو ہٹانے کے حوالے سے پی پی پر لگائے جانے والے الزامات بلاجواز ہیں۔


    مزید پڑھیں: ’’ پیپلز پارٹی چار مطالبات پر سیاست نہ کرے، مریم اورنگزیب ‘‘


    انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری 23 دسمبر کو دن 1 بجے کراچی ائیرپورٹ پہنچیں گے تو اُن کا تاریخی استقبال کیا جائے گا جس کے انتظامات کی ذمہ داری پی پی کراچی ڈویژن کے سپرد کی گئی ہے۔

  • پیپلز پارٹی چار مطالبات پر سیاست نہ کرے، مریم اورنگزیب

    پیپلز پارٹی چار مطالبات پر سیاست نہ کرے، مریم اورنگزیب

    اسلام آباد : وزیرِ مملکت مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی طے شدہ طریقہ کار کے تحت اپنے مطالبات منوائے ، جس کے لیے پارلیمنٹ موجود ہے لہذا چار مطالبات پر سیاست نہ کی جائے۔

    وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں انہوں نے کہا کہ جائز مطالبات ہوں گے تو ان پر پارلیمنٹ میں بات کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے چار مطالبات کی منظوری کے لیے پارلیمنٹ سے رجوع کرے وہی فورم ہے جہاں سیاسی امور اور انتظامی معاملات پر بات چیت کی جا سکتی ہے۔

    وزیرِ مملکت نے کہا کہ ملک جھوٹ ، کنٹینر کی سیاست اور الزامات کا متحمل نہیں ہوسکتا، جھوٹےالزامات کی سیاست کے باوجود ملکی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔

    مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ گزشتہ تین سال سے قوم کو سیران کے پیچھے لگا رکھا ہے جس سے نہ صرف یہ کہ معزز عدالت کا وقت ضائع ہوا بلکہ قوم کو بھی کنفیوزن کا شکار بنائے رکھا۔

    وزیرِ مملکت نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کے ترقیاتی منصوبوں میں اس کا ساتھ دے تا کہ عوام کو سہولیات فراہم کی جا سکیں بجائے اس کہ انتشار کی سیاست کر کے قوم کا وقت اور سرمایہ برباد کیا جائے ۔