Tag: چاغی

  • چاغی:  بجلی کے کھمبوں سے لٹکتی 5 لاشیں افغانستان کے سابق سیکیورٹی اہلکاروں کی نکلیں

    چاغی: بجلی کے کھمبوں سے لٹکتی 5 لاشیں افغانستان کے سابق سیکیورٹی اہلکاروں کی نکلیں

    چاغی : دالبندین میں بجلی کے کھمبوں سے لٹکتی 5 افراد کی لاشوں کی شناخت ہوگئی، پانچوں لاشیں افغانستان کے سابق سیکیورٹی اہلکاروں کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین سے 5 افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ پانچوں لاشیں افغانستان کےسابق سیکیورٹی اہلکاروں کی ہیں، چند ماہ قبل پانچوں افراد کو اغوا کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اغواکےبعدان کا اعترافی ویڈیو بیان جاری ہواتھا، بیان میں پانچوں افرادایک پاکستانی قبائلی شخص کےقتل کا اعتراف کررہے ہیں۔

    پولیس نے کہا کہ پانچوں سابق افغان سیکیورٹی اہلکاروں کی لاشوں کوورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع میں کھمبے سے لٹکی پانچ لاشیں ملیں تھیں، پولیس کے مطابق پانچوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

    بعد ازاں پولیس نے قاتلوں کا سراغ لگانے اور قتل کی وجہ جاننے کیلئے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سے متصل علاقے سورگل میں تحقیقات کا آغاز کیا، ضلعی انتظامیہ کے مطابق تفتیش مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔۔

  • چاغی :  بجلی کے کھمبوں سے بندھی 5 افراد کی لاشیں برآمد

    چاغی : بجلی کے کھمبوں سے بندھی 5 افراد کی لاشیں برآمد

    چاغی : دالبندین میں 5 افراد کی بجلی کے کھمبوں سے بندھی لاشیں برآمد ہوئی، پولیس کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین سے پانچ افراد کی لاشیں ملیں ہیں ، تمام افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیاگیا تاہم لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

    ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ ان افراد کو گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سے متصل والے علاقے سورگل میں بجلی کے کھمبوں سے باندھا گیا، جن کی لاشیں جمعے کی صبح مقامی لوگوں نے دیکھیں، لاشوں کی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ ان افراد کو گولیاں ماری گئیں ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ تاحال ان افراد کی شناخت نہیں ہوئی اور نہ ہی ان کے قتل کی تصدیق شدہ وجوہات سامنے آئی ہیں تاہم خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ کارروائی ایران میں سرگرم مسلح تنظیم جیش العدل کی ہو سکتی ہے جس نے کچھ عرصہ قبل اپنے مقتول رہنماء مراد نوتیزئی کی قتل کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کرکے ان کا اعترافی وڈیو بھی جاری کیا تھا۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سورگل سے ملنے والی 5 لاشوں کی تفتیش جاری ہے، مزید تحقیقات اور لاشوں کی شناخت کے بعد مزید تفصیلات معلوم ہوسکیں گی اور حقائق سامنے آئیں گے۔

  • چاغی میں ڈرامائی ریسکیو آپریشن،  برساتی ریلے میں پھنسنے والے ڈرائیور کو بچالیا گیا

    چاغی میں ڈرامائی ریسکیو آپریشن، برساتی ریلے میں پھنسنے والے ڈرائیور کو بچالیا گیا

    چاغی : برساتی ریلے میں پھنسے ڈرائیور کو مقامی نوجوانوں نے بچالیا، ڈرائیور اور گاڑی کو بغیر کسی نقصان کے ریسکیو کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چاغی میں ڈرامائی ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے برساتی ریلےمیں پھنسنے والے ڈرائیور کومقامی نوجوانوں نےبچالیا۔

    بہادر نوجوانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت رسی کو گاڑی سے باندھا اور زور سے کھینچ کر ریلےسے نکال لیا، ڈرائیور کےساتھ گاڑی کو بھی بغیرکسی نقصان ریسکیو کیا گیا۔

    خیال رہے چاغی میں طوفانی بارشوں کے باعث ہنگامی صورتحال ہوگئی جبکہ گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے ملک بھر میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوگا جس سے بیشتر علاقوں میں 3 دن تک مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

  • چاغی میں خوفناک ٹریفک حادثہ : 6 افراد جھلس کر جاں بحق

    چاغی میں خوفناک ٹریفک حادثہ : 6 افراد جھلس کر جاں بحق

    چاغی : صوبہ بلوچستان کے شہر چاغی میں دو گاڑیوں میں ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی کی تحصیل نوکنڈی کے مقام پر دو پک اپ گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم میں 6 افراد ہلاک جبکہ 14 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

    لیویز حکام کے مطابق تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث متاثرہ افراد بری طرح جھلس گئے۔

    تمام زخمی مسافروں کو نوکنڈی کے دیہی طبی مرکز منتقل کردیا گیا جہاں سے تین زخمیوں کو تشویشناک حالت میں کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔ ہلاک شدگان میں 4 کا تعلق نوکنڈی ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر تفتان ساگر کمار کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے چار افراد کی شناخت ہوچکی ہے جبکہ دو افراد کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی، جاں بحق ہونے والے تارکین وطن کا تعلق پاکستان اور افغانستان سے تھا۔

  • شدید سردی سے 2 بچے اسکول میں بے ہوش، محکمہ تعلیم کا ہنگامی اعلان

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں گزشتہ روز شدید سردی کے باعث 2 بچے اسکول میں بے ہوش ہوگئے تھے جس کے بعد محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں 3 روز کی ہنگامی تعطیلات کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں شدید سردی کے باعث تعلیمی اداروں میں 3 روز کی ہنگامی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر تعلیمی ادارے آج سے 16 جنوری تک بند رہیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز شدید سردی کے باعث 2 بچے اسکول میں بے ہوش ہوگئے تھے۔

    صوبہ بھر میں سردی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، سرحدی علاقے براپ چاہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، دالبندین، نوکنڈی اور تفتان میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 اور 11 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • چاغی: طوفانی ہوا سے رات میں بجلی کے 15 کھمبے گر گئے، لائن مین جاں بحق

    چاغی: طوفانی ہوا سے رات میں بجلی کے 15 کھمبے گر گئے، لائن مین جاں بحق

    چاغی: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے جہاں تباہی مچائی ہوئی ہے، وہاں دالبندین میں طوفانی ہوا سے رات میں بجلی کے 15 کھمبے بھی گر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے دالبندین اور یک مچ کے درمیان جمعرات کو طوفانی ہوا چلنے سے بجلی کے 15 کھمبے گر گئے، جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، بجلی بحالی کے دوران واپڈا اہل کار جاں بحق ہو گیا۔

    دالبندین میں کیسکو کے لائن مین زاہد بجلی بحالی کا کام کرنے کے دوران کھمبے سے گر کر شدید زخمی ہوئے تھے، جنھیں تشویش ناک حالت میں کوئٹہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے ہی میں دم توڑ گئے۔

    کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے صوبے میں 140 بجلی کے کھمبے گر چکے ہیں۔

    کیچ مکران کے علاقے مند میں لگا بجلی کا کھمبا

     

    واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے کھمبے جمعرات کو طوفانی ہوا اور بارشوں کے باعث گرے، گرے ہوئے کھمبے خراب ہو چکے ہیں لگائے نہیں جا سکتے، نئے کھمبے آتے ہی کام شروع کر دیں گے۔

    واضح رہے کہ یک مچ شہر کو گزشتہ 3 دن سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، دوسری جانب بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہی کی داستان رقم کر دی ہے اور سب کچھ اجڑ گیا ہے۔

    سیلاب کی وجہ سے متاثرین کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، جب کہ صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 127 ہوگئی ہے، 10 سے زائد اضلاع میں نظام زندگی معطل ہے، کوئٹہ، جھل مگسی، مستونگ اور چمن میں تباہی کے دردناک مناظر دیکھے جا رہے ہیں، اور درجنوں مکانات منہدم ہو چکے ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں 7 ڈیم ٹوٹ چکے ہیں، توبہ اچکزئی میں موسلا دھار بارشیں جاری ہیں، سیلابی ریلا مال مویشی، کھڑی فصلیں، اور سیب کے باغات بہا کر لے گیا ہے۔

  • چاغی میں تانبے اور سونے کی کان کا تنازع حل

    چاغی میں تانبے اور سونے کی کان کا تنازع حل

    اسلام آباد: بلوچستان کے علاقے چاغی میں تانبے اور سونے کی کانوں کی ترقی سے متعلق کاپر کمپنی سے جاری تنازع حل ہو گیا، حکومت پاکستان، بلوچستان حکومت، اور بیرک گولڈ کارپوریشن میں معاہدے پر دستخط ہو گئے۔

    دستخط کی اس تقریب میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو نے شرکت کی، ریکوڈک پروجیکٹ کو پاکستانی اداروں، بیرک گولڈ کے ذریعے بحال اور تیار کیا جائے گا۔

    50 فی صد حصہ بیرک گولڈ کے پاس رہے گا، جب کہ 50 فی صد شیئر ہولڈنگ پاکستان کی ملکیت ہوگی، یہ شیئر وفاق اور بلوچستان کی صوبائی حکومت کے درمیان مساوی طور پر تقسیم ہوگا، وفاق کا 25 فی صد شیئر 3 سرکاری اداروں میں یکساں طور پر تقسیم کیا جائے گا، جن میں آئل اینڈگیس کارپوریشن، پاکستان پیٹرولیم، اور گورنمنٹ ہولڈنگز لمیٹڈ شامل ہیں۔

    ریکوڈک: وزیر اعظم کی جانب سے قوم کے لیے بہت بڑی خوش خبری

    بلوچستان کا حصہ ایک کمپنی کے پاس ہوگا، اس کمپنی کی مکمل ملکیت حکومت بلوچستان کے کنٹرول میں ہے، بلوچستان کے لیے وزیر اعظم کے وژن کے ایک حصے کے طور پر منصوبے کے لیے بلوچستان کا حصہ سرمایہ، آپریٹنگ غرض تمام اخراجات وفاق برداشت کرے گی، اور حکومت بلوچستان مائنز کی ترقی پر کوئی خرچ نہیں اٹھائے گی۔

    اس منصوبے کے لیے بلوچستان میں تقریباً 10 بلین ڈالر کی سرمایہ کی جائے گی، سرمایہ کاری سے 8000 سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، یہ منصوبہ بلوچستان کو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا وصول کنندہ بنا دے گا۔

    ریکوڈک معاہدے پر 25 فی صد حصہ بلوچستان کا ہوگا: شوکت ترین

    ریکوڈک منصوبہ دنیا میں بڑے تانبے، سونے کی کان کنی منصوبوں میں سے ایک ہوگا، یہ معاہدہ 3 سال کے دوران کئی ادوار کی بات چیت کے بعد طے پایا ہے، اگست 2019 میں وزیر اعظم نے مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی قائم کی تھی، جس میں وفاقی، صوبائی حکومتوں کو بین الاقوامی مشیروں کی مدد حاصل تھی۔

    خیال رہے کہ اب حکومت اس معاہدے کو پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے سامنے بھی پیش کرے گی۔

  • چاغی میں صحرا سے 2 افراد کی لاشیں برآمد

    چاغی میں صحرا سے 2 افراد کی لاشیں برآمد

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں صحرا سے 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، دونوں افراد غیر قانونی طریقے سے براستہ ایران، یورپ جانا چاہتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق چاغی کے سرحدی علاقے میں صحرا سے 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں، ڈپٹی کمشنر چاغی کا کہنا ہے کہ لاشیں پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق لاشوں کی شناخت سجاد علی اور حافظ بلال کے ناموں سے ہوئی، دونوں افراد غیر قانونی طریقے سے براستہ ایران، یورپ جانا چاہتے تھے۔

    حکام کے مطابق دونوں افراد راستہ بھٹک گئے جس کے بعد بھوک و پیاس سے ان کی موت واقع ہوئی۔

  • چاغی: کار اور کوچ میں تصادم، 4 افراد جاں بحق

    چاغی: کار اور کوچ میں تصادم، 4 افراد جاں بحق

    چاغی: صوبہ بلوچستان کے شہر چاغی میں کار اور کوچ میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں چاغی کے علاقے دالبندین کے قریب تیز رفتار کا اور کوچ میں تصادم ہوا، حادثے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق 3 افراد کا تعلق پنجاب اور ایک کا مستونگ سے بتایا جا رہا ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے شہر خانیوال میں ٹریکٹر ٹرالی اور رکشے میں تصادم کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔

    لورالائی: ٹرک اور کار میں ٹکر،5 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 15 اگست کو صوبہ بلوچستان کے علاقے لورالائی میں ٹرک اور کار میں تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 3 افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

  • پاک ایران سرحد جزوی طور پر  بحال

    پاک ایران سرحد جزوی طور پر بحال

    چاغی: سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ پاک ایران سرحد جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران سے زائرین، تاجر اور عام پاکستانیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، سرحدی حکام نے کہا ہے کہ گزشتہ روز 317 زائرین، 61 تاجر اور عام افراد پاکستان میں داخل ہوئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مجموعی طور پر ایران سے آنے والے پاکستانیوں کی تعداد 4650 ہو گئی ہے، ایران سے آنے والی 12 مال بردار ایرانی کنٹینرز پر بھی اسپرے کر کے انھیں جراثیم سے پاک کیا گیا، اور ڈرائیورز کی اسکریننگ کی گئی۔

    چین کا اگلے ماہ کرونا وائرس ویکسینز متعارف کرانے کا اعلان

    خیال رہے کہ پاک ایران تفتان بارڈر پر ایران سے صرف پاکستانیوں کو آنے کی اجازت ہے، اور تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے، کلیئر ہونے کے بعد مزید سفر کی اجازت دی جا رہی ہے، تفتان میں خیمہ بستی بھی قائم کی گئی ہے۔

    کرونا وائرس کے سلسلے میں ایران سے ملحقہ اضلاع گوادر، ماشکیل، مند اور پنجگور میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی۔ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں تعلیمی ادارے بھی 15 مارچ تک بند ہیں۔ یاد رہے کہ 24 فروری کو ایران میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستان الرٹ ہو گیا تھا اور تفتان بارڈر بند کر دیا گیا تھا، اس کے ساتھ ٹرانزٹ گیٹ، راہداری اور پاسپورٹ گیٹ بھی بند کر دیے گئے تھے۔