Tag: چاقو حملہ

  • لندن: میوزکل پروگرام میں چاقو سے حملہ، 5 افراد زخمی

    لندن: میوزکل پروگرام میں چاقو سے حملہ، 5 افراد زخمی

    لندن کے مشرقی علاقے میں میوزکل پروگرام کے دوران چاقو بردار شخص نے وہاں موجود لوگوں پر حملہ کیا، جس میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی لندن میں کروڈن کے علاقے میں آسدا سپرمارکیٹ کے قریب مذکوہ واقعہ پیش آیا، میوزیکل پروگرام میں جھگڑے کے دوران ملزم نے چاقو سے حملہ کیا، مبینہ طور پر ملزم نے مشتعل ہوکر حملہ کیا اور 5 لوگوں کو نشانہ بنایا۔

    میٹروپولیٹن پولیس نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں ایک 50 سالہ شخص جبکہ 2 لوگوں کی عمر 30 سال کے آس پاس ہے، دو زخمی ہونے والے کی عمریں 20 سال کے قریب بتائی جارہی ہیں۔

    برطانوی میڈیا نے بتایا کہ پولیس نے علاقہ گھیرے میں لےلیا ہے جبکہ ایک مشتبہ شخص کو چاقو حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جس کی عمر 30 سال بتائی جاتی ہے۔

    برطانوی پولیس کے چیف سپرنٹینڈنٹ اینڈی بریٹین نے بتایا کہ تفتیش سےپتا چلا کہ جن پر حملہ ہوا اور جس سے ملزم نے چاقو کے وار کیے وہ لوگ آپس میں ایک دوسرے کو جانتے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/people-walking-past-injured/

  • اسکول میں طالب علم پر چاقو سے جان لیوا حملہ، شہریوں سے دل خراش تصاویر شیئر نہ کرنے کی اپیل

    اسکول میں طالب علم پر چاقو سے جان لیوا حملہ، شہریوں سے دل خراش تصاویر شیئر نہ کرنے کی اپیل

    برطانیہ میں چاقو زنی کا ایک اور جان لیوا واقعہ رونما ہوا ہے، جس میں ایک اسکول طالب علم کو جان سے ہاتھ دھونا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہر شیفیلڈ میں ہاروے وِلگوز نامی 15 سالہ طالب علم اسکول میں چاقو حملے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔

    ساؤتھ یارکشائر پولیس کے مطابق واقعہ دوپہر کے وقت اسکول کے اوقات میں پیش آیا، واقعے میں ملوث ہونے کے شُبہے میں پولیس نے ایک 15 سالہ نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے جس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

    چاقو حملہ

    اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل ساؤتھ یارکشائر پولیس لنزی بٹرفیلڈ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بچے کی ہلاکت کی تصدیق کی، اُن کا کہنا تھا کہ پولیس واقعے کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے تیزی سے تحقیقات کر رہی ہے، اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اس واقعے کی دل خراش تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرنے سے گریز کریں۔

    انھوں نے اپیل کی کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو وہ پولیس کو مطلع کریں۔

  • تل ابیب کی شاہراہ پر خنجر کے وار سے 4 افراد شدید زخمی

    تل ابیب کی شاہراہ پر خنجر کے وار سے 4 افراد شدید زخمی

    اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں چاقو بردار شخص نے حملہ کرکے 4 افراد کو شدید زخمی کردیا، جبکہ شہری کی فائرنگ سے حملہ آور بھی جان سے گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تل ابیب میں نہلات بنیامین اسٹریٹ پر حملہ آور نے شہریوں پر چاقو سے حملہ کیا۔ جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے، ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے حملے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا ہے۔

    پولیس کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ حملہ آور کو شہری نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے۔ حملہ آور مراکشی نژاد امریکی شہری تھا، وہ 18 جنوری کو وزٹ ویزہ پر اسرائیل آیا تھا۔

    اسرائیلی وزیر داخلہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر سرحدی کنٹرول کے افسران نے دہشت گرد کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

    اسرائیلی سیکیورٹی ایجنسی نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے حملہ آور کو اسرائیل میں داخل ہونے کی اجازت دے دی تھی، معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    دوسری جانب 7 اکتوبر 2023 کو فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے حملے میں سکیورٹی ناکامی پر اسرائیل کے آرمی چیف ہرزی حلوی نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

    روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ہرزی حلوی نے وزیر دفاع کے نام لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ 7 اکتوبر 2023 کے حملے میں ناکامی کی ذمہ داری لیتے ہوئے 6 مارچ 2025 کو مستعفی ہو جائیں گے۔

    اسرائیل کے نئے آپریشن پر حماس کا اہم اعلان

    خط میں آرمی چیف نے لکھا کہ وہ حملے کے سلسلے میں دفاعی افواج کی انکوائری مکمل کریں گے اور سکیورٹی چیلنجز کیلیے تیاری کو مضبوط کریں گے۔

    ہرزی حلوی کا کہنا تھا کہ میں اسرائیلی دفاعی افواج کی کمان اپنے جانشین کو منتقل کروں گا۔

  • نیویارک میں 3 افراد کو مارنے کے بعد خون میں لت پت قاتل چاقوؤں سمیت گرفتار

    نیویارک میں 3 افراد کو مارنے کے بعد خون میں لت پت قاتل چاقوؤں سمیت گرفتار

    نیویارک: نیویارک میں 3 افراد کو مارنے کے بعد خون میں لت پت قاتل کو دو چاقوؤں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک میں چاقو بردار شخص نے حملہ کر کے تین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، ہلاک شدگان میں ایک خاتون بھی شامل ہے جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکی۔

    پولیس نے خون میں لت پت مشتبہ حملہ آور رامون رویرا کو گرفتار کر لیا، پولیس حکام کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ مین ہٹن کے علاقے میں علی الصبح پیش آیا۔

    مشتبہ حملہ آور نے مختلف مقامات پر خنجر کے پے درپے وار کر کے شہریوں کو ہلاک کیا، مرنے والوں کی عمریں 36 اور 68 سال ہے، مئیر نیویارک نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ مشتبہ حملہ آور ذہنی مریض لگتا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    اے پی نیوز کے مطابق حملہ آور نے متاثرین سے ایک بھی لفظ کہے بغیر ان پر حملہ کیا تھا، 51 سالہ مشتبہ شخص کو پولیس نے جب حراست میں لیا تو اس کے کپڑے خون سے لت پت تھے، اور اس کے پاس باورچی خانے کے دو چاقو تھے۔

    نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ بلا اشتعال حملے میں تین شہری جان سے گئے، ہمیں اس کا جواب تلاش کرنا ہے کہ ایسا کیسے ہو گیا، دوسری طرف تفتیش کاروں کا کہنا تھا کہ اس بات کو سمجھنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ قاتل کس وجہ سے مشتعل ہوا، ان کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈھائی گھنٹوں کے دوران وقوع پذیر ہوا۔

    نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے سراغ رساں چیف جوزف کینی نے بتایا ’’الفاظ کا کوئی تبادلہ نہیں ہوا، کوئی چیز چھینی نہیں گئی، بس صرف شیطانی طور پر حملہ کیا گیا، وہ ان کے پاس آیا اور چاقوؤں سے ان پر حملہ کرنا شروع کر دیا۔‘‘

    پہلے وار سے ویسٹ 19 ویں اسٹریٹ پر ایک 36 سالہ تعمیراتی کارکن اینجل لتا لانڈی کو مارا گیا جو صبح ساڑھے آٹھ بجے سے تھوڑا پہلے دریائے ہڈسن کے قریب اپنے کام کی جگہ پر کھڑا تھا اور تقریباً دو گھنٹے بعد مین ہٹن کے جزیرے پر ایسٹ ریور میں مچھلیاں پکڑنے والے معمر شخص پر حملہ کیا گیا۔ جوزف کینی کے مطابق دونوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہوئے۔

    اس کے بعد قاتل نے صبح 10:55 پر مشرقی 42 ویں اسٹریٹ پر اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے قریب ایک 36 سالہ خاتون کو متعدد بار چاقو سے وار کر کے شدید زخمی کر دیا، جس کی موت اسپتال میں ہوئی۔

  • لندن: نامعلوم چاقو بردار شخص کا حملہ، شہری زخمی

    لندن: نامعلوم چاقو بردار شخص کا حملہ، شہری زخمی

    لندن: برطانوی دارالحکومت میں نامعلوم چاقو بردار شخص نے حملہ کردیا جس کے باعث ایک شہری شدید زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن کے علاقے پیکھم میں رات کے پہر نامعلوم شخص نے مقامی شہری پر چھرے سے اچانک حملہ کردیا جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 20 سالہ زخمی شخص کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت ڈاکٹرز نے خطرے سے باہر بتائی ہے۔

    پولیس نے واقعے سے متعلق تحقیقات شروع کردی تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، تاہم ایک خاص قسم کی ڈیوائس تیار کی جارہی ہے جس کی مدد سے ملزمان کو پکڑنے میں آسانی ہوگی۔

    برطانیہ میں چاقو سے حملے کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب تک درجنوں لوگ مارے جاچکے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال اکتوبر میں لندن کے شمال میں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں پر چاقو بردار شخص نے حملہ کرکے شدید کردیا تھا۔

    برطانیہ میں چاقو زنی کی واردات، 4 پولیس اہلکار زخمی

    بعد ازاں سیکیورٹی اداروں نے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے کہ اقدام قتل اور ہنگامہ آرائی میں ملوث ہونے کے شبے میں دو 19 سالہ نوجوانوں کو حراست میں لیا تھا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں برطانوی دارالحکومت میں 22 سالہ رنیم اودیہہ اور ان کی 49 سالہ والدہ کو سولی ہل کے علاقے میں چاقو کے وار کرکے شدید زخمی کیا گیا تھا، تاہم دونوں خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئی تھیں۔

  • پولینڈ: چاقو حملے میں شدید زخمی ہونے والے میئر دم توڑ گئے

    پولینڈ: چاقو حملے میں شدید زخمی ہونے والے میئر دم توڑ گئے

    گدانسک: پولینڈ میں چاقو بردار شخص کے حملے میں شدید زخمی ہونے والے میئر دوران علاج دم توڑ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پولینڈ کے شہر گدانسک کے میئر ’پاؤیل ایداموکس‘ پر چاقو بردار شخص نے گذشتہ روز حملہ کیا، بعد ازاں انہیں شدید تشوش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میئر پاؤیل ایداموکس کی حالت انتہائی نازک تھی، اسپتال میں انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج چل بسے۔

    پولینڈ کے مختلف شہروں میں آنجہانی میئر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ریلیاں اور جلوس نکالے گئے جو گزشتہ روز چیئرٹی تقریب کے دوران چھری کے حملے میں زخمی ہوگئے تھے۔

    پولینڈ کے شہر گدانسک میں چیریٹی پروگرام کے دوران چاقو بردار شخص نے اسٹیج پر چڑھ کر پولش مئیر پاؤیل ایداموکس پر پے در پے وار کرکے شدید زخمی کردیا تھا۔

    پولیس نے فوری کارروائی کرکے ستائیس سالہ حملہ آور کو حراست میں لے رکھا ہے، پولیس حکام کے مطابق حملہ آور مجرمانہ ریکارڈ کا حامل ہے۔

    لندن : چاقو زنی کی واردات، ایک شخص ہلاک، ملزم گرفتار

    یاد رہے کہ میئر پر ہونے والے حملے کے بعد پولینڈ کے صدر اینڈرز ڈوڈا نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قوم سے دعا کی اپیل کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ پاؤیل ایداموکس پولینڈ میں مشہور اور ذمہ دار میئر کے طور پر جانے جاتے تھے، وہ پچھلے بیس سال سے شہر گدانسک کے میئر رہے۔