Tag: چاقو سے حملہ

  • امتحان میں ناکام طالب علم پر جنون سوار، چاقو زنی سے 8 افراد ہلاک 17 زخمی

    امتحان میں ناکام طالب علم پر جنون سوار، چاقو زنی سے 8 افراد ہلاک 17 زخمی

    بیجنگ: چین میں چاقو زنی کا ہفتے بھر میں دوسرا بڑا واقعہ پیش آیا ہے جس میں 8 ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں امتحان میں ناکامی کے بعد طالب علم پر جنون سوار ہو گیا، اور اس نے چاقو کے حملے کر کے 8 افراد کو جان سے مار دیا جب کہ 17 زخمی ہو گئے۔

    یہ افسوس ناک واقعہ صوبے جیانگ زو کے ووکیشنل انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ ٹیکنالوجی میں پیش آیا، پولیس نے 21 سالہ حملہ آور کو جائے وقوعہ سے حراست میں لے لیا، جس نے اعتراف جرم بھی کر لیا۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور کا تعلق اسی کالج سے ہے اور اس نے امتحان میں ناکامی پر تعلیمی ادارے کے لوگوں کو نشانہ بنایا، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    اس سے چند ہی دن قبل، ہفتے کے روز چین میں دس سال کے عرصے میں سب سے مہلک حملہ ہوا تھا جس میں جنوبی چین کے شہر زوہائی میں ایک 62 سالہ شخص نے اپنی کار اسپورٹس اسٹیڈیم کے باہر ایک ہجوم پر چڑھا دی تھی، جس سے پیر کی رات 35 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوئے تھے۔

    ’امریکی میڈیا نے ایلون مسک سے ایرانی مندوب کی ملاقات کی جھوٹی خبر پھیلائی‘

    ووشی میں پولیس نے بتایا کہ چاقو مارنے والا طالب علم اپنا گریجویشن سرٹیفکیٹ نہ ملنے اور امتحان میں ناکام ہونے پر ناراض تھا، یہ بھی معلوم ہوا کہ بیوی سے اس کی طلاق ہو رہی تھی جس کے تصفیے کی شرائط پر بھی وہ ناراض تھا۔ واضح رہے کہ اس سال پورے چین میں کم از کم 6 دیگر ہائی پروفائل چاقو کے حملے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

  • برطانیہ: مسجد سے گھر آنیوالے پاکستانی نژاد بچے پر قاتلانہ حملہ

    برطانیہ: مسجد سے گھر آنیوالے پاکستانی نژاد بچے پر قاتلانہ حملہ

    برطانیہ میں مسجد سے گھر آنیوالے پاکستانی نژاد کمسن بچے کو نا معلوم افراد کی جانب سے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ اسکاٹ لینڈ میں گلاسگو کا کوئنز پارک کے قریب رونما ہوا، جہاں 13 سالہ پاکستانی نژاد کمسن بچہ مسجد میں نماز پڑھ کر گھر واپس جارہا تھا کہ حملہ آوروں نے چاقو سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔

    برطانوی پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بچے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچادیا گیا ہے، جہاں اس کا ٹریٹمنٹ جاری ہے، جبکہ بچے کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ کمسن بچے کی کمر پر زخم آئے ہیں، زخم گہرے ہونے کے باعث اس کا پھیپھڑا بھی شدید متاثر ہوا ہے۔

    غزہ: لاشوں کے ڈھیر نے بچوں کے چہروں سے مسکراہٹیں چھین لیں

    پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی فوٹیج کی مدد سے حملہ آوروں کو حراست میں لے کر عدالت کے روبرو پیش کردیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

  • ویڈیو: انتخابی مہم کے دوران حملہ آور نے سیاستدان کے پیٹ میں چاقو گھونپ دیا

    ویڈیو: انتخابی مہم کے دوران حملہ آور نے سیاستدان کے پیٹ میں چاقو گھونپ دیا

    تلنگانہ: بھارتی ریاست تلنگانہ میں انتخابی مہم کے دوران حملہ آور نے ایک رکن پارلیمںٹ پربھاکر ریڈی کے پیٹ میں چاقو گھونپ دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں مہم کے دوران پیر کو دولت آباد ڈویژن کے گاؤں سرمپلی میں اُس وقت اچانک ایک حملہ آور نے کوٹھا پربھاکر ریڈی کے پیٹ میں چاقو گھونپ دیا جب وہ ایک گھر سے باہر نکل رہے تھے۔

    پربھاکر ریڈی کا تعلق ’بھارت راشٹر سمیتی‘ (بی آر ایس) سے ہے، حملے میں ریڈی زخمی ہو گئے جس پر انھیں فوری طور پر گجویل اسپتال پہنچایا گیا، اور بعد ازاں انھیں حیدرآباد منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

    حملے کے بعد جائے وقوعہ پر افرا تفری مچ گئی تھی، تاہم رکن پارلیمنٹ کے حامیوں نے حملہ آور کو پکڑ لیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی شناخت راجو کے نام سے ہوئی ہے۔ تاہم حملے کے پیچھے موجود مقصد کا فوری طور پر پتا نہیں چل سکا ہے، پولیس حملہ آور سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

    ریاست تلنگانہ کی گورنر ڈاکٹر تملسائی سوندریہ راجن نے واقعے پر رد عمل میں کہا کہ جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے اور ایسے واقعات جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں۔

  • امریکا: نماز کے دوران امام مسجد پر چاقو سے حملہ کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

    امریکا: نماز کے دوران امام مسجد پر چاقو سے حملہ کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

    امریکی ریاست نیوجرسی میں مسجد میں فجر کی نماز کے دوران امام مسجد پر چاقوؤں سے حملہ کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔

    اتوار کے روز ایک نوجوان نیو جرسی کے شہر پیٹرسن کی مسجد ’’عمر بن الخطاب‘‘ میں گھس آیا اور سیدھا وہاں گیا جہاں مصری شیخ "سید نقیب” نماز پڑھا رہے تھے اور ان پر چاقو سے کئے وار کیے۔

    حملہ آور نے نمازیوں کی صفوں میں گھس کر بھاگنے کی کوشش کی لیکن کچھ نمازیوں نے اسے پکڑ لیا، اس حملے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے، اس ویڈیو کو مسجد کے اندرونی نگرانی کے کیمرے سے حاصل کیا گیا ہے۔

    امام مسجد سید نقیب کی عمر 65 سال ہے اور انہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکام نے مزم کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حملہ کے محرکات کا پتہ لگایا جارہا ہے،  ابتدائی تحقیقات سے واضح ہوا ہے کہ ملزم حملے سے پہلے کئی مرتبہ مسجد میں آچکا تھا۔

    مزید پڑھیں : امریکا میں نمازِ فجر کے دوران امام مسجد پر چاقو سے حملہ

    خیال رہے مغربی ممالک میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، کینیڈا میں بھی مذہبی جنونی نے نمازی کو گاڑی سے کچلنے کی کوششش کی تاہم پولیس نے اٹھائیس سال شخص کو گرفتار کر لیا۔

  • مالی کے قائم مقام صدر قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

    مالی کے قائم مقام صدر قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

    بماکو: مغربی افریقی ملک مالی کے قائم مقام صدر پر مسجد میں قاتلانہ حملہ ہوا ہے۔

    افریقی میڈیا کے مطابق مالی کے قائم مقام صدر کرنل اسیمی گوئتا پر 2 افراد نے چاقو سے حملے کی کوشش کی، تاہم وہ محفوظ رہے، اور ایک حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔

    مالی کے حکام کا کہنا تھا کہ حملہ منگل کی صبح کو بماکو کی جامع مسجد میں عید الاضحیٰ کی نماز کے بعد ہوا، نماز عید ادا ہو گئی تھی، جس کے بعد امام بھیڑ کی قربانی کے لیے دروازے کی طرف بڑھ رہے تھے، جب اچانک دو افراد نے کرنل اسیمی پر حملہ کر دیا۔

    اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق قائم مقام صدر کو فوری طور پر وہاں سے ہٹا دیا گیا، اور انھیں کوئی زخم نہیں آیا تھا، صدر کی سیکیورٹی سروس سے جب میڈیا نے سوال کیا کہ کیا یہ قاتلانہ حملہ تھا، تو انھوں نے جواب دیا جی بالکل، قاتلانہ حملہ تھا۔

    سیکیورٹی اہل کاروں کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے چاقو سے مسجد میں گوئتا پر حملہ کیا تھا، اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

    مسجد میں موقع پر موجود وزیر مذہبی امور ممادو کونے نے اے ایف پی کو بتایا کہ نماز کے فوراً بعد ایک شخص نے صدر پر حملہ کیا، اس کے ہاتھ میں چاقو تھا، لیکن اس سے قبل کہ وہ نقصان پہنچاتا، اسے قابو کر لیا گیا۔

    مسجد کے منتظم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نماز اور خطبے کے بعد امام صاحب عموماً باہر جا کر بھیڑ کی قربانی کرتے ہیں، بس اسی وقت ایک نوجوان نے کرنل اسیمی پر پیچھے سے حملہ کر دیا، لیکن اس حملے میں ایک دوسرا شخص زخمی ہوا۔

  • چاقو سے 3 قتل، برطانوی عدالت نے خیری سعد اللہ کو سزا سنا دی

    چاقو سے 3 قتل، برطانوی عدالت نے خیری سعد اللہ کو سزا سنا دی

    ریڈنگ: برطانوی شہر ریڈنگ کی اولڈ بیلی عدالت نے ایک اہم قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 3 افراد کے قتل میں ملوث 26 سالہ خیری سعداللہ کو اولڈ بیلی عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی۔

    سعداللہ گزشتہ سال 20 جون کو دہشت گردی کی واردات میں ملوث تھا، ریڈنگ کے پبلک پارک میں چاقو کے وار کر کے 3 افراد کو قتل کیا گیا تھا۔

    اولڈ بیلی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مجرم خیری سعداللہ کا عمل کھلی دہشت گردی تھا، عدالت اسے تین شہریوں کو قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سناتی ہے۔

    یاد رہے کہ مجرم خیری سعداللہ لیبیا سے 2012 میں برطانیہ آیا تھا۔ بیس جون 2020 کو جنوب مشرقی لندن کی کاؤنٹی برک شائر کے علاقے ریڈنگ کے ایک پارک میں سیاہ فام شہریوں کے حقوق کی تحریک کے حوالے سے احتجاج کیا گیا تھا، جس کے تین گھنٹے بعد پارک میں موجود لوگوں پر اچانک ایک شخص نے چاقو سے حملہ کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق حملے کے وقت تین شہری ہلاک ہو گئے تھے جب کہ متعدد شہری شدید زخمی ہو گئے تھے جن میں تین کی حالت تشویش ناک بتائی گئی تھی۔ پولیس نے نوجوان خیری سعداللہ کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا تھا۔

    لیبیا کے باشندے نے لوگوں پر چاقو حملے کی وجہ یا مقصد نہیں بتایا، اس واقعے نے لوگوں میں اتنی دہشت پھیلا دی تھی کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمدردی حملے میں متاثر ہونے والے افراد کے ساتھ ہے۔

  • لندن برج حملہ کس نے کیا، شناخت ہو گئی، بورس جانسن نے میٹنگ طلب کرلی

    لندن برج حملہ کس نے کیا، شناخت ہو گئی، بورس جانسن نے میٹنگ طلب کرلی

    لندن: لندن برج حملے کے ہلاک ملزم کی شناخت 28 سالہ عثمان خان کے نام سے ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز برطانوی دارالحکومت میں لندن برج پر اچانک ایک چاقو بردار نے لوگوں پر حملے شروع کر دیے تھے جس سے 2 شہری ہلاک جب کہ 3 زخمی ہو گئے تھے، بعد ازاں پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک ہو گیا تھا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت عثمان خان کے نام سے ہو گئی ہے، 28 سالہ عثمان سٹیفرڈ شائر کا رہایشی تھا، اور دہشت گردی کے جرم میں جیل بھی جا چکا تھا، عثمان خان نے لندن اسٹاک ایکس چینج پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی، جس پر اسے 8 ساتھیوں سمیت 2012 میں سزا ہوئی تھی۔

    برطانوی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ عثمان خان اور دیگر دہشت گرد القاعدہ سے متاثر تھے، عثمان نے دہشت گرد تربیتی کیمپ کے لیے فنڈز بھی اکٹھے کیے، حساس ادارے حملہ آور سے متعلق آگاہ تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  لندن برج پر پولیس کی فائرنگ، چاقو بردار شخص ہلاک

    خیال رہے کہ لندن برج حملے کے بعد شہر میں پولیس الرٹ جاری کر دیا گیا تھا، نائب کمشنر لندن میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ لندن برج حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں برمنگھم میں 6 گھروں پر چھاپے مارے گئے جس کے دوران 7 افراد گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    دریں اثنا، برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے واقعے سے متعلق ایمرجنسی کوبرا کمیٹی کی میٹنگ طلب کر لی تھی، جس میں لندن برج واقعے کے بعد کی صورت حال پر غور کیا گیا، برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا پر تشدد جرائم میں ملوث مجرموں کی جلد رہائی غلطی ہے، ملک بھر میں مزید 20 ہزار پولیس اہل کار سڑکوں پر گشت کریں گے۔

    بورس جانسن نے کہا کہ خطرناک مجرموں کو مناسب سزا دینا ضروری ہے، کوبرا میٹنگ میں کیے گئے فیصلے عوام تک پہنچائیں گے۔