Tag: چاقو کے وار

  • اسکول ٹیچر نے چاقو کے وار سے 7 سالہ طالبہ کی جان لے لی

    اسکول ٹیچر نے چاقو کے وار سے 7 سالہ طالبہ کی جان لے لی

    جنوبی کوریا میں رونما ہونے والے ایک انتہائی افسوسناک واقعے میں اسکول ٹیچر نے 7 سالہ بچی کو چاقو کے وار سے موت کی نیند سلادیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 40 سالہ خاتون ٹیچر نے بچی کو قتل کرنیکا اعتراف کر لیا ہے جو خود ساختہ زخموں کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

    رپورٹس کے مطابق دلخراش واقعہ ڈیجیون شہر کے ایک اسکول میں پیش آیا۔

    جنوبی کوریا میں ڈیجیون ایجوکیشن آفس کے مطابق مذکورہ ٹیچر نے 9 دسمبر کو ڈپریشن کے باعث 6 ماہ کی چھٹی طلب کی تھی، ڈاکٹر کی جانب سے کام کے لیے موزوں قرار دیے جانے پر 20 دن بعد ہی ٹیچر اسکول میں پڑھانے لگی تھی۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانیہ میں بھی چاقو زنی کا ایک اور جان لیوا واقعہ رونما ہوا تھا، جس میں ایک اسکول طالب علم کو جان سے ہاتھ دھونا پڑ گیا۔

    برطانوی شہر شیفیلڈ میں ہاروے وِلگوز نامی 15 سالہ طالب علم اسکول میں چاقو حملے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔

    ساؤتھ یارکشائر پولیس کے مطابق واقعہ دوپہر کے وقت اسکول کے اوقات میں پیش آیا، واقعے میں ملوث ہونے کے شُبہے میں پولیس نے ایک 15 سالہ نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے جس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

    اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل ساؤتھ یارکشائر پولیس لنزی بٹرفیلڈ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بچے کی ہلاکت کی تصدیق کی، اُن کا کہنا تھا کہ پولیس واقعے کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے تیزی سے تحقیقات کر رہی ہے، اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اس واقعے کی دل خراش تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرنے سے گریز کریں۔

    انھوں نے اپیل کی کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو وہ پولیس کو مطلع کریں۔

  • جرمنی : مسلح ملزم نے چاقو کے وار سے 3 افراد کو قتل کردیا

    جرمنی : مسلح ملزم نے چاقو کے وار سے 3 افراد کو قتل کردیا

    برلن : چاقو بردار شخص نے حملے کرکے 3 افراد کو قتل اور 4 کو زخمی کردیا، ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی میں مسلح شخص نے چاقو کے وار کرکے 3 افراد کو قتل اور 4 کو زخمی کردیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم ملزم کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔

    جرمن میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چاقو کے حملے میں سولنگن شہر کے قیام کی سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والے "فیسٹیول آف ڈائیورسٹی” کے موقع پر کیے گئے، جہاں صنعتی شہر سولنگن کی650 ویں سالگرہ منائی جارہی تھی۔

    چاقو بردار حملہ آور تین افراد کو قتل اور 4 کو زخمی کرنے کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    اس حوالے سے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک اس حملے کے پیچھے واضح مقاصد کا علم نہیں ہوسکا ہے، ہم ان تمام عینی شاہدین اور ان متاثرین سے معلومات حاصل کررہے ہیں تاکہ حملہ آور کو پکڑنے میں مدد مل سکے۔

    صنعتی شہر سولنگن کی تقریب "فیسٹیول آف ڈائیورسٹی” کا آغاز جمعہ کو ہوا تھا اور یہ ہفتے کے آخر تک چلنے والا پروگرام تھا تاہم وقعے کے بعد اسے فوری طور پر منسوخ کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال مارچ میں جرمنی میں ایک مقامی شخص نے گھر میں داخل ہوکر کراچی سے تعلق رکھنے والے 58 سالہ محمد فہیم کو چاقو کے وار سے قتل جبکہ اہلیہ اور ان کی13 سالہ بیٹی کو شدید زخمی کردیا تھا۔

    پولیس اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی اور فائرنگ کرکے حملہ آور کو ہلاک کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ قاتل ذہنی مریض تھا اور کچھ ماہ قبل ہی دماغی علاج کروا کے واپس آیا تھا۔

  • کینیڈا کے 13 مقامات پر  چاقو کے وار سے 10 افراد ہلاک

    کینیڈا کے 13 مقامات پر چاقو کے وار سے 10 افراد ہلاک

    سسکیچوان : کینیڈا میں تیرہ مقامات پر چاقو زنی کے واقعات کے نتیجے میں دس افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے صوبے سسکیچوان صوبے میں تیرہ مقامات پر چاقو زنی کے واقعات رپورٹ ہوئے ، چاقو سے حملوں کے نتیجے میں دس افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہوگئے۔

    کینیڈا پولیس نے بتایا کہ دو مشتبہ حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

    رائل کینیڈین ماونٹیڈ پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر رہونڈا بلیک مور نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چاقو کے حملے جیمز سمتھ کری نیشن اور ساسکاٹون کے شمال مشرق میں واقع ویلڈن گاؤں کے متعدد مقامات پر ہوئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ،”متعدد دیگر افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہے ، جن میں کم از کم 15 کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ حملہ آروں کی شناخت ڈیمین اور مائلس سینڈرسن کے نام سے ہوئی ہے اور ان کی عمریں 30- اور 31 سالہ بتائی جارہی ہے۔

    بلیک مور نے بتایا کہ کہ پورے علاقے میں شاہراہوں اور سڑکوں پر متعدد چیک پوائنٹ قائم کردیے گئے ہیں اور مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے ”زیادہ سے زیادہ” پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں

    ویلڈن کی رہائشی ڈیان شیر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اس کا پڑوسی ایک شخص جو اپنے پوتے کے ساتھ رہتا تھا، مارا گیا ہے۔ "میں بہت پریشان ہوں کیونکہ میں نے ایک اچھے پڑوسی کو کھو دیا۔”

    جیمز اسمتھ کری نیشن دراصل ایک قدیم کمیونٹی ہے، جس کے تقریباً 3400 افراد بنیادی طورپر زراعت، شکار اور ماہی گیری کا کام کرتے ہیں۔ ویلڈن ایک گاوں ہے جس کی آبادی تقریباً 200 افراد پر مشتمل ہے۔

    کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے چاقو زنی کے اس بڑے پیمانے پر حملے کو "خوفناک اور دل دہلا دینے والا” قرار دیتے ہوئے کہا "میں ان لوگوں کے بارے میں سوچ رہا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا اور ان لوگوں کے بارے میں جو زخمی ہوئے ہیں۔”

    جیمز اسمتھ کری نیشن جس کی آبادی 2500 ہے، نے مقامی ہنگامی حالت کا اعلان کیا، جب کہ صوبہ ساسکیچیوان کے بہت سے باشندوں کو جگہ جگہ پناہ دینے کی اپیل کی گئی۔

  • لاہور موٹر وے کے قریب پولیس چیک پوسٹ کے پاس نوجوان ڈاکوؤں کے ہاتھوں شدید زخمی

    لاہور موٹر وے کے قریب پولیس چیک پوسٹ کے پاس نوجوان ڈاکوؤں کے ہاتھوں شدید زخمی

    لاہور: موٹر وے کے قریب ٹھوکر نیاز بیگ پر پولیس چیک پوسٹ کے پاس ایک نوجوان ڈاکوؤں کے ہاتھوں شدید زخمی ہو گیا، پولیس نے کارروائی سے انکار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور موٹر وے کے قریب ٹھوکر نیاز بیگ پر نوجوان کو ڈاکوؤں نے گھیر لیا، مسلح ڈاکو نوجوان کو شدید زخمی کر کے قیمتی سامان لے کر فرار ہو گئے، ڈاکوؤں نے نوجوان کے گلے میں پھندا ڈال کر چاقو کے وار کیے۔

    نوجوان علی جاوید جھنگ سے لاہور آ رہا تھا کہ ٹھوکر نیاز بیگ کے پاس گاڑی سے اتر کر دوسری سواری لینے لگا، تاہم اسے ڈاکوؤں نے گھیر لیا، ڈاکوؤں نے اسے زمین پر لٹا کر گلے میں پھندا ڈالا اور چاقو کے وار سے شدید زخمی کر دیا۔

    زخمی نوجوان جائے واردات سے تقریباً سو قدم کے فاصلے پر موجود پولیس چیک پوسٹ پہنچا، تاہم پولیس اہل کاروں نے فوری کارروائی کی بجائے نوجوان کو 1000 روپے تھما دیے، زخمی نوجوان دُہائیاں دیتا رہا لیکن پولیس اہل کار فوری کارروائی سے انکاری رہے۔

    زخمی نوجوان کے بھائی عمر جاوید نے بتایا کہ پولیس اہل کاروں نے بھائی سے کہا ابھی 1000 روپے لے کر گھر جاؤ کل ایف آئی درج کرانا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے بھائی کو پولیس چیک پوسٹ کے قریب چاقو کے وار کر کے شدید زخمی کیا گیا، لیکن پولیس اہل کار مدد کی بجائے روایتی سستی کا مظاہرہ کرتے رہے۔

    عمر جاوید کے مطابق ڈاکو ان کے بھائی سے موبائل، پیسے اور لیپ ٹاپ لے کر فرار ہوئے۔

  • بے رحم ماں نے پیدا ہوتے ہی بچی کو چاقو سے قتل کردیا

    بے رحم ماں نے پیدا ہوتے ہی بچی کو چاقو سے قتل کردیا

    ابوظبی : پولیس نے نومولود بچی کو چاقو کے وار سے قتل کرنے کے الزام میں افریقی خاتون کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوطبی کی عدالت نے ایتھوپین خاتون پر نومولود بچے کو بے دردی سے قتل کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کردی۔

    افریقی خاتون نے کچھ ماہ قبل ہی اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کی تھی اور متحدہ عرب امارات آکر عرب گھرانے میں ملازمت کررہی تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ خاتون کو ملازمت دیتے وقت مسئول (مالک) اس بات کا اندازہ نہیں تھا وہ حاملہ ہے۔

    خاتون نے گزشتہ برس اکتوبر میں اپنے عربی مسئول (مالک) کے گھر میں بچی کو جنم دیا تھا، اور کچھ دیر بعد بچی کا سر بیت الخلاء کے فرش پر دے مارا بعدازاں چاقو سے اس وقت تک وار کیے جب تک نومولود بچی ہلاک نہیں ہوگئی۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ خاتون نے بچی کی لاش کو کپڑے میں لپیٹ کر گھر کے قریب رکھے کوڑے دان میں ڈال دیا تھا جسے صفائی کرنے والے عملے نے برآمد کیا اور پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔

    ایتھوپین خاتون نے پبلک پراسیکیوٹر اور پولیس کے سامنے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ میں تنہا بچی کی تربیت اور پرورش کا سوچ کر شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا ہوگئی جس کے باعث ارتکاب جرم کیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ پرورش کا سوچ ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئی تھی لیکن ساتھ ساتھ اپنے شوہر سے انتقام لینے اپنی بچی کو قتل کیا تھا۔

    افریقی خاتون نے بتایا کہ مجھے حاملہ ہوئے چھ ماہ ہوئے تو میں نے اپنے خاوند کو فون کیا اور حمل سے متعلق خاوند کو آگاہ کیا، میں نے اپنے شوہر کو بتایا کہ ’میں واپس گھر آنا چاہتی ہوں کیوں میں اکیلے بچے کی پرورش نہیں کرسکتی‘۔

    ملزمہ نے پولیس کو بتایا کہ میرے شوہر نے واپس بلانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجھے نہیں جانتا اور نہ میرے حمل سے کوئی مطلب ہے‘۔

    افریقی خاتون کے مطابق ’میرے شوہر نے کہا کہ یہ بچہ میرا نہیں ہے‘ جو میرے لیے شدید مایوس کن بات تھی، مجھے ایسا لگا جیسے کسی میری ممتا کے سینے میں خنجر گھونپ دیا ہو۔

    خاتون نے عدالت میں بیان دیا کہ نومولود بچی کو قتل کرنے کے بعد میں بے ہوش ہوگئی اور دو گھنٹے بعد ہوش میں آئی تو بچی کی لاش کپڑے میں لپیٹ کر کوڑے دان میں پھینک دی۔

    اماراتی عدالت نے پولیس، پراسیکیوٹر اور ملازمہ کا بیان قلم بند کرنے کے عدالت کی کارروائی فروری تک معطل کردی۔

  • برطانیہ میں شقی القلب باپ نے آٹھ سالہ بچی کوچاقو کے وارسے قتل کردیا

    برطانیہ میں شقی القلب باپ نے آٹھ سالہ بچی کوچاقو کے وارسے قتل کردیا

    لندن: برطانیہ میں شقی القلب باپ نے اپنی آٹھ سالہ بیٹی کو خنجر کے وار کرکے قتل کردیا ، سانحے سے کچھ لمحے قبل اس نے بچی کی ماں کو بھی قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق چاقو کے حملے سے بچی کو قتل کرنے کا یہ واقعہ رواں سال جنوری میں وال سال کے علاقے میں پیش آیا تھا، عدالت کو مقدمے کی سماعت کے دوران سانحے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔

    بتایا جارہا ہے کہ مائلی بلنگھم نامی آٹھ سالہ بچی کے سینے میں خنجر کا وار کرکے اسے قتل کردیا تھا ، عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ بچی کے والد ولیم بلنگھم کی عمر ۵۵ سال ہے اور وہ بچی کی ماں کے کسی اور سے تعلقات کے سبب پریشان تھا۔ دوسری جانب والد نے قتل سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے قتل کرنے کی دھمکی ضرور دی تھی۔

    استغاثہ کے وکیل کریم خلیل کا کہنا ہے کہ قتل سے چند لمحے قبل بچی کی ماں ٹریسی ٹینڈری اسے لینے کے لیے ولیم کے گھر آئی تو ولیم نے اسے چاقو دکھاتے ہوئے قتل کی دھمکی دی تھی ، جس کے سبب وہ مکان سے کچھ فاصلے پر چلی گئی تھی ، بعد ازاں وہی چاقو اس کی بچی کے سینے میں گڑا ہوا پایا گیا۔

    مقدمے کی سماعت عدالت میں جاری ہے اور کہا جارہا ہے کہ بچی کے قتل میں اس کے باپ کو سزا ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہیں ۔

  • چین میں چاقو زنی کی واردات، پاکستانی نوجوان ہلاک

    چین میں چاقو زنی کی واردات، پاکستانی نوجوان ہلاک

    بیجنگ : چین میں چاقو زنی کی واردات میں زخمی ہونے والا پاکستانی طالب علم دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا، مقتول نانجنگ نارمل یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے شہر نانجنگ میں چینی شہری کی جانب سے چاقو کے وار میں زخمی ہونے والا 26 سالہ پاکستانی شہری زخموں کی تاب لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔

    چینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان سنہ 2017 سے چین کی نانجنگ نارمل یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا، جس کی شناخت معیز الدین کے نام سے ہوئی ہے۔

    چینی پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ نوجوان 11 جولائی کی رات سڑک پر اپنی گرل فرینڈ کے ہمراہ بس کا انتظار کررہا تھا کہ اس دوران ایک 28 سالہ چینی شہری سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہاتا پائی ہوگئی، جس کے بعد چینی شخص وہاں سے چلا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم چند لمحوں بعد تیز دھار چاقو کے ہمراہ واپس آیا اور پاکستانی نوجوان پر چاقو کے متعدد وار کیے، جس کے نتیجے میں معیز الدین شدید زخمی ہوگیا تھا۔

    چین کے طبی امداد فراہم کرنے والے عملے کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہری کو انتہائی تشویش ناک حالت میں اسپپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم معیز الدین ایک روز زیر علاج رہنے کے بعد اسپتال میں دم توڑ گیا۔

    چینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی مشن نے شنگھائی میں متعلقہ حکام نے فوری رابطہ کیا تھا ساتھ ساتھ پولیس کو بھی معاملے کی تحقیقات کرکے انصاف فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ چینی حکومت نے بھی واقعے کے حوالے ہر ممکن تعاون کرنے کی تقین دہانی کروائی ہے، پاکستانی مشن اور ہماری وزارت چین میں قتل ہونے والے نوجوان کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی طالب علم کی میت کو پاکستان لانے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے جاری ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • گلستان جوہر، نامعلوم ملزم سرگرم، چاقو کے وار سے 6 خواتین زخمی

    گلستان جوہر، نامعلوم ملزم سرگرم، چاقو کے وار سے 6 خواتین زخمی

    کراچی: گلستان جوہر میں چاقو کے وار سے خواتین کو زخمی کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، متاثرہ خواتین کی تعداد 6 ہوگئی، نامعلوم شخص یا گروہ کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

    تفصیلات کے مطابق نامعلوم ہیلمٹ سوار موٹر سائیکل سوار کی جانب سے گلستان جوہر میں خواتین کو تیز دھار آلے سے زخمی کرنے کا سلسلہ 25 ستمبر سے جاری ہے، آج بھی ایک لڑکی کو زخمی کیا گیا جس کے بعد متاثرہ لڑکیوں کی تعداد 6 ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے نذیر شاہ نے بتایا کہ 25 اور 26 تاریخ دوروز کے دوران چار لڑکیوں کو زخمی کیا گیا لیکن خود سے کسی بھی لڑکی کے گھر والوں نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔

    ایس پی گلشن مرتضی بھٹو نے ایک لڑکی کے گھر جا کر اس کا بیان ریکارڈ کیا ہے، ایس پی کے مطابق پہلے تین واقعات 25 ستمبر کو پیش آئے جس میں علیحدہ علیحدہ تین لڑکیوں کو زخمی کیا گیا، 26 ستمبر کو چوتھا واقعہ پیش آیا۔

    پولیس کا اندازہ ہے کہ یہ کوئی نفسیاتی مریض ہوسکتا ہے جو خواتین سے موبائل یا کوئی اور دیگر قیمتی چیز چھیننے کی کوشش نہیں کرتا محض پیچھے سے زخمی کرکے چلاجاتا ہے، پولیس نے کئی جگہ پر سادہ لباس اہلکاروں کو تعینات کردیا ہے۔

    اسی ضمن میں اے آر وائی نیوز کے ایک اور نمائندے سلمان لودھی نے بتایا کہ پانچواں اور چھٹا واقعہ بھی پیش آچکا ہے جس میں رابعہ سٹی کی رہائشی خاتون کو نشانہ بنایا گیا، سارے واقعات 25 ستمبر سے اب تک پیش آئے۔

    خاتون نے بتایا کہ وہ رابعہ سٹی کی رہائشی ہے، بینک والی گلی سے گزرنے وقت موٹر سائیکل پر موجود ہیلمٹ پہنے ایک شخص نے چاقو سے حملہ کیا اور فرار ہوگیا۔


    کراچی: چاقو بردار گروہ سرگرم، خواتین پر حملوں کا انکشاف


    اسی طرح گلستان جوہر بلاک 12 میں ایک اور خاتون کو تیز دھار آلے سے زخمی کردیا  گیا جو کہ نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں انہوں نے بتایا کہ ہیلمٹ پہنے ایک موٹر سائیکل سوار نے اس پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا اور بھاگ نکلا۔

    تازہ اطلاعات کے مطابق پولیس نے تین خواتین کے بیانات قلم بند کرلیے ہیں جس کے مطابق ملزم تینوں واقعات کے دوران کالی قمیص اور کالا ہیلمٹ پہنا ہوا تھا۔

    ملزم نے پیپر کٹر استعمال کیا، ڈاکٹر

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے نذیر شاہ کے مطابق چھری یا چاقو کے بجائے پیپر کٹر بلیڈ استعمال کیا ہے،  ملزم نے کسی کو بھی جان سے مارنے کی کوشش نہیں کی، کئی خواتین کو بائیک چلاتے ہوئے بلیڈ مارنے کے واقعات ہوئے۔

    نمائندے کے مطابق اس کیس پر پولیس سمیت، حساس ادارے اور رینجرز اہلکار بھی کام کررہے ہیں۔

    محبت میں دھوکا کھا کر نفسیاتی مریض بننے والا بھی ملوث ہوسکتا ہے، ڈاکٹر

    دوسری جانب ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ ایسے افراد نفسیاتی مسائل کا شکار ہوسکتے ہیں۔

    ڈاکٹر وجاہت کے مطابق ایسے افراد جنہیں کسی لڑکی نے دھوکا دیا ہو تو وہ بقیہ خواتین کو بھی نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اگر ایسے کئی افراد ایک ساتھ جمع ہوں اور اگر وہ نشہ بھی کرتے ہوں تو عین ممکن ہے کہ وہ ایسے واقعات میں انتقاماً ملوث ہوں۔

    انہوں نے یہ بھی امکان ظاہر کیا کہ ممکن ہے کوئی نفسیات مریض محض سنسنی پھیلانا چاہتا ہو۔