Tag: چالان

  • گاڑیاں نام کروانے کی مہم میں شہریوں کی عدم دلچسپی

    گاڑیاں نام کروانے کی مہم میں شہریوں کی عدم دلچسپی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گاڑی کو اصل مالک کے نام پر ٹرانسفر کروانے کی مہم جاری ہے اور خلاف ورزی پر روزانہ چالان کیے جارہے ہیں لیکن شہری قانون کی پاسداری کو تیار نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں گاڑیوں کے روزانہ درجنوں چالان کیے جارہے ہیں اور لوگ جرمانے کی بھاری رقم ادا کر رہے ہیں۔

    ایک ٹریفک پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ اصل نمبر پلیٹ اور گاڑی اپنے نام کروانے کے قانون کی خلاف ورزی پر درجنوں چالان کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کچھ گاڑیاں ایسی ہیں جن کے ڈرائیورز نے ہفتے میں دو بار بھی چالان بھرا لیکن اس کے باوجود وہ قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق اوپن لیٹر پر موجود گاڑیاں ضبط کی جارہی ہیں اور ان کے کاغذات مکمل کیے جانے کے بعد انہیں ریلیز کیا جارہا ہے۔

    دوسری طرف شہریوں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے تک اصل نمبر پلیٹ نہیں بن رہی تھی، اب سختی کے بعد دوبارہ سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے ہوں گے اور نمبر پلیٹ بنوانی ہوگی۔

    ادھر محکمہ ایکسائز موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن ضیا شاہ نے بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں 3 لاکھ سے زائد نمبر پلیٹس تیار کی گئی یں جن میں سے ڈھائی لاکھ مالکان نے وصول کرلی ہیں۔

    40 سے 50 ہزار پلیٹس ابھی تک وصول نہیں کی گئیں۔

  • اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کے خلاف چالان پیش کر دیا

    اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کے خلاف چالان پیش کر دیا

    اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لیے 2 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی مبینہ سازش کے حوالے سے تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے کا چالان جوڈیشل مجسٹریٹ کو پیش کر دیا۔

    سابق صدر آصف زرداری کے خلاف عمران خان کے قتل کی مبینہ سازش کے بیان پر شیخ رشید کے خلاف درج مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے کی۔

    شیخ رشید کی طرف سے گرفتاری کے وقت پولیس کی جانب سے قبضے میں لی گئی اشیا کی سپرداری اور تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او اشفاق وڑائچ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کی گئی۔

    عدالت کی جانب سے ریمارکس دیے گئے کہ مقدمے کا چالان پیش کر دیا گیا ہے، دو مارچ کو فرد جرم عائد کریں گے، اندارج مقدمہ کی درخواست سننے کا اختیار سیشن عدالت کا ہے اس لیے یہ واپس کررہے ہیں۔

    شیخ رشید نے استدعا کی کہ فرد جرم کے لیے 15 مارچ کی تاریخ رکھ دیں، ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے جانا ہے۔ تاہم عدالت نے کہا کہ فرد جرم کے لیے اتنی لمبی تاریخ نہیں رکھ سکتے، ٹرائل شروع ہوگا تو پھر دیکھ لیں گے۔

    کیس کی سماعت دو مارچ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

    عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آج ہم نے عدالت میں درخواست دی ہے کہ ہمارے گھر ڈکیتی ہوئی، اور وہ 7 لاکھ روپے لے گئے، اتنے بھوکے ہیں کہ فریج سے کھانے پینے کی چیزیں بھی نکال کر لے گئے، مجھ سے پاسورڈ بھی مانگ رہے تھے۔

    انھوں نے کہا ’’اگر مجھ پر کرپشن کا کوئی چارج ہے تو میں خود کو درخت پر لٹکا دوں گا۔‘‘

  • شکار کی طرح شہریوں کو سڑک کنارے روک کر اب چالان نہیں ہوگا، کراچی پولیس کا بڑا فیصلہ

    شکار کی طرح شہریوں کو سڑک کنارے روک کر اب چالان نہیں ہوگا، کراچی پولیس کا بڑا فیصلہ

    کراچی: شہر قائد میں شکار کی طرح شہریوں کو سڑک کنارے روک کر اب چالان نہیں ہوگا، کراچی پولیس نے اس سلسلے میں شہریوں کے حق میں بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے پہلے اجلاس میں پہلا بڑا فیصلہ کر لیا، شہر بھر میں اب صرف سیکشن آفیسرز کو ہی چالان کرنے کا اختیار ہوگا، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے احکامات جاری کر دیے۔

    فیصلے کے مطابق کراچی میں ماتحت عملہ اب کسی شہری کے چالان کرنے کا مجاز نہیں ہوگا، اسٹریٹ کرائم اور منشیات پر قابو پانے کے لیے بھی مؤثرحکمت عملی ترتیب دے دی گئی، غلام نبی میمن نے پولیس پیٹرولنگ بڑھانے کے لیے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کر دی۔

    مددگار وَن فائیو کی مجموعی کارکردگی پر ڈی آئی جی مقصود میمن نے بریفنگ دی، اے آئی جی نے ہدایات جاری کیں کہ گرفتار ملزمان کے خلاف درج مقدمات کی تفتیش میں بہتری لائی جائے، ملوث اہل کاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور محکمہ جاتی کارروائی کی جائے۔

    غلام نبی میمن نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کا عہدہ سنبھال لیا

    اجلاس میں موٹر سائیکلوں کی چوری کی بڑھتی وارداتوں کی روک تھام اور سدِ باب کا معاملہ بھی اٹھا، اے آئی جی نے ایس ایس پی ای وی ایل سی کو مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ جرائم کی سرپرستی میں ملوث اہل کاروں کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے، اجلاس میں بہترین انداز میں کام کرنے والے کرائم سین یونٹ کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

  • کویت: محکمہ ٹریفک کی بڑی کارروائی

    کویت: محکمہ ٹریفک کی بڑی کارروائی

    کویت سٹی: کویت میں گاڑیوں سے سائلنسر تبدیل کرنے کے جرم میں گیراج مالکان قانون کی گرفت میں آگئے، سینکڑوں گیراج مالکان کو چالان جاری کردیے گئے۔

    کویتی ویب سائٹ کے مطابق گیراجوں اور گاڑیوں کے آلات بیچنے والی دکانوں پر آواز تبدیل کرنے والے سائلنسر فروخت کرنے کے جرم میں مالکان کے خلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا۔

    سیکریٹری برائے داخلہ لیفٹننٹ جنرل عسام النہم کی ہدایت پر دکانوں اور گیراجوں کے مالکان کو صوتی آلات نصب کرنے کے جرم میں 57 چالان جاری کیے گئے۔ یہ چالان وزارت داخلہ نے وزارت تجارت و صنعت کے تعاون سے جاری کیے ہیں۔

    ان صوتی آلات کی تنصیب کے نتیجے میں گاڑیوں سے دوران ڈرائیونگ تیز آواز نکلتی ہے جو دوسروں کو اذیت پہنچاتی ہے۔

    محکمہ ٹریفک کے جنرل محکمہ نے کہا ہے کہ محکمہ اس غیر معمولی رجحان کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور لاپرواہ ڈرائیورز کے خلاف قانونی اقدامات اٹھاتا رہے گا۔

    جی ڈی ٹی کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے ہوں گے اور انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے گا۔

  • سعودی عرب میں خود کار چالان سسٹم نصب، آج سے کام کرے گا

    سعودی عرب میں خود کار چالان سسٹم نصب، آج سے کام کرے گا

    ریاض: سعودی عرب کے الجوف ریجن میں آج اتوار سے خود کار چالان سسٹم کام کرے گا جو سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر خود کار چالان کرے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے الجوف ریجن میں ٹریفک پولیس اتوار سے سیٹ بیلٹ اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر خود کار طریقے سے چالان کرنے کا آغاز کرے گی۔

    ٹریفک پولیس کے ٹویٹر پر جاری بیان کے مطابق الجوف کے علاقے کی متعدد شاہراہوں پر خود کار چالان سسٹم کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ سسٹم کو ادارے کے مرکزی نیٹ ورک سے جوڑنے کے بعد تجرباتی مراحل بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    خود کار چالان کا آغاز اتوار سے کیا جا رہا ہے، ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خود کار طریقے سے کیے جانے والے چالان میں سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر 150 ریال جرمانہ مقرر ہے۔

    30 دن کے اندر دوبارہ خلاف ورزی ریکارڈ ہونے کی صورت میں چالان کی رقم دو گنا کر کے 300 ریال کردی جائے گی۔

    ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال بھی انتہائی سنگین خلاف ورزی شمار کیا جاتا ہے جس پر 500 سے 900 ریال کا چالان کیا جاتا ہے۔

  • سندھ حکومت کا موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر چالان نہ کرنے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر چالان نہ کرنے کا فیصلہ

    کراچی: حکومت سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر چالان نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بلا ضرورت ڈبل سواری کرنے والے کو تنبیہ کر کے پیدل روانہ کیا جائے، چالان نہ کیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مریض یا بیمار فرد کو کاغذات چیک کر کے ڈبل سواری کی اجازت ہوگی، خواتین کو ٹھوس وجہ بتانے پر ڈبل سواری کی اجازت ہوگی، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ نے ٹریفک پولیس کو احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔

    کراچی ڈبل سواری پر پابندی، محافظوں نے قانون کو پیروں تلے روند دیا، شہریوں‌ کے چالان

    یاد رہے کہ 18 اپریل کو محکمہ داخلہ سندھ نے ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد کر دی تھی جس کے بعد صحافیوں سمیت استشنیٰ والے اداروں پر بھی پابندی کا اطلاق ہوا مگر سندھ پولیس کے اہل کاروں‌ نے خود اس پابندی کے احکامات کو ہوا میں‌ اڑا دیا تھا۔

    جناح اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر کا بھی ڈبل سواری پر چالان کٹ گیا

    کراچی کی تمام اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر پولیس اور ٹریفک پولیس عام شہریوں کے ڈبل سواری کی پابندی کی خلاف ورزی کے چالان کرتے نظر آئے مگر قانون کے محافظوں نے خود ہی احکامات کی دھجیاں اڑا دیں اور ڈبل سواری پر گھومتے نظر آئے۔

    چند دن قبل جناح اسپتال کراچی کے لیے ڈیوٹی پر جانے والی لیڈی ڈاکٹر کو بھی ڈبل سواری پر مزار قائد کے قریب روک کر ٹریفک اہل کار نے ای چالان کاٹ دیا تھا۔

  • کراچی کے 50 فی صد ٹریفک سگنلز خراب، چالان کے 80 کروڑ کہاں گئے؟

    کراچی کے 50 فی صد ٹریفک سگنلز خراب، چالان کے 80 کروڑ کہاں گئے؟

    کراچی: 80 کروڑ کا چالان کرنے والی ٹریفک پولیس کی سگنل بحالی میں عدم دل چسپی سامنے آ گئی ہے، شہر کی اہم شاہراہوں پر لگے 50 فی صد سے زائد ٹریفک سگنلز خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی اہم شاہراہوں پر پچاس فی صد سے زیادہ ٹریفک سگنلز خراب ہیں، جس پر ٹریفک انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ نے تحریری لیٹر لکھ کر جان چھڑا لی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس نے چالان کے نام پر شہریوں کی جیب سے 80 کروڑ روپے نکالے، سوال یہ ہے کہ وہ کہاں گئے؟ ٹریفک پولیس حکام نے اس سلسلے میں خاموشی اختیار کر لی ہے۔

    ٹریفک انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے مطابق شہر میں لگے تقریباً 100 سگنلز میں سے 52 سگنلز کی مرمت درکار ہے، جب کہ سب سے زیادہ سگنلز ڈسٹرکٹ سٹی اور ساؤتھ میں خراب ہوئے ہیں، سٹی میں 19، ساؤتھ میں 17، ایسٹ میں 8 سگنل خراب ہیں، جب کہ سینٹرل میں 4، ملیر میں 3 اور ویسٹ میں ایک سگنل خراب پڑا ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی والوں نے 70 کروڑ روپے ٹریفک پولیس کی نذر کردیے

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سگنلز خرابی کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ، پریڈی اسٹریٹ، ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک کی روانی میں خلل معمول بن گیا ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام کی صورت حال بھی اس غفلت کا ثبوت ہے، دوسری طرف بند سگنل توڑنے پر شہریوں سے ہاتھوں ہاتھ جرمانہ وصول کیا جا رہا ہے، اہل کار جرمانہ نہ دینے والے سے نظرانہ وصول کرتے بھی نظر آتے ہیں۔

  • کراچی والوں نے 70 کروڑ روپے ٹریفک پولیس کی نذر کردیے

    کراچی والوں نے 70 کروڑ روپے ٹریفک پولیس کی نذر کردیے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی سال 2019 میں انتہائی مایوس کن رہی، 70 کروڑ کے بھاری چالان بھی کراچی کی سڑکوں پر چلنے والے بے ہنگم ٹریفک میں تبدیلی نہ لا سکے۔

    تفصیلات کے مطابق سال 2019 میں کراچی کی سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک کا راج رہا، ٹریفک پولیس کا سارا زور جرمانوں پر رہا۔

    صرف 11 ماہ میں شہریوں کو 70 کروڑ کی خطیر رقم کے 33 لاکھ سے زائد چالان تھمائے گئے۔

    رواں سال سب سے زیادہ چالان ون وے اور ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر کیے گئے جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 15 ہزار ڈرائیوروں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

    رواں سال اب تک کراچی میں مختلف نوعیت کے حادثات میں 850 سے زائد افراد جاں بحق اور 15 ہزار سے زائد زخمی ہوئے لیکن ٹریفک پولیس کی توجہ قانون سے زیادہ سرکاری خزانہ بھرنے پر رہی۔

    شہریوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے صرف مخصوص قسم کے چالان اورغریب طبقے کو نشانہ بنانے پر شدید ردعمل کا اظہار بھی کیا ہے۔

  • چالان کیوں کیا؟ گاڑی میں سوار فیملی آپے سے باہر، پولیس اہلکار سے بدتمیزی

    چالان کیوں کیا؟ گاڑی میں سوار فیملی آپے سے باہر، پولیس اہلکار سے بدتمیزی

    کراچی: سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر چالان کرنے والے اہلکار سے کار سوار فیملی نے بدتمیزی کی اور اُسے مغلظات بکیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گرومندر کے قریب کھڑے سخت گرمی میں اپنے فرائض انجام دینے والے ٹریفک پولیس اہلکار نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ڈرائیور نے گاڑی روکی تو ٹریفک پولیس اہلکار نے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی وجہ پوچھی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے پر چالان کاٹنے کا کہا۔

    گاڑی میں سوار فیملی نے چالان کا سُنا تو انہوں نے اہلاکر سے بدتمیزی بھی کی، خاتون نے کار سے باہر آکر ٹریفک پولیس اہلکار پر غصہ نکالا اور اُسے نماز روزہ ادا کرنے کا مشورہ دیا۔

    مزید پڑھیں: کراچی، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، تین ماہ میں 8 لاکھ 39 ہزار چالان

    کار سوار فیملی کے مطابق اہلکار نے گاڑی روکتے ہی انہیں مغلظات بکیں جس کے باعث اندر بیٹھی خواتین اور ڈرائیور کو غصہ آگیا۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ اُس نے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر صرف چالان کاٹا تھا۔

    گرومندر کے قریب سے گزرنے یا وہاں کھڑے لوگ معاملہ دیکھ کر جمع ہوگئے اور انہوں نے حسبِ توفیق پولیس اہلکار سے بدتمیزی کی۔ یاد رہے کہ گاڑی چلانے کے دوران سیٹ بیلٹ نہ باندھنا قانون کی خلاف ورزی میں آتا ہے جس پر ٹریفک پولیس کو چالان کا اختیار  ہے۔

  • بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل والے اہلکاروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز، کئی افسران واہلکاروں کا چالان

    بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل والے اہلکاروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز، کئی افسران واہلکاروں کا چالان

    کرچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ کا سخت حکم نامہ اہلکاروں کےلیے پریشانی بن گیا، بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل والے اہلکاروں کیخلاف کریک ڈاؤن میں کئی افسران واہلکاروں کےچالان کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ کے احکامات پر ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل والے اہلکاروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا، کریک ڈاؤن میں کئی افسران و اہلکاروں کے چالان کردیئے۔

    ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ ہوتے ہوئے نہ پہننے پر 3ٹریفک اہلکاروں کا بھی چالان کیا گیا ، تمام افسران اور اہلکاروں کو موقع پر چالان کاٹ کر سلپ پکڑا دی۔

    کالی اور سفید وردی والے روکے جانے پر ہکا بکاہ رہ گئے، اہلکاروں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں سے سوال کیا کیا ہمارا بھی چالان ہوگا؟

    یاد رہے 4 روز قبل کراچی پولیس چیف امیر احمد شیخ نے پولیس والوں کے لیے حکم نامہ جاری کیا تھا اور ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک قوانین کے تحت ایکشن لینے کی ہدایت کی تھی۔

    مزید پڑھیں : پولیس اہلکاروں نے ٹریفک قانون توڑا تو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، کراچی پولیس چیف

    حکم نامہ میں کہا گیا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی پر جرمانہ بھی ہوگا اور سزا بھی دی جائے گی، اہلکار ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں، موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ کا استعمال کریں۔

    حکم نامے میں کے مطابق پولیس افسران اورملازمین کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے پایا گیا ، افسران نہ سگنل پررکتے ہیں نہ رانگ وےرولز کی پاسداری کرتے ہیں، کسی بھی جگہ سڑک کے بیچ گاڑی کھڑی کردیتے ہیں اور ڈیوٹی پر ہوں یا آف ڈیوٹی ہیلمٹ کا استعمال بھی نہیں کرتے۔

    کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ ہنگامی صورتحال کے علاوہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کی جائے، پولیس والے کو ہیلمٹ بھی پہننا اور لائسنس ہمراہ رکھنا لازمی ہوگا۔