Tag: چاند

  • آج سورج کو گرہن لگے گا، کون سی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے

    آج سورج کو گرہن لگے گا، کون سی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے

    سال کا دوسرا سورج گرہن آج شب اور کل دن میں ہوگا، سورج گرہن کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سورج کو مکمل گرہن آج رات 11 بج کر 3 منٹ پر لگے گا، یہ سورج گرہن 3 جولائی کو دن 11 بج کر 51 منٹ پر ختم ہوگا۔

    سورج گرہن پاکستان میں نہیں دیکھا جا سکے گا، دیگر ممالک میں سورج گرہن آج رات 9 بج کر 55 منٹ پر شروع ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اس گرہن کو سورج غروب ہونے سے قبل چلی اور ارجنٹینا میں دیکھا جا سکے گا، پیسیفک اور جنوبی امریکا کے کچھ علاقوں میں بھی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا جبکہ ایکواڈور، برازیل، یورا گوئے اور پیراگے میں جزوی طور پر سورج گرہن ہوگا۔

    سورج کو گرہن اس وقت لگتا ہے جب چاند اپنے مدار میں گردش کرتے ہوئے زمین اور سورج کے درمیان حائل ہو جاتا ہے اور اس کی روشنی زمین تک پہنچنے سے روک دیتا ہے لیکن چونکہ سورج کا فاصلہ زمین سے چاند کے مقابلے میں 400 گنا زیادہ ہے، اس لیے سورج چاند کے پیچھے مکمل یا جزوی طور پر چھپ جاتا ہے۔

    مکمل سورج گرہن ایک علاقے میں تقریباً 370 سال بعد دوبارہ آسکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ 7 منٹ 40 سیکنڈ تک برقرار رہتا ہے۔ البتہ جزوی سورج گرہن کو سال میں کئی دفعہ دیکھا جا سکتا ہے۔

    انسانی تاریخ کا سب سے منفرد مکمل سورج گرہن 11 اگست 1999 کے روز ہوا تھا جسے پاکستان سمیت دنیا کے کئی گنجان آباد شہروں میں دیکھا گیا تھا۔ اکثر گنجان آباد شہروں سے دیکھا جانے والا اگلا مکمل سورج گرہن چار سو سال بعد ہوگا۔

    کینیا میں مقامی داستانوں کے مطابق سورج گرہن اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب چاند سورج کو کھانا شروع کرتا ہے۔

    وہ افراد جو سورج گرہن کے دوران سیلفی لینا چاہتے ہیں وہ اس سے پرہیز کریں کیونکہ ماہرین امراض چشم کے مطابق سورج گرہن کے دوران سیلفی کھینچنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ سورج گرہن کے دوران سورج کی بنفشی شعاعیں اس قدر طاقتور ہوتی ہیں کہ وہ آنکھ کی پتلی کو جلاسکتی ہیں جس کے سبب آنکھ کو مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے یہاں تک کہ بینائی بھی جاسکتی ہے۔

    برطانوی کالج برائے امراض چشم کے ماہر ڈینیئل ہارڈی مین کا کہنا ہے کہ سیلفی لینے کے دوران خود کو کیمرے سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش میں آنکھ کا براہ راست سورج سے رابطہ ہونے کا اندیشہ ہے جس کے اثرات انسانی آنکھ پر انتہائی مہلک ثابت ہوسکتے ہیں۔

    فرانسیسی ادارے کے مطابق کیمرے کے ذریعے سورج گرہن کو دیکھنے کی کوشش بھی انسانی آنکھ کے لئے ضرر رساں ہے۔

    سورج گرہن کے دوران احتیاطی تدابیر

    سورج گرہن کے دوران مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    سیلفی لینے سے پرہیز کریں۔

    سن گلاسز مت لگائیں۔

    دھوپ میں کمپیوٹر کی سی ڈی لے کر نکلنے سے گریز کریں۔

    طبی ایکسرے ہاتھ میں لے کر دھوپ میں نکلنے سے پرہیز کریں۔

    گرہن کے دوران استعمال کیے جانے والے خصوصی چشمے استعمال کریں۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ سٹھیا گئے، چاند کو مریخ کا حصہ قرار دے دیا

    ڈونلڈ ٹرمپ سٹھیا گئے، چاند کو مریخ کا حصہ قرار دے دیا

    واشنگٹن : امریکی صدر نے چاند سے متعلق ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ ناسا کو چاند پر جانے کی بات نہیں کرنی چاہیے، ہم 50 سال پہلے یہ کرچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چاند کو مریخ کا حصہ قرار دے کر دنیا بھر کے ماہر فلکیات کو اچھنبے میں ڈال دیا۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اتنے پیسے خرچ کرنے کے بعد ناسا کو چاند پر جانے کی بات نہیں کرنی چاہیے، ہم 50 سال پہلے یہ کرچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ناسا کو اس سے بڑی چیزوں پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے جیسے کہ مریخ (چاند جس کا حصہ ہے)، دفاع اور سائنس سے متعلق ٹرمپ کی ٹوئٹ پر دنیا بھر کے ٹوئٹر صارفین نے حیرت کا اظہار کیا جس کی سیدھی وجہ یہ ہے کہ چاند مریخ کا حصہ نہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایک نظریہ یہ ہے کہ بہت سالوں قبل زمین اور کسی سیارے کے درمیان ہونے والے ٹکراؤ کے باعث چاند کا جنم ہوا تھا۔

    خلائی ماہرین کا کہنا تھا کہ مریخ چاند سے تقریباً 140 ملین میل دور ہے، امریکی میڈیا نے ناسا سے اس حوالے سے رابطہ کیا تاہم تاحال ادارے کی جانب سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔

  • مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا

    مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا

    کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا، اسلامی مہینے کے آغاز اوررویت کا فیصلہ صرف چاند دیکھ کر ہی کیا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج محکمہ موسمیات کراچی کے دفتر میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کریں گے جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقررہ مقامات پر منعقد ہوں گے۔

    مفتی منیب الرحمان نے بیان میں کہا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی ماہ شوال کے چاند کی رویت کا فیصلہ کرے گی، اسلامی مہینے کے آغاز اور رویت کا فیصلہ صرف چاند دیکھ کرہی کیا جاسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شوال کا چاند آج نظر آنے کا قوی امکان ہے، آج چاند غروب آفتاب کے ایک گھنٹے بعد تک افق پر موجود رہے گا۔

    یاد رہے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی پانچ جون کو عید الفطر کی پیشگوئی کر چکے ہیں۔

    شوال کا چاند 4 جون کو نظر آنے کا امکان ہے، فواد چوہدری

    چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب اور فواد چوہدری کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی تھی، قمری کلینڈر بنانے کے اعلان پر مفتی منیب نے وفاقی وزیر پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

    ماہرین کے مطابق عیدین اور رمضان کے چاند کا تنازع اس سال بھی حل ہوتا نظر نہیں آرہا کیونکہ فی الحال مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم بھی اس معاملے پر متفق نہیں جبکہ اسلامی نظریاتی کونسل نے ایپ اور کلینڈر پر غور کرنے کے لیے عید کے بعد کا وقت مانگا ہے۔

  • ممتاز علمائے کرام نے خیبر پختون خوا میں عید کے اعلان کو مسترد کردیا

    ممتاز علمائے کرام نے خیبر پختون خوا میں عید کے اعلان کو مسترد کردیا

    پشاور: ملک کے ممتاز اور جید علمائے کرام نے خیبر پختون خوا میں عید کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج رمضان کا انتیس واں روزہ رکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں آج عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہے، جسے ملک کے نامور علمائے کرام نے مسترد کردیا۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں مفتی زبیر نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ہوتے ہوئے ایک مسجد کی انتظامیہ کے کہنے پر صوبائی حکومت نے کیسے اعلان کردیا۔

    دریں اثنا مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ ریاست کی قائم کردہ کمیٹی کی موجودگی میں عید کا اعلان کر کے صوبائی حکومت کیا ریاست میں اختلاف پیدا کرنا چاہتی ہے؟

    ایبٹ آباد کی جامع مسجد صدیق شریفی کے خطیب علامہ سعیداللہ ہزاروی نے کہا ہے کہ آج ہزارہ ڈویژن میں 29 واں روزہ ہوگا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیر اطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مسجد قاسم علی خان کو 112 سے زیادہ شہادتیں موصول ہوئیں، وزیراعلیٰ نے اظہار یکجہتی کے لیے کل عید منانے کا اعلان کیا ہے۔

    خیبرپختونخوا حکومت نے کل عید الفطر منانے کا اعلان کردیا

    قبل ازیں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی نے آج عید الفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سے 100 سے زائد شہادتیں موصول ہوئیں، چاند کی رویت 23 شہادتیں پشاور سے موصول ہوئیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں چاند کی رویت کے حوالے سے کئی مسائل درپیش ہیں، خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مقامی سطح پر مسجد قاسم خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی رمضان اور شوال کے چاند کا اعلان کرتے ہیں۔

  • ناسا نے خاتون کو چاند پر بھیجنے کا فیصلہ کرلیا

    ناسا نے خاتون کو چاند پر بھیجنے کا فیصلہ کرلیا

    واشنگٹن : ناسا نے 5 برس بعد ارٹمیس پروگرام میں ایک مرد اور ایک ایک خاتون کو چاند پر ایک اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق چاند کی سطح پرانسان کو قدم رکھے پانچ عشرے ہونے والے ہیں، اب تک چاند پراترنےوالوں میں مرد ہی شامل رہے ہیں مگرامریکی خلائی ایجنسی ناسا نے پہلی بار سنہ 2024ء میں ایک خاتون کو چاند پر اتارنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ناسا کے خلائی مشن کے لیے بجٹ میں اضافے کے بعد کیا گیا ہے۔

    ‘ناسا’ کے ڈائڑیکٹر مواصلات ‘بیٹینا انکلین’ نے بتایا کہ اب تک چاند کی سطح پر قدم رکھنے والے کل 12 خلائی سائنسدان سب امریکی مرد تھے تاہم ایجنسی پہلی بار ایک امریکی خاتون خلانورد کو بھی چاند پر اتارنے کی تیاری کررہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ سوموار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ناسا کے بجٹ میں ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کا اضافہ کیا تھا، ہم زیادہ اور بڑے پیمانے پر خلائی تحقیقات کی طرف واپس پلٹنا چاہتے ہیں۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ ناسا کی عظمت رفتہ کی بحالی اور چاند پر اپنے تحقیقاتی مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے مریخ کی طرف بڑھنا چاہتی ہے۔

    خیال رہے کہ ناسا نے دوبارہ چاند کی سطح پر اپنی سرگرمیوں اور تحقیقات کے لیے 21 ارب ڈالر کے بجٹ کا مطالبہ کیا تھا۔

    امریکی خلائی تحقیقاتی ایجنسی (ناسا) کے ڈائریکٹر جیم بریڈنشائن نے کہا ہے کہ یہ بجٹ ایجنسی کو نئے منصوبوں کے ڈیزائن، ڈویلپمنٹ اور دریافتوں کےمیں مدد فراہم کرے گا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوموار کو ناسا نے چاند کے جنوبی حصے میں 2024ء کو خاتون خلان ورد کو اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ناسا کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ چاند پر خاتون کو اتارنے کے مشن کو قدیم یونانیوں میں چاند کےمعبود ‘ارٹمیس’ کے نام سے موسوم اور اپالو کی جڑواں بہن کیا گیا ہے، اس سے قبل ناسا نے اپالو11 نامی مشن کے تحت 20 جولائی 1969ء کو پہلی بار ایک زندہ انسان کو چاند کی سطح پر اتارا تھا۔

    برڈنشائن کا کہنا ہے کہ 50 سال کے بعد ارٹمیس پروگرام میں ایک مرد اور ایک ایک خاتون کو چاند پر ایک ساتھ اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • چاند دیکھنے کے لیے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے، فوادچوہدری

    چاند دیکھنے کے لیے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے، فوادچوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کم ازکم چاند دیکھنے کا تو معاوضہ نہیں ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ علما کا احترام ہے لیکن دینا میں ایسے معاملات رضا کارانہ بنیادوں پرہوتے ہیں، میں نے رائے دی ہے ہرکسی کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عید اور رمضان کے چاند پر36 سے 40 لاکھ خرچ کرنا کہاں کی عقل مندی ہے، چاند دیکھنے پر قومی خزانےسے رقم خرچ ہورہی ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ کم ازکم چاند دیکھنے کا تومعاوضہ نہیں ہونا چاہیے، رویت ہلال کمیٹی کے ممبران چاند تو رضاکارانہ دیکھ لیا کریں۔

    وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ پڑھے لکھےعلما کرام میری تجویزکی حمایت کررہے ہیں، چاند دیکھنے کے لیے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ 10سال کا کیلنڈربن جائے گا توغیرضروری اخراجات سے بچ جائیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مفتی منیب الرحمان نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی تھی کہ دین کے معاملات پر جو متعلقہ وزیر ہیں، وہ بات کریں، ہروزیر دین کی حساسیت کو نہیں سجھتا لہذا انہیں دینی معاملات پر تبصرہ کرنے کا فری لائسنس نہیں ملنا چاہیے۔

  • اسرائیلی خلائی جہاز کا چاند پر اترنے کا مشن ناکام، جہاز تباہ

    اسرائیلی خلائی جہاز کا چاند پر اترنے کا مشن ناکام، جہاز تباہ

    تل ابیب: اسرائیل کی چاند پر خلائی جہاز اتارنے کی کوشش ناکام ہوگئی اور لینڈنگ کے دوران خلائی جہاز تباہ ہوگیا جس کے بعد اسرائیل چاند پر پہنچنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہونے سے رہ گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کا نجی سرمایہ کاری سے تیار کردہ خلائی جہاز اپنے مشن میں ناکام ہوگیا۔ برشیٹ نامی خلائی جہاز چاند کی سطح پر بھیجا گیا تھا۔

    مشن کی کامیابی کی صورت میں اسرائیل چاند پر جہاز بھیجنے والا چوتھا ملک بن جاتا، اب تک امریکا، روس (سوویت یونین) اور چین اپنے خلائی جہاز کامیابی سے چاند کی سطح پر اتار چکے ہیں تاہم اسرائیل اس فہرست میں شامل ہونے سے رہ گیا۔

    خلائی جہاز برشیٹ 4 اپریل کو چاند کے مدار میں پہنچا تھا اور اس وقت سے چاند کے گرد گردش کررہا تھا۔ گزشتہ روز مقررہ شیڈول کے مطابق اسے چاند پر لینڈنگ کرنی تھی تاہم لینڈنگ کی تیاری کے دوران انجن میں خرابی پیدا ہوئی اور وہ چاند کی سطح سے ٹکرا گیا۔

    اسرائیلی مشن کنٹرول کا کہنا تھا کہ لینڈنگ سے پہلے جہاز کا انجن خراب ہوگیا تھا جس کے باعث لینڈنگ نہ ہو سکی۔

    مشن سے منسلک ماہرین کے مطابق لینڈنگ سے قبل خلائی جہاز کا زمین سے رابطہ بھی منقطع ہوگیا تھا، جہاز کی لینڈنگ کی مانیٹرنگ کرتے زمین پر موجود خلائی عملے نے رابطہ بحال کرنے اور انجن کی خرابی دور کرنے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے۔

    مذکورہ خلائی جہاز کی تیاری میں 100 ملین ڈالرز کی لاگت آئی تھی اور اسے اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز نے ایک نجی کمپنی کے ساتھ مل کر تیار کیا تھا۔

  • ماہ رجب المرجب کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    ماہ رجب المرجب کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    کراچی : ماہ رجب المرجب کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ رجب المرجب کے چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں کراچی میں منعقد ہوگا۔

    لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں رویت ہلال کی ذیلی کیمیٹاں بھی چاند دیکھنے کے لیے اپنا اپنا اجلاس منعقد کریں گی۔

    چاند نظر آنے کی صورت میں ماہ رجب کی پہلی تاریخ آٹھ مارچ بروز جمعہ ہوگی جبکہ دواپریل بروز منگل کو شب معراج ہوگی۔

    حرمت والا مہینہ، جنگ و قتال منع:
    لفظ رجب، ترجیب سے نکلا ہے جس کے معنی تعظیم کے ہیں، رجب المرجب ہجری کلینڈر کا ساتواں مہینا ہے، یہ حرمت والے چار ماہ میں شامل ہے، دین اسلام میں اس ماہ میں بھی جنگ اور قتل کرنا ممنوع ہے،اس ماہ میں توبہ جلد قبول ہوتی ہے اس ماہ کا ایک نام الاصب بھی ہے جس کے معنی ہیں تیز بہاؤ، یعنی توبہ جلد قبول ہوتی ہے۔

    ارشاد باری تعالیٰ:
    اِنَّ عِدَّةَ الشُّهُوْرِ عِنْدَ اللّـٰهِ اثْنَا عَشَرَ شَهْرًا فِىْ كِتَابِ اللّـٰهِ يَوْمَ خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْاَرْضَ مِنْـهَآ اَرْبَعَةٌ حُرُمٌ ۚ ذٰلِكَ الـدِّيْنُ الْقَيِّـمُ ۚ فَلَا تَظْلِمُوْا فِيْـهِنَّ اَنْفُسَكُمْ ۚ وَقَاتِلُوا الْمُشْرِكِيْنَ كَآفَّةً كَمَا يُقَاتِلُوْنَكُمْ كَآفَّةً ۚ وَاعْلَمُوٓا اَنَّ اللّـٰهَ مَعَ الْمُتَّقِيْنَ (36)

    ترجمہ: مہینوں کی گنتی اللہ کے نزدیک کتاب اللہ میں 12 ہے‘ اسی دن سے جب سے آسمان و زمین کو اس نے پیدا کیا ان میں سے چار حرمت والے ہیں۔ یہی درست دین ہے‘ تم ان مہینوں میں اپنی جانوں پر ظلم نہ کرو اور تم تمام مشرکوں سے جہاد کرو جیسا کہ وہ تم سب سے لڑتے ہیں اور جان رکھو کہ اللہ تعالیٰ متقیوں کے ساتھ ہے۔

    بے شک اللہ کے ہاں مہینوں کی گنتی بارہ ہے اللہ کی کتاب میں جس دن سے اللہ نے زمین اور آسمان پیدا کیے، ان میں سے چار عزت والے ہیں، یہی سیدھا دین ہے، سو ان میں اپنے اوپر ظلم نہ کرو، اور تم سب مشرکوں سے لڑو جیسے وہ سب تم سے لڑتے ہیں، اور جان لو کہ اللہ پرہیزگاروں کے ساتھ ہے۔

    حدیث شریف:
    ایک مشہور حدیث شریف ہے کہ رجب اللہ کا، شعبان میرا اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے۔

  • خونی چاند کے خوبصورت نظارے

    خونی چاند کے خوبصورت نظارے

    گزشتہ شب سپر بلڈ وولف مون یعنی خونی چاند طلوع ہوا جس نے دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں گرفتار کرلیا۔ خونی چاند کل شب 1 گھنٹہ 2 منٹ تک آسمان پر موجود رہا۔

    ایک مکمل چاند گرہن اس وقت رونما ہوتا ہے جب زمین اپنے مدار میں گردش کرتے ہوئے کچھ وقت کے لیے سورج اور چاند کے درمیان حائل ہوجاتی ہے۔

    زمین کا جو سایہ چاند پر پڑتا ہے فلکیاتی اصطلاح میں اسے ’امبرا‘ کہا جاتا ہے۔ اسی کے باعث گرہن کے دوران بعض اوقات چاند سرخی مائل، اورنج یا خونی دکھائی دیتا ہے اور مکمل گرہن کے وقت بھی چاند پوری طرح نظروں سے اوجھل نہیں ہوتا۔

    فلکیات کی اصطلاح میں اسے بلڈ مون کہا جاتا ہے۔

    گزشتہ سال 31 جنوری 2018 کی شب کو جو سرخی مائل چاند دنیا بھر میں دیکھا گیا تھا وہ اس حوالے سے منفرد تھا کہ اس روز سپر مون بھی تھا۔

    گزشتہ رات ہونے والے چاند گرہن کی خصوصیت یہ تھی کہ اس میں گرہن کے دوران چاند کا رنگ کچھ دیر کے لیے نارنجی یا سرخی مائل دہکتا ہوا نظر آیا، اس لیے اسے سپر بلڈ وولف مون کا نام دیا گیا۔

    پاکستان سمیت ایشیا، افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں رہنے والے افراد اس گرہن کا نظارہ کرنے سے محروم رہے کیونکہ اس وقت یہاں علی الصبح کا وقت تھا۔ مگر شمالی یورپ، شمالی و جنوبی امریکا، اور شمال مغربی افریقہ کے ساحلوں پر یہ سپر بلڈ مون واضح طور پر دیکھا گیا۔

    ترکی
    برطانیہ
    لاس اینجلس، امریکا
    نیویارک، امریکا
    اسپین
  • آج رات سپربلڈ وولف مون ہوگا

    آج رات سپربلڈ وولف مون ہوگا

    آج رات دنیا بھر میں سپر بلڈ وولف مون کا مشاہدہ کیا جائے گا، یہ وہ وقت ہوگا جب زمین سور ج اور چاند کے درمیان حائل ہوجائے گی،اس کا دورانیہ ایک گھنٹہ دو منٹ رہے گا۔

    انسان کے مہم جو فطرت اور غیر معمولی تجسس اسے ہر دور میں آسمانوں میں رونما ہونے والی انوکھی تبدیلیوں پر غور و فکر کرنے پر اکساتے رہے، جن میں چاند اور سورج گرہن قابلِ ذکر ہیں ۔

    ایک مکمل چاندگرہن اس وقت رونما ہوتا ہے جب زمین اپنے مدار میں گردش کرتے ہوئے کچھ وقت کے لیئے سورج اور چاند کے درمیان حائل ہوجاتی ہے، زمین کا جو سایہ چاند پر پڑتا ہے فلکیاتی اصطلاح میں اسے ‘امبرا ‘کہا جاتا ہے۔ اسی کے باعث گرہن کے دوران بعض اوقات چاند سرخی مائل ، اورنج یا خونی دکھائی دیتا ہے اور مکمل گرہن کے وقت بھی چاند پوری طرح نظروں سے اوجھل نہیں ہوتا ۔

    اسے فلکیات کی اصطلاح میں ‘بلڈ مون’ کہا جاتا ہے۔ دراصل چاند  جب گرہن کے دوران  زمین کے سائے کے مرکز سے گزر رہا ہوتا ہے تو فضا میں موجود ست رنگی روشنی ( سپکیٹرم) میں سے سبز اور ویولٹ (اودا) رنگ فلٹر ہوجا تے ہیں ۔ جسے طبیعات میں ‘رےلیگ سکیٹرنگ’ کہا جاتا ہے۔ اس ہی کی وجہ سے بعض اوقات سورج غروب ہونے کے وقت آسمان سرخی مائل دکھائی دیتا ہے۔

    گزشتہ سال  31جنوری 2018 کی شب کو جو سرخی مائل چاند دنیا بھر میں مشاہدہ کیا گیا تھا وہ اس حوالے سے منفرد تھا کہ اس روز سپر مون بھی تھا ۔ جس میں چاند زمین سے قریب ترین مقام ‘پیریگی’ پر ہونے کے باعث معمول کے سائز سے زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے اور چونکہ اس روز چاند گرہن بھی تھا اور مخصوص روشنیاں فلٹر ہوجانے کے باعث وہ سپر مون سرخی مائل دکھائی دیا تھا۔

    علم ِ فلکیات کے مطابق ایک سپر مون اس وقت رونما ہوتا ہے جب چاند ، سورج کی مخالف جانب زمین کے ساتھ ایک ہی لائن میں آجاتا ہے، جسے ماہرین ِ فلکیات نے ” پیریگی سیزائگ” یا سپر مون کا نام دیا ہے۔واضح رہے کہ پیریگی اس مقام کو کہتے ہیں جب چاند اپنے مدار میں گردش کرتے ہوئے زمین سے 221،225 کے کم ترین فاصلے پر آجاتا ہے اور اس باعث معمول کے سائز سے نوے گنا زیادہ بڑا اور روشن نظر آتا ہے جس کی بنیادی وجہ چاند کا قدرے بیضوی مدار ہے۔

     یہ ایک مشکل نام ہے اس لیے میڈیا اور عوامی حلقوں میں لفظ سپر مو ن نےزیادہ شہرت پائی، جس کا پہلی دفعہ استعمال ماہرفلکیات ‘رچرڈ نال’ نے کیا تھا۔ معمول کا پر پورا چاند، زمین سے238،900 میل کے فاصلے پر ہوتا ہے جبکہ چاند کا زمین دور ترین مقام اس سے پانچ فیصد زیادہ ہے جو ‘اپوگی ‘کہلاتا ہے۔

    رواں برس 20 جنوری کی رات کو ایک دفعہ پھر زمین ، سورج اور چاند کے درمیان کچھ وقت کے لیے حائل ہونے والی ہونے والی ہے۔ اس چاند گرہن کی خصو صیت یہ ہے کہ اس میں گرہن کےدوران چاند کا رنگ کچھ دیر کے لیے نارنجی یا سرخی مائل دہکتا ہوا نظرآئے گا،  اس لیے اسے سپر بلڈ وولف مون کہا جارہا ہے، آج رات کے بعد  اب 2021 میں ہی دوبارہ مکمل چاند گرہن دیکھا جاسکے گا۔

    کراچی آسٹرو نامرز سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے آسٹرونامر طلحہ مون ضیاء کے مطابق پاکستان سمیت ایشیاء، افریقہ اور مڈل ایسٹ میں رہنے والے افراد 2 جنوری کی صبح اس گرہن کا نظارہ کرنے سے محروم رہیں گے کیونکہ اس وقت یہاں علی الصبح کا وقت ہوگا ،مگر شمالی یورپ ، شمالی و جنوبی امریکہ ، اور شمال مغربی افریقہ کے ساحلوں پر یہ سپر بلڈ مون واضح دیکھا جاسکے گاجہاں گرہن کا آغاز مقامی وقت کے مطابق رات گئے ہوگا جو علی الصبح اختتام پذیر ہوگا اور اس گرہن کا دورانیہ ایک گھنٹہ دو منٹ ہوگا۔

    یاد رہے کہ طلحہ پاکستان کے واحد آسٹرو فوٹو گرافر ہیں جن کی بنائی گئی تصاویر ناسا کے  آئی پوڈ پر جگہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں اور پچھلے برسوں میں رونما ہونے والی سپر مون سیریز اور سپر بلڈ مون کی تصاویر انھوں نے اپنی سوسائٹی کی ٹیم کے ساتھ بنائی تھیں جنھیں بہت پذیرائی حا صل ہوئی۔ طلحہ کا کہنا تھا کہ اس دفعہ ہمارے مقامی آسٹرو نامرز اس نادر موقع کی تصاویر بنا نے سے محروم رہیں گے اور اگلی دفعہ اب 2021 میں ہی یہ موقع ہمیں مل سکے گا۔