Tag: چرچ

  • چرچ رہنماؤں اور سفارتکاروں کا اسرائیلی آباد کاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    چرچ رہنماؤں اور سفارتکاروں کا اسرائیلی آباد کاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    رام اللہ: فسلطین میں چرچ رہنماؤں اور سفارتکاروں نے اسرائیلی آباد کاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین میں اعلیٰ چرچ رہنماؤں اور دنیا کے مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی آباد کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

    حالیہ ہفتوں میں آباد کاروں کے حملوں میں شدت آنے کے بعد چرچ کے سرکردہ رہنماؤں اور سفارت کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مسیحی اکثریتی قصبے طیبہ کا دورہ کیا۔ برطانیہ، روس، چین، جاپان، اردن اور یورپی یونین سمیت 20 سے زائد ممالک کے نمائندے پیر کو مغربی کنارے کے گاؤں کا دورہ کرنے والے مندوبین میں شامل تھے۔

    رپورٹس کے مطابق صہیونی آباد کاروں کی طرف سے طیبہ میں ایک چرچ کے قریب آگ لگانے کے واقعے کے بعد جب فلسطینی کمیونٹی نے مدد کے لیے اسرائیلی حکام کو فون کیے تو ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔


    مدرسے کے طلبہ کی فوج میں بھرتی پر یہودی مذہبی جماعت نے نیتن یاہو حکومت چھوڑ دی


    مقبوضہ بیت المقدس میں چرچ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ان آبادکاروں کو جواب دہ ٹھہرایا جائے جنھیں اسرائیلی حکام کی طرف سے سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

    آبادکاروں نے نہ صرف فلسطینی زمینوں پر مویشی چرائے بلکہ کئی گھروں کو آگ لگا دی اور علاقے میں ایک اشتعال انگیز بورڈ بھی لگایا جس پر لکھا تھا کہ تمھارا یہاں کوئی مستقبل نہیں ہے۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق چرچ رہنما صہیونی آباد کاروں کے ان حملوں کو منظم اور نشانہ بنا کر کیے گئے حملے قرار دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آباد کار اپنے مویشیوں کو اس علاقے میں فلسطینی اراضی پر چرانے کے لیے لائے اور کئی گھروں کو آگ لگا دی۔

  • پنجاب پولیس ہائی الرٹ، گرجا گھروں کی سیکیورٹی انتظامات بڑھانے کا حکم

    پنجاب پولیس ہائی الرٹ، گرجا گھروں کی سیکیورٹی انتظامات بڑھانے کا حکم

    لاہور: پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہو گئی ہے، اور گرجا گھروں کی سیکیورٹی انتظامات بڑھانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے سلسلے میں پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سیکیورٹی انتظامات بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ افسران مسیحی عبادت گاہوں اور دیگر اہم مقامات کے سیکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔

    آئی جی پنجاب نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور اسنائپرز تعینات کیے جائیں، ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پٹرولنگ کریں، اور تعینات پولیس افسران اور جوان الرٹ رہیں، اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔

    ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے پیغام میں کہا کہ علمائے کرام، مسیحی کمیونٹی، اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔

  • بھارت میں چرچ پر بلوائیوں کا حملہ، عیسائی برادری سراپا احتجاج

    بھارت میں چرچ پر بلوائیوں کا حملہ، عیسائی برادری سراپا احتجاج

    نئی دہلی : بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے شہر روڑکی میں سول لائن کوتوالی علاقے میں واقع سلونی پورم میں چرچ پر حملے کا معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے۔

    متاثرین اور پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت انجام دیا گیا تھا اور اس کے لیے کئی دنوں سے مسیحی برادری کے لوگوں پر طنز کئے جا رہے تھے۔ چرچ انتظامیہ نے تھانے میں شکایت بھی درج کرائی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    حیران کن بات یہ ہے کہ چرچ پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار تو کیا کیا جاتا الٹا متاثرین کے خلاف ہی تبدیلی مذہب کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    بھارت کی بڑی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کی جانب سے احتجاج کی کال پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، اترا کھنڈ کے ڈی جی پی اشوک کمار کی مداخلت کے بعد اس واقعے کے کئی دنوں کے بعد روڑکی پولیس میں ہلچل نظر آئی اور پولیس اہلکار زخمیوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے اسپتال پہنچ گئے۔

    بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق حملہ کے پیچھے چرچ کی کروڑوں روپے کی مالیت کی زمین بھی ہے، جس پر کچھ ہندو وادی رہنما قبضہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور انہوں نے مذہب کے نام پر مبینہ طور پر مقامی لوگوں کو اکسا کر چرچ پر حملہ کروایا۔

    عینی شاہدین کے مطابق چرچ پر گزشتہ پیر کی صبح 10 بجے خوفناک حملہ کیا گیا۔ پرنس نامی ایک متاثرہ نوجوان نے بتایا کہ اس حملہ کو یاد کرکے وہ ابھی تک لرز رہے ہیں۔

    ہندو تنظیموں سے وابستہ سینکڑوں افراد نے لاٹھی ڈنڈے لے کر مسیحی برادری کے لوگوں پر حملہ کیا۔ وہ وندے ماترم اور بھارت ماتا کی جے اور جے شری رام کے نعرے بلند کر رہے تھے۔ انہوں نے ہمارے ساتھ بدسلوکی کی اور ہم پر حملہ کیا۔

    متاثرین کا کہنا تھا کہ ہم پر تبدیلی مذہب کا الزام لگاتے ہوئے ہمارے گھروں کا سامان توڑ کر ہمارے موبائل چھین لیے۔ ہمیں بتایا جائے کہ کیا یہاں صرف ہندو برادری کے لوگ ہی رہیں گے؟

    سلونی پورم کی رہائشی پریو سانا پورٹر نے اس واقعہ کے خلاف پولیس رپورٹ درج کرائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ حملہ آوروں کو جانتی تھی کیونکہ وہ مقامی تھے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ ان میں سے بہت سے لوگوں سے ان کے خاندانی تعلقات ہیں اور ان میں سے ایک نے مجھے پڑھایا بھی ہے، لیکن نفرت نے اسے اندھا کردیا ہے۔

    ان کی قیادت بی جے پی کی یوتھ ونگ اور او بی سی شعبہ کے رہنما کر رہے تھے۔ ان کے ساتھ خواتین بھی موجود تھیں، حملہ آوروں کی تعداد 200 سے زائد تھی وہ ہمیں جان سے مارنے کی دھمکی دے رہے تھے۔

  • سری لنکا کے بعد برکینافاسو میں چرچ پر حملہ، 6 افراد ہلاک

    سری لنکا کے بعد برکینافاسو میں چرچ پر حملہ، 6 افراد ہلاک

    اواگاڈوگو: سری لنکا کے بعد دہشت گردوں نے افریقی ملک برکینافاسو میں قائم چرچ پر حملہ کردیا جس کے باعث 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ حملہ برکینافاسو کے شہر ڈابلو میں پیش آیا جہاں ایک کیتھولک چرچ پر مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کردی جس کے باعث 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز مسیحی برادری اپنے مذہبی عبادات میں مصروف تھے کہ دہشت گردوں نے اچانک حملہ کردیا، ہلاک ہونے والوں میں ایک پادری بھی شامل ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد تقریباً 20 سے 30 کے درمیان تھی، دہشت گردوں نے چرچ پر اندھا دھن فائرنگ کردی جس کے باعث چھ افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

    برکینافاسو میں 4 مہینوں کے درمیان یہ تیسرا حملہ ہے، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے البتہ علاقوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کا مکمل کنٹرول ہے۔

    دوسری جانب سری لنکا میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے تین ہفتوں بعد آج ملکی دارالحکومت کولمبو کے گرجا گھروں میں اتوار کی دعائیہ عبادت منعقد کی گئی، دریں سیکیوٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔

    یاد رہے کہ سری لنکا میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد حالات آہستہ آہستہ معمول پر آرہے ہیں، جبکہ ملک بھر میں گرجا گھروں کو بھی کھول دیا گیا ہے، البتہ سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

    سری لنکا دہشت گردی، جرمن مسلمانوں کا اظہار یکجہتی کے لیے ملکی دورہ

    سری لنکن آرمی چیف کا برطانوی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ حملے میں ملوث ملزمان بھارت کا دورہ کرچکے تھے، وہ بھارت کے زیرتسلط کشمیر، بنگلور اور ریاست کیرالا بھی گئے تھے۔

  • سری لنکا دہشت گردی، دو ہفتے بعد بھی حالات معمول پر نہ آسکے

    سری لنکا دہشت گردی، دو ہفتے بعد بھی حالات معمول پر نہ آسکے

    کولمبو: سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر خود کش حملوں کے بعد دو ہفتے گزر گئے تاہم حالات معمول نہ آسکے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی کیتھولیک مسیحی برادری کے افراد ممکنہ دہشت گردانہ حملوں کے خطرے کی وجہ سے گرجا گھروں کے بجائے اب بھی اپنے گھروں میں ہی عبادت کر رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار پانچ مئی کو سنڈے ماس کی خصوصی مذہبی تقریب ٹی وی پر نشر کی گئی جس میں کولمبو کے آرچ بشپ کارڈینل میلکم رنجیتھ نے پوپ فرانسس کی جانب سے امن اور بھائی چارے کا پیغام پڑھ کر سنایا۔

    سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر تین گرجا گھروں اور تین ہوٹلوں پر منظم حملوں میں کم از کم 253 افراد مارے گئے تھے۔ ان حملوں کو قریب دو ہفتے گزر جانے کے بعد بھی ملک کے تقریبا تمام گرجا گھر بند ہیں۔

    دوسری جانب سری لنکن آرمی چیف کا کہنا ہے کہ ایسٹر کے موقع پر دھماکوں میں ملوث دہشت گردوں نے بھارت میں تربیت حاصل کی تھی۔

    خیال رہے کہ سری لنکن آرمی چیف کا برطانوی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ حملے میں ملوث ملزمان بھارت کا دورہ کرچکے تھے، وہ بھارت کے زیرتسلط کشمیر، بنگلور اور ریاست کیرالا بھی گئے تھے۔

    سری لنکا دھماکے: حملہ آوروں نے بھارت میں تربیت حاصل کی، سری لنکن آرمی چیف

    سری لنکا میں ایسٹر کے روز ہلاکت خیز دھماکوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی کوششوں میں خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

  • سلواکیہ میں برف سے بنا گرجا گھر

    سلواکیہ میں برف سے بنا گرجا گھر

    یورپی ملک سلواکیہ میں برف سے گرجا گھر (چرچ) بنایا گیا ہے جسے دیکھنے کے لیے سیاحوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد جوق در جوق یہاں کا رخ کر رہی ہے۔

    یہ چرچ سلواکیہ کے پہاڑی سلسلے تاترا کے درمیان بنایا گیا ہے جو سلواکیہ اور پولینڈ کے درمیان قدرتی سرحد کا کام کرتا ہے۔

    سطح سمندر سے 12 سو 85 میٹر بلند یہ چرچ ہر سال کسی مشہور تاریخی چرچ کی طرز پر بنایا جاتا ہے۔ رواں برس یہ روم کے تاریخی سینٹ پیٹر چرچ کی طرح بنایا گیا ہے۔

    اس چرچ کی تیاری میں امریکا، ویلز، پولینڈ، چیک ری پبلک اور سلواکیہ کے 16 مجسمہ سازوں نے ایک مہینے تک روزانہ 12 گھنٹے کام کیا۔ اسے بنانے میں برف کی 18 سو 80 سلیں استعمال کی گئیں۔

    چرچ کے اندر مختلف مذہبی شخصیات اور جنگلی حیات کے مجسمے بھی رکھے گئے ہیں جو برف سے ہی بنائے گئے ہیں۔

    گو کہ یہاں عبادت نہیں کی جاتی تاہم یہاں آنے والوں کا کہنا ہے کہ انہیں یہاں آکر عبادت گاہ جیسا ہی سکون ملتا ہے۔

    ایک شہری کا کہنا ہے کہ آس پاس خوبصورت قدرتی مناظر اور عبادت گاہ کے اندر جنگلی حیات کے مجسمے انہیں خدا سے بہت قریب کردیتے ہیں۔ ’یہاں آکر بے حد سکون اور روحانی خوشی حاصل ہوتی ہے‘۔

    اتوار کے دن یہاں مقدس گھنٹیاں بھی بجائی جاتی ہیں۔

    یہ چرچ ہر سال تاترا ٹورازم آرگنائزیشن کی جانب سے تیار کیا جاتا ہے جس کا مقصد سیاحوں کو اس علاقے کی طرف راغب کرنا ہے۔ چرچ میں تمام افراد کا داخلہ مفت ہے۔

  • برازیل: چرچ میں نامعلوم شخص کی فائرنگ، 5 افراد ہلاک متعدد زخمی

    برازیل: چرچ میں نامعلوم شخص کی فائرنگ، 5 افراد ہلاک متعدد زخمی

    براسیلیا : برازیل کے شہر کیمپیناس میں واقع چرچ میں نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق برازیلی شہر کیمپناس میں واقع مسیحی عبادت گاہ (چرچ) میں مسلح شخص نے دوران عبادت فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چرچ میں فائرنگ کرنے والے 38 سالہ شخص کے حملے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

    واقعے کی عینی شاہد خاتون نے بتایا کہ جیسے ہی حملہ آور نے چرچ میں فائرنگ شروع کی لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی متعدد افراد گرنے کی وجہ سے بھی زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چرچ میں مذہبی رسومات جاری تھیں کہ ملزم نے پستول اورریولور سے فائرنگ کردی اور پہلے اپنے عقب میں بیھٹے ہوئے لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنانے کے بعد مختلف سمت میں گولیاں برسائیں۔

    غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کیمپناس برازیل کا صنعتی شہر ہے جو ساؤ پالو شہر نے 100 کلومیٹر دور شمال مغرب میں واقع ہے۔

    مزید پڑھیں : امریکی ریاست ٹیکساس کے چرچ میں فائرنگ‘ 27 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ گذشتہ برس امریکی ریاست ٹیکساس کے چرچ میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 27 افراد ہلاک جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب چرچ میں عبادات کی جا رہی تھی۔

  • امریکا: چرچ میں منشیات فروشی کے الزام میں دو خواتین گرفتار

    امریکا: چرچ میں منشیات فروشی کے الزام میں دو خواتین گرفتار

    واشنگٹن : امریکی پولیس نے چرچ میں دوران تقریب میٹھائیوں میں منیشات ملا کر فروخت کرنے والی دو خواتین کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست جارجیا کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک چرچ سے دو خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے جو چرچ میں جاری تقریب کے دوران منشیات ملی ہوئی مٹھائیاں فروخت کررہی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مارجوانا (بھنگ) بیچنے والی خواتین کی شناخت ایبونی چاپر اور لیہ پریسلی کے نام سے ہوئی ہے جو عوام کو براؤنیز، پوڈنگ اور دیگر میٹھائیاں بھی بیچ رہی تھیں۔

    امریکی پولیس کے مطابق منشیات فروش خواتین سے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہونے کے بعد خواتین کو دوران تقریب رنگے ہاتھوں چرچ سے ہی گرفتار کرلیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف مٹھائیوں میں منشیات ملا کر فروخت کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    جارجیا پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چاپر نامی خاتون چرچ کے اندر میز پر منشیات رکھ کر  سرعام فروخت کررہی تاہم چرچ انتظامیہ کو معلوم نہیں تھا وہ تقریب کے دوران غیر قانونی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔

    امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ خواتین سوشل میڈیا کی مدد سے بھی ماریجوانا کی اسمگلنگ میں ملوث تھیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ واشنگٹن سمیت امریکا کی نو ریاستوں میں ماریجوانا پر پابندی نہیں ہے لیکن ریاست جارجیا میں ماریجوانا کو سرعام فروخت کرنا جرم اور غیر قانونی ہے۔


    مزید پڑھیں : بلیک بیری موبائل فون کا منشیات اسمگلنگ میں استعمال ہونے کا انکشاف


    یاد رہے کہ تین ماہ قبل امریکی اٹارنی اور ایف بی آئی نے یہ انکشاف کیا تھا کہ کینیڈا سے تعلق رکھنے والا فینٹم سکیور نامی ادارہ معروف کمپنی بلیک بیری کے موبائل فون ڈیوائس میں تبدیلی کر کے عالمی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ کے لیے فروخت کررہا ہے۔

  • بزدلانہ حملے حوصلے پست نہیں کرسکتے, اقلیتوں کا تحفظ بنیادی فرض ہے: چیئرمین سینیٹ

    بزدلانہ حملے حوصلے پست نہیں کرسکتے, اقلیتوں کا تحفظ بنیادی فرض ہے: چیئرمین سینیٹ

    اسلام آباد: چیئرمین رضاربانی کی زیرصدارت اجلاس میں کوئٹہ چرچ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

    اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، آئین کے تحت اقلیتوں کا تحفظ ہمارا بنیادی فرض ہے۔ دسمبر کا مہینہ ہمیشہ بھاری گزرتا ہے، آرمی پبلک اسکول کا سانحہ بھی دسمبر میں ہوا تھا۔

    اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفورحیدری نے کہا کہ بلوچستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی رٹ نہیں، بلوچستان میں دہشت گردی کا سلسلہ آخر کب تک چلے گا، اگر بلوچستان میں عالمی قوتیں ملوث ہیں، تووفاق نے کیا ذمے داری اٹھائی، ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت بلوچستان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ چرچ حملہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج موصول

    بعد ازاں پیپلز پارٹی نے کوئٹہ میں‌ چرچ حملے سے متعلق قرارداد  سینیٹ میں پیش کی، جس میں سوگوار خاندانوں اور زخمیوں کے لیے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے حملے کو مذہبی ہم آہنگی کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا گیا اور حکومتی کارکردگی پرسوالات اٹھا گئے۔

    اجلاس میں بچوں کی شادی پرپابندی سےمتعلق سینیٹر سحر کامران نے ترمیمی بل پیش کیا، جسے چیئرمین سینیٹ نے حساس قرار دیتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا۔

    سینینٹ کے ہول کمیٹی اجلاس میں دو ترمیمی بلز پر غور کیا گیا، جن کا رولز کے تحت ہول کمیٹی جائزہ لیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ منگل کے روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سینیٹ کو ان کیمرا بریفنگ دیں گے، بریفنگ کے لیے تحریک قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے قرارداد پیش کی تھی ۔آرمی چیف کےساتھ ڈی جی ایم اوبھی ہوں گے۔

    بعد ازاں چیئرمین سینیٹ نے فلسطینی سفیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انھوں نے امریکی صدر کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ عالمی امن تباہ کر دے گا اور دہشت گردی کی نئی لہر کو ایندھن ملے گا۔

    raza rabbani

    کشمیر اورفلسطین کے ایشو پر عالمی برادری کے رویہ پر سوالات اٹھائے ہوئے انھوں نے موقف اختیار کیا کہ اوآئی سی ٹھوس اقدامات میں بری طرح ناکام رہی، جس کی وجہ سے مسلمانوں میں مایوسی پائی جاتی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • مصر، چرچ میں دھماکا، 36 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    مصر، چرچ میں دھماکا، 36 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    قاہرہ : مصر کے شمالی علاقے میں چر چ میں دھماکے کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے، جن میں کچھ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اس لیے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کے شمالی علاقے میں واقع شہر طنطا میں سینٹ جارج کوپٹک چرچ میں دھماکے کی اطلاعات ہیں جس کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق دھماکہ صبح 10 بجے ہوا جب اتوار کی خصوصی عبادت میں شرکت کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد چرچ میں موجود تھی اور رش کے باعث ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد زیادہ ہے۔

    egypt-post-4

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 13 افراد کی لاشیں اور 40 سے زائد زخمی لائے گئے ہیں جن میں کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے جنہیں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ہلاک ہوگئے ہیں۔egypt-post-3

    سیکیورٹی اداروں نے کسی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے چرچ کو چاروں طرف سے محاصرے میں لے لیا ہے اور اپنی نگرانی میں امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے تاہم ابھی تک کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں آئی ہے۔egypt-post-2

    سیکیورٹی ادارے کے اہلکار کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد جمع کر رہے ہیں تاہم ابھی تک دھماکے کی نوعیت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے اور نہ ہی کسی جماعت نے ذمہ داری قبول کی ہے لیکن خدشہ ہے کہ یہ انتہا پسندوں کی کارروائی ہو۔