Tag: چلاس

  • چلاس شہر کی تاریخ میں پہلی بار گن پوائنٹ پر ڈکیتی

    چلاس شہر کی تاریخ میں پہلی بار گن پوائنٹ پر ڈکیتی

    چلاس: گلگت بلتستان میں واقع قصبے میں تاریخ میں پہلی بار گن پوائنٹ پر ڈکیتی ہوئی ہے، جس میں 5 ڈاکوؤں نے ملازمین کو رسیوں سے باندھ کر شاپنگ مال میں لوٹ مار کی۔

    تفصیلات کے مطابق چلاس لون شاپنگ مال میں رات گئے ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو 4 لاکھ سے زائد مالیت کی نقدی، موبائل کارڈ لوٹ کر فرار ہو گئے، بتایا جا رہا ہے کہ یہ چلاس شہر کی پہلی گن پوائنٹ ڈکیتی ہے، جسے نہایت افسوس ناک قرار دیا جا رہا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح گروہ نے ملازمین کو رسی سے باندھ کر لاکھوں مالیت کا سامان اور نقدی لوٹی، سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے ڈاکوؤں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ڈاکوؤں نے واردات 25 سے 30 منٹ میں کی۔

    پولیس اہل کار واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ رہے ہیں

    شاپنگ مال کے منیجر کامران حمید کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر انتظامیہ کو کاؤنٹر سے اٹھنے کو کہا اور انھیں دھکیل کر باندھ دیا، پھر کاؤنٹر میں موجود نقدی رقم اٹھالی، کاؤنٹر پر 4 لاکھ کے قریب نقدی پڑی تھی، 54 ہزار کے بیلنس کارڈ بھی لوٹے گئے، لاکھوں مالیت کا دیگر سامان بھی لوٹا گیا۔

    شاپنگ سینٹر جہاں ڈکیتی کی واردات کی گئی

    ایس پی دیامر نے موقع واردات کا دورہ کر کے انتظامیہ سے پوچھ گچھ کی، ان کا کہنا تھا کہ دیامر پولیس اور اسپیشل برانچ کو متحرک کر دیا گیا ہے، جلد ڈکیت گروپ تک پہنچ جائیں گے۔

  • چلاس میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ، بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد

    چلاس میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ، بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد

    چلاس: گلگت بلتستان کے قصبے چلاس میں رات گئے زلزلے کے جھٹکوں کے بعد شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ بند ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہراہ قراقرم پر واقع قصبے چلاس میں رات گئے آنے والے زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ سے گونر فارم گھندلو کے مقام پر شاہراہ بند ہو گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شاہراہ کی بندش سے سیکڑوں گاڑیاں اور مسافر پھنس گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختون خواہ اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں اور پہاڑی سلسلوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی تھی، جس کا مرکز مینگورہ سے 260 کلومیٹر شمال مشرق اور گہرائی 42 کلو میٹر تھی۔

    خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان میں 5.6 شدت کا زلزلہ

    ادھر بالائی علاقوں میں ریکارڈ توڑ سردی پڑ رہی ہے، اسکردو فریز ہو گیا ہے، پارا منفی 28 تک گر گیا، خیبر پختون خوا، پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند، موٹر وے اور دیگر شاہراہوں پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو گئی ہے، بلوچستان میں بھی برفیلی ہواؤں کا گشت ہے، کوئٹہ سے ہوائیں کراچی آنے پر شہر میں سردی بڑھنے لگی ہے۔

    دریائے شیوک جو منجمد ہو گیا ہے

    ملک بھر میں کڑاکے کی سردی کے ساتھ اسکردو میں سردی نے 20 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، جھیلیں، آبشار، ندی نالے جم گئے ہیں، کوئٹہ منفی 2، قلات منفی 5، زیارت منفی 4 ریکارڈ کیا گیا، خون جما دینے والی سردی میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

  • گلگت بلتستان خشک سردی کی لپیٹ میں، موسم انتہائی سرد

    گلگت بلتستان خشک سردی کی لپیٹ میں، موسم انتہائی سرد

    چلاس: بالائی علاقوں میں خون جما دینی والی سردی نے ہر شے منجمد کر دی ہے، گلگت بلتستان کو خشک سردی نے پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے باعث موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحتی مقام بابوسر میں پارہ منفی 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، بالائی علاقوں میں موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے، خون جما دینے والی سردی نے ہر شے منجمد کر دی۔

    اسکردو میں درجہ حرارت منفی 16، استور میں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے، گوپس میں پارہ منفی 9، بگروٹ میں منفی 7، گلگت میں منفی 5 اور چلاس میں منفی 3 ڈگری تک گر گیا۔

    شدید سردی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں، گرم ملبوسات اور خشک لکڑی کی مانگ بڑھ گئی۔ خشک لکڑی کی فی من قیمت 700 روپے تک جا پہنچی، جس پر انتظامیہ خاموش ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں آج بھی موسم انتہائی سرد رہے گا۔

  • لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بند

    لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بند

    چلاس: گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں شتیال کےمقام پرلینڈسلائیڈنگ کےباعث شاہراہ قراقرم بند ہوگئی جس کی وجہ سے مسافر پھنس کر رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چلاس میں مٹی کاتودہ شاہراہ قراقرم پرگرنےسےراولپنڈی اور گلگت بلتستان کارابطہ منقطع ہوگیا ہے، شاہراہ قراقرم کی بندش سےسینکڑوں گاڑیاں اورمسافرپھنس کررہ گئے ہیں ۔

    شاہراہ کےدونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور سخت سردی میں مسافر کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔

    پریشان حال مسافروں کا کہنا ہے کہ کئی گھنٹےگزرنےکےبعدبھی بحالی کاکام شروع نہیں کیاجاسکا۔

    یہ بھی پڑھیں: بلوچستان اور کے پی میں بارش، برفباری، موسم خوشگوار، سردی میں اضافہ

    دوسری جانب بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بادل کھل کر برسے جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، بالائی علاقوں میں پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ لی، نظارے اور بھی حسین اور موسم بھی مزید سرد ہوگیا۔

    ملک کے بالائی بالائی علاقوں میں برف نے سفید چادر تان دی۔ شانگلہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری نے ہری بھری وادی کے حسن کومزید دلفریب بنادیا۔

  • دیامر کے بالائی پہاڑوں پر برف باری، سردی کی شدت میں اضافہ

    دیامر کے بالائی پہاڑوں پر برف باری، سردی کی شدت میں اضافہ

    چلاس: شمالی علاقوں میں جاڑے نے رنگ جمانا شروع کر دیا، روئی جیسے برف کے گالوں نے ہر منظر حسین کر دیا، مانسہرہ نے بھی سفید برفیلی چادر اوڑھ لی۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے بالائی پہاڑوں پر برفباری جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، بالائی علاقوں بابو سرٹاپ، بھٹو گاہ ٹاپ، نانگا پربت اور دیامر کے سیاحتی مقام فیئری میڈو میں بھی برف باری زوروں پر ہے، جس سے بابوسر ٹاپ اور فیئری میڈو میں درجہ حرارت منفی 6 سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔

    ضلع دیامر کے مضافات میں بھی برف باری کے ساتھ ساتھ بارش نے لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا ہے۔

    ادھر اسلام آباد میں آندھی کے بعد بارش شروع ہو گئی ہے، جس سے مارچ کے لیے سجے پنڈال میں لگے خیمے اکھڑ گئے ہیں، دھرنے کے شرکا کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، شرکا نے رات آسمان تلے گزاری، کچھ نے میٹرو اسٹیشن میں پناہ لی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 19 اکتوبر سے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برف باری شروع ہوتے ہی دیامر کے ڈی سی نے لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایت جاری کر دی تھی۔

    مانسہرہ میں برف باری کی وجہ سے بابو سرٹاپ ٹریفک کے لیے بند کرنا پڑ گیا تھا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) نے بتایا تھا کہ بابوسر ٹاپ پر 8 انچ تک برف پڑی۔

    محمکہ موسمیات یہ پیش گوئی بھی کر چکا ہے کہ کراچی میں اس سال کڑاکے کی سردی پڑے گی اور نومبر کے وسط تک موسم سرد ہونے کا امکان ہے، شمال مغرب کی جانب ہوا کا دباؤ زیادہ ہے جو اچھی سردیوں کے لیے موزوں ہے۔

  • چلاس: شکدآباد کے قریب مسافر جیپ کھائی میں گر گئی، 7 افراد جاں بحق

    چلاس: شکدآباد کے قریب مسافر جیپ کھائی میں گر گئی، 7 افراد جاں بحق

    چلاس: گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں شکدآباد کے قریب مسافر جیپ کھائی میں گرنے سے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چلاس میں شکدآباد کے قریب گاڑی کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہو گئے، مرنے والوں کی لاشیں دریا سے نکال لی گئیں۔

    جیپ میں 21 افراد سوار تھے، حادثے میں ریسکیو کیے گئے افراد کی تعداد 14 ہو گئی ہے، تاہم 2 افراد تا حال لاپتا ہیں، ڈی پی او چلاس کا کہنا ہے کہ بچائے گئے افراد میں سے 3 زخمی ہیں۔

    چلاس پولیس کا کہنا ہے کہ دریا میں ڈوبنے والے 2 افراد کی تلاش جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد، پنڈی، گرد و نواح میں موسلا دھار بارش، مانسرہ میں طوفان، چلاس میں برف باری

    بتایا گیا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا تھا، حادثے کے بعد ریسکیو 1122 اور مقامی لوگوں نے جائے وقوع پہنچ کر ڈوبے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

    حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو چلاس کے ضلعی اسپتال میں طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ چلاس میں دیامر کے پہاڑی علاقوں میں دس دن قبل موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے، جب کہ ہلکی ہلکی برف باری بھی ہو رہی ہے، دیامر میں بارشوں کے باعث طغیانی کا خدشہ در پیش ہے۔

  • اسلام آباد، پنڈی، گرد و نواح میں موسلا دھار بارش، مانسرہ میں طوفان، چلاس میں برف باری

    اسلام آباد، پنڈی، گرد و نواح میں موسلا دھار بارش، مانسرہ میں طوفان، چلاس میں برف باری

    اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش برسی، ادھر مانسہرہ اور گرد و نواح میں بھی تیز آندھی اور طوفان آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف ملک میں بجٹ کا شور برپا ہے، دوسری طرف کئی علاقوں میں موسلا دار بارشیں اور آندھیاں شروع ہو گئی ہیں۔

    ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ آئیسکو ریجن کے بیش تر علاقوں میں شدید آندھی اور طوفان آیا، ٹرپنگ فالٹ اور سیفٹی کے پیش نظر 130 سے زائد فیڈرز کو بجلی سپلائی روک دی گئی ہے۔

    پنڈوریاں، جاپان روڈ، خیابان سرسید، چکلالہ، فقیر آباد، پیر ودھائی کو بجلی متاثر ہو گئی ہے، ترجمان آئیسکو نے کہا کہ عملہ طوفان رکتے ہی بجلی بحالی کا کام شروع کر دے گا۔

    ادھر مانسہرہ اور گرد و نواح میں بھی تیز آندھی اور طوفان آیا، وادیٔ کاغان اور ناران میں ژالہ باری اور بارش ہوئی۔

    چلاس میں دیامر کے پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے،جب کہ ہلکی ہلکی برف باری بھی ہو رہی ہے، دیامر میں بارشوں کے باعث طغیانی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، بجلی کا نظام معطل ہو گیا۔

    شاہراہ قراقرم اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رو نما ہوئے، تودے گرنے کے خدشے کا بھی اظہار کیا گیا ہے، شاہراہ قراقرم مرتضیٰ آباد کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے جزوی بلاک ہو گئی ہے۔

    چلاس میں بٹو گاہ اور تھک پاور ہاؤسز کی بندش سے کئی گھنٹوں سے بجلی بند ہے۔

  • چلاس: ایف سی اور پولیس کی نفری کا استقبال، پہاڑوں پر دہشت گردوں کی تلاش شروع

    چلاس: ایف سی اور پولیس کی نفری کا استقبال، پہاڑوں پر دہشت گردوں کی تلاش شروع

    چلاس: گلگت بلتستان کے علاقے تانگیر اور داریل میں فرنٹیئر کانسٹیبلری اور پولیس کی بھاری نفری داخل ہوگئی، دہشت گردوں کی تلاش کے سلسلے میں عوام نے فورسز کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چلاس میں داخل ہونے والے فورسز کے قافلے کو عوام کی بڑی تعداد نے ریلی کی شکل میں تانگیر پہنچایا، فورسز کی آمد کا مقصد پہاڑوں پر دہشت گردوں کی تلاش ہے۔

    دیامر جرگے کے عمائدین نے سیکورٹی فورسز کا شان دار استقبال کیا، دیامر جرگہ دہشت گردوں کی تلاش کے سلسلے میں فورسز کی مدد کرے گا۔

    ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ پہاڑوں میں موجود دہشت گردوں اور سہولت کاروں کی ایک فہرست بنائی گئی ہے جو دیامر جرگے کے حوالے کی جا چکی ہے۔

    ڈی آئی جی گوہر نفیس نے دہشت گردوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ چار دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکول نذر آتش


    خیال رہے کہ مذکورہ چار دہشت گردوں کو دیامر جرگے نے داریل میں پکڑا تھا، جرگہ ان دہشت گردوں کو کل پولیس کے حوالے کرے گا۔

    مقامی لوگوں نے پہاڑوں پر سہولت کاروں اور دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی ہے، ایف سی کی آمد پر تلاش کا عمل مزید تیز ہو جائے گا۔

    واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں کچھ عرصے سے مسلسل دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، دو دن قبل گرگاہ نالہ میں تین پولیس اہل کاروں کو شہید کردیا گیا تھا جب کہ تین اگست کو چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکول نذرِ آتش کیے گئے تھے۔

  • چلاس میں اسکول جلانےوالوں کےخلاف آپریشن‘ ایک دہشت گرد ہلاک

    چلاس میں اسکول جلانےوالوں کےخلاف آپریشن‘ ایک دہشت گرد ہلاک

    گلگت: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں اسکول نذر آتش کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ 5 کوگرفتارکرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دیامرمیں چلاس کے علاقے تانگیر میں پولیس کی جانب سے اسکولوں کو نذر آتش کرنے کے خلاف آپریشن کیا گیا، اس دوران دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ملزم گزشتہ روز پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث تھا جبکہ پولیس نے آپریشن کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار بھی کیا۔

    ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے بتایا کہ اسکولزجلانے میں ملوث عناصرنے ماضی میں سیکیورٹی اہلکاروں کوبھی نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی اداروں کے سرچ آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔

    ترجمان فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کی شناخت شفیق کے نام سے ہوئی، دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے خودکش جیکٹ، دستی بم اوراسلحہ برآمد ہوا۔

    ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے بتایا کہ اب تک 30 مشتبہ افراد گرفتارکیے جا چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کرے گی، اسکولزجلانے والوں کوکیفردارتک پہنچائیں گے۔

    فیض اللہ فراق کے مطابق بہت جلد اسکولوں پر حملے کے مرکزی کردار کو بے نقاب کریں گے۔

    دیامر میں اسکولوں کو آگ لگانے والے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، اہل کار شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز دیامر میں اسکولوں کو آگ لگانے والے دہشت گردوں کے خلاف تانگیر میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک سیکورٹی اہل کار شہید اور تین زخمی ہوگئے تھے۔

    چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکول نذر آتش

    واضح رہے کہ دو روز قبل گلگت بلتستان کے ضلع دیامرکے علاقے چلاس میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نامعلوم تعلیم دشمن شرپسندوں نے 12 اسکولوں میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے آگ لگا دی تھی۔

  • چیف جسٹس کا چلاس میں اسکولوں کی آتشزدگی پرازخود نوٹس

    چیف جسٹس کا چلاس میں اسکولوں کی آتشزدگی پرازخود نوٹس

    اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے چلاس میں اسکولوں کی آتشزدگی پرازخود نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے گلگت کے علاقے چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکولوں کو نذر آتش کرنے پرازخود نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری امور وزارت گلگت بلتستان سے رپورٹ طلب کرلی۔

    چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعات کی رپورٹ 48 گھنٹے میں پیش کی جائے۔

    دوسری جانب ترجمان گلگت بلتستان حکومت کا کہنا ہے دیامرمیں اسکولزجلانے والوں کی تلاش میں سیکیورٹی اداروں نے داریل وتانگیر میں چھاپے مارے اور4 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

    چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکول نذر آتش

    خیال رہے کہ گزشتہ روز نامعلوم افراد نے دیامر میں بچوں کے 12 اسکولوں کو نذرآتش کردیا تھا جس پرانتظامیہ نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

    دیامر کے صدیق اکبرچوک پرشہریوں کی جانب سے اسکولوں کو جلائے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا اور اسے بچوں کے روشن مستقبل پرحملہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کے واقعات افسوس ناک اور ناقبل قبول ہیں۔

    عمران، بلاول اور ملالہ کی مذمت، نگراں وزیراعظم نے رپورٹ طلب کرلی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ٹویٹرپر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چلاس میں بچیوں کے تعلیمی ادارے جلانا افسوس ناک ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائیں گے، بچیوں کی تعلیم، اسکولوں کی سیکیورٹی ترجیحات ہیں۔