Tag: چمن

  • بلوچستان کے ضلع چمن زلزلے کے جھٹکے

    بلوچستان کے ضلع چمن زلزلے کے جھٹکے

    کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع چمن اور اس کے گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیماء مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر اور شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکزشمال مشرقی افغانستان تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قلعہ عبداللہ، گلستان، جنگل پیرعلی زئی اور توبہ اچکزئی میں بھی زلزلے کےجھٹکے محسوس کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق افغانستان کے شہر قندھار، اسپین بولدک سمیت متعدد اضلاع میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے۔

    زلزلے کے جھٹکوں کے بعد عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلے کے نتیجے میں ہوئے نقصانات کے حوالے سے فی الحال کسی قسم کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال جولائی میں بھی صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ژوب میں زلزلے کے پے در پے دو بار جھٹکے محسوس کئے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلوں کی شدت 5 ریکارڈ کیا گیا تھا۔

  • چمن  : مسلح افراد کا پولیو ٹیم پر حملہ، خاتون پولیو ورکر سمیت 3  لیویز اہلکار زخمی

    چمن : مسلح افراد کا پولیو ٹیم پر حملہ، خاتون پولیو ورکر سمیت 3 لیویز اہلکار زخمی

    کوئٹہ : ڈنڈا بردار افراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں خاتون پولیو ورکر ،2 لیویز اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں دھرناکمیٹی کے ڈنڈابردارافراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کردیا اور حملہ آوروں نے پولیس اور لیویز سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی۔

    ڈپٹی کمشنر راجا اطہر عباس نے بتایا ہے کہ مسلح افراد کے حملے میں خاتون پولیوورکر، 2 لیویز اور ایک پولیس اہلکارزخمی ہوگیا۔

    راجا اطہر عباس کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید نفری روانہ کر دی گئی ہے، پولیومہم میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

    ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے چمن میں پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لیویز اہلکاروں سے اسلحہ اور پولیو ٹیم سے ویکسین چھیننے کی کوشش کی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ حملے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کررہی ہے، ملزمان پرانسداد دہشت گردی کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    خیال رہے آج ملک کے سڑسٹھ مخصوص اضلاع میں انسداد پولیومہم کا آغاز کیا گیا ہے، مہم کےدوران ایک کروڑ پینسٹھ لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن کا ہدف ہے۔

    بلوچستان کے چودہ اضلاع میں بھی انسداد پولیو مہم شروع کی گئی ہے، جس میں اٹھارہ لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    اس کے علاوہ بلوچستان کے چھ اضلاع میں ہیٹ ویوکی پیش گوئی کے باعث مہم پانچ دن کیلئے مؤخر ہے، ان اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم آٹھ جون سےشروع ہوگی۔

  • چمن  : انتخابی دفتر پر مسلح افراد کی فائرنگ،  اے این پی رہنما ظہور احمد جاں بحق

    چمن : انتخابی دفتر پر مسلح افراد کی فائرنگ، اے این پی رہنما ظہور احمد جاں بحق

    چمن : عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی دفتر پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں اے این پی رہنما ظہوراحمد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع چمن کے علاقے میزئی اڈا میں عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی دفتر پر مسلح افراد کی فائرنگ کردی۔

    فائرنگ سے اے این پی رہنما ظہوراحمد جاں بحق ہوگئے جبکہ دوسرا کارکن معین خان زخمی ہوا۔

    فائرنگ کے بعد مسلح افراد فرار ہوگئے ، پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

    اس سے قبل بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ پر پیپلزپارٹی کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملہ ہوا تھا ، دستی بم حملے میں 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • قلعہ عبداللہ کے چھیالیس سال کے عبدالرزاق نے گیارہویں میں داخلہ لے لیا

    قلعہ عبداللہ کے چھیالیس سال کے عبدالرزاق نے گیارہویں میں داخلہ لے لیا

    رپورٹ: اختر گلفام

    چمن: بچوں کو پڑھتا دیکھ کر 46 سال کے والد کا بھی شوق جاگ پڑا، قلعہ عبداللہ کے عبدالرزاق نے گیارہویں میں داخلہ لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عبدالرزاق قلعہ عبداللہ، تحصیل گلستان کے ایک منفرد طالب علم ہیں، بیٹوں کا اسکول دیکھ کر جن کا اپنا دل پڑھنے کو چاہا تو گیارہویں جماعت میں داخلہ لے لیا۔

    عبدالرزاق نے 31 سال بعد پڑھائی کا سلسلہ دوبارہ جوڑا ہے، چوتھی اور چھٹی جماعت میں پڑھنے والے بیٹے اپنے اسکول اور عبدالرزاق کالج ساتھ ساتھ جاتے ہیں۔

    ہوا یوں کہ ایک بار عبدالرزاق اپنے دو بیٹوں کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اسکول گئے، وہاں بچوں کو پڑھتا دیکھ کر اچانک ان کے دل میں اپنی ادھوری تعلیم مکمل کرنے کا شوق پوری طاقت سے بیدار ہو گیا۔

    عبدالرزاق 1992 میں میٹرک کرنے کے بعد علاقے میں شروع ہونے والی قبائلی جنگ کی وجہ سے آگے نہ پڑھ سکے تھے، اب انھوں نے اکتیس سال بعد گلستان کے ایک نجی سیکنڈری ہائی اسکول میں فرسٹ ایئر میں داخلہ لیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ ایم اے کرنا چاہتے ہیں۔

    کاکا شہید فاؤنڈیشن کالج کے پرنسپل عبدالقادر مندوخیل نے کہا ’’ہمیں تعجب ہوا جب سنا کہ ایک چھالیس سالہ شخص واپس تعلیم حاصل کرنے آ رہا ہے، ہم نے جب عبدالرزاق کا جذبہ دیکھا تو انھیں ریگولر داخلہ دے دیا۔

    عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ انھیں قبائلی مسائل کے باعث اپنے اور ان کی طرح کئی دیگر لوگوں کے تعلیمی نقصان پر بہت افسوس ہے۔

    عبدالرزاق کے اساتذہ کا کہنا ہے کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ہمارے اس منفرد طالب علم کا خواب پورا ہو، اور وہ پورے علاقے کے لیے ایک کامیاب مثال بنے۔

  • چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، 17 خطرناک قیدی فرار

    چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، 17 خطرناک قیدی فرار

    چمن: بلوچستان کے شہر چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، 17 خطرناک قیدی فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، سنگین جرائم میں ملوث سترہ خطرناک قیدی فرار ہو گئے ہیں، قیدیوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

    ذرائع کے مطابق فجر کی نماز کے لیے بیرک سے نکالے گئے قیدیوں نے پولیس سے اسلحہ چھین کر فائرنگ شروع کر دی، قیدیوں نے فائرنگ کر کے ایک اہلکار کو زخمی کر دیا، جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک قیدی مارا گیا اور 2 زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر کوئٹہ منتقل کیا گیا جب کہ قیدیوں کو طبی امداد کے لیے چمن ڈی ایچ کیو اسپتال لے جایا گیا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد نعیم اچکزئی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ آج صبح پولیس نے قیدیوں کو فجر کی نماز کے لیے بیرک سے باہر نکالا، اس دوران چند قیدیوں نے ڈیوٹی پر موجود اہلکار کو ڈنڈوں سے مار کر بے ہوش کیا، اور اہلکار سے اسلحہ چھین کر دوسرے اہلکار پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق پولیس سب جیل پر صرف 2 اہلکار تعینات تھے جب کہ جیل میں 300 سے زائد قیدی موجود ہیں، پولیس نے قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

  • بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز  کا آپریشن،  بڑی تعداد میں ہتھیار، گولیاں اور آئی ای ڈیز برآمد

    بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، بڑی تعداد میں ہتھیار، گولیاں اور آئی ای ڈیز برآمد

    چمن : سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کےعلاقے چمن میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار، گولیاں اورآئی ای ڈیز برآمد کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان فوج کے فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے چمن اور اطراف میں دیسی ساختہ بم نصب کرنے سمیت حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگانے کیلئے رحمان کہول میں آپریشن کیا۔

    علاقے کی مسلسل نگرانی سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد فورسز نے آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں دیسی ساختہ دھماکہ خیزآلات،اسلحہ اورگولہ بارود کا بڑاذخیرہ برآمد کرلیا۔

    ترجمان کے مطابق پاک فوج قوم کے تعاون سے بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

  • پاک افغان سرحد پر کشیدگی، علما اور قبائلی مشران پر مشتمل وفد افغانستان روانہ

    پاک افغان سرحد پر کشیدگی، علما اور قبائلی مشران پر مشتمل وفد افغانستان روانہ

    چمن: پاک افغان سرحد پر کشیدگی کم کرنے کے لیے علماے کرام اور قبائلی مشران پر مشتمل 16 رکنی وفد افغانستان روانہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق علماے کرام اور قبائلی مشران پر مشتمل ایک سولہ رکنی وفد افغانستان روانہ ہوا ہے، جس کا مقصد پاک افغان سرحد پر کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

    قبائلی رہنما ملک عبدالخالق اچکزئی نے اس سلسلے میں بتایا کہ یہ وفد گورنر قندہار محمد یوسف وفا سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گا، اور سرحد پر کشیدگی کم کرنے پر زور دے گا۔

    اس وفد میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کوئی شامل نہیں ہے، افغانستان جانے والا وفد اپنی طرف سے گیا ہے۔

    افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی : افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری پر شدید احتجاج

    یاد رہے کہ پاک افغان سرحد پر 11 ستمبر اور 15 دسمبر کو ہونے والے ناخوش گوار واقعات کے بعد سے علاقے میں کشیدگی پھیلی ہوئی ہے، افغان فورسز نے جارحیت کرتے ہوئے چمن کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا اور گولے پھینکے تھے۔

  • افغان فورسز کی ایک بار پھر پاکستانی علاقوں پر گولہ باری، 1 شخص شہید ، 15 زخمی

    افغان فورسز کی ایک بار پھر پاکستانی علاقوں پر گولہ باری، 1 شخص شہید ، 15 زخمی

    چمن: افغان فورسز کی جانب سے ایک بار پھر پاکستانی علاقوں پر فائرنگ اور گولہ باری کی گئی ، جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور 2 بچوں سمیت 15افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چمن پاک افغان سرحد پر فورسز کے درمیان تین دن وقفے کے بعد ایک بار پھر سرحدی تنازعہ پر لڑائی شروع ہوگئی، ۔ افغان فورسز نے ایک بار پھر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

    چمن میں افغانستان کی حدود سے فائرنگ اور گولہ باری کی گئی، گولہ باری سے ایک شہری شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت15 زخمی ہو گئے ہیں، جن میں 2 شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔

    پاک افغان سرحد کے قریب متعدد پاکستانی گاؤں اور کسٹم ہاؤس کو خالی کرا لیا گیا ہے، جس میں گلدار باغیچہ، طور پل ، مال روڈ، بارڈر روڈ اور اڈہ کہول شامل ہیں ۔

    علاقے میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال چمن نے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور تمام عملے کو ڈیوٹی پر طلب کرلیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے افغان فورسز نے اچانک چمن میں پاکستانی علاقوں پر گولہ باری شروع کر دی تھی، جس سے 5 پاکستانی شہری شہید اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔

    افغان فورسز کے فائر کیے گئے گولے گلدار باغیچہ، بارڈر روڈ اور مال روڈ پر گرے، جس سے شہادتیں ہوئیں تھیں۔

    بعد ازاں پاکستان نے افغان فورسز کی چمن میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملوث ملزمان کیخلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

  • افغان فورسز کی پاکستانی علاقوں پر گولہ باری، 5 شہری شہید، 17 زخمی

    افغان فورسز کی پاکستانی علاقوں پر گولہ باری، 5 شہری شہید، 17 زخمی

    چمن: افغان فورسز کی پاکستانی علاقوں پر گولہ باری سے 5 شہری شہید اور 17 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چمن میں افغان فورسز نے اچانک پاکستانی علاقوں پر گولہ باری شروع کر دی، جس سے پانچ پاکستانی شہری شہید ہو گئے ہیں، گولہ باری سے سترہ افراد زخمی بھی ہوئے۔

    افغان فورسز کے فائر کیے گئے گولے گلدار باغیچہ، بارڈر روڈ اور مال روڈ پر گرے، جس سے شہادتیں ہوئیں۔

    ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کی جانب سے افغان فورسز کو گولہ باری کا بھرپور جواب دیا گیا، جس سے سرحد پار بھی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔

  • طالبان کے شیڈو گورنر نے اپنی طرف سے سرحد بند کی ہے: وزیر داخلہ

    طالبان کے شیڈو گورنر نے اپنی طرف سے سرحد بند کی ہے: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: طالبان کی جانب سے بابِ دوستی کو بند کیے جانے پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان کے شیڈو گورنر نے اپنی طرف سے سرحد بند کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ طالبان نے چمن بارڈر اسپین بولدک کی سرحد بند کر دی، سرحد کی یہ بندش طالبان کے شیڈو گورنر کی جانب سے ہے، انھوں نے کرونا سرٹیفکیٹ اور بائیو میٹرک کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔

    وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا پاکستان نے کرونا کی وجہ سے چمن، اسپین بولدک سرحد بند کی ہے، آپ کہہ سکتے ہیں کہ اس وقت سرحد مکمل بند ہو چکی ہے، انھوں نے بتایا کہ سرحد پر ویزا، بائیو میٹرک کے ساتھ راہداری کی سہولت حاصل تھی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا پاکستان کا افغانستان کے اندرونی معاملات میں عمل دخل نہیں، پاکستان اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، افغانستان بھی اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔

    افغان طالبان نے باب دوستی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا

    وزیر داخلہ نے کہا بارڈر منیجمنٹ میری پالیسی ہے، اس لیے حقائق بتا دیے۔

    واضح رہے کہ افغان طالبان نے ایک بار پھر باب دوستی کو پاکستان کے ساتھ آمد و رفت کے لیے بند کر دیا ہے، جس کے بعد پاکستان نے بھی پاک افغان بارڈر پر ہر قسم کی آمد و رفت معطل کر دی ہے۔

    گزشتہ ماہ طالبان نے 20 سال بعد افغانستان کی جانب سے باب دوستی کا کنٹرول دوبارہ حاصل کیا تھا، اور افغان قومی پرچم اتار کر اپنا سفید جھنڈا لہرا دیا تھا۔