Tag: چمن

  • افغان طالبان نے باب دوستی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا

    افغان طالبان نے باب دوستی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا

    چمن: ذرائع وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ افغان طالبان نے باب دوستی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغان طالبان نے ایک بار پھر باب دوستی کو پاکستان کے ساتھ آمد و رفت کے لیے بند کر دیا ہے، جس کے بعد پاکستان نے بھی پاک افغان بارڈر پر ہر قسم کی آمد و رفت معطل کر دی ہے۔

    گزشتہ ماہ طالبان نے 20 سال بعد افغانستان کی جانب سے باب دوستی کا کنٹرول دوبارہ حاصل کیا تھا، اور افغان قومی پرچم اتار کر اپنا سفید جھنڈا لہرا دیا تھا۔

    افغان طالبان کا اسپین بولدک پر قبضہ، را اور این ڈی ایس کی پاکستان مخالف بڑی سازش بے نقاب

    24 جولائی کو افغان طالبان نے افغانستان کے اہم ضلع اسپین بولدک پر قبضہ کر کے وہاں سے کروڑوں روپے مالیت کی پاکستانی کرنسی بھی برآمد کی تھی، افغان طالبان کی پیش قدمی کے بعد افغان فورسز اسپین بولدک سے فرار ہو گئی تھیں۔

    تاہم پاک افغان بارڈر، بابِ دوستی کو دو روزہ بندش کے بعد افغان طالبان کے کمانڈر اور پاکستانی سیکیورٹی حکام کے درمیان پہلے رابطے کے بعد پیدل آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا تھا، جس کے بعد بڑی تعداد میں دونوں جانب پھنسے پاکستانی اور افغان شہری آنے جانے لگے تھے۔

  • جام کمال حکومت کی کوششیں، قبائلی رہنما کی 16 سال بعد واپسی

    جام کمال حکومت کی کوششیں، قبائلی رہنما کی 16 سال بعد واپسی

    چمن: بلوچستان حکومت کی تحصیل گلستان سے بد امنی، اور قبائلی تنازعات کے خاتمے کی کوششیں رنگ لے آئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جام کمال حکومت کی کوششوں سے 16 سال بعد قبائلی رہنما احمد خان اچکزئی کی بلوچستان میں واپسی ہو گئی ہے۔

    16 سال سے جلا وطن غبیزئی قوم کے سربراہ احمد خان اچکزئی آبائی علاقے گلستان پہنچ گئے، انھوں نے گلستان میں اسپورٹس اور ایجوکیشن کمپلیکس، اور پبلک پارک کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

    احمد خان اچکزئی نے اس موقع پر کہا کہ محمود خان اچکزئی کے خاندان سے ان کی قبائلی دشمنی تھی، اس قبائلی دشمنی میں ان کے والد اور 2 بھائیوں کو قتل کیا گیا۔

    احمد خان اچکزئی نے کہا قبائلی دشمنی میں 30 سال میں سیکڑوں افراد قتل ہو چکے ہیں، میں نے محمود اچکزئی کو 30 سال پہلے اور آج ایک بار پھر صلح کا پیغام دیا ہے۔

    انھوں نے کہا میں محمود خان اچکزئی کو معاف کرتا ہوں، ان کی طرف سے تاحال پیش کش کا کوئی جواب نہیں ملا۔

    احمد خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ کہ انھیں گورنر بلوچستان بننے کی پیش کش ہوئی تھی، لیکن انھوں نے قبول نہیں کی۔ یاد رہے کہ مشرف دور 2004 میں احمد خان اچکزئی جلا وطن ہو کر دبئی چلے گئے تھے۔

  • پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مختص

    پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مختص

    چمن: پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مختص کردیا گیا جس پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے، خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مقرر کرنا قبائلی مشران اور سیاسی پارٹیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستے کے کام کا آغاز ہوگیا، خواتین کے لیے نادرا سے باب دوستی تک 12 فٹ کا راستہ مقرر کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں اور قبائلی مشران نے باب دوستی کا دورہ کیا، خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مقرر کرنا قبائلی مشران اور سیاسی پارٹیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

    قبائلی مشران کا کہنا تھا کہ روایات کے مطابق خواتین کے لیے علیحدہ راستے کا قیام خوش آئند ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس پاک افغان سرحد کے قریب ایک خیمہ بستی قائم کی گئی تھی جہاں افغانستان سے آنے والے پاکستانی شہریوں کو قرنطینہ میں رکھا جارہا تھا۔

    افغانستان سے واپس آنے والے پاکستانیوں میں 17 بچے اور 25 خواتین شامل تھے، بعد ازاں خواتین اور بچوں کو گھروں میں منتقل کردیا گیا تھا۔

  • آٹھ سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل، لاش درخت سے لٹکا دی

    آٹھ سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل، لاش درخت سے لٹکا دی

    چمن : قلعہ عبداللہ میں آٹھ سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کرکے اس کی لاش درخت سے لٹکا دی گئی، ورثاء کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے علاقے  چمن کےقریب قلعہ عبداللہ میں آٹھ سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا اور قتل کے بعد لاش درخت سے لٹکا دی، لیویز حکام نے بتایا کہ مئی زئی آڈہ کلی داویان میں 8 سال کے انعام اللہ کو درندگی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا، اس کی لاش درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔

    پوسٹ مارٹم میں بچے کے ساتھ بدفعلی کی تصدیق ہوگئی ہے اور ورثاء کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنرجہانزیب شیخ نے بتایا بچے کے ساتھ بدفعلی کی گئی اور گلا دبا کر قتل کیا،انعام اللہ گذشتہ شام سے لاپتہ تھا ، لاش ایک باغ میں درخت سے لٹکی ملی۔

    یاد رہے 7 اکتوبر کو چارسدہ میں ڈھائی سال کی بچی کو زیادتی کے بعد بے رحمی سے قتل کردیا گیا تھا ، میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچی کو اٹھارہ گھنٹے پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور اُس کا پیٹ اور سینہ چاک کر کے قتل کیا گیا تھا۔

    اہل خانہ کے مطابق زینب اغوا ہوئی تھی، بعد ازاں اُس کی لاش پشاور میں واقع کھیت سے برآمد ہوئی تھی۔

    پولیس نے زینب زیادتی و قتل کیس میں 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جبکہ بتایا گیا ہے کہ مرکزی ملزم تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہے۔ متاثرہ بچی کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹی کے قتل میں ملوث سفاک درندوں کو سرعام پھانسی دی جائے۔

  • چمن بم دھماکے میں 8 کلو دھماکہ خیز مواد کا استعمال ہوا

    چمن بم دھماکے میں 8 کلو دھماکہ خیز مواد کا استعمال ہوا

    چمن: بلوچستان کے شہر چمن میں گزشتہ روز مال روڈ پر موٹر سائیکل بم دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ چمن بم دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، جس میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، خوف و ہراس پھیلانا اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل بم دھماکے میں 7 سے 8 کلو بارودی مواد اور بال بیرنگ استعمال کیے گئے۔

    پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جانے کے بعد مال روڈ کو آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے، ادھر مال روڈ بم دھماکے کے خلاف سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں نے آج یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔

    چمن: مال روڈ پر دھماکا، 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی

    آل پارٹیز تاجر اتحاد کی جانب سے مال روڈ دھماکے خلاف احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی، مظاہرین نے مختلف سڑکوں پر گشت اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، مظاہرین نے شہدا چوک پر دھرنا بھی دیا جس سے ٹریفک معطل ہو گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکے سے 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں میں اے این ایف اہل کار بھی شامل تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول تھا، اور بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

    دھماکے میں اے این ایف کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس سے اے این ایف کی گاڑی تباہ ہو گئی اور 3 اہل کار زخمی ہو گئے، جنھیں کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

  • چمن: مال روڈ پر دھماکا، 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی

    چمن: مال روڈ پر دھماکا، 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی

    چمن: بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے، زخمیوں میں اے این ایف اہل کار بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع قلع عبداللہ کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکے میں پانچ افراد جاں بحق جب کہ دس شدید زخمی ہو گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول تھا، اور بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں اے این ایف کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں اے این ایف کی گاڑی تباہ ہو گئی اور 3 اہل کار زخمی ہو گئے، جنھیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

    مال روڈ، ندا مارکیٹ جس کے سامنے موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکا کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ نشانہ اے این ایف کی گاڑی تھی

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں 8 افراد کی حالت تشویش ناک ہے، پولیس نے بتایا کہ ریموٹ کنٹرول بم موٹر سائیکل میں نصب تھا۔

    دھماکے کے بعد سیکورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے اختر گلفام نے بتایا کہ بڑی تعداد لوگ بھی زخمیوں کو خون دینے کے لیے اسپتال پہنچ گئے۔ دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

  • شوہر نے بیوی کو استری سے جلا دیا

    شوہر نے بیوی کو استری سے جلا دیا

    سکھر/چمن: صوبہ سندھ کے شہر روہڑی میں ایک شوہر نے بیوی کو استری سے جلا دیا، پولیس نے شوہر کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع سکھر کے شہر روہڑی میں اولاد نہ ہونے پر شوہر نے بیوی کو استری سے جلا دیا، اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایس ایس پی سکھر نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے اپنی بیوی کو گھر میں قید کر رکھا تھا، اولاد نہ ہونے پر بیوی کو استری سے جلا دیا، زخمی خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ادھر صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں بھی ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں شوہر نے بیوی کو صرف بیٹیاں پیدا ہونے پر قتل کر دیا۔

    یہ واقعہ ضلع قلعہ عبداللہ کے سرحدی شہر چمن کے نواحی علاقے خیرزئی ساشہ میں پیش آیا، اسسٹنٹ کمشنر نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم کے گھر حال ہی میں تیسری بیٹی پیدا ہوئی تھی جس پر جھگڑا رہتا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق ملزم بیوی کو قتل کرنے کے بعد فرار ہو گیا ہے، پولیس نے آلہ قتل برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا، جب کہ ملزم کی تلاش کی جا رہی ہے۔

  • افغانیوں کی واپسی، پاک افغان بارڈر 3 دن کے لیے کھول دیا گیا

    افغانیوں کی واپسی، پاک افغان بارڈر 3 دن کے لیے کھول دیا گیا

    چمن: پاکستان نے افغانستان کی حکومت کی درخواست پر پاک افغان بارڈر 3 دن کے لیے کھول دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے احکامات پر پاک افغان باڈر باب دوستی آج سے 9 اپریل تک کھول دیا گیا ہے، باب دوستی سے ہزاروں افغان شہری واپس جا رہے ہیں۔

    یہ افغان شہری 2 مارچ سے پاکستان میں پھنسے ہوئے تھے، حکومت افغانستان نے پاکستان سے درخواست کی تھی کہ افغان باشندوں کی واپسی کے لیے بارڈر کھولا جائے، جس پر سرحد آج 6 اپریل سے 9 اپریل تک کے لیے کھول دی گئی۔

    پاک افغان سرحد 36 روز بعد دفتر خارجہ کے احکامات پر کھولی گئی ہے، چمن اور طور خم بارڈر کو جذبہ خیر سگالی کے تحت افغان باشندوں کی واپسی کے لیے کھولا گیا، پاکستان میں موجود افغان باشندے آج سے 9 اپریل تک واپس جا سکیں گے، یاد رہے کہ پاک افغان چمن بارڈر 2 مارچ کو کرونا پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر بند کیا گیا تھا۔

    خیبر پختونخوا: 1 لاکھ خاندانوں کے لیے 1 ارب سے زائد کا بڑا پیکج

    مشیر اطلاعات کے پی اجمل وزیر نے اس سلسلے میں کہا کہ 6 سے 9 اپریل تک طور خم بارڈر کھولنے کا فیصلہ وفاق نے کیا ہے۔

    خیال رہے کہ خیبر پختون خوا میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 405 ہو گئی ہے، اب تک وائرس سے 16 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ 62 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔ دوسری طرف افغانستان میں کیسز کی تعداد 367 تک پہنچ گئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 7 ہے۔

  • چمن میں لیویزلائن کے قریب دھماکا، 7 افراد زخمی

    چمن میں لیویزلائن کے قریب دھماکا، 7 افراد زخمی

    چمن: صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن میں لیویز لائن کے قریب دھماکے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے چمن کے تاج روڈ پر لیویز لائن کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکےمیں زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ علاقے کو سیل کرکے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

    ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق چمن دھماکے میں 7 افراد زخمی ہوئے، دھماکےمیں تحصیلدار اور رسالدار لیویز کونشانہ بنایا گیا۔ لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ دونوں لیویز افسران معمولی زخمی ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی۔

    چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 28 دسمبر کو صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ دھماکے میں جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے تھے۔

    چمن میں لیویزچیک پوسٹ کے قریب بم دھماکا

    اس سے قبل 5 دسمبر کو چمن کے علاقے کلی ملک عبدالرحمان میں لیویز چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا، بارودی مواد پھٹنے سے زوردار دھماکے سے چیک پوسٹ تباہ ہوگئی تھی۔

  • چمن: زیتون کے جنگلات میں 3 روز سے لگی خوف ناک آگ بجھائی نہ جا سکی

    چمن: زیتون کے جنگلات میں 3 روز سے لگی خوف ناک آگ بجھائی نہ جا سکی

    چمن: شاہرگ میں کوہ خلیفت کے زیتون کے جنگلات میں 3 روز سے لگی خوف ناک آگ بجھائی نہ جا سکی۔

    تفصیلات کے مطابق تحصیل شاہرگ میں کوہ خلیفت میں زیتون کے جنگلات میں تین دن سے لگی آگ بجھانے کے لیے لیویز کے جوان اور محکمہ جنگلات کے ملازمین مصروف عمل ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق جنگلات میں لگی آگ پر اب تک 60 فی صد ہی قابو پایا جا سکا ہے، پی ڈی ایم اے اور ایف سی کے جوان بھی امدادی کاروائیوں کے لیے پہنچ گئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق ضلع ہرنائی میں شاہرگ، کوہ خلیفت کے زیتون کے جنگلات ہزاروں ایکڑ پر مشتمل ہیں، جو اس وقت آگ کی لپیٹ میں ہیں، آگ کے شعلے آسمان کو چھو رہے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ صوبائی انتظامیہ نے آگ کو قابو کرنے کے لیے بروقت اقدامات نہیں کیے جس کے باعث آگ پھیلتی چلی گئی۔

    بتایا جا رہا ہے کہ آگ تین مختلف مقامات پر لگی ہے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چرواہوں کی جانب سے آگ جلائی گئی ہوگی جو تیز ہواﺅں کی وجہ سے پھیل گئی، افسوس ناک امر یہ سامنے آیا ہے کہ آگ بجھانے کے سلسلے میں ضلع ہرنائی اور ضلع زیارت کے مابین رابطوں کا شدید فقدان ہے، اور حدود کا مسئلہ آگ پر جلد قابو پانے میں رکاوٹ بنا۔

    مقامی انتظامیہ کے پاس آگ بجھانے کے انتظامات نہ ہونے کے سبب بھی آگ پر بروقت قابو نہ پایا جا سکا، بتایا گیا کہ پہاڑی علاقے میں آگ بجھانے کے لیے خصوصی آلات درکار ہیں جو میسر نہیں ہیں۔