Tag: چمن

  • بلوچستان میں شدید برف باری، کان مہترزئی میں پھنسے تمام مسافر بچا لیے گئے

    بلوچستان میں شدید برف باری، کان مہترزئی میں پھنسے تمام مسافر بچا لیے گئے

    چمن: بلوچستان میں شدید برف باری کے بعد کان مہترزئی میں پھنسے تمام مسافروں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کان مہترزئی میں برف باری کے باعث پھنسے ہوئے مسافروں کو ایف سی قلعہ، لیویز لائن سرکٹ ہاؤس اور لیویز اہل کاروں کے مکانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن آج صبح چار بجے مکمل ہو گیا ہے، برف باری میں پھنسی 100 سے زائد گاڑیوں کو بھی نکال لیا گیا ہے، ریسکیو کیے گئے افراد کو مختلف گاڑیوں میں کوئٹہ روانہ کر دیا گیا، ریسکیو آپریشن میں پی ڈی ایم اے، ایف سی، لیویز اور ضلعی انتظامیہ نے حصہ لیا۔

    قلات، زیارت، چمن، دشت کمبیلا اور مستونگ سمیت مختلف علاقوں میں شدید برف باری سے شہری محصور ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف شہری کہتے ہیں کوئٹہ مری سے کم نہیں، اتنی برف پہلے نہیں پڑی، پیرچناسی پر سفید موتی گرے، سیاحوں نے سیلیفیاں بنائیں۔

    چمن سمیت شمالی بلوچستان میں بارش اور برف باری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، کوژک ٹاپ پر 2 فٹ برف پڑی، برف جم جانے کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ قلعہ عبداللہ، گلستان۔ پشین، سرانان، مسلم باغ سمیت مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ایف سی اور لیویز کے آفسران اور اہل کار بھی کوژک ٹاپ سے برف ہٹانے کے امدادی سرگرمیوں اور پھنسی گاڑیوں کو نکالنے میں مصروف عمل رہے۔

    چاغی، ماشکیل میں بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن کیا گیا، ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پھنسے ہوئے افراد کو نکالا گیا، ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرین کو کھانا، راشن، گرم کپڑے، کمبل اور دیگر سامان بھی فراہم کیا گیا۔

  • اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری

    اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری

    گلگت بلتستان: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے برف باری جاری ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلی صبح تک برف باری جاری رہنے کا امکان ہے۔

    اسکردو شہر کا درجہ حرارت منفی 8، بالائی علاقوں میں منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹوں کے دوران شدید برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے، گلگت بلتستان حکومت اور انتظامیہ کو بر وقت اقدامات کا خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔

    رواں موسم سرما میں یہ اب تک کی شدید برف باری ہے، برف باری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، بالائی علاقوں کے راستے بھی شدید برف باری سے بند ہو گئے ہیں، اسکردو گلگت روڈ بھی بند ہو چکا ہے۔

    شمالی بلوچستان کے بیش تر علاقوں میں بارش اور برف باری رک گئی ہے، چمن میں منفی 3، کوژک ٹاپ میں منفی 7، دوبندی میں منفی 5 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، کوژک ٹاپ پر برف باری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہو گئی ہے، برف باری اور بارشوں سے کچے مکانات اور دیواریں گر گئی ہیں، چمن میں مکانات کے گرنے سے 6 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہو چکے ہیں، مواصلاتی نظام بھی متاثر ہے، بجلی متعدد علاقوں میں 3 روز سے غائب ہے۔

    مستونگ میں بھی برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے، رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں ، دشت، اسپلنجی اور دیگر علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے، کوئٹہ کراچی شاہراہ لکپاس کے مقام پر چھوٹی گاڑیوں کے لیے جزوی بحال کر دی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور دیگر ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

    خیبر پختون خوا میں مالاکنڈ ڈویژن میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے، چترال میں شدید برف باری سے کئی سڑکیں بند ہو چکی ہیں، محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ لواری کے مقام پر شدید برف باری کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے، وادی کیلاش، دروش، گرم چشمہ روڈ اور چترال بونی روڈ شدید برف باری سے بند ہیں۔ شانگلہ میں بارش کے ساتھ برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

  • چمن میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق

    چمن میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق

    چمن : صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چمن میں کلی لقمان میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے آکر 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق چھت بارش کے باعث گری اور گھر میں موجود تمام افراد ملبے کی نیچے دب گئے، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا۔

    ذرائع کے مطابق افسوس ناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں 4 خواتین سمیت 6 افراد شامل ہیں۔

    کوہاٹ کے علاقے گھمکول میں 4 روز قبل مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ مذکورہ کچے مکان کی چھت کمزور ہونے کے باعث گری تھی۔

    لاہور، مکان کی چھت گر گئی، ماں اور 2 بچے جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں ماں اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • چمن میں خسرے سے متاثرہ 5 بچوں کو بچایا نہ جا سکا

    چمن میں خسرے سے متاثرہ 5 بچوں کو بچایا نہ جا سکا

    چمن: بلوچستان کے علاقے چمن میں کلی ٹاکی میں خسرے سے متاثرہ 5 بچے دوران علاج جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے چمن میں ایک ہی گاؤں کے پانچ بچے خسرے کی وجہ سے جاں بحق ہو گئے ہیں، ضلعی اسپتال کی جانب سے گاؤں میں طبی امداد بھیج دی گئی۔

    ڈی ایچ کیو اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عصمت اچکزئی کا کہنا ہے علاقے میں سیکڑوں بچے خسرے سے متاثر ہیں، اطلاع ملتے ہی ایک ڈاکٹر اور پندرہ ویکسنیٹرز، ایمبولنس اور ادویات متاثرہ گاؤں روانہ کر دی ہیں۔ کلی ٹاکی میں جاں بحق بچوں کی عمریں 3 سے 7 سال کے درمیان ہیں، تین لڑکے اور دو لڑکیاں شامل ہیں۔

    افغانستان کی سرحد پر واقع علاقے چمن میں خسرے نے وبائی صورت اختیار کر لی ہے، یہاں ہر سال خسرے کی وبا پھیلتی ہے تاہم اس سے بچاؤ کے لیے تا حال کوئی تسلی بخش اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ خسرہ ایک سے دوسرے فرد میں منتقل ہونے والا وبائی مرض ہے جو بہت جلد پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے، خسرے کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر محکمۂ صحت نے مرض کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وہ تمام بچے جن کی عمر 9 ماہ سے 5 سال تک ہے انھیں خسرے سے بچاؤ کے سرکاری مہم کے دوران حفاظتی ٹیکا لگایا جا سکتا ہے۔

  • چمن میں لیویزچیک پوسٹ کے قریب بم دھماکا

    چمن میں لیویزچیک پوسٹ کے قریب بم دھماکا

    چمن: بلوچستان کے ضلع چمن میں لیویز چیک پوسٹ میں بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں چوکی تباہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کلی ملک عبدالرحمان میں لیویز چیک پوسٹ کونشانہ بنایا گیا، بارودی مواد پھٹنے سے زوردار دھماکا ہو جس سے چیک پوسٹ زمین بوس ہوگئی۔

    ڈپٹی کمشنر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جس وقت چیک پوسٹ میں دھماکا ہوا لیویز اہلکار گشت پر گئے ہوئے تھے۔

    ڈی سی کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں چیک پوسٹ تباہ ہوگئی تاہم کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    دھماکے کے بعد بم ڈسپوذل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا اور بی ڈی ایس کے عملے نے جائے دھماکا سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے۔

    بی ڈی ایس کا عملہ اطراف کی جگہوں پر بھی سرچنگ کررہا ہے جب کی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

  • جے یو آئی دھرنا، کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک بند، شہری عذاب میں مبتلا

    جے یو آئی دھرنا، کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک بند، شہری عذاب میں مبتلا

    چمن: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے کارکنوں نے گزشتہ 7 گھنٹے سے کوئٹہ چمن شاہراہ پر دھرنا دے رکھا ہے جس کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بند پڑی ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی گھنٹوں سے کوئٹہ چمن شاہراہ پر جے یو آئی دھرنے کے باعث ٹریفک کا شدید مسئلہ پیدا ہوا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکل کا سامنا ہے۔

    پشین، قلعہ عبداللہ کے اسسٹنٹ کمشنر نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات بھی کیے لیکن مذاکرات ناکام رہے، دھرنا دینے والے کارکنان شاہراہ کھولنے پر راضی نہیں ہوئے، مذاکرات کی ناکامی پر کوئٹہ چمن شاہراہ بدستور بند ہے۔

    مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے، سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ بھی معطل ہو گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  مولانا فضل الرحمان نے ’پلان بی‘ کا اعلان کردیا

    جیکب آباد میں جمالی بائی پاس پر جے یو آئی کے کارکنوں کے دھرنے کے باعث سندھ، پنجاب، بلوچستان کے لیے ٹریفک معطل ہے، کارکنان کا کہنا ہے کہ انھوں نے دھرنا مولانا فضل الرحمان کے حکم پر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد میں مولانا کا دھرنا جاری ہے، فضل الرحمان کچھ دیر میں پلان بی کا اعلان کریں گے، شرکا سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ پلان بی پر عمل ہو گیا تو حکومت کا سنبھلنا ممکن نہیں رہے گا۔

    فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ مولانا کا پلان بی سیاسی بدحواسی کا پلان ہے، مولانا کو سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ کیا کریں؟

  • چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے پر دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چمن میں تاج روڈ پر جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے ۔

    پولیس اور ریسکیو ٹیمیں دھماکے کی جگہ پہنچ گئیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکے سے قریب عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    اس سے قبل مئی میں ضلع قلعہ عبداللہ میں سڑک کنارے بم دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں قبائلی رہنما ولی اچکزئی جاں بحق ہوگئے تھے۔

    سپینہ غنڈی میں ہونے والے دھماکے میں مقامی قبائلی رہنما حاجی ولی اچکزئی اپنے 2 محافظوں سمیت جاں بحق ہوئے تھے، دھماکے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی تھی جس کے باعث متعدد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

  • چمن، قلعہ عبداللہ میں سڑک کنارے بم دھماکا، قبائلی رہنما 2 محافظوں سمیت جاں بحق

    چمن، قلعہ عبداللہ میں سڑک کنارے بم دھماکا، قبائلی رہنما 2 محافظوں سمیت جاں بحق

    چمن: بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں سڑک کنارے بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں قبائلی رہنما 2 محافظوں سمیت جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلع عبداللہ کے علاقے سپینہ غنڈی میں ہونے والے دھماکے میں مقامی قبائلی رہنما حاجی ولی اچکزئی 2 محافظوں سمیت جاں بحق ہوگئے، لاشوں کو گلستان اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی کا ہے یا قبائلی دشمنی جائزہ لے رہے ہیں۔

    لیویز حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی، جس کے باعث متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

    لیویز حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو، پولیس اور لیویز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دھماکے کے بعد مشتعل قبائلیوں نے کوئٹہ چمن شاہراہ بند کردی، کوئٹہ چمن شاہراہ کی بندش سے سیکڑوں مال بردار ٹرک، مسافر گاڑیاں پھنس گئیں۔

    مزید پڑھیں: داتا دربار کے باہردھماکا، 10 افراد شہید، 25 زخمی

    واضح رہے کہ آج صبح لاہور میں داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور 25 زخمی ہوگئے تھے۔

    دھماکا اتنا شدید تھا کہ ایلیٹ فورس کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

    دھماکے میں شہید ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے تین افراد بھی شامل ہیں، دھماکے میں شہید ہونے والے باپ، بیٹا اور داماد ہیں، تینوں افراد وہاڑی سے داتا دربار آئے تھے، تینوں افراد کی لاشیں آبائی علاقے روانہ کردی گئیں۔

  • چمن میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، خاتون پولیو ورکر جاں بحق

    چمن میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، خاتون پولیو ورکر جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع چمن میں پولیو ٹیم پر فائرنگ سے ایک خاتون پولیو ورکر جاں بحق اور ایک زخمی ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ چمن کے علاقے سلطان زئی میں موٹر سائیکل پر سوار 2 حملہ آوروں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 35 سالہ خاتون پولیو ورکر نسرین جاں بحق ہوگئیں۔

    ان کے ساتھ موجود پولیو ورکر 24 سالہ راشدہ شدید زخمی ہوئیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ جاں بحق خاتون کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق واقعہ کے بعد ابتدائی طور پر سلطان زئی کے علاقے میں پولیو مہم عارضی طور پر معطل کردی گئی تاہم بعد میں چمن کے تمام ضلعوں میں مہم روک دی گئی۔

    ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

    افسوسناک واقعے پر وزیر اعظم کے مشیر برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی۔

    دوسری جانب سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز کے علاقے شاہی بازار میں ایک شخص نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر کے ٹیم کو گھر سے نکال دیا۔

    پولیو ٹیم شکایت درج کروانے تھانے پہنچی تو شہری اور اس کے ساتھیوں نے ٹیم کے ڈرائیور پر تشدد بھی کیا جس کے بعد پولیو ورکرز نے ملزمان کی گرفتاری اور تحفظ کی فراہمی تک مہم چلانے سے انکار کردیا۔

    پولیس کے مطابق معاملے کی انکوائری کر رہے ہیں جس کے بعد مقدمہ درج کر کے گرفتاری کریں گے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل پشاور میں انسداد پولیو مہم کے پہلے دن پولیو ویکسین کے ری ایکشن کی شکایت پر چند بچوں کو اسپتال لایا گیا تھا، خبر پھیلنے پر بے شمار خوفزدہ والدین اپنے تندرست بچوں کو بھی اسپتال لے آئے۔

    اس دوران مشتعل مظاہرین نے ڈی ایچ او اسپتال کی دیواریں گرا دی تھیں اور عمارت کو آگ بھی لگا دی تھی۔

    بعد ازاں خیبر پختونخواہ میں پولیو مہم کو ناکام بنانے کے لیے گھڑی گئی سازش اس وقت بے نقاب ہوگئی جبسوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے ڈرامہ طشت از بام کر دیا۔

    ویڈیو میں ایک شخص بچوں کو زبردستی اسٹریچر پر لٹا کر بے ہوشی کا ڈرامہ کرواتا دکھائی دیا جبکہ ویڈیو میں بچے تندرست دکھائی دے رہے تھے۔

    بچوں سے بے ہوشی کا ڈرامہ کروانے والے ملزم نذر محمد کو بعد ازاں بڈھ بیر پولیس نے گرفتار کر لیا تھا جبکہ انسداد پولیو مہم کےخلاف احتجاج کرنے والے 12 افراد کے خلاف پرچہ بھی درج کرلیا گیا، علاوہ ازیں سرکاری املاک کا جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کے خلاف آپریشن بھی شروع کردیا گیا۔

  • چمن : مال روڈ پر موٹر سائیکل بم دھماکہ، ایک بچہ جاں بحق، آٹھ افراد زخمی

    چمن : مال روڈ پر موٹر سائیکل بم دھماکہ، ایک بچہ جاں بحق، آٹھ افراد زخمی

    چمن : مال روڈ پرزور دار دھماکے سے ایک بچہ جاں بحق اور بارہ  افراد زخمی ہوگئے،  دھماکا خیزمواد موٹرسائیکل میں نصب تھا۔دھماکےمیں ایک گاڑی اور6موٹرسائیکلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سرحدی علاقے چمن میں مال روڈ پر زور دار دھماکہ ہوا ہے ، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ دھماکے سے ایک بچی بچہ جاں بحق  اوربارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    اس حوالے سے ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا خیزمواد موٹرسائیکل میں نصب تھا، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد متعدد موٹرسائیکلوں میں آگ لگ گئی۔

    اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں ایک گاڑی اور چھ موٹرسائیکلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، دھماکے سے درجنوں دکانوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ، ہزارگنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکا ، 20 افراد جاں بحق، 48 زخمی

    واضح رہے کہ آج صبح کوئٹہ میں ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں20افراد جاں بحق اور48زخمی ہوگئے تھے، دہشت گردی کا اندوہناک واقعہ اس وقت ہوا جب لوگ خریداری میں مصروف تھے۔