Tag: چنگچی

  • 8 ٹریفک حادثات میں 7 جاں بحق، خاتون بچی سمیت چنگچی سے گر گئی، بس نے کچل دیا

    8 ٹریفک حادثات میں 7 جاں بحق، خاتون بچی سمیت چنگچی سے گر گئی، بس نے کچل دیا

    کراچی (04 اگست 2025): شہر قائد میں گزشتہ دن سڑکوں پر ایک خونی دن کی طرح گزرا، 24 گھنٹوں میں 8 ٹریفک حادثات میں 2 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثات نیو سبزی منڈی، ناظم آباد، ریڈیو پاکستان، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، منگھوپیر، لانڈھی اور گلستان جوہر میں پیش آئے ہیں، نیو سبزی منڈی کے قریب حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، متوفی کی شناخت شیراز حمید کے نام سے ہوئی ہے۔

    ناظم آباد ایک نمبر میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے خاتون جاں بحق ہوئیں، جس کی شناخت نہیں ہو سکی، شاہ فیصل کالونی پل پر چلتی چنگچی سے خاتون گر گئی، جس کو بس نے کچل دیا، 24 سال کی اقرا جاں بحق اور 5 ماہ کی بچی صبیحہ شدید زخمی ہو گئی۔

    منگھوپیر میں موٹر سائیکل سوار بس تلے کچل کر جان سے گیا، ریڈیو پاکستان کے قریب رکشے کی ٹکر سے راہ گیر جاں بحق ہوا، گلستان جوہر میں گاڑی کی ٹکر سے فوڈ ڈیلیوری رائیڈر زخمی ہو گیا۔


    جرگے کے حکم پر قتل ہونے والی لڑکی کی لاش لے جانے کی ویڈیو منظرعام پر


    پولیس کے مطابق منگھوپیر پختون آباد والے واقعے میں تیز رفتار مسافر بس نے رانگ وے آتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا، حادثے میں علی حسن نامی نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، جب کہ عباس نامی شہری زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

    حادثے کے بعد پولیس نے مسافر بس کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے بس تحویل میں لے لی ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ کس کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا اس کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب شاہ فیصل کالونی برج پر چلتے چنگچی سے خاتون شیر خوار بچی سمیت گرنے سے بس کے پہیوں تلے کچل گئی، حادثے میں سالہ خاتون جاں بحق جب کہ 5 ماہ کی بچی شدید زخمی ہوئی۔

    رواں سال ٹریفک حادثات میں 536 شہری جان سے جا چکے ہیں، اور 6 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

    ادھر ڈیفنس لائبریری کے قریب ٹریلر بنگلے کی دیوار سے ٹکرا گیا، جس سے ٹریلر ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے، جن میں 32 سالہ رمضان اور 29 سالہ ارشد شامل ہیں، پولیس حکام کے مطابق حادثے کے باعث رہائشی بنگلے کی دیوار کو نقصان پہنچا ہے، تاہم بنگلا خالی تھا اور فیملی اسلام آباد گئی ہوئی ہے، ٹریلر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ڈیفنس فیز فائیو خیابان شجاعت کے قریب 2 گاڑیوں میں بھی ٹکر ہوئی ہے، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، حادثے کے باعث ایک گاڑی کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا ہے۔

  • چنگچی رکشا ایسوسی ایشن نے احتجاج شروع کر دیا، دھرنا دے کر بیٹھ گئے، ویڈیو رپورٹ

    چنگچی رکشا ایسوسی ایشن نے احتجاج شروع کر دیا، دھرنا دے کر بیٹھ گئے، ویڈیو رپورٹ

    کراچی رکشا ایسوسی ایشن نے شہر میں چنگچی رکشے پر پابندی کے خلاف کراچی پریس کلب پر احتجاجی کیمپ قائم کر دیا ہے اور دھرنا دے کر بیٹھ گئے ہیں۔

    کراچی رکشا ایسوسی ایشن کے صدر سید عمران زیدی نے کمشنر کراچی کی جانب سے شہر کی 20 شاہراہوں پر چنگ چی رکشے پر پابندی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ نوٹیفیکیشن واپس نہیں لیا گیا تو شہر کی تمام سڑکوں پر رکشوں سمیت دھرنا دیں گے۔

    رکشا ڈرائیورز کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس اہلکار ان شاہراہوں پر بھی چالان کرنے لگے ہی، جہاں رکشہ چلانے پر پابندی نہیں ہے۔ ایک طرف عوام پریشان تو دوسری طرف اس کاروبار سے وابستہ افراد معاشی مسائل سے دوچار ہو گئے ہیں۔


    کراچی کی 11 مرکزی سڑکوں پر پابندی کے باوجود رکشے کیوں رواں دواں ہیں؟ ویڈیو رپورٹ


    ایسوسی ایشن کے رہنماوٴں نے کہا کہ ان کے رکشے سندھ حکومت اور محکمہ ٹرانسپورٹ سے منظور شدہ ہیں، اس لیے 144 کے تحت شہر میں رکشے کو چلنے سے روکا نہیں جا سکتا۔ کمشنر کراچی کی پابندی سے رکشا ڈرائیوروں کے گھروں کے چولھے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔

  • جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی کاغذ ساز فیکٹری کا دورہ، چنگ چی چلانے کی کوشش

    جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی کاغذ ساز فیکٹری کا دورہ، چنگ چی چلانے کی کوشش

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے وسطی پنجاب میں کاغذ بنانے والی ایک فیکٹری کا دورہ کیا اور مقامی سطح پر کاغذ بنانے کے دل چسپ عمل کا مشاہدہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں گھومنے اور ٹویٹر اکاؤنٹ پر مستقل طور پر اپنی سرگرمیوں کی تصاویر اپ لوڈ کرنے کے لیے مشہور جرمن سفیر نے اس بار ایک مقامی پیپر مل کا دورہ کیا۔

    مارٹن کوبلر پیپر مل میں جرمن مشینری دیکھ کر حیران رہ گئے، کہنے لگے کہ انھیں بہت اچھا لگا اپنے ملک کی مشینری دیکھ کر۔

    جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ پیپر مل میں بے کار کاغذوں کا ایک ڈھیر دیکھا جو ری سائیکل ہو کر پھر سے کارآمد کاغذ میں تبدیل کیا جا رہا تھا جسے دیکھ کر خوشی ہوئی، کیوں کہ کچرے کی ری سائیکلنگ صاف اور محفوظ ماحول کے لیے بہت ضروری ہے۔

    مارٹن کوبلر نے ایک چنگ چی کی تصویر بھی اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ہے، جسے وہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے چنگ چی اسٹارٹ ہی نہیں ہو سکی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٹرک آرٹ پر مبنی ویسپا تیار ہو گئی، برلن کی سڑکوں پر چلاؤں گا: جرمن سفیر

    دوسری طرف مارٹن کوبلر نے چک 44 پنجاب میں رہایش پذیر ایک ایسے خاندان کی تصویر بھی شیئر کی ہے جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ پنجاب میں ان کا دوسرا گھر ہے۔

    جرمن سفیر نے لکھا کہ اپنے اس دوسرے خاندان سے ملنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے، اپنے کبوتر اور بھینسے یاد آئیں گے، اس خاندان نے ہمیشہ شان دار مہمان نوازی دکھائی۔

  • کراچی میں چنگچی رکشے چلانے کی اجازت

    کراچی میں چنگچی رکشے چلانے کی اجازت

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں چنگچی رکشے قانونی طور پر چلانے کی اجازت دے دی گئی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی سندھ حکومت نے آن لائن ٹیکسی سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت چنگچی رکشوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔

    چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ چنگچی رکشے لائسنس اور فٹنس کے بعد سڑک پر چل سکیں گے، سپریم کورٹ کے احکامات پر رکشوں کی رجسٹریشن شروع کردی ہے۔

    چیف سیکریٹری نے کہا کہ چنگچی رکشوں کا راستہ ماس ٹرانزٹ اور اہم شاہراہوں کو متاثر نہیں کرے گا۔

    سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ شہر میں 6 راستوں پر چنگچی رکشوں کی اجازت دی گئی ہے۔

    رکشوں کا روٹ یو پی سے خواجہ اجمیر نگری، ناگن چورنگی سے اقرا یونیورسٹی نارتھ کیمپس، بکرا منڈی سے لی مارکیٹ، بکرا منڈی سے منگھو پیر روڈ، 2 منٹ چورنگی سے نارتھ کراچی 6 نمبر، اور ناگن سے گودھرا موڑ رکھا گیا ہے۔

    اجلاس میں چنگچی رکشوں پر فیئر میٹر کی تنصیب لازمی قرار دی گئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر ٹر انسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کہا تھا کہ حکومت سندھ نے آن لائن ٹیکسی سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آن لائن ٹیکسی نے سندھ حکومت سے اجازت نہیں لی۔

    اویس شاہ کا کہنا تھا کہ آن لائن ٹیکسی سروس والے حکومت سندھ کی کوئی بات نہیں مان رہے، آن لائن موٹر سائیکل سروس بند کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔