Tag: چنگ چی رکشہ

  • چنگ چی رکشہ میں سوار لڑکی سے بدتمیزی کیس : متاثرہ خاتون نے چاروں ملزمان کو شناخت کرلیا

    چنگ چی رکشہ میں سوار لڑکی سے بدتمیزی کیس : متاثرہ خاتون نے چاروں ملزمان کو شناخت کرلیا

    لاہور : چنگ چی رکشے پر خاتون سے بدتمیزی کرنے کے کیس میں متاثرہ خاتون نے چاروں ملزمان کو شناخت کرلیا اور بتایا ملزمان نے چلتے رکشے کا پیچھا کیا اور بار بار تنگ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں چنگ چی رکشے پر خاتون سے بدتمیزی کرنے کے کیس میں پیشرفت سامنے آئی ، متاثرہ خاتون نے چار ملزمان کو شناخت کرلیا، ملزمان میں عثمان، عرفان ، عبدالرحمان اور ساجد شامل تھے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ کامران ظفر نے شناخت پریڈ کا عمل مکمل کرایا، متاثرہ خاتون نےجوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں شناخت کیا اور بتایا کہ چاروں ملزمان نے چلتے رکشے کا پیچھا کیا اور بار بار تنگ کیا، ملزم ساجد نے موٹر سائیکل سے اتر کر بدتمیزی بھی کی اور رکشے کے پیچھے شریک ملزمان نے نازیبا جملے کسے۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے گلشن راوی پولیس نے رکشہ میں سوار خواتین کو تنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزم طارق خان موٹر سائیکل پر رکشے میں سوار خواتین کو تنگ کرتا تھا۔

    اس سے قبل 24 اگست کو پنجاب پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ یوم آزادی کے موقع پر لاہور کے گریٹر اقبال پارک کے قریب چنگچی رکشے پر سوار خاتون کو ہراساں کرنے میں ملوث ایک مشتبہ 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان کی شناخت عبدالرحمان اور عرفان حسین کے نام سے ہوئی تھی اور وہ منڈی فیض آباد ننکانہ کے رہائشی تھے، پولیس نے دونوں ملزمان کے موبائل فون قبضے میں لے کر انہیں فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا تھا۔

  • سندھ میں چنگ چی رکشے پر پابندی لگ گئی

    سندھ میں چنگ چی رکشے پر پابندی لگ گئی

    کراچی: محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے صوبے میں 6 سے 9 سیٹر چنگ چی رکشے پر پابندی لگا دی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں 6 سے 9 سیٹر  والے تمام چنگچی رکشے غیر قانونی طور پر چل رہے ہیں۔

    محکمہ ٹرانسپو رٹ نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں چلنے والے چنگ چی رکشوں کے مالکان کے پاس اگر روٹ پرمٹ, فٹنس سرٹیفکیٹس اور دیگر کاغذات نہ ہوں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کو 6 سے 9 سیٹر چنگ چی رکشوں کے خلاف کئی شکایات موصول ہوئی تھیں، یہ شکایات ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے سے متعلق ہیں۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق رکشوں کی فٹنس نہ ہونے اور کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ اور ایکسیڈنٹس کی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

    اس سلسلے میں محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے ڈی آئی جی ٹریفک پولیس، صوبے کے تمام ایس ایس پیز اور ریجنل سیکریٹریز ٹرانسپورٹ کو خط لکھ دیا ہے، جس میں مسئلے کی نشان دہی کی گئی ہے۔