Tag: چوتھی بار

  • بھارت کا کروز میزائل تجربہ چوتھی بار ناکام

    بھارت کا کروز میزائل تجربہ چوتھی بار ناکام

    نئی دہلی : بھارت کانیوکلیئر وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے کروز میزائل ’نِربھے‘ کا تجربہ چوتھی بار ناکام ہوگیا۔

    تفصیلات کےمطابق بھارتی ریاست اڑیسہ کے ساحل سے دور بیلاسور کے ٹیسٹ رینج سے فائر کیا جانے والا میزائل ہوا میں ہی اپنا رُخ تبدیل کرنے کے بعد ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ ہوگیا۔

    سوپر سونک نربھے میزائل کا پہلا تجربہ مارچ 2013 میں کیا گیا لیکن وہ ناکام رہا جس کے بعد بھارت مسلسل کروز میزائل کےتجربات میں ناکام رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے کروز میزائل’بابر‘ کے مقابلے میں نربھے میزائل کا تجربہ کیاگیا تھا تاہم بھارتی سائنسدانوں کو اس میں مسلسل ناکامی کا سامنا ہے۔

    بھارت کی ’ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن‘ کو کروز میزائل کے میدان میں مسلسل ناکامی کا سامنا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارتی مسلح افواج کے پاس روس کی مدد سے تیار کردہ سپرسونک ’براہ موز‘ کروز میزائل تو موجود ہے، جس کی رینج 290 کلو میٹر ہے۔

  • شفقت حسین کی پھانسی چوتھی بار روک دی گئی

    شفقت حسین کی پھانسی چوتھی بار روک دی گئی

    کراچی: سینٹرل جیل کراچی میں شفقت حسین کی پھانسی کی سزا پرعمل درآمد ایک بارپھرملتوی کردی گئی۔

    کراچی سینٹرل جیل میں پھانسی کے منتظر قیدی شفقت حسین کی سزائے موت پر عملدرآمد ایک بار پھر روک دیا گیا، آئی جی جیل خانہ جات کو پھانسی ملتوی کرنے کے احکامات دیئے گئے۔

    سزا ملتوی کرنے کے احکامات اٹارنی جنرل آف پاکستان نے جاری کیے جبکہ پھانسی روکنےکی وجہ آج سپریم کورٹ میں مقدمے کی سماعت ہے۔

     دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپیل کی تھی کہ جرم کےوقت شفقت حسین اٹھارہ سال سے کم تھے، اس لئے ان کی سزا ملتوی کی جائے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں جرم کے وقت ان کی کم عمری ثابت نہیں ہوسکی تھی۔

    یاد رہے کہ کراچی سینٹرل جیل میں سزائے موت کے منتظر قیدی شفقت حسین کی سزائے موت کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لئے منظور کرلی گئی ہے، اس مقدمےکی سماعت آج چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔

    شفقت حسین کی عمر کو بنیاد بنا کر سزائے موت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے جبکہ جیل حکام کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں شفقت حسین کی سزائے موت کےخلاف درخواست کی سماعت کی منظوری کے بعد سزا پرعملدرآمد مؤخر کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی کی انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سات سالہ بچے کے اغواء اور قتل کے مجرم شفقت حسین کے بلیک وارنٹ جاری کیے تھے، جس کے تحت آج صبح شفقت حسین کو کراچی سینٹرل جیل میں پھانسی دی جانی تھی۔