Tag: چور

  • سیف سٹی کے کیمرے ہی غیر محفوظ، چور لے اُڑے

    سیف سٹی کے کیمرے ہی غیر محفوظ، چور لے اُڑے

    (21 اگست 2025): شہریوں کی حفاظت کے لیے سیف سٹی کے تحت لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرے محفوظ نہیں رہے اور چور انہیں لے اُڑے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میں عوام کے جان ومال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے شہروں میں مربوط نظام کے تحت سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر انہیں سیف سٹی بنایا جا رہا ہے۔

    اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، کراچی، پشاور سمیت متعدد شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ مکمل ہوچکا ہے اور سینکڑوں سی سی ٹی وی کیمرے لوگوں کی آمدورفت کو ہر لمحہ محفوظ کر رہے ہیں۔

    تاہم راولپنڈی میں سیف سٹی منصوبے کے تحت لگائے گئے کیمرے ہی محفوظ نہ رہے اور چور ان کیمروں اور یو پی ایس لے اڑے۔

    یہ واقعہ تھانہ پیر ودھائی کی حدود میں پیش آیا ، جہاں نامعلوم کیمروں کے ساتھ یو پی ایس اور دو میموری کارڈ بھی لے گئے۔

    پولیس نے سیف سٹی پراجیکٹ کے ملازم کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    سیف سٹی پراجیکٹ حکام کی جانب سے کیمروں کی مالیت ایک لاکھ 70 ہزار جب کہ یو پی ایس کی مالیت 90 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل 2023 میں بھی وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں سیف سٹی کیمرے چوری کر لیے گئے تھے۔ اس واردات کی ایف آئی آر 14 روز بعد درج کرائی گئی تھی۔

  • امریکا میں چور نے انڈے کیوں چرائے؟ وجہ حیرت انگیز

    امریکا میں چور نے انڈے کیوں چرائے؟ وجہ حیرت انگیز

    چور یا ڈاکو کہیں بھی ہوں ان کی کوشش بڑی اور قیمتی چیزوں کو لوٹنے کی ہوتی ہے لیکن امریکا میں ایک چور نے انڈے چُرا لیے۔

    امریکا میں ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں چور ایک، دو درجن نہیں بلکہ ایک لاکھ انڈے چوری کر کے لیے گیا۔ چوری کی حیرت انگیز واردات ریاست پنسلوانیا میں پیش آئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق پنسلوانیا پولیس کو ایک کمپنی نے چوری کی رپورٹ درج کرائی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ایک چور اس کے ٹرک سے ایک لاکھ انڈے چوری کر کے فرار ہوگیا۔

    رپورٹ میں چوری کیے گئے انڈوں کی مالیت 40 ہزار ڈالر (پاکستانی ایک کروڑ روپے سے زائد) بتائی جا رہی ہے۔

    انڈوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی بڑی وجہ امریکا میں آج کل برڈ فلو کا پھیلاؤ ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا میں انڈوں سے جڑی صنعت کو حالیہ مہینوں میں برڈ فلو کے پھیلاؤ کے باعث بحران کا سامنا ہوا۔ برڈ فلو سے لاکھوں مرغیاں ہلاک ہوگئیں، جس کی وجہ سےانڈوں کی رسد میں کمی اور قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ قیمتوں میں حالیہ زبردست اضافے کی وجہ سے انڈے چور کے لیے چوری کی پرکشش وجہ بنے۔

    https://urdu.arynews.tv/chickens-and-30-chicks-stolen-case-registered/

  • چور 3 لڑکیوں کا جہیز لے اڑے، شادی کا گھر ماتم کدہ بن گیا

    چور 3 لڑکیوں کا جہیز لے اڑے، شادی کا گھر ماتم کدہ بن گیا

    پنجاب میں چوری کی واردات سامنے آئی ہے جس میں چور غریب بچیوں کے جہیز کے لیے جوڑا گیا سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے فیاض بلوچ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پنجاب کے شہر خانپور کے علاقے جہاں آباد میں پیش آیا جہاں نامعلوم تین چور بچیوں کے جہیز کا سامان، زیورات اور نقدی لے کر فرار ہوگئے جب کہ پولیس غریبوں کی دادرسی کے بجائے انہیں صرف تسلیاں دے رہی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رات گئے گھر میں چوری کی واردات ہوئی اور نامعلوم چور جن کی تعداد تین بتائی جاتی ہے وہ تین بہنوں کے لیے جمع کیا گیا جہیز کا سامان، تین تولے سونا، تین لاکھ روپے نقد اور گھر کا دیگر سامان چوری کر رفوچکر ہوگئے۔

    مذکورہ بچیوں کی چند روز بعد ہی شادی ہونے والی تھی۔ غریب والدین بیٹیوں کے جہیز کا سامان چوری ہونے کے بعد غم اور ان کے مستقبل کے فکر سے نڈھال ہیں۔

    پولیس میں رپورٹ درج کرائے جانے کے باوجود پولیس چوری کا سامان ریکور کرانے اور درخواست گزاروں کی داد رسی کے بجائے انہیں تسلی اور تشفی دیتے ہوئے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔

    متاثرہ فیملی نے وزیر اعلی پنحاب مریم نواز، ڈی پی او حیم یارخان سے چوروں کو گرفتار کرنے اور سامان برآمد کرانے کی اپل کی ہے۔

  • گھر میں گھسنے والے چور کی ماں بیٹی نے درگت بنادی، ویڈیو دیکھئے

    گھر میں گھسنے والے چور کی ماں بیٹی نے درگت بنادی، ویڈیو دیکھئے

    بھارتی حیدرآباد میں ایک اسلحہ بردار ڈکیت کو ماں بیٹی نے دن میں تارے دکھا دیئے، جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک اسلحہ سے لیس چور جس نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا رسول پورہ کے علاقے میں ایک گھر میں داخل ہوا اور ماں بیٹی کو اسلحہ کے زور پر لوٹنے کی کوشش کی۔

    اس موقع پر ماں اور بیٹی اسلحہ کی پرواہ کئے گئے ڈکیت پر جھپٹ پڑیں اور ایک موقع پر اسے زمین پر بھی گرا دیا، جس سے ڈکیت پریشان ہوگیا اور اس نے وہاں سے بھاگنے میں ہی اپنی بہتری سمجھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ماں نے ڈاکو کے ہاتھ سے پستول بھی چھین لیا تھا، آخر کار ڈاکو ماں بیٹی سے بچتا بچاتا دوڑتا ہوا ان کے گیٹ سے باہر نکل پڑا۔

    رپورٹ کے مطابق مقامی افراد نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا تاہم پولیس کی جانب سے تاحال اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

  • چور کی انوکھے انداز میں پوسٹ آفس سے رقم چرانے کی کوشش، ویڈیو وائرل

    چور کی انوکھے انداز میں پوسٹ آفس سے رقم چرانے کی کوشش، ویڈیو وائرل

    ناٹنگھم: معذور چور نے لمبے دھاتی چمچے کے ذریعے پوسٹ آفس سے نقد رقم چرانے کی کوشش کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نشے کا عادی چور دوران واردات اپنا ڈیبٹ کارڈ جائے وقوعہ پر بھول کر فرار ہوجاتا ہے، جسے بعد میں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    اطلاعات کے مطابق ایک نشے کے عادی چور نے ڈاک خانے کی سیکیورٹی اسکرین کے نیچے سے بڑی نقد رقم چرانے کی کوشش کی تھی، اس مقصد کے لئے اس نے لمبے چمچے کا سہارا لیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Nottinghamshire Police (@nottspolice)

    سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک 36 سالہ شخص نے ایک بڑے دھاتی چمچ کو شیشے کے نیچے سے اندر ڈالا اور رقم نکالنے کی کوشش کرنے لگا۔

    دوسری کھڑکی پر موجود ایک الرٹ کاؤنٹر اسسٹنٹ نے اس معاملے کو دیکھا تو الارم بجا دیا جس نے سیکورٹی کے دھوئیں کے نظام کو متحرک کردیا۔

    جیسے ہی پوسٹ آفس میں دھواں بھرنے لگا چور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا، مذکورہ معاملہ دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی حیران رہ گئے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے نقدی چوری کرنے کی کوشش کرنے کا اعتراف کرلیا ہے اور افسران کو بتایا ہے کہ وہ ذہنی صحت کے مسائل کا شکار ہے۔

    اس نے یہ بھی کہا کہ اس نے پوسٹ آفس میں داخل ہونے سے کچھ دیر پہلے کوکین اور ہیروئن لے لی تھی۔پولیس کی جانب سے مزید کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • تیل کی پائپ لائن تک پہنچنے کا منصوبہ، چوروں نے پورا ہوٹل بک کرلیا

    تیل کی پائپ لائن تک پہنچنے کا منصوبہ، چوروں نے پورا ہوٹل بک کرلیا

    جنوبی کوریا میں چوروں نے تیل کی پائپ لائن تک پہنچنے کے لیے پورا ہوٹل کرائے پر لے لیا، لیکن عین اپنے منصوبے کی کامیابی کے قریب وہ پکڑے گئے۔

    جنوبی کوریا کے چیونگجو نامی شہر میں 8 ملزمان نے ہوٹل کرائے پر لیا اور پورے ایک مہینے تک خفیہ سرنگ کھودتے رہے تاکہ قریبی تیل پائپ لائن تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

    ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، کہا جا رہا ہے کہ یہ منصوبہ کوریا کی سرکاری تیل کمپنی کے ایک سابق ملازم نے بنایا تھا جسے تیل چرانے کے الزام میں برخاست کر دیا گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ملزمان نے ماہانہ 45 لاکھ وون پر ہوٹل کو کرائے پر حاصل کیا، ملزمان کھدائی کے لیے صرف کدال استعمال کر رہے تھے تاکہ کسی کو شور کی آواز نہ جائے۔

    ایک مہینے میں ملزمان نے 10 میٹر گہری کھدائی کی تھی اور تیل پائپ لائن تک پہنچ گئے تھے۔

    ابھی وہ اس کا جشن منا ہی رہے تھے کہ چھاپہ پڑ گیا اور سب کو گرفتار کرلیا گیا۔

  • 500 چوریاں کرنے والا چور جس پر فلم بھی بنائی گئی

    500 چوریاں کرنے والا چور جس پر فلم بھی بنائی گئی

    نئی دہلی: بھارت میں 500 چوریاں کرنے والے چور کو گرفتار کرلیا گیا، اس چور پر ایک بالی ووڈ فلم بھی بنائی جاچکی ہے۔

    بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے ایک ایسے چور کو گرفتار کیا ہے جس کے خلاف ملک بھر میں چوری کے 500 سے زائد مقدمات درج ہیں اور اس کی وارداتوں پر بالی وڈ کی ایک فلم بھی بنائی جا چکی ہے۔

    53 سالی دیویندر سنگھ جن کو سپر تھیف بھی کہا جاتا ہے، نئی دہلی میں دو چوری کے مقدمات میں اتر پردیش سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دیوندر سنگھ نے پہلی چوری 14 سال کی عمر میں کی تھی اور ان کے خلاف صرف نئی دہلی میں 250 سے زائد مقدمات درج ہیں۔

    دیوندر سنگھ پہلی مرتبہ اس وقت مقبول ہوئے تھے جب وہ 2010 میں مشہور انڈین ریئلٹی شو بِگ باس میں شریک ہوئے تھے لیکن انہیں اسی سیزن کے دوران شو کے میزبان سلمان خان سے بدتمیزی کرنے پر پروگرام سے نکال دیا گیا تھا۔

    ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دیوندر سنگھ کی شخصیت سے متاثر ہو کر بالی وڈ فلم اوئے لکی، لکی اوئے بھی بنائی گئی تھی۔

    پولیس کے مطابق دیوندر سنگھ کو نئی دہلی میں ہونے والی ایک چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق دیوندر سنگھ نے 14 اپریل کو ایک گھر سے تین مہنگے موبائل فون، پرس، 2 لیپ ٹاپ، غیر ملکی برانڈ کے جوتے، گھڑیاں اور بلینو کار چرائی۔

    ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق نئی دہلی میں ہونے والی چوریوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک ادھیڑ عمر شخص کو گھر کے اندر گھستے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

  • چور نے بوڑھے کو کمزور سمجھ کر پستول تانی، لینے کے دینے پڑ گئے

    چور نے بوڑھے کو کمزور سمجھ کر پستول تانی، لینے کے دینے پڑ گئے

    کبھی اچانک کہیں راہ چلتے یا کسی جگہ موجود ہوتے ہوئے چور ڈاکو آ دھمکیں، تو ہوش و حواس گم ہوجاتے ہیں اور لوگ بے بسی سے لٹ جاتے ہیں، تاہم کچھ لوگ اس موقع پر بھی اپنے حواس قائم رکھتے ہوئے چوروں کو ہی دھول چٹا دیتے ہیں۔

    حال ہی میں ایسے ہی ایک کارنامے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک بوڑھے شخص نے اپنے اوپر پستول تاننے والے چور کو دھول چٹا دی۔

    ویڈیو ایک سپر اسٹور کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح شخص کیش کاؤنٹر پر موجود کیشیئر کو دھمکا رہا ہے جبکہ قریب کھڑے بوڑھے پر بھی پستول تان لیتا ہے۔

    بوڑھا اس کی حرکت پہ گھبرائے بغیر بے حد سکون سے اپنا چشمہ اتار کر کاؤنٹر پر رکھتا ہے۔

    اتنے میں چور کے پیچھے ایک شخص نمودار ہوتا ہے اور چور اسے بھی دھمکانے کے لیے پلٹ جاتا ہے، اس کے پلٹتے ہی بوڑھا اس پر جھپٹتا ہے اور اسے دبوچ لیتا ہے، کھینچا تانی میں چور کی بندوق بھی نیچے گر جاتی ہے۔

    بوڑھے کی جرات دیکھ کر اسٹور کے ملازمین بھی حرکت میں آتے ہیں، ایک ملازم نیچے گری بندوق اٹھاتا ہے۔ اس اثنا میں چور دوسری طرف سے نکل کر دروازے کی طرف بھاگتا ہے لیکن دروازے پہ ایک ملازم اسے چھاپ لیتا ہے۔

    اس کے بعد بوڑھا اور ایک اور ملازم وہاں پہنچ کر چور کو قابو کرتے ہیں۔

  • وائرل ویڈیو: چور اسمارٹ فون لے کر بھاگا، دروازہ بند تھا، پھر کیا ہوا؟

    وائرل ویڈیو: چور اسمارٹ فون لے کر بھاگا، دروازہ بند تھا، پھر کیا ہوا؟

    ویسٹ یارکشائر: بعض اوقات چور بھی ایسی مشکل میں پھنس جاتے ہیں، جس کے بارے میں انھوں نے سوچا بھی نہیں ہوتا، ایسا ہی ایک چور کے ساتھ ہوا جو موبائل شاپ سے موبائل چرا کر بھاگ جانا چاہ رہا تھا۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک چور کو نہایت پریشان کن صورت حال میں گرفتار دیکھا گیا، چور نے دکان دار سے دیکھنے کے بہانے اسمارٹ فون لیا اور اگلے لمحے دروازے کی طرف بھاگ اٹھا، لیکن دروازہ اسے بند ملا۔

    یہ واقعہ برطانیہ کی ایک میٹروپولیٹن کاؤنٹی ویسٹ یارکشائر کے ٹاؤن ڈیوزبری میں ایک موبائل مارکیٹ کی دکان میں پیش آیا، چور نے منیجر سے دیکھنے کے بہانے ایک مہنگا فون لیا، اور اسے لے کر بھاگ اٹھا، لیکن دروازہ بند تھا۔

    چور اگلے لمحے پلٹا اور مجبوراً شرمندہ ہوتے ہوئے موبائل خاموشی سے منیجر کے حوالے کر دیا۔

    چور نے خود کو ہوشیار سمجھا تھا لیکن بری طرح مار کھا گیا، اس نے جو فون لے کر بھاگنے کی کوشش کی تھی اس کی مالیت 1,600 پاؤنڈ بتائی جاتی ہے۔ یہ سارا واقعہ سی سی ٹی وی میں فوٹیج میں قید ہو گیا اور ویڈیو کی فوٹیج وائرل ہو رہی ہے۔

    یہ واقعہ 4 دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے کے قریب پیش آیا، فرار ہوتے وقت چور بہت پھرتیلا تھا لیکن واپسی پر بھیگی بلی بن گیا، اسے دکان دار سے التجا کرنی پڑی کہ گلاس ڈور کا لاک کھول دے اور اسے جانے دیا جائے۔

    اسٹور منیجر کی شناخت افضل آدم کے نام سے ہوئی ہے، برطانوی چینل میٹرو نیوز کے مطابق افضل نے کہا کہ انھوں نے 2020 میں 250 پاؤنڈ میں دروازے کو لاک کرنے کا سسٹم لگایا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ ماسک اور اونی کنٹوپ پہنے چوروں کو پہچاننا مشکل ہوتا ہے، اس لیے لاک لگانے سے وہ اچھی طرح گرفت میں آ جاتے ہیں، اور اس واقعے سے تو لاک سسٹم نے اپنی قیمت ادا کر دی ہے۔

  • ٹرک سے تھیلے چرانے پر ڈرائیور نے چور کو بونٹ سے باندھ دیا

    ٹرک سے تھیلے چرانے پر ڈرائیور نے چور کو بونٹ سے باندھ دیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک ٹرک ڈرائیور نے گندم کے تھیلے چرانے پر چور کو انسانیت سوز سزا دیتے ہوئے اسے ٹرک کے بونٹ سے باندھ دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست پنجاب میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

    موٹر سائیکل پر سوار 2 نوجوانوں نے گندم سے بھرے ٹرک کا پیچھا شروع کردیا، ایک نوجوان نے ٹرک سے 2 تھیلے نکال لیے۔

    لیکن جلد ہی ڈرائیور نے انہیں پکڑ لیا جس پر بائیک چلانے والا نوجوان تو فرار ہوگیا، دوسرا نوجوان ڈرائیور کے ہتھے چڑھ گیا۔

    ڈرائیور اور اس کے معاون نے چور کو رسیوں کی مدد سے ٹرک کے بونٹ سے باندھ دیا، ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ ڈرائیور کا معاون کہہ رہا ہے کہ وہ اسے اس طرح باندھ کر پولیس کے پاس لے کر جارہے ہیں۔

    پولیس کے پاس پہنچنے پر چور، ڈرائیور اور اس کے معاون تینوں کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ چور کو بونٹ سے باندھنا انسانیت سوز حرکت ہے اور اس پر دونوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔