Tag: چوری

  • خاتون کا نیند میں اپنے جرم کا اعتراف، شوہر پولیس کے پاس پہنچ گیا

    خاتون کا نیند میں اپنے جرم کا اعتراف، شوہر پولیس کے پاس پہنچ گیا

    امریکا میں ایک خاتون بھاری رقم چرانے کے بعد اسے راز نہ رکھ سکیں اور سوتے میں اپنے جرم کا اعتراف کرلیا، جس کے بعد شوہر نے پولیس کو اطلاع کردی۔

    امریکا کی رہائشی رتھ فورٹ ایک کیئر ہوم میں ملازمت کرتی تھیں جہاں انہیں وہیل چیئر کی محتاج ایک بیمار خاتون کی دیکھ بھال پر معمور کیا گیا۔

    دوران گفتگو مریضہ نے اپنے اکاؤنٹ میں موجود بھاری رقم کا تذکرہ کیا جس کے بعد رتھ نے ان کا ڈیبٹ کارڈ چرا لیا اور کسی طرح اس کا پن بھی حاصل کرلیا۔ رتھ نے ان کے اکاؤنٹ سے 7 ہزار 200 پاؤنڈز (17 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کی رقم نکلوائی۔

    اس رقم سے رتھ نے اپنے شوہر اور 3 بچوں کے ساتھ میکسیکو میں تعطیلات گزاریں جبکہ فراغ دلی سے خریداری بھی کی۔

    بعد ازاں ایک رات نیند میں گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی چوری کا اعتراف کرلیا۔

    رتھ کے شوہر نے ان کی اعترافی گفتگو سنی تو پولیس کو اطلاع دینے میں تاخیر نہیں کی۔ 61 سالہ شوہر کا کہنا تھا کہ انہیں یہ جان کر بہت دکھ ہوا کہ ان کی اہلیہ نے ایک بیمار خاتون کو دھوکا دیا۔

    شوہر کا کہنا تھا کہ وہ میکسیکو میں تعطیلات منانے کے بعد سے مشکوک تھے کیونکہ وہ اور ان کی اہلیہ کبھی بھی اتنی پرتعیش تعطیلات کے متحمل نہیں ہوسکتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ سے محبت کرتے ہیں لیکن اس نے جرم کیا تھا اور وہ اسے نظر انداز نہیں کرسکتے تھے۔

    جرم ثابت ہوجانے کے بعد مذکورہ خاتون کو مقامی عدالت کی جانب سے 16 ماہ کی سزا سنائی گئی۔

  • پہیلی بوجھیں: چوری کے بعد پولیس نے گھر کی مالکن کو کیوں گرفتار کیا؟

    پہیلی بوجھیں: چوری کے بعد پولیس نے گھر کی مالکن کو کیوں گرفتار کیا؟

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم اپنے دماغ کو جتنا زیادہ کام کرنے پر مجبور کریں گے اتنا ہی وہ فعال ہوتا جائے گا۔ کم کام کرنے والا دماغ آہستہ آہستہ سست اور غیر فعال ہوتا جاتا ہے جس کا نتیجہ غائب دماغی کی صورت میں نکلتا ہے۔

    دماغ کو فعال کرنے کے لیے ماہرین چھوٹی چھوٹی مشقیں بتاتے ہیں جن میں سب سے آسان مشق حساب کے سوالات حل کرنا یا کوئی پہیلی بوجھنا ہے۔

    اسی لیے ہم آپ کے دماغ کی ورزش کے لیے آج آپ کو ایک ملزم کی گرفتاری کا معاملہ بتا رہے ہیں جس میں آپ کو بتانا ہے کہ پولیس نے ملزم کو کیسے پکڑا۔

    امریکا میں چوری کی ایک واردات میں پولیس نے ان خاتون کو دھر لیا جو اپنے گھر سے آرہی تھیں۔

    ایک سرد صبح جب ہر شے برف سے ڈھکی ہوئی تھی، پولیس کو چوری کی اطلاع ملی اور وہ جائے وقوع پر پہنچی تو انہیں وہاں ایک خاتون دکھائی دیں۔

    خاتون نے ایک گھر کی طرف اشارہ کر کے بتایا کہ وہ ان کا گھر ہے اور وہ کچھ ضروری سامان لینے باہر نکلی ہیں۔

    لیکن جب پولیس نے غور کیا تو انہی خاتون کو مجرم پایا اور انہیں گرفتار کرلیا، کیا آپ تصویر دیکھ کر بتا سکتے ہیں کہ پولیس نے ان خاتون کو کس بنیاد پر گرفتار کیا؟

    دراصل پولیس نے جب برف پر قدموں کے نشانات کا جائزہ لیا تو انہوں نے دیکھا کہ خاتون کے قدموں کے نشانات دروازے کے بجائے کھڑکی سے شروع ہورہے ہیں۔

    اس کا واضح مطلب یہ تھا کہ خاتون کھڑکی کے راستے باہر آئیں، اور اس کی ضرورت انہیں اس لیے پڑی کیونکہ انہوں نے کھڑکی کے راستے اس گھر میں نقب لگائی اور چوری کر کے اسی راستے سے واپس آگئیں، جبکہ پولیس کو دھوکا دینے کے لیے انہوں نے اس گھر کو اپنا گھر بتایا۔

  • مندر سے مورتیوں کے ہار چوری: وزیر اعلیٰ سندھ کا نوٹس

    مندر سے مورتیوں کے ہار چوری: وزیر اعلیٰ سندھ کا نوٹس

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہر کوٹڑی میں مندر سے مورتیوں کے ہار چوری ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس نے جیو فینسنگ شروع کردی ہے اور ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹڑی میں مندر سے مورتیوں کے ہار چوری ہونے پر وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ابتدائی اطلاعاتی رپورٹ (ایف آئی آر) درج کر کے جیو فینسنگ شروع کردی گئی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ رات چور نے مندر کی چھت سے داخل ہو کر مورتیوں کے ہار چوری کیے، مورتیاں شوکیس میں بند تھیں جبکہ چوری ہونے والے 2 ہار چاندی کے تھے۔

    بریفنگ کے مطابق دونوں ہاروں کی مالیت 40 ہزار روپے بتائی جارہی ہے، چور نے چندے کی پیٹی سے 20 ہزار روپے بھی چرائے۔ پولیس نے جیو فینسنگ شروع کی ہے اور چھاپے مار رہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس، مندر انتظامیہ کو کارروائی سے آگاہ کرتی رہے۔ مندروں اور اقلیتوں کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔

  • روس کا چوری کے شبہ میں 3 امریکی سفارت کاروں کے خلاف انتہائی قدم

    روس کا چوری کے شبہ میں 3 امریکی سفارت کاروں کے خلاف انتہائی قدم

    ماسکو: روس نے اپنے ملک میں موجود 3 امریکی سفارت کاروں سے سفارتی استثنیٰ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے، مذکورہ سفارت کار ایک روسی شہری کی حساس ذاتی اشیا چوری کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔

    روسی میڈیا کے مطابق روس کی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ روس نے ماسکو میں امریکی سفارت خانے کو ایک سرکاری سفارتی مراسلہ بھیجا جس میں سفارت خانے کے 3 ملازمین سے سفارتی استثنیٰ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ ان پر مجرمانہ الزامات لگائے جائیں۔

    امریکی سفارتخانے کو روانہ کردہ احتجاجی مراسلے میں ایک روسی شہری کی ذاتی حساس اشیا چوری کرنے والے امریکی سفارت کاروں کی سفارتی استثنیٰ کو ہٹاتے ہوئے ان کو عدالت کے کٹہرے میں پیش کیے جانے کی راہ ہموار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    امریکی سفارتخانے کی جانب سے روس کی اس درخواست کو مسترد کیے جانے کی صورت میں مذکورہ تینوں سفارت کاروں کو نا پسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر روس چھوڑنے کا کہا جائے گا۔

  • بھارت: ریمیڈیسیور انجیکشن چرانے والا ملزم گرفتار

    بھارت: ریمیڈیسیور انجیکشن چرانے والا ملزم گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں ایک رکشہ ڈرائیور نے ٹی وی پر دواؤں کی قلت کے بارے میں سنا تو ریمیڈیسیور انجیکشن چرانے کے لیے نکل کھڑا ہوا تاہم اپنے مقصد میں ناکام رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ٹی وی پر دوائیوں کی قلت کی خبریں سن کر رکشہ ڈرائیور نے ریمیڈیسیور انجیکشن چرانے کے لیے میڈیکل اسٹورز کو نشانہ بنانا شروع کردیا۔

    رکشہ ڈرائیور نے باندرہ سے بوریولی کے درمیان متعدد میڈیکل اسٹورز کا تالا توڑ کر چوریاں کیں، اسے اپنی مطلوبہ چیز تو نہیں ملی تاہم وہ پیسے اور خشک میوہ جات چرا کر فرار ہوگیا۔

    پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چور کو گرفتار کرلیا، ملزم کی عمر 24 سال ہے اور وہ ایک درجن سے زائد میڈیکل اسٹورز میں چوری کی وارداتیں انجام دے چکا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے خبروں میں دوائیوں کی قلت کے بارے میں سنا جس کے بعد وہ انجیکشن چرانے نکل کھڑا ہوا، ملزم اس سے قبل بھی چوری کی وارداتوں میں جیل کاٹ چکا ہے۔

  • دبئی: فیس ماسک نے چور پکڑوا دیا

    دبئی: فیس ماسک نے چور پکڑوا دیا

    دبئی: کرونا وبا کے دوران فیس ماسک سے جہاں وائرس کی منتقلی روکی جاتی ہے، وہاں ماسک نے ایک چورنی بھی پکڑوا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں فیس ماسک کی مدد سے ایک عجیب و غریب قسم کی چوری پکڑی گئی ہے، ایک خادمہ کچھ عرصے سے اپنی مالکن کی قیمتی چیزیں چرا رہی تھی لیکن پتا اس وقت چلا جب اس نے ایک فیس ماسک چرا لیا۔

    جی سی سی ممالک (خلیج تعاون کونسل) سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس کی خادمہ اس کے کمرے سے مسلسل چوریاں کرتی رہی ہے، لیکن ان کو کبھی پتا نہیں چلا، وہ سجھتی تھیں کہ ان کی چیزیں کہیں کھو گئیں۔

    خاتون کا کہنا تھا چوریوں کا انکشاف ان پر اس وقت ہوا جب انھوں نے اپنا مخصوص نقش و نگار والا فیس ماسک خادمہ کے کمرے میں دیکھا۔

    جب خادمہ سے فیس ماسک کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی گئی تو وہ ہڑبڑائی، خاتون نے بتایا کہ خادمہ نے دیدہ دلیری سے کہا یہ ماسک آپ ہی نے تو دیا تھا مجھے۔

    تاہم مالکن کے بیان کے مطابق انھیں خادمہ کی بات پر شک ہوا کیوں کہ انھیں یاد نہیں آ رہا تھا کہ ماسک انھوں نے دیا ہو، اس لیے انھوں نے خادمہ کے کمرے کی تلاشی لینا شروع کر دی، اور وہ یہ دیکھ کر ششدر رہ گئیں کہ ان کی کھوئی ہوئی قیمتی چیزیں کمرے میں موجود تھیں، جن میں کئی موبائل فونز، آئی پیڈ، کچھ زیورات، قیمتی چشمے اور دیگر چیزیں شامل تھیں۔

    خاتون نے بتایا میں نے فوراً پولیس کو اطلاع کر دی جس پر خادمہ کو گرفتار کر لیا گیا، اور تفتیش کے دوران اس نے اقرار کر لیا کہ وہ مسلسل چوریاں کرتی رہی ہے۔ پولیس نے افریقہ سے تعلق رکھنے والی 39 سالہ خادمہ کو 5 ہزار درہم سے زائد کی اشیا چوری کرنے کے جرم میں گرفتار کیا۔

  • سعودی عرب: ڈیڑھ لاکھ ریال کی چوریاں کرنے والا گروہ گرفتار

    سعودی عرب: ڈیڑھ لاکھ ریال کی چوریاں کرنے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں پونے 2 لاکھ ریال کی چوریاں کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان میں سے 5 افراد کا تعلق یمن سے ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ پولیس نے ایک غیر ملکی کارکن کو لوٹنے اور 5 تجارتی مراکز میں چوری کی وارداتیں کرنے والے 6 افراد کو گرفتارکیا ہے۔

    گرفتار افراد میں سے ایک سعودی شہری اور 5 یمنی تارکین وطن ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لوٹ مار اور چوری کی وارداتیں کرنے والے گروہ میں شامل افراد نے اقبال جرم کرلیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے 1 لاکھ 80 ہزار ریال مالیت سے زیادہ کا سامان چوری کیا، دوران حراست انہوں نے مسروقہ سامان چھپانے کے مقام کی بھی نشاندہی کی۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پبلک پراسیکیوشن کو تمام معلومات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

  • چوروں کی حیرت انگیز حکمت عملی، نقاب کی جگہ تربور ‘اوڑھ’ لیے

    چوروں کی حیرت انگیز حکمت عملی، نقاب کی جگہ تربور ‘اوڑھ’ لیے

    ورجینیا: چوروں نے ایک گروسری اسٹور میں واردات کے دوران پہچان چھپانے کے لیے نقاب کی جگہ تربوز ‘اوڑھ’ لیے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا میں ایک گروسری اسٹور میں چوروں نے پہچان چھپانے کے لیے اندر سے خالی کیے گئے تربوز سر پر رکھ کر کام یاب واردات کی اور بھاگ گئے۔

    ورجینیا کے علاقے لوسیا کی پولیس نے ایک بیان جاری کیا ہے کہ 6 مئی کو علاقے کے ایک گروسری اسٹور میں سر پر تربوز رکھے دو چوروں نے واردات کی تھی، ان میں سے ایک مبینہ چور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ واردات کے بعد چور ایک ایسی کار میں بھاگے تھے جو 2006 میں چرائی گئی تھی، پولیس نے واردات کے بعد فیس بک پیج پر تربوز والے سروں کے چوروں کی تصاویر اپ لوڈ کر کے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ کسی کے پاس چوروں سے متعلق معلومات ہوں تو پولیس کی مدد کریں۔ ایک ملزم کی گرفتاری کے بعد مذکورہ پوسٹ فیس بک سے ہٹا دی گئی۔

    پولیس کے مطابق گرفتار مبینہ چور کی عمر 20 سال ہے، جس پر چوری کرنے، کم عمری میں شراب رکھنے اور شراب چرانے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ ٹاؤن بہت پرسکون ہے، اور یہاں اس قسم کی وارداتیں عموماً نہیں ہوتیں، اس عجیب و غریب واردات نے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔

  • سندھ حکومت کا 7ارب کی گندم چوری کیس نیب کو بھیجنے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا 7ارب کی گندم چوری کیس نیب کو بھیجنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے 7ارب کی گندم چوری کیس قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں محکمہ خوراک،اینٹی کرپشن کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں 7ارب کی گندم چوری کیس نیب کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر خوراک سندھ کا کہنا ہے کہ نیب تاریخی چوری پر دودھ کا دودھ پانی کا پانی کرے۔

    سندھ کی تاریخ میں سرکاری گندم کی سب سے بڑی چوری کا انکشاف

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ میں سرکاری گندم کی اربوں روپے کی چوری کا انکشاف سامنے آیا تھا، محکمہ خوراک سندھ نے سرکاری گوداموں سے ہونےوالے اس چوری کی تصدیق کی تھی۔

    محکمہ خوراک سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ کے سرکاری گوداموں سے ایک لاکھ اڑسٹھ ہزار میٹرک ٹن گندم چوری کی گئی، اس کی مالیت اوپن مارکیٹ میں 7 ارب روپے بتائی گئی۔

    محکمہ خوراک کےمطابق اس کےعلاوہ ایک ارب پانچ کروڑ روپے کی گندم نوری آباد کے بعدکراچی آتے آتے غائب ہوگئی تھی، چیف سیکریٹری نے محکمہ خوراک کی گندم چوری کرنے والے ملازمین، ٹھیکے داروں اور ملوث ملز اونر کے خلاف تحقیقات کی سفارش پرانکوائری اینٹی کرپشن کو سونپ دی تھی۔

  • کرونا وائرس: اسپتال میں رکھے ہینڈ سینی ٹائزر چوری ہوگئے

    کرونا وائرس: اسپتال میں رکھے ہینڈ سینی ٹائزر چوری ہوگئے

    انگلینڈ کے علاقے نارتھ ہمپٹن کے ایک اسپتال نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کے پیش نظر اسپتال میں داخل مریضوں کے پاس اور استقبالیہ ڈیسک پر رکھے ہینڈ سینی ٹائزر چرانا بند کردیں۔

    انگلینڈ کے اسپتال کو یہ اپیل اس وقت کرنی پڑی جب مذکورہ مقامات پر انتظامہ کی جانب سے رکھی گئی سینی ٹائزر کی بوتلیں تیزی سے غائب ہونا شروع ہوگئیں۔

    اسپتال نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ برائے مہربانی ہماری مدد کریں کہ ہم اپنے مریضوں کو اس جان لیوا وائرس سے بچا سکیں، اور صفائی کے لیے رکھی چیزیں اٹھانا بند کردیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وارڈ مینیجرز کو بھی ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ اسپتال میں رکھی مذکورہ اشیا کی نگرانی کریں۔

    اسپتال انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جس طرح برطانیہ میں کرونا وائرس کا خوف بڑھ رہا ہے اس سے امکان ہے کہ سینی ٹائزر کی قلت نہ پیدا ہوجائے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں اب تک کرونا وائرس کے 206 مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    برطانیہ سمیت کرونا وائرس 103 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 1 لاکھ 6 ہزار 211 ہو گئی ہے۔

    چین کے بعد سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 233 ہو گئی، دنیا بھر میں وائرس سے اموات کی تعداد 3 ہزار 600 ہوگئی ہے، جبکہ 60 ہزار 190 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔