Tag: چور لڑکی

  • مبینہ موٹر سائیکل چور نوجوان لڑکی کا مؤقف سامنے آ گیا

    مبینہ موٹر سائیکل چور نوجوان لڑکی کا مؤقف سامنے آ گیا

    کراچی: شہر قائد میں مبینہ طور پر ایک نوجوان موٹر سائیکل لفٹر لڑکی سامنے آ گئی ہے، جسے پولیس نے گرفتار کر کے وہیکل لفٹنگ سیل کے حوالے کر دیا ہے، جہاں اس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ 17 سالہ گرفتار لڑکی ثمرین عرف مشا اسٹریٹ کرائم کے بعد موٹر سائیکل لفٹنگ میں بھی ملوث نکلی ہے، اتحاد ٹاؤن سے گرفتار ہونے والی مبینہ چور لڑکی سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی موچکو کی رہائشی ہے، پولیس نے اسے اتحاد ٹاؤن سے حراست میں لیا، جب کہ ملزمہ سے برآمد موٹر سائیکل درخشاں سے چوری ہوئی تھی۔

    دوسری طرف ثمرین نے بیان دیا ہے کہ ’’مجھے موٹر سائیکل چلانے کے لیے کسی نے دی تھی، مجھے نہیں معلوم موٹر سائیکل چوری کی ہے یا اس پر جعلی نمبر لگا ہے۔‘‘

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ لڑکوں کا روپ اختیار کر کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کرتی ہے، اور چوری شدہ موٹر سائیکل ساتھیوں کے ہمراہ حب چوکی بلوچستان میں فروخت کرتی ہے۔

    پولیس حکام نے ملزمہ کے جرائم پیشہ ہونے اور پہلے بھی گرفتار ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے، ملزمہ کو پولیس نے عدالت میں بھی پیش کیا۔

    گزشتہ روز ایس ایس پی کیماڑی نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ اتحاد ٹاؤن سب انسپکٹر غلام رسول ارباب نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو اتحاد ٹاؤن سے گرفتار کیا، لڑکی کی شناخت ثمرین عرف مشا ولد عاشق حسین کے نام سے ہوئی۔

    ایس ایس پی فدا حسین جانوری کے مطابق ملزمہ لڑکوں کا روپ دھار کر مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے حب چوکی بلوچستان میں فروخت کرتی تھی، ملزمہ کے قبضہ سے بہ وقت گرفتاری سرقہ شدہ موٹر سائیکل نمبر KPJ-7221 برآمد ہوئی، جو تھانہ درخشاں کے مقدمہ الزام نمبر 99/23 بجرم دفعہ 381A کی مال مسروقہ ہے۔

  • ڈیفینس، نوجوان لڑکی قیمتی گھڑی چرا کر فرار

    ڈیفینس، نوجوان لڑکی قیمتی گھڑی چرا کر فرار

    کراچی : ڈیفینس کے پوش بازار میں نوجوان لڑکی خریداری کے بہانے دکان دار کو چکمہ دے کر قیمتی گھڑی چُرا کر فرار ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفینس کے پُر رونق اور پوش بازار میں قیمتی اور مہنگی گھڑیوں کی دکان سے نوجوان لڑکی خریداری کے بہانے گھڑی چرا کر فرار ہو گئی، نوجوان لڑکی حلیے سے کھاتے پیتے گھرانے کی پڑھی لکھی لڑکی معلوم ہوتی تھی۔

    دکان میں لگی سی سی ٹی وی کمروں کی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اچھا لباس پہنے، بہ ظاہر پڑھی لکھی لڑکی جس کا تعلق کسی کھاتے پیتے گھرانے سے معلوم ہوتا ہے، دکان میں داخل ہوتی ہے اور ایک قیمتی گھڑی کو پسند کرنے کے بعد ہاتھ میں پہن لیتی ہے اور موقع پاتے ہی دکان سے بھاگ کھڑی ہوتی ہے۔

    دکان دار لڑکی کا پیچھا کرتا ہے لیکن لڑکی دکان کے باہر پہلے سے موجود گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتی ہے اور دکاندار کے ہاتھ کف افسوس کے سوا کچھ نہیں آپاتا۔

    مقامی پولیس نے اس انوکھی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر کے ملزمہ کی تلاش شروع کر دی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کی یہ واردات اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے اس سے قبل ایسی کوئی واردات رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔