Tag: چور

  • چور اندر موجود بچے سمیت گاڑی لے کر فرار، بس ڈرائیوروں نے بچے کی جان کیسے بچائی؟

    چور اندر موجود بچے سمیت گاڑی لے کر فرار، بس ڈرائیوروں نے بچے کی جان کیسے بچائی؟

    امریکا میں بس ڈرائیورز نے گم ہوجانے والے بچے کو والدین سے ملوا دیا جس کے بعد بس ڈرائیورز ہیرو بن گئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مشی گن میں پیش آیا، والدہ دو بچوں کو کار میں لے کر نکلیں اور پھر 2 سالہ بچے کو گاڑی میں ہی چھوڑ کر دوسرے بچے کو بس میں بٹھانے کے لیے گاڑی سے اتریں۔

    اسی وقت ایک کار چور نے جھپٹ کر گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی اور اندر موجود بچے سمیت گاڑی بھگا دی۔

    والدہ اس اچانک صورتحال سے نہایت گھبرا گئیں اور روتے ہوئے بس ڈرائیور سے مدد کی اپیل کی۔ ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے روٹ پر موجود دیگر بس ڈرائیورز کو مطلع کیا۔

    میڈیا کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک اور بس ڈرائیور کو سڑک کنارے ایک بچہ دکھائی دیتا ہے جسے وہ بس میں بٹھا کر حادثے کے مقام پر لے آتا ہے۔

    یہ وہی بچہ تھا جسے کار چور تھوڑی دیر بعد سڑک پر چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔

    دونوں بس ڈرائیورز نے بچے کو والدین کے حوالے کیا تو ان کی جان میں جان آئی، لوگوں نے ڈرائیورز کی حاضر دماغی اور پھرتی پر انہیں سراہا اور ان کی تعریف کی۔

    پولیس تاحال کار اور اسے چوری کرنے والے کو تلاش کر رہی ہے۔

  • کیا آپ اس مشروم فارم میں موجود چور پکڑ سکتے ہیں؟

    کیا آپ اس مشروم فارم میں موجود چور پکڑ سکتے ہیں؟

    تصاویر میں چھپی اشیا ڈھونڈنا، جو بہت مہارت سے چھپائی جاتی ہیں، دماغ کے لیے ایک اچھی خاصی مشق ہوتی ہے۔

    یہ ایک طرف تو تصویر بنانے والے کی مہارت کی عکاس ہوتی ہیں، تو دوسری طرف دیکھنے والے کی حاضر دماغی اور مشاہدے کی عادت کا بھی علم دیتی ہیں۔

    آج آپ کے لیے ایسی ہی ایک تصویر پیش کی جارہی ہے جس میں چھپی ہوئی ایک اور تصویر ڈھونڈنا آپ کی ذہانت کی نشاندہی کرے گا۔

    یہ تصویر ایک مشروم (کھمبی) فارم کی ہے جہاں بے شمار مشرومز موجود ہیں۔

    لیکن ان مشرومز کے درمیان ایک چور بھی موجود ہے، آپ کو اس چور کی شناخت نہیں بتائی جارہی، لیکن اگر آپ ایک سے دو بار تصویر کو بغور دیکھیں گے، تو آپ خود ہی اسے پکڑ لیں گے۔

    کیا آپ نے چور ڈھونڈ نکالا؟

    وہ چور ایک چوہا ہے جو پورے فارم میں گھوم کر مشرومز کتر کر کھا رہا ہے، آپ نے کتنی دیر میں اسے ڈھونڈا؟

  • بھارت: چوروں نے پورا پل چرا لیا

    بھارت: چوروں نے پورا پل چرا لیا

    نئی دہلی: بھارت کی ریاست بہار میں سرکاری ملازمین کا روپ دھارے کباڑیوں کے ایک گروہ نے 60 فٹ طویل لوہے کا پل چرا لیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس افسر سبھاش کمار نے بتایا کہ چور محکمہ آبپاشی کے ملازمین کے حلیے میں آئے تھے، چور مکمل تیاری کے ساتھ آئے تھے اور بڑی گاڑیوں کے علاوہ لوہے کو کاٹنے کے لیے بلڈوزر اور گیس کٹرز بھی لائے تھے۔

    چوروں نے تین دن لگا کر تمام کارروائی مکمل کی اور 500 ٹن لوہا لے کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے بتایا کہ سرکاری افسران کا روپ دھارے چوروں نے مقامی محکمے کے ملازمین سے بھی مدد لی اور دن کی روشنی میں پل کا ملبہ لے کر چلے گئے۔

    محکمہ آبپاشی کے انجینیئر ارشد کمال شمسی کا کہنا تھا کہ گاؤں والوں نے اطلاع دی تھی کہ کچھ افراد پرانے اور خستہ حال پل کو اکھاڑ رہے ہیں۔

    60 فٹ طویل اور 12 فٹ اونچا پل چور آہستہ آہستہ اکھاڑتے رہے لیکن اچانک ایک دن اس 50 سالہ پرانے پل کے غائب ہوجانے سے گاؤں والے حیران ہو کر رہ گئے۔

    لوہے کا یہ پل سنہ 1972 میں ایک نہر کے اوپر تعمیر کیا گیا تھا لیکن پانچ سال قبل اس کی جگہ ایک متبادل پل بنایا گیا جو اب عوام کے استعمال میں ہے، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

  • سمیع اللہ خان کے مجسمے کی ہاکی اور گیند چرانے والا ملزم گرفتار

    سمیع اللہ خان کے مجسمے کی ہاکی اور گیند چرانے والا ملزم گرفتار

    بہاولپور: صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں نصب کیے گئے اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے سے ہاکی اور گیند چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور میں اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے سے ہاکی اسٹک اور گیند چرانے والا ملزم 48 گھنٹے کے اندر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نعمان کہروڑ پکا کا رہائشی ہے، اس وقت بہاولپور میں رہتا ہے، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر معلومات لے کر تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کیا اور اپنے کیے پر شرمندگی ظاہر کی۔

    پولیس کا مزید کہنا تھا کہ سمیع اللہ خان پاکستان کے ہیرو ہیں، سرکاری املاک اور یادگاروں کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔

    یاد رہے کہ اولمپیئن سمیع اللہ خان کا مجسمہ چند روز قبل ہی ان کے آبائی شہر کے ایک چوک پر نصب کیا گیا تھا جس کے کچھ دن بعد مجسمے کی ہاکی اسٹک اور گیند چوری ہوگئی تھی۔

    مقامی انتظامیہ نے مجسمے کے ساتھ دوسری ہاکی اسٹک اور گیند نصب کردی تھی تاہم ملزم کی تلاش بھی جاری تھی۔

  • صرف ایک منٹ میں گاڑی کے پرزے چوری….. سی سی ٹی وی فوٹیج جاری!

    صرف ایک منٹ میں گاڑی کے پرزے چوری….. سی سی ٹی وی فوٹیج جاری!

    برطانیہ میں ماسک پہنے ہوئے 4 چوروں نے دیدہ دلیری سے صرف ایک منٹ میں گاڑی کے پرزے چرا لیے، واردات سی سی ٹی وی کیمرہ میں ریکارڈ ہوگئی۔

    10 جنوری کی رات پیش آنے والی اس واردات میں 4 چور ماسک پہنے ہوئے رہائشی علاقے میں گھومتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    اس دوران ایک چور جیک کے ذریعے ایک گاڑی کو اوپر اٹھاتا ہے اور دوسرا گاڑی کے نیچے سے کنورٹر نکالنا شروع کردیتا ہے، اس دوران گاڑی کا الارم بجتا رہتا ہے تاہم چور دیدہ دلیری سے اپنی کارروائی جاری رکھتے ہیں۔

    کارروائی مکمل کرنے کے بعد چور بے خوفی سے وہاں سے روانہ ہوجاتے ہیں، اس دوران ایک پڑوسی اپنے گھر سے باہر جھانکتا ہے تو ایک چور جاتے جاتے اسے دھمکاتا ہوا جاتا ہے۔

    تمام واردات سی سی ٹی وی کیمرہ میں ریکارڈ ہوگئی، پولیس مذکورہ ملزمان کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

  • بہادر ماں نے بیٹی کو نشانہ بنانے والے چور کا کیا انجام کیا؟ ویڈیو دیکھیں

    بہادر ماں نے بیٹی کو نشانہ بنانے والے چور کا کیا انجام کیا؟ ویڈیو دیکھیں

    برازیلیا: جب بات آتی ہے بچوں پر تو مائیں حقیقی زندگی میں ہیرو کا کردار ادا کر جاتی ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ برازیل میں سڑک پر بارش کے دوران پیش آیا جسے سی سی ٹی وی کیمروں نے ریکارڈ کر لیا۔

    برازیل کے شہر ساؤ پالو کے ایک ساحلی قصبے میں یکم دسمبر کو ایک خاتون اپنی 15 سالہ بیٹی کے ہمراہ شاپنگ کے بعد ٹیکسی کی تلاش میں ایک سڑک پر جا رہی تھیں کہ سائیکل پر سوار چور اچانک بیٹی کا موبائل فون چھین کر فرار ہونے لگا۔

    ادھر چور نے پیڈل پر زور سے پاؤں مارے اور ادھر 50 سالہ ماں نے بپھر کر اس کے پیچھے دوڑ لگا دی، ماں کے ہاتھ میں اس وقت ایک چھتری تھی کہ بارش ہو رہی تھی، انھوں نے بند چھتری کھینچ کر سائیکل سوار چور کو دے ماری۔

    اس حملے سے سائیکل سوار گیلی سڑک پر اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور سائیکل سمیت ڈھیر ہو گیا، جس پر ماں بیٹی دونوں نے مل کر اس کی پٹائی شروع کر دی، ماں نے اپنی چھتری اٹھائی اور چور کی دھلائی کرنے لگیں۔ اس دوران راہ گیر بھی ان کے ساتھ شامل ہو گئے اور چور کو پکڑ کر پیٹنے لگے۔

    بیٹی کا موبائل فون بچانے والی مشتعل ماں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ میرا رد عمل بالکل فطری تھا، میں بس اپنی بیٹی کو تحفظ فراہم کرنا چاہ رہی تھی، میں اپنی بیٹی کا خوف زدہ چہرہ دیکھ کر سخت غصے میں آ گئی تھی۔

    بہادر ماں نے بتایا کہ انھوں نے انجام کے بارے میں بالکل نہ سوچتے ہوئے چور پر حملہ کیا، سب کچھ بہت اچانک ہوا تھا، میری بیٹی فون بچانا چاہ رہی تھیں لیکن چور اسے لے اڑا، میں اسے روکنے کے لیے مڑی اور اس پر چھتری پھینک دی تاکہ وہ کسی طرح رک سکے۔

    انھوں نے کہا میں بالکل پاگل ہو گئی تھی، چور کو پیٹتے ہوئے چلا رہی تھی، میری بیٹی سے تم نے چوری کی ہمت کیسے کی، اور اس کے بعد دیگر لوگ بھی ہمارے ساتھ شامل ہو گئے۔

    واضح رہے کہ کچھ دیر کی پٹائی کے بعد چور کو موقع مل گیا اور وہ سائیکل چھوڑ کر بھاگ گیا۔ واقعے کی اطلاع پولیس کو بھی دی گئی جو چور کو تلاش کر رہی ہے۔

    بہادر ماں نے بتایا کہ وہ کپڑے خریدنے نکلے تھے، شاپنگ ہو چکی تھی، اور بیٹی اپنے موبائل فون پر ٹیکسی ڈرائیور کی تفصیلات پڑھ رہی تھیں کہ یہ واقعہ پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تین سال قبل ان سے بھی اسی طرح موبائل چھینا گیا تھا۔

  • براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر سے موبائل فون چھن گیا

    براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر سے موبائل فون چھن گیا

    براہ راست نشریات کے دوران اکثر اوقات رپورٹرز اور نیوز اینکرز کے ساتھ عجیب و غریب واقعات پیش آجاتے ہیں، ایسے ہی ایک واقعے میں ایک رپورٹر اپنے موبائل فون سے محروم ہوگیا۔

    یہ واقعہ ارجنٹینا میں پیش آیا جہاں ایک مقامی ٹیلی ویژن چینل کے رپورٹر ڈیاگو ڈمکرو براہ راست جانے کی تیاری کر رہے تھے۔

    ٹی وی پر براہ راست جانے سے چند سیکنڈز قبل رپورٹر اپنا فیس ماسک اور مائیک ٹھیک کر رہا تھا کہ اچانک ایک شخص نے اس کے ہاتھ پر جھپٹا مار کر موبائل فون چھینا اور رفو چکر ہوگیا۔

    رپورٹر مائیک سمیت اس شخص کے پیچھے دوڑ پڑتا ہے، اس کے ساتھ سڑک پر موجود اور بھی کئی راہ گیر چور کے پیچھے بھاگتے ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ان میں سے ایک شخص نے چور کو جا لیا اور رپورٹر کو اس کا موبائل واپس مل گیا۔ واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر بھی اپ لوڈ کردی گئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

  • جیل سے فرار کی کوشش میں چور بری طرح پھنس گیا

    جیل سے فرار کی کوشش میں چور بری طرح پھنس گیا

    برازیل میں ایک چور جیل سے فرار ہونے کی کوشش میں ایسا پھنسا کہ پھر پولیس کو ہی اس کی مدد کرنی پڑی، چور دروازے میں سوراخ کر کے فرار کی کوشش میں وہیں پھنس گیا۔

    یہ انوکھا واقعہ برازیل کی ایک جیل میں پیش آیا جہاں ایک 18 سالہ چور نے دورازے میں سوراخ کر کے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

    تاہم وہ سوراخ میں پھنس گیا اور اس کا آدھا دھڑ ایک طرف اور بقیہ آدھا دوسری طرف ہوا میں لٹک گیا۔

    پولیس اہلکاروں نے اسے اس حالت میں دیکھا تو اس کی مدد کرنے کی کوشش کی، پہلے دروازے کو تیل لگایا گیا جبکہ اس کی ہوا میں لٹکتی ٹانگوں کے نیچے کرسی رکھی گئی۔

    بعد ازاں فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکار پولیس اسٹیشن پہنچے اور دروازے کو ہائیڈرولک اوزار کی مدد سے توڑا جس کے بعد چور کو دروازے سے نجات ملی۔

    رہائی کے بعد چور کو ایک بار پھر اس کے سیل میں پہنچا دیا گیا۔

    مذکورہ چور کو ایک دکان لوٹنے کے جرم میں سزا دی گئی تھی جہاں اس نے ایک گھڑی اور 48 ڈالرز چرائے تھے۔ اس پر ایک گودام میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہونے کا بھی الزام ہے تاہم وہاں سے وہ کچھ نہیں چرا سکا۔

  • کوویڈ مریضہ کے گھر میں ڈکیتی، چوروں کو لینے کے دینے پڑ گئے

    کوویڈ مریضہ کے گھر میں ڈکیتی، چوروں کو لینے کے دینے پڑ گئے

    آسٹریلیا میں 4 چوروں کو اس وقت لینے کے دینے پڑگئے جب وہ بے خبری میں ایک کوویڈ مریض کے گھر جا گھسے، پولیس اور ہیلتھ آفیشلز اب چوروں کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔

    آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں 4 چور ایک ناکام ڈکیتی کے بعد طبی عملے اور پولیس سے چھپتے پھر رہے ہیں، چور بے خبری میں کرونا وائرس پازیٹو مریض کے گھر میں چوری کرنے جا پہنچے تھے۔

    وکٹوریہ کا ایک قصبہ چیڈسٹن اس وقت کرونا وائرس کی بدترین صورتحال سے دو چار ہے جہاں ایک ریستوران کے عملے کے 8 افراد سے کرونا وائرس پھیلا، مذکورہ 8 افراد سے وائرس قریبی رہائشی 11 افراد اور پھر قصبے کے 24 افراد میں پھیل گیا۔

    ڈکیتی کی مذکورہ واردات بھی اسی ریستوران کے کلینر کے گھر میں ہوئی، پولیس کے مطابق 4 خواتین مبینہ طور پر چوری کرنے کلینر کے گھر میں داخل ہوئیں تاہم عجلت میں واپس لوٹ گئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ کلینر چاروں خواتین کو جانتی ہے تاہم وہ پولیس کے سامنے ماننے سے انکاری ہے۔

    دوسری جانب ہیلتھ آفیشلز کا کہنا ہے کہ چاروں مبینہ خواتین چور ممکنہ طور پر کرونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں اور اب اسے کمیونٹی کے دیگر افراد میں پھیلا رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ آسٹریلیا میں اب تک کرونا وائرس کے 27 ہزار 173 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اب تک 895 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

  • چوروں کی حیرت انگیز حکمت عملی، نقاب کی جگہ تربور ‘اوڑھ’ لیے

    چوروں کی حیرت انگیز حکمت عملی، نقاب کی جگہ تربور ‘اوڑھ’ لیے

    ورجینیا: چوروں نے ایک گروسری اسٹور میں واردات کے دوران پہچان چھپانے کے لیے نقاب کی جگہ تربوز ‘اوڑھ’ لیے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا میں ایک گروسری اسٹور میں چوروں نے پہچان چھپانے کے لیے اندر سے خالی کیے گئے تربوز سر پر رکھ کر کام یاب واردات کی اور بھاگ گئے۔

    ورجینیا کے علاقے لوسیا کی پولیس نے ایک بیان جاری کیا ہے کہ 6 مئی کو علاقے کے ایک گروسری اسٹور میں سر پر تربوز رکھے دو چوروں نے واردات کی تھی، ان میں سے ایک مبینہ چور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ واردات کے بعد چور ایک ایسی کار میں بھاگے تھے جو 2006 میں چرائی گئی تھی، پولیس نے واردات کے بعد فیس بک پیج پر تربوز والے سروں کے چوروں کی تصاویر اپ لوڈ کر کے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ کسی کے پاس چوروں سے متعلق معلومات ہوں تو پولیس کی مدد کریں۔ ایک ملزم کی گرفتاری کے بعد مذکورہ پوسٹ فیس بک سے ہٹا دی گئی۔

    پولیس کے مطابق گرفتار مبینہ چور کی عمر 20 سال ہے، جس پر چوری کرنے، کم عمری میں شراب رکھنے اور شراب چرانے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ ٹاؤن بہت پرسکون ہے، اور یہاں اس قسم کی وارداتیں عموماً نہیں ہوتیں، اس عجیب و غریب واردات نے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔