Tag: چوہدری اسلم

  • چوہدری اسلم پر حملے کی تحقیقات جلد مکمل کی جائے گی، قائم علی شاہ

    چوہدری اسلم پر حملے کی تحقیقات جلد مکمل کی جائے گی، قائم علی شاہ

    وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے چوہدری اسلم کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے چوہدری اسلم کی بیوہ کو دو کروڑ روپے کا چیک پیش کیا ۔

    ان کا کہنا تھا کہ اہل خانہ کو مکمل سیکیورٹی دی جائے گی اور نوکری کی عمر تک پہنچتے ہی ایک بیٹے کو پولیس میں نوکری بھی دی جائے گی ۔

    وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ چوہدری اسلم بہادرافسر تھے، قوم کو ان پر فخر ہے، بیوہ نورین اسلم نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں ہے کہ ایک بیٹا پولیس میں شامل ہوکروالد کے مشن کوجاری رکھے
       

  • چوہدری اسلم کیس:تفتیش کیلئےغیر ملکی ماہرین سے مدد لینے کا فیصلہ

    چوہدری اسلم کیس:تفتیش کیلئےغیر ملکی ماہرین سے مدد لینے کا فیصلہ

    چوہدری اسلم کیس میں حساس اداروں اور غیر ملکی ماہرین سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ کیس کی تحقیقات کیلئے دو سو سے زائد افراد سے پوچھ گچھ اورپینتیس کے بیانات ریکارڈ کئے گئے ۔جبکہ چند افراد کو گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

    تفتیشی ذرائع کے مطابق ایس پی چوہدری اسلم پر ہونے والے مبینہ خودکش حملے کی تحقیقات کیلئے آنے والے غیر ملکی ماہرین اور خفیہ اداروں کے ماہرین نے کراچی بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے بنائی جانیوالی آخری رپورٹ پر اتفاق کرلیا ہے۔

    غیر ملکی ماہرین اور خفیہ اداروں کے ماہرین نے کہا ہے کہ خود کش حملہ آور نے ایک سے زائد ڈیٹونیٹنگ سسٹم لگایا تھا جس میں ایک ریموٹ کنٹرول اور دوسرا الیکٹرک آن آف بٹن شامل ہیں۔ الیکٹرک بٹن عموماً خودکش حملہ آور استعمال کرتے ہیں ۔

    دھماکے کے وقت ایک حملہ آور گاڑی میں موجود تھا جبکہ دوسرا ملزم گاڑی کے قریب پچاس میٹر کے احاطے میں تھا اگر گاڑی میں بیٹھا شخص بٹن دبا کر بم کو ڈیٹونیٹ نہیں کرسکے تو باہرموجود شخص اسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکہ کردیتا، جائے وقوع سے ملنے والے شواہد تحقیقاتی اداروں نے الگ الگ اپنی تحویل میں لئے ہیں ۔۔

    جبکہ تفتیشی ادارں نے مبینہ حملہ آور کے والد کو شخصی ضمانت پر رہا کردیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ایس پی چوہدری اسلم کا ذاتی پستول اور موبائل فون جائے وقوع سے نہیں مل سکا ۔پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ پستول کی قیمت ساڑھے تین لاکھ سے چار لاکھ روپے ہے پستول نہ ملنے کے حوالے سے بھی تفتیش کاروں کی تفتیش میں نئے نئے سوال کھڑے ہورہے ہیں ۔
        
       

  • چوہدری اسلم کی شہادت کابدلہ متحد ہوکرلیناہوگا، رحمان ملک

    چوہدری اسلم کی شہادت کابدلہ متحد ہوکرلیناہوگا، رحمان ملک

    سابق وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک کاکہناہے چوہدری اسلم کی شہادت کابدلہ متحد ہوکرلیناہوگا، سینیٹرسعید غنی کہتے ہیں کراچی کی ایک سڑک چوہدری اسلم کے نام سے منسوب کی جائےگی۔

    مایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم شہید کے ایصال ثواب کیلئے ان کی رہائش گاہ پر سوئم کا اہتمام کیاگیا، جس میں ایڈیشنل آئی جی سندھ شاہدحیات اورسیاسی رہنماؤں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر سابق وزیرداخلہ رحمان ملک کاکہناتھا جو طاقت کی زبان سمجھتے ہیں ان سے اسی زبان میں بات کرنی چاہئے۔

    حملوں کی منصوبہ بندی کرنےوالےفضل اللہ کوپناہ دینے والے کنڑ کے گورنرکانام بھی مقدمے میں درج ہوناچاہئے، رحمان ملک کاکہناتھا اتحاد سے چوہدری اسلم کی شہادت کابدلہ لیناہوگا۔

    سینیٹرسعید غنی کاکہناتھا چوہدری اسلم اور اعتزاز کی شہادت نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے، چوہدری اسلم کے نام سے کراچی سٹی کی ایک سڑک کو منسوب کیا جائے گا، شہید چوہدری اسلم کوخراج عقیدت پیش کرنےکیلئے شہریوں کی جانب سے شمعیں بھی روشن کی گئیں۔
       

  • چوہدری اسلم حملہ کیس:خود کش بمبار کےوالد کا ڈی این اے ٹیسٹ

    چوہدری اسلم حملہ کیس:خود کش بمبار کےوالد کا ڈی این اے ٹیسٹ

    چوہدری اسلم حملہ کیس کی تفتیش جاری ہے، مبینہ خودکش بمبار کےوالدکا ڈی این اے کرانے کیلئےخون کے نمونے اسلام آباد بھجوادئے گئے، جبکہ لیاری ایکسپریس وے کےچوکی انچارج اور تین ملازمین کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا۔

    چوہدری اسلم کے قافلےپر خود کش حملہ کی تحقیقات میں پیشرفت جاری ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق مبینہ حملہ آور نعیم اللہ صدیقی کے والدرفیع اللہ صدیقی کا ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کیلئے خون کے نمونے لے لئے گئے،جو اسلام آباد میں فارنزک لیب بجھوادیئے گئے، فارنزک رپورٹ آنے میں دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔.

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کےایک چوکی انچارج اور تین ملازمین کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے،دوسری جانب شب بنارس کالونی اور اطراف کے علاقوں میں سیکیورٹی اداروں کی کارروائی میں گرفتار افراد سے بھی پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ پیلی ٹیکسی کے ڈرائیوردلاور خان سے بھی تفتیش جاری ہے۔

    ٹیکسی ڈرائیور دلاور نے بیان میں کہا جمعرات کی شام کاٹھور ہائی وے سے ایک سواری لیکربراستہ لیاری ایکسپریس وے ماڑی پور جارہا تھا، عیسیٰ نگری پہنچا تو اس وقت کچھ فاصلے پرسفید رنگ کی سوزوکی کھڑی تھی،اچانک دھماکہ ہوا اور دھند کے بادل چھا گئے اور کچھ نہ دکھائی دینے لگا۔

    دھماکے سے وہ اور ٹیکسی میں سوار شخص بھی زخمی ہوئے۔ اُدھر چوہدری اسلم کی بم پروف گاڑی تفتیشی حکام کے لئے سوالیہ نشان بن کر رہ گئی۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ادارے اس کھوج میں ہیں کہ چوہدری اسلم کی بم پروف گاڑی واقعی خراب تھی یا اسے واپس لیا گیا تھا ؟ اگر خراب تھی تو کیا خرابی تھی اور اگر کسی کے حکم پر واپس لی گئی تو اس کے پیچھے کیا عوامل تھے۔

     

  • چوہدری اسلم خود کش حملہ :خود کش حملہ آور کی شناخت ہوگئی

    چوہدری اسلم خود کش حملہ :خود کش حملہ آور کی شناخت ہوگئی

    ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پرخودکش حملہ کرنے والے کی شناخت نعیم اللہ کے نام سے کرلی گئی ہے، ذرائع کے مطابق حملہ آورقصبہ کارہائشی تھا اور قصبہ کے ہی ایک مدرسے کاطالب تھا۔

    ذرائع کے مطابق حملہ آور کی شناخت نعیم اللہ کے نام سے ہوگئی، حملہ آور قصبہ کالونی کارہائشی تھا۔۔۔حملہ آورکی شناخت کے بعد پولیس کےمختلف مقامات پرچھاپے مارے۔

    ذرائع کاکہناہے حملہ آورنعیم اللہ کےبھائی کوسی آئی ڈی نےکچھ عرصہ قبل حراست میں لیاتھا لیکن جرم ثابت نہ ہونے پر اس کورہاکیاگیاتھا۔۔ذرائع کایہ بھی دعویٰ ہے حملہ آور قصبہ کےعلاقےمیں واقع مدرسہ جامعہ ربانیہ کا طالب علم تھا اس مدرسہ کا طالب علم پہلےبھی خودکش حملہ کرچکاہے۔

    ایس پی سی آئی ڈی سیل راجہ عمرخطاب کے مطابق چوہدری اسلم پر گاڑی میں موجود خودکش بمبار نے قریب آکرحملہ کیاتھا ابتدائی رپورٹ کے مطابق دوسوکلو دھماکاخیز مواد نیلے رنگ کے ڈبوں میں رکھا گیا تھا، ڈی آئی جی ظفر بخاری کاکہناتھاحملےمیں ہائی ایکسپلوز استعمال کیا گیا۔

    ظفربخاری نے بتایاحملےسے دو دن پہلے چوہدری اسلم کی کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی جس میں کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے دھمکیاں دی گئی تھیں۔حملے کےدوسرے روز بھی فرانزک ٹیم سمیت تحقیقاتی اداروں نے جائے وقوع کا جائزہ لیا اور مزید شواہد اکٹھے کئے۔

     

  • کراچی:شہید چوہدری اسلم گزری قبرستان میں سپرد خاک

    کراچی:شہید چوہدری اسلم گزری قبرستان میں سپرد خاک

    ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کوآہوں اور سسکیوں کے ساتھ گزری قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ، قوم کے نامورسپوت کو خراج عقیدت پیش کرنےکیلئےسندھ پولیس اورپاک فوج کے اعلیٰ افسران نےنماز جنازہ میں شرکت کی۔

    اے ایس آئی کیریئر کی ابتدا کرنےوالے چوہدری اسلم کی پوری زندگی مجرموں کیخلاف جنگ سے عبارت تھی، دہشت گرد ہوں یاٹارگٹ کلرز سب کے لیےچوہدری اسلم ہیبت کی علامت تھا، شہید ایس پی کے جنازے کاوقت آیاتو نہ صرف محکمے کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے بلکہ پاک فوج کے بریگیڈیئر اور سیاسی رہنما بھی قوم کے جری سپوت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آئے۔

    وزیراعلیٰ سندھ ،آئی جی سندھ،شرجیل میمن اور سی پی ایل سی چیف سمیت ہزاروں افراد چوہدری اسلم کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے، بریگیڈیئرفرخ نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے شہید کے جسد خاکی پرپھول نچھاور کیے۔

    پولیس کے چاق وچوبند دستے نے اپنے عظیم ساتھی کو سلامی دی، اس کے بعدشہید ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کو گزری قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا اور یوں جرات وشجاعت کا ایک اورعہد اختتام پذیرہوا، آسماں تیری لحد پہ شبنم افشانی کرے۔
       

  • صدرمملکت ممنون حسین کی شہید چوہدری اسلم کی بیوہ سے تعزیت

    صدرمملکت ممنون حسین کی شہید چوہدری اسلم کی بیوہ سے تعزیت

    صدرمملکت ممنون حسین نے چوہدری اسلم کی بیوہ سے تعزیت کی ، ان کا کہنا ہے کہ چوہدری اسلم نے قوم کی خاطر جان کی قربانی دی۔

    چوہدری اسلم کی بیوہ کو ٹیلی فون میں صدرمملکت ممنون حسین نے چوہدری اسلم کی بہادری کی تعریف کی اور کہا کہ چوہدری اسلم شہیدنےقوم کی خاطرجان کی قربانی دی۔

    وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چوہدری اسلم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے،انہوں نے ثابت کیا کہ پولیس فورس میں بہادروں کی کمی نہیں، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا تھاکہ وہ ایک دلیر اور بہادر پولیس افسر تھے۔

    کے پی کے اسمبلی میں چوہدری اسلم کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ رکن صوبائی اسمبلی نگہت اورکزئی کا کہنا تھاکہ چوہدری اسلم سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے لئے قابل تقلید مثال ہیں۔
       

  • چوہدری اسلم دلیر اور بہادر افسر تھے، وزیر اعلی سندھ

    چوہدری اسلم دلیر اور بہادر افسر تھے، وزیر اعلی سندھ

    وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے چوہدری اسلم دلیر اور بہادر افسر تھے انہوں نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے بہادری سے جان دی۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا چوہدری اسلم دلیر اور بہادر افسر تھے۔۔ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے بہادری سے جان کا نزرانہ پیش کیا ۔

    ان کا کہنا تھا کراچی میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور اس کے لیے قیمتی جانوں کی قربانی دی ہے، ان کا کہنا تھا عوام کے جان ومال کی حفاظت حکومت کا فرض ہے۔

    کراچی کو اچھی طرح چلانے اور رونقیں بحال کرنے کی ہر کوشش کررہے ہیں،وزیر اعلی سندھ کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا تئیس فروری تک بلدیاتی انتخابات کرائے جا سکتے ہیں ۔

  • ایس پی سی آئی ڈی شہید چوہدری اسلم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    ایس پی سی آئی ڈی شہید چوہدری اسلم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    ایس پی سی آئی ڈی شہید چوہدری اسلم گزشتہ روز دھماکے میں شہید ہوگئے تھے، شہید چوہدری اسلم کی 3 پولیس اہلکار سمیت نمازجنازہ پولیس ہیڈ کوارٹر میں ادا کردی گئی۔

    جس پر سندھ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی  پیش کی۔

    وزیر اعلی سندھ  قائم علی شاہ ، اویس مظفر ،آجی سندھ ، ڈی جی رینجرز ، سیاستدان ، اور علمئدین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

    آرمی چیف کی جانب سے بھی پھول چڑھائے گئے، ایس پی سی آئی ڈی شہید چوہدری اسلم کی تدفین گزری قبرستان میں ہوگی ۔

  • چوہدری اسلم پرحملہ خودکش تھا، ابتدائی رپورٹ تیار

    چوہدری اسلم پرحملہ خودکش تھا، ابتدائی رپورٹ تیار

    تحقیقاتی ٹیموں نے چوہدری اسلم پرحملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی، ڈی آئی جی ظفر بخاری کا کہنا ہے کہ حملہ خودکش تھا، جس میں دو سو کلو باروداستعمال ہوا،  دو دن پہلے طالبان ترجمان نے چوہدری اسلم کو فون پردھمکیاں بھی دی تھیں۔

    تحقیقاتی ٹیمیں چوہدری اسلم پر حملے کی تفتیش کرنے میں مصروف ہیں، راجہ عمرخطاب کا کہنا ہے کہ چوہدری اسلم پر گاڑی میں موجود خودکش بمبار نے حملہ کیا، دھماکا چوہدری اسلم کے قریب آکر کیا گیا، ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد نیلے رنگ کے ڈبوں میں رکھا گیا تھا اور دو سو کلوبارود استعمال کیا گیا۔

    چوہدری اسلم کے گھر پر حملے اور اس حملے میں ایک جیسا مواد استعمال ہوا جبکہ امریکی سفارتخانے، سول لائنز میں دھماکا خیز مواد سے بھی مماثلت ہے، ڈی آئی جی ظفر بخاری نے کہا کہ حملے میں ہائی ایکسپلوز استعمال کیا گیا، اسپتال سے ٹیکسی ڈرائیور کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    ظفربخاری نے کہا کہ دو دن پہلے چوہدری اسلم کی کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی جس میں کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے دھمکیاں دی گئی تھیں تاہم چوہدری اسلم نے دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

    تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے دھماکے میں زخمی اہلکاروں سے بھی بیانات لیے جائیں گے، حملے کے دوسرے روز بھی راجہ عمرخطاب، نیاز کھوسو سمیت اعلیٰ افسران اور دیگرتحقیقاتی اداروں نے جائے وقوع کا جائزہ لیا اور مزید شواہد اکھٹے کئے۔

    لیاری ایکسپریس وے عام ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا، فرانزک ٹیم دھماکے کے بعد کے شواہد اکھٹے کرنے کے عمل میں مصروف رہی، پولیس کی ہدایت پر لیاری ایکسپریس وے اور عیسیٰ نگری قبرستان سے حملے کے شواہد اکھٹے کئے گئے۔