Tag: چوہدری سرور

  • ’پاکستان کا پرچم اور افواج  کی عزت  و تکریم ہماری ریڈ لائن ہے‘

    ’پاکستان کا پرچم اور افواج کی عزت و تکریم ہماری ریڈ لائن ہے‘

    لاہور: مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ پاکستان کا پرچم اور افواج پاکستان کی عزت و تکریم ہماری ریڈ لائن ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شیخوپورہ کے سابق تحصیل ناظم بلال ورک نے ساتھیوں سمیت ق لیگ میں شمولیت اختیار کرلی، دونوں رہنماؤں نے چوہدری محمد سرور، چوہدری شافع حسین سے ملاقات کی۔

    اس موقع پر مسلم لیگ امریکا کے صدر میاں ذاکر بھی موجود تھے۔

    ق لیگی رہنما چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان بنایا تھا اب اس مشکل مرحلے میں پاکستان بچائیں گے، اصل انقلاب عوام کی ضروریات زندگی کو پورا کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج امیر غریب سب پاکستان کے حالات سے پریشان ہیں، سیاسی بحران میں واحد غیرمتنازع شخصیت چوہدری شجاعت اور ق لیگ ہے۔

    دوسری جانب ق لیگ کے سیکریٹری جنرل پنجاب چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سیاسی محاذ پر بڑا سرپرائز دیں گے، الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

  • پرانے پاکستان میں کرپشن کی شرح 15 فی صد، نئے پاکستان میں 55 فی صد تک جا پہنچی: چوہدری سرور

    پرانے پاکستان میں کرپشن کی شرح 15 فی صد، نئے پاکستان میں 55 فی صد تک جا پہنچی: چوہدری سرور

    سرگودھا: سابق گورنر چوہدری سرور نے مقبول ترین جماعت چھوڑنے پر کسی پچھتاوے کے اظہار کے بغیر کہا ہے کہ پرانے پاکستان میں کرپشن کی شرح 15 فی صد اور نئے پاکستان میں 55 فی صد تک جا پہنچی۔

    سابق گورنر پنجاب و رہنما ق لیگ چوہدری سرور نے سرگودھا میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’مجھے مقبول ترین جماعت چھوڑنے پر کوئی پچھتاوا نہیں، مجھے اس سے غرض نہیں کہ کس کے ساتھ کتنے لوگ اور کتنی مقبولیت ہے، میں اپنے اعمال پر اپنے اللہ کو جواب دہ ہوں۔‘‘

    سابق گورنر چودھری محمد سرور پی ٹی آئی کی چار سالہ کارکردگی پر برس پڑے، ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے پوچھتا ہوں کہ گزشتہ چار سال میں بچنے والا اڑھائی ہزار ارب کا ڈویلپمنٹ بجٹ کہاں گیا، کوئی پل، سڑک یا موٹر وے نہیں بنا تو پھر رقم کہاں گئی؟ پرانے پاکستان میں رشوت کا ریٹ 10 سے 15 فی صد تھا، نئے پاکستان میں کرپشن کی شرح 55 فی صد تک جا پہنچی۔

    انھوں نے کہا ’’میں سپریم کورٹ کے باہر احتجاج میں شامل نہیں ہوں گا، ایسی کسی مشاورت میں شامل نہیں ہوں اس لیے اس پر تبصرہ نہیں کروں گا۔‘‘

    ق لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کو گالیاں دیں یا اسٹبلشمنٹ کو لوگ خوش ہوتے ہیں، عدالتوں کو پارٹی نہیں بننا چاہیے، اسٹیبلشمنٹ کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ سرکاری املاک اور اداروں پر حملے قابل افسوس اور قابل مذمت ہیں، سرکاری عمارات اور اداروں پر بلوچستان لبریشن آرمی اور تحریک طالبان پاکستان نے حملے کیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں الیکشن ہونے ہیں دو ماہ پہلے یا دو ماہ بعد، یہ حق و باطل، سچ اور جھوٹ، ظالم اور مظلوم کی لڑائی نہیں ہے، یہ اپنے اپنے سیاسی مفادات کی جنگ ہے۔

    چوہدری سرور نے کہا ’’میرے نزدیک چور کسی بھی جماعت میں ہو وہ چور ہے، بدقسمتی سے ہر پارٹی میں چوروں، لٹیروں، بدعنوانوں کا غلبہ ہے، اور جو اداروں کو گالیاں دیتا ہے اس کی مقبولیت بڑھ جاتی ہے۔‘‘

  • صدر مملکت نے چوہدری سرور کی برطرفی کی منظوری دے دی

    صدر مملکت نے چوہدری سرور کی برطرفی کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے چوہدری سرور کی برطرفی کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے چوہدری سرور کی برطرفی کی منظوری کے ساتھ ساتھ عمر سرفراز چیمہ کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دے دی۔

    صدر مملکت نے یہ منظوری آئین کے آرٹیکل 101 کے تحت دی ہے۔

    چوہدری سرور نے عہدے سے برطرفی کے ردِ عمل میں وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آپ ایک طرف کہتے ہیں بلیک میل نہیں ہوں گا، پھر اس شخص سے بلیک میل ہو رہے ہیں جس کے 9 ایم پی اے ہیں۔

    گورنر پنجاب محمد سرور چوہدری عہدے سے برطرف

    خیال رہے کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے چناؤ سے قبل گورنر پنجاب چوہدری سرور کو برطرف کر دیا گیا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب کو علیم خان گروپ سے رابطوں کی وجہ سے برطرف کیا گیا ہے۔

    چوہدری سرور کے بارے میں وزیر اعظم کو اطلاعات تھیں کہ وہ علیم خان گروپ کو سپورٹ کر رہے ہیں، فواد چوہدری نے کہا چوہدری سرور اچھے آدمی ہیں، ان کے لیے بڑا احترام ہے، تاہم چوہدری سرور کی پرویز الہٰی کے ساتھ نہیں بن رہی تھی، اس لیے ہٹا دیاگیا۔

  • بڑی خبر، گورنر پنجاب اور ان کی اہلیہ کو کرونا ویکسین لگا دی گئی

    بڑی خبر، گورنر پنجاب اور ان کی اہلیہ کو کرونا ویکسین لگا دی گئی

    لاہور: پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین ٹرائلز کے سلسلے میں بڑی خبر آ گئی ہے، گورنر پنجاب چوہدری سرور اور ان کی اہلیہ بیگم پروین سرور کو بھی کرونا ویکسین لگا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرونا ویکسین ٹرائلز کے دوران گورنر پنجاب اور ان کی اہلیہ کو بھی آج یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں کرونا ویکسین لگا دی گئی۔

    قبل ازیں، یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز آمد کے موقع پر وی سی آفس میں گورنر پنجاب کو کرونا ویکسین سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

    وائس چانسلر یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جاوید اکرم نے بتایا کہ یونی ورسٹی میں 2 اکتوبر سے کرونا ویکسین کے ٹرائلز جاری ہیں، اور اب تک 7 ہزار لوگوں پر کرونا ویکسین کے ٹرائلز کیے جا چکے ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کے تمام اسٹاف کو بھی کرونا ٹرائل ویکسین لگا دی گئی ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کرونا ابھی گیا نہیں واپس آ گیا ہے، خطرات بڑھ رہے ہیں، عوام سے اپیل ہے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کرونا بے قابو ہوا تو ہیلتھ سسٹم کو شدید متاثر کر دے گا۔

    پاکستان میں کرونا ویکسین کلینیکل ٹرائلز کے حوالے سے ایک اور بڑی خبر

    واضح رہے کہ پاکستان میں چینی کمپنی کین سائینو کی ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز جاری ہیں، یک دسمبر کو پاکستان میں کرونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کے لیے ایک اور چینی کمپنی نے خواہش کا اظہار کر دیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چینی کمپنی زافائی لانگ کام نے بیجنگ میں پاکستانی مشن سے رابطہ کر کے پاکستان میں کرونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کی خواہش کا اظہار کیا، اور پاکستانی مشن سے اس سلسلے میں تعاون کی درخواست کی۔

  • کراچی میں بارش سے متاثرہ افراد کے لیے خوش خبری

    کراچی میں بارش سے متاثرہ افراد کے لیے خوش خبری

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری سرور بارش سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے کل کراچی پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق فرینڈز آف پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ گورنر ہاؤس لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ منگل کو کراچی جا کر بارشوں سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگائیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر عمران اسماعیل سے بھی ملاقات کروں گا۔

    نیوز کانفرنس میں چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا ہم کراچی میں بارش سے متاثرہ گھروں کی تعمیر اور مرمت کے لیے بلاسود قرضے دیں گے، کراچی میں تقریباً 10 ہزار افراد کے گھر متاثر ہوئے ہیں، یہ قرضے آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے۔

    صنعت کار گوہر اعجاز نے کہا کہ فرینڈز آف پاکستان کے نام سے ایک گروپ بنایا گیا ہے، جس میں بڑے صنعت کاروں کو شامل کیا گیا ہے، یہ گروپ لوگوں کی مدد کے لیے منگل کو کراچی جائے گا، اور متاثرہ افراد میں ایک ماہ تک کا راشن تقسیم کیا جائے گا۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ سب مل کر کام کریں، ہم منگل کو کراچی جا کر نقصانات کا تخمینہ لگائیں گے، تمام لوگوں کو پیغام ہے کہ آئیں مل کر کام کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا پوری دنیا میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہوتی ہے، کرونا کے دوران ہم سب نے مل کر کام کیا، اب سیاست سے بالاتر ہو کر سندھ میں کام کرنا ہے، وزیر اعظم کراچی کی صورت حال کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

    چوہدری سرور کا کہنا تھا اپوزیشن کو بھی کراچی جانا چاہیے، جو بھی اچھا کام کرے اس کی حمایت کرنی چاہیے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی کراچی کا دورہ کریں گے۔

  • تجارتی خسارے کو 20 ارب ڈالر سے3 ارب ڈالر تک لانا تاریخی اقدام ہے،گورنر پنجاب

    تجارتی خسارے کو 20 ارب ڈالر سے3 ارب ڈالر تک لانا تاریخی اقدام ہے،گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ تجارتی خسارے کو 20 ارب ڈالر سے3 ارب ڈالر تک لانا تاریخی اقدام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے وزیر قانون راجہ بشارت سمیت صوبائی وزرا نے ملاقات کی۔وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت،وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں بھی ملاقات میں شر یک تھے۔

    اس موقع پر چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ عمران خان اصولوں پر ڈٹ جانے والا لیڈر ہے سمجھوتہ کر نے والا نہیں ہے، حکومتی اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر اور ملک وقوم کو مضبوط کر رہے ہیں، ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    گورنر پنجاب نے کہا کہ تحر یک انصاف کا ایجنڈ اسیاسی مفاد نہیں ملک کو فلاحی ریاست بنانا ہے،تجارتی خسارے کو 20 ارب ڈالر سے 3 ارب ڈالر تک لانا تاریخی اقدام ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا خوشحال بھی بنائیں گے،حکومت شفافیات او ر میرٹ کو ہر سطح پر یقینی بنا رہی ہے۔

    چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت سے بڑھ کر حکومت کی کوئی اور ترجیح نہیں ہے، اداروں میں اصلاحات کے لیے پہلی بار کوئی حکومت کام کر رہی ہے۔

  • ’سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا‘

    ’سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا‘

    لاہور: گورنرپنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں، ریاض حکومت نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی سے یہ تاثر نہ لیا جائے کہ وبا پر قابو پالیا گیا، وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، احتیاطی تدابیر پر عمل ضروری ہے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ وبا بےقابو ہوئی تو طبی نظام پر پڑنے والا بوجھ ناقابل برداشت ہوگا ڈاکٹروں کی تجاویز کو سنجیدہ لینا ہوگا، حکومت اپنے وسائل کروناوائرس کے خلاف استعمال کررہی ہے۔

    خیال ہے کہ وبا کی اس مشکل گھڑی میں بھی سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ نہیں چھوڑا، حالیہ دنوں بھاری مالیت کا راشن پیکج صوبہ پنجاب کے حوالے کیا گیا جسے لاک ڈاؤن کے متاثرین اور مستحقین تک پہنچایا جارہا ہے۔

    شاہ سلمان کا تحفہ پاکستان پہنچ گیا

    مذکورہ امدادی پیکج میں دیے گئے ہر راشن کے بیگ میں 10 کلو آٹا، 5 کلو چینی، 5 کلو چاول، 5 لیٹر ککنگ آئل، 2 کلو خشک دودھ، آدھا کلو چائے کی پتی اور 2 کلو کھجوریں شامل ہیں۔

    امدادی سامان کی مالیت تقریباً 16 کروڑ 61 لاکھ ہے، راشن حکومت پنجاب کے تعاون سے لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں تقسیم کیا جارہا ہے، انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ تقسیم کا مرحلہ جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

  • گورنر پنجاب نے کرونا ریسکیو ہیلپ لائن کا افتتاح کردیا

    گورنر پنجاب نے کرونا ریسکیو ہیلپ لائن کا افتتاح کردیا

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کرونا ریسکیو ہیلپ لائن کا افتتاح کردیا، ریسکیو 1122 ہیڈ کوارٹر میں 1190 کرونا ہیلپ لائن بنائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے کرونا ریسکیو ہیلپ لائن کا افتتاح کردیا، افتتاحی تقریب میں ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر ودیگر نے شرکت کی، کرونا وائرس سے آگاہی کے لیے 24 گھنٹے 30 سے زائد آپریٹرز موجود ہوں گے۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کرونا ٹیسٹ کی ضرورت پر فوری رہنمائی کی جائے گی، کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سخت انتظامات سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

    چوہدری سرور نے کہا کہ کرونا سے آگاہی کے لیے 24 گھنٹے کام کرنے کی ضرورت ہے، عوام کی جان کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائیں گے۔

    مزید پڑھیں: گورنر پنجاب کا کرونا سے متاثرہ افراد کے لیے بڑا اعلان

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پورے ملک کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، بڑے نقصان سے بچنے کا واحد حل حفاظتی تدابیر پرعمل کرنا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 136 ہے، کرونا کے 106 مریضوں کا تعلق ڈی جی خان سے ہے، لاہور میں 20، ملتان 4، راولپنڈی میں ایک کرونا مریض زیرعلاج ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ کرونا ٹیلی میڈیسن سے مریضوں کا آن لائن چیک اپ کیا جارہا ہے، کرونا سے متاثرہ افراد کو راشن اور دیگر سہولیات فراہم کریں گے۔

  • ’’بیرون ملک سے کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں‘‘

    ’’بیرون ملک سے کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں‘‘

    لاہور: وزیرکھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں اس کا ثبوت عالمی کبڈی کپ میں دنیا بھر سے کھلاڑیوں کی شرکت کرنا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنرہاؤس پنجاب میں کبڈی ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی، گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کبڈی کھلاڑیوں کی دستاربندی کی، گورنر پنجاب نےکبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔

    اس موقع پر وزیرکھیل رائے تیمور بھٹی کا کہنا تھا کہ عالمی مقابلے کرانے کا کریڈٹ پنجاب حکومت کو جاتا ہے، سری لنکا اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیمیں پاکستان آئیں، پاکستان میں کبڈی ورلڈکپ کو بہت زیادہ دیکھا گیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کبڈی ورلڈکپ پاکستان میں 2دن ٹاپ ٹرینڈ رہا۔

    پاکستان بھارت کو ہرا کر پہلی بار کبڈی ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا

    دریں اثنا گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ کبڈی فائنل میں پہلے ہاف میں سب نروس تھے، کھلاڑیوں کی محنت کی بدولت کامیابی ہمارا مقدر بنی، سرلنکا ٹیم پر حملے کے وقت سنگاکارا بھی موجود تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ سنگاکارا کی بہادری پر داد دیتا ہوں کہ وہ دوبارہ آئے، قذافی اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل بنانے کا سوچ رہے ہیں، سیکیورٹی اداروں کاشکریہ،آج سکون کا سانس لے رہے ہیں، عمران خان کے ویژن کے مطابق پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔

  • ’امریکا افغانستان میں امن چاہتا ہے تو اسے ہماری بات سننا چاہئے‘

    ’امریکا افغانستان میں امن چاہتا ہے تو اسے ہماری بات سننا چاہئے‘

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہم نے دہشت گردی کو شکست دی ہے، امریکا افغانستان میں امن چاہتا ہے تو اسے ہماری بات سننا چاہئے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری فوج اور قوم کی گراں قدر خدمات ہیں۔

    گورنر پنجاب نے کہا کہ سی پیک میں شامل پنجاب کے منصوبے نہایت اہم ہیں، سی پیک کے منصوبے پنجاب سے کہیں زیادہ ہیں، جس میں گوادر پورٹ نہایت اہم ہے۔

    چوہدری محمد سرور نے کہا کہ چین کشمیر میں 5 اگست کے بعد کی صورت حال پر حمایت پر شکر گزار ہیں۔

    مزید پڑھیں: مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں: گورنر پنجاب

    واضح رہے کہ چند روز قبل ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ امن چاہتا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ جنگ کبھی مسئلے کا حل نہیں ہوتی۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں، مودی کے ہوتے ہوئے امن کی توقع نہیں ہے۔ فاشسٹ آدمی کبھی امن کی بات نہیں کرتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ دہشت گردانہ ذہن کی عکاس ہے، مختلف ہتھکنڈوں سے بھارت خطے کے امن کو داؤ پر لگانا چاہتا ہے۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت جان لے کسی بھی در اندازی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستانی عوام اور افواج ملک کے تقدس کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔