Tag: چوہدری شجاعت حسین

  • چوہدری شجاعت حسین  کو ڈسچارج کرنے کا فیصلہ آج کیا جائے گا

    چوہدری شجاعت حسین کو ڈسچارج کرنے کا فیصلہ آج کیا جائے گا

    لاہور : مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کو ڈسچارج کرنے کا فیصلہ آج کیا جائے گا ، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت کی صحت کافی حد تک بہترہو چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سروسز اسپتال میں 8 روز سے زیر علاج مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی حالت میں بہتری آرہی ہے ، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت کی صحت کافی حد تک بہترہو چکی ہے ، ان کی شوگربلڈ پریشرنارمل ہے اور وہ اب آسانی سے سانس لے رہے ہیں۔

    ذرائع میڈیکل بورڈ کے مطابق 4رکنی میڈیکل بورڈ آج چوہدری شجاعت حسین کا طبی معائنہ کرے گا ، جس کے بعد ان کو ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    خیال رہے مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو چھ نومبر کو طبعیت ناساز ہونے پر سروسز ہسپتال منتقل کیاگیا، چاررکنی بورڈ بورڈ روزانہ کی بنیاد پر چیک اپ کررہا ہے۔

    ڈاکٹرز کے مطابق چوہدری شجاعت کی حالت پہلے سے بہتر ہے، انھیں نرم غذا دی جارہی ہے۔

  • پرویزمشرف کو سزا سے سرحد پر تعینات ہر سپاہی کو دکھ ہوا، چوہدری شجاعت

    پرویزمشرف کو سزا سے سرحد پر تعینات ہر سپاہی کو دکھ ہوا، چوہدری شجاعت

    لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ پرویزمشرف کو سزا سے سرحد پرتعینات ہر سپاہی کو دکھ ہوا، ہمیں فوج کے ہر سپاہی کے جذبات کا بھی احساس ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ سپاہی سرحد، سیاچن، ایل او سی پر کھڑا دشمن کی ہر چال کا مقابلہ کر رہا ہے، سپاہی ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہا ہے۔

    چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پرویزمشرف کو سزا سے سرحد پرتعینات ہر سپاہی کو دکھ ہوا، ہمیں فوج کے ہر سپاہی کے جذبات کا بھی احساس ہونا چاہیے، سپہ سالار کو غدار کہا جائے گا تو فرائض انجام دینے والے سپاہی پر کیا بیتے گی۔

    مسلم لیگ ق کے سربراہ نے کہا کہ کوئی کسی بھی ملک کا آرمی چیف آسانی سے نہیں بنتا، پرویزمشرف نے ملک کے لیے دو جنگیں لڑیں، آج وہ لوگ غداری کا واویلا کر رہے ہیں جنہوں نے حلف لیا۔

    چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ عوام کو گمراہ کن لوگوں سے ہوشیار رہنا چاہیے، عوام کو اپنے محافظوں کو جھوٹے لوگوں سے محفوظ رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ منفی پراپیگنڈے سے صرف اور صرف ملک دشمن کو فائدہ ملتا ہے، ملک دشمن اس صورت حال کا بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے۔

    آئین شکنی کیس میں پرویز مشرف کو سزائے موت کا حکم

    یاد رہے کہ گزشتہ روز خصوصی عدالت نے سابق صدر اور جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو آئین شکنی کیس میں سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔

  • قوم کو جنرل قمر جاوید باجوہ کی اشد ضرورت ہے، چوہدری شجاعت حسین

    قوم کو جنرل قمر جاوید باجوہ کی اشد ضرورت ہے، چوہدری شجاعت حسین

    لاہور: مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے حکومتی فیصلے کی حمایت کرتے ہیں، قوم کو جنرل قمر جاوید باجوہ کی اشد ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ فوج کے سپہ سالار کی تقرری باقاعدہ نظام کے تحت ہوئی، اس معاملے کے قانونی پہلو عدالت میں زیر بحث ہیں۔

    چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا آرمی چیف کے معاملے پر پاکستان کو حسب معمول تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے جبکہ یہ ہمارا اندورنی مسئلہ ہے، بھارت یا کسی بھی ملک سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں: حکومت کل تک اس معاملے کا حل نکالے، پھر ذمہ داری ہم پر آ جائے گی ، چیف جسٹس کے ریمارکس

    اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق آرمی چیف کی مدت میں توسیع کےفیصلےکی حمایت کرتی ہے کیو نکہ قوم کوجنرل قمرجاویدباجوہ کی اشدضرورت ہے، پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ اور اُن کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔

    چوہدری شجاعت حسین کا مزید کہنا تھا کہ بھارت یاد رکھے پاکستان کے خلاف غلط اندازوں سے نقصان ہوتا ہے، پاکستان کی افواج ملک کےدفاع کی بھرپورصلاحت رکھتی ہیں۔

    یاد رہے کہ آرمی چیف آف اسٹاف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے جہاں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ مقدمے کو سُن رہا ہے، آج ہونے والی سماعت میں حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل پیش ہوئے جنہوں نے حکومتی مؤقف پیش کیا، عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے حکومت کو ایک روز  کی مزید مہلت دے دی۔

  • چوہدری شجاعت حسین کی پیرصاحب پگارا کو لاہور آنے کی دعوت

    چوہدری شجاعت حسین کی پیرصاحب پگارا کو لاہور آنے کی دعوت

    لاہور : پاکستان مسلم لیگ(ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے پیرصاحب پگارا کو لاہور آنے کی دعوت دی ، جسے پیرصاحب پگارا نے قبول کرتے ہوئے کہا دبئی جارہا ہوں،واپسی پر لاہورکا دورہ کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے فنکشنل لیگ کے سربراہ  پیرصاحب پگارا سے ٹیلی فون پررابطہ کیا ، بات چیت کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    چوہدری شجاعت نے پیر پگارا کو لاہور آنے کی دعوت دی، پیر پگارا نے چوہدری شجاعت کی دعوت قبول کرلی اور کہا مختصردورے پردبئی جارہا ہوں،واپسی پر لاہورکا دورہ کروں گا۔

    یاد رہے چند روز قبل مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت نے وزیراعظم کو مشورہ دیا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے معاملے پر ایک طوفان کھڑا ہوگیا ہے، اس طوفان کو عمران خان نے ہی کنٹرول کرنا ہے، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

    مزید پڑھیں: نوازشریف معاملے کے طوفان کو عمران خان نے ہی کنٹرول کرنا ہے، چوہدری شجاعت حسین

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اللہ نے ایک موقع دیا ہے، وزیر اعظم ایسے لوگوں کی بات نہ سنیں جو ان کا نقصان کریں، اور اپنے ماتھے پر کلنک کا وہ داغ نہ لگنے دیں جس کو دھویا نہ جاسکے، صاحبِ اقتدار کو چاہیے کہ وہ عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئےمہنگائی اور بے روزگاری پرتوجہ دے۔

    اس سے قبل چوہدری شجاعت حسین نے کہا تھا کہ پہلا دھرنا ہو ا جس میں مولوی اور پولیس آمنے سامنے تھے مگر جھگڑا نہیں ہوا، وزیراعظم اور وزیرداخلہ اعجاز شاہ کو دھرنا کنٹرول کرنے کا کریڈٹ جاتا ہے، دونوں نے بڑی خوش اسلوبی کے ساتھ حالات کو کنٹرول کیا۔

  • اہل خانہ نے چوہدری شجاعت کے انتقال کی تردید کر دی

    اہل خانہ نے چوہدری شجاعت کے انتقال کی تردید کر دی

    گجرات: چوہدری شجاعت حسین کے اہل خانہ اور جماعت مسلم ق نے ان کے انتقال کی تردید کر دی.

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت کی وفات سے متعلق خبر غلط نکلی.

    اہل خانہ نے تصدیق کی ہے کہ چوہدری شجاعت حسین سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنےوالی خبربے بنیاد ہے.

    چوہدری شجاعت حسین جرمنی میں زیرعلاج ہیں، ان کی صحت پہلے سے بہتر ہے، وہ مکمل علاج کروا کر جلد وطن واپس پہنچ رہے ہیں.

    مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الہٰی نے بھی تصدیق کی ہے کہ چوہدری شجاعت حسین کی طبیعت بہت بہتر ہے، افواہوں پرکان نہ دھراجائے.

    مونس الہٰی نے مزید کہا ہے کہ سوشل میڈیاپرکی جانے والی باتوں میں کوئی صداقت نہیں.

    خیال رہے کہ چوہدری شجاعت کا شمار ملک کے متعبر سیاست دانوں‌ میں ہوتا ہے، وہ وزیر داخلہ اور وزیر اعظم پاکستان کے عہدے پر فائز رہے، اس وقت ان کی جماعت  مسلم لیگ ق حکومت کی اتحادی ہے.

  • چوہدری شجاعت کا چیئرمین سینیٹ کو ٹیلی فون، حمایت کی یقین دہانی

    چوہدری شجاعت کا چیئرمین سینیٹ کو ٹیلی فون، حمایت کی یقین دہانی

    لاہور: مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ٹیلی فون کر کے حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ق لیگی رہنما چوہدری شجاعت نے صادق سنجرانی کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی، انھوں نے کہا کہ صادق سنجرانی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کا کوئی جواز نہیں۔

    چوہدری شجاعت حسین نے چیئرمین سینیٹ سے کہا کہ میری اور پرویز الہٰی کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، آپ کے خلاف عدم اعتماد کی کوئی تحریک کام یاب نہیں ہوگی۔

    حمایت کی یقین دہانی پر صادق سنجرانی نے چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہٰی کا شکریہ ادا کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  چیئرمین سینیٹ کے خلاف ممکنہ تحریک، حکومت اور اتحادی بھرپور مقابلے کے لیے تیار

    خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتیں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانا چاہتی ہیں، اس سلسلے میں انھوں نے اے پی سی میں فیصلہ کیا اور چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی سے متعلق رہبر کمیٹی تشکیل دی۔

    دوسری طرف حکومت اور اتحادی جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی ممکنہ تحریکِ عدم اعتماد سے نمٹنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

    اس سلسلے میں آج چیئرمین سینیٹ کی رہایش گاہ پر اہم اجلاس منعقد ہوا، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، سینیٹر اعظم خان سواتی، زبیدہ جلال اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے سینیٹرز کی بڑی تعداد بھی اظہار یک جہتی کے لیے صادق سنجرانی کی رہایش گاہ پہنچی۔

  • احتساب عدلت میں چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس کی خریداری کا کیس بند

    احتساب عدلت میں چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس کی خریداری کا کیس بند

    لاہور: احتساب عدالت نے چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف انکوائری بند کرنے کی درخواست منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور کی احتساب عدالت کو بتایا کہ پلاٹس ملازم نے خریدے، چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی کا پلاٹس سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا۔

    نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پلاٹس کی خریداری سے چوہدری برادران کا کوئی تعلق نہیں ہے، چوہدری برادران کے خلاف کسی قسم کے ثبوت نہیں ملے۔

    خیال رہے کہ چوہدری برادران کے خلاف احتساب عدالت میں ایل ڈی اے سٹی میں 28 پلاٹس غیر قانونی طور پر خریدنے کا ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: پلاٹس کی فروخت : چوہدری برادران کیخلاف نیب انکوائری بند کرنے کی منظوری

    رواں سال جنوری میں قومی احتساب بیورو نے احتساب عدالت کو سفارش کی تھی کہ چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس خریدنے کا کیس بند کر دیا جائے۔

    نیب نے کہا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی اور چوہدری شجاعت حسین کے خلاف اس کیس میں کوئی دستاویزی یا زبانی شواہد نہیں ملے۔

    واضح رہے کہ نیب چوہدری برادران کو نا جائز اثاثہ جات کیس میں بھی طلب کر چکا ہے، چوہدری برادران اپنے اور اہل خانہ کے تمام اثاثہ جات کی تفصیلات نیب کو جمع کرا چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ چوہدری برادران کے خلاف مذکورہ کرپشن کیس نیب کے 179 میگا کرپشن کیسز میں شامل ہیں جنھیں 2015 میں دائر کیا گیا تھا۔ ریفرنس کے مطابق چوہدری برادران پر 2.428 ارب کے غیر قانونی اثاثہ جات، آمدن سے زائد اخراجات اور نا جائر بھرتیوں کے الزامات ہیں۔

  • چوہدری شجاعت نے شہباز شریف سے مبینہ رابطوں کی تردید کر دی

    چوہدری شجاعت نے شہباز شریف سے مبینہ رابطوں کی تردید کر دی

    لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف سے مبینہ رابطوں کی تردید کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں موجود ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے میاں شہباز شریف سے رابطوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف سے رابطہ ہوا نہ اس کا امکان ہے۔

    چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان نیک نیتی سے مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہیں۔

    مسلم لیگ ق کے رہنما نے مزید کہا ’شہباز شریف کو میری طرف سے کوئی پیش کش نہیں ہوئی، شریف برادران پہلے میرے مشورے’منافقت سے پرہیز‘ پر عمل کریں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب کابینہ میں ممکنہ ردوبدل، شہباز شریف اور چوہدری شجاعت کے لندن میں رابطے

    خیال رہے کہ ذرایع نے کہا تھا کہ لندن میں موجود مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت اور شہباز شریف نے مشترکہ دوستوں کی مدد سے ایک دوسرے سے رابطہ کیا ہے اور ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرایع کے مطابق چوہدری برادران پنجاب میں مزید اہم عہدے حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔

    کہا گیا کہ شہباز شریف نے چوہدری شجاعت کو پیغام بھیجا ہے کہ آئیں ایک بار پھر جمہوریت کی خاطر ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر آگے کا سفر شروع کریں۔

  • ریاست کی بقا و سلامتی کے لیے فوجی عدالتیں ضروری ہیں: چودھری شجاعت حسین

    ریاست کی بقا و سلامتی کے لیے فوجی عدالتیں ضروری ہیں: چودھری شجاعت حسین

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے اور ریاست کی بقا و سلامتی کے لیے فوجی عدالتیں ضروری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے، ریاست کی بقا اور سلامتی کے لیے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پر کوئی تنازع نہیں ہے۔

    سابق وزیر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مجھ سمیت، آصف علی زرداری، میاں نواز شریف، مولانا فضل الرحمن اور دیگر پارٹی سربراہوں نے دستخط کیے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت نیشنل ایکشن پلان سے متعلق ایوان کو بریفنگ دے: اپوزیشن کا مطالبہ

    انھوں نے کہا کہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے جو رہنما آج فوجی عدالتوں کی مخالفت کر رہے ہیں انھیں یاد رکھنا چاہیے کہ نیشنل ایکشن پلان پر ان کے لیڈروں نے بھی دستخط کیے تھے۔

    ایک سوال کے جواب میں چودھری شجاعت نے کہا کہ 18 ویں ترمیم نے آنے والی نسلوں کے ساتھ ظلم کیا، تعلیم کو صوبوں کے حوالے کر کے بڑی زیادتی کی گئی۔

    انھوں نے کہا کہ یکساں قومی نصاب ہمارے بچوں اور پاکستان کی ضرورت ہے، ہمیں عصبیت اور نفرتوں سے پاک ایک ایسے قومی نصاب کی ضرورت ہے جو تمام صوبوں میں یکساں پڑھایا جا سکے اور اس سے قومی یک جہتی کو فروغ ملے۔

  • بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ سے کچھ تبدیل نہیں ہوگا: چوہدری شجاعت حسین

    بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ سے کچھ تبدیل نہیں ہوگا: چوہدری شجاعت حسین

    سیالکوٹ: مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو  ابھی بچہ ہے، ٹرین مارچ سے کچھ تبدیل نہیں ہوگا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے سیالکوٹ میں خصوصی پریس کانفرنس میں‌ کیا. ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف بیمار ہیں، علاج باہر ہو یا ملک میں، فرق نہیں پڑتا.

    [bs-quote quote=”عمران خان کا ساتھ دینا وقت کی ضرورت ہے، معیشت کو بہتر بنانے کے لئے اے پی سی بلائی جائے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”چوہدری شجاعت حسین”][/bs-quote]

    چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ عمران خان نیک نیتی سے کام کر رہے ہیں، بعض عناصر ملکی مفاد پر ذاتی مفاد کوترجیح دے رہے ہیں.

    ان کا کہنا تھا کہ سیاسی صورت حال بہت خراب ہے، معیشت تباہ ہو رہی ہے، عمران خان کا ساتھ دینا وقت کی ضرورت ہے، معیشت کو بہتر بنانے کے لئے اے پی سی بلائی جائے.

    چوہدری شجاعت نے کہا کہ شریف برادران کا ماڈل ٹاؤن کیس سے بچنا مشکل ہے، مسلم لیگز کے اتحاد سے متعلق سوچیں گے، موجودہ حالات میں سب کو ساتھ لے کر چلنےکی ضرورت ہے.

    مزید پڑھیں: ذوالفقاربھٹو نے جان دیدی لیکن نظریے سے یوٹرن نہیں لیا ، بلاول بھٹو

    خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کے خلاف آج کراچی سے ٹرین مارچ کا آغاز کیا ہے.

    یاد رہے کہ آج مسلم لیگ کے قائد میاں نواز شریف کو سپریم کورٹ کی جانب سے چھ ہفتے کی ضمانت پررہا کیا گیا ہے.