Tag: چوہدری نثار

  • چوہدری نثار کی وزیراعظم  سے ملاقات میں کیا بات ہوئی؟ ن لیگی رہنما کا اہم بیان

    چوہدری نثار کی وزیراعظم سے ملاقات میں کیا بات ہوئی؟ ن لیگی رہنما کا اہم بیان

    اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے رہنما قمر الاسلام راجہ کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کی وزیراعظم سے ملاقات میں سیاسی چیز سامنے نہیں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما قمر الاسلام راجہ نے اے آر وائی نیوز کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں چوہدری نثار کے حوالے سے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں چوہدری نثار ن لیگ پر تنقید کرتے رہے، انھوں نے پارٹی قیادت کو ڈی گریڈکرنےکی کوشش کی۔

    قمرالاسلام راجہ نے بتایا کہ چوہدری نثارکی وزیراعظم سے ملاقات میں سیاسی چیز سامنے نہیں آئی، کوئی سیاسی چیز سامنے آئی تو پارٹی میں گلہ شکوہ اور احتجاج کا حق رکھتا ہوں، چوہدری نثارنے نوازشریف اورمریم نوازپرجلسوں میں اعتراض کیا۔

    لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 2018میں پارٹی نے ٹکٹ دیا تو گرفتار کر لیا گیا، کوئی ملنےنہیں آتا تھا ، میرے بچے انتخابی مہم پر جاتے تو ماں کو پیغام دیا جاتا واپس نہیں آئیں گے، میرا بیٹا بتاتا ہے اسے کہا جاتا تھا، گھر چھوڑجائیں،الیکشن نہ لڑیں، اس کی بڑی وجہ یہ تھی چوہدری نثارالیکشن جیت جائیں۔

    ن لیگی ایم این اے نے کہا کہ سال 2018 میں پارٹی مقبولیت کے باوجود حلقے سے ن لیگ کا ٹکٹ کوئی نہیں لیتاتھا، مجھے جیل میں کہا جاتا تھا شہباز شریف کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن جائیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری نثار اپنے بیٹے کو سامنےلانا چاہتے ہیں تومیں ان کو بطور اچھے استاد ملوں گا، چوہدری نثار کہتے ہیں بچوں کے نیچےس یاست نہیں کروں گا پھر وہ بیٹے کیلئے بھی یہی اصول رکھیں، ان کا یہ بھی اصول ہے وہ اقتدار کے لیے اپنی پالیسی تبدیل نہیں کرتے۔

  • وزیراعظم نے چوہدری نثار کو ن لیگ میں واپسی کی دعوت دے دی

    وزیراعظم نے چوہدری نثار کو ن لیگ میں واپسی کی دعوت دے دی

    وزیراعظم شہباز شریف نے آج سابق وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خٰان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور انہیں ن لیگ میں واپسی کی دعوت دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج ن لیگ کے سابق مرکزی رہنما چوہدری نثار علی خان کی رہائشگاہ پہنچے اور ان سے ملاقات کی۔

    ذرائع نے اس ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم نے چوہدری نثار سے ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں ن لیگ میں واپسی کی دعوت بھی دی۔

    ذرائع نے بتایا کہ چوہدری نثار نے ن لیگ میں واپسی کی پیشکش کا فوری جواب دینے کے بعد بجائے صحت ٹھیک ہونے اور رفقا سے مشاورت کے بعد اس حوالے سے کوئ حتمی فیصلہ کرنے کا کہا۔

    چوہدری نثار علی خان نے اپنی رہائشگاہ آمد کے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم وہاں سے روانہ ہو گئے۔

    واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان ن لیگ کے دیرینہ رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ ن لیگ کے صدر نواز شریف کے انتہائی قریبی ساتھی بھی رہے ہیں اور کئی بار وفاقی وزارت کا منصب بھی سنبھالا۔

    بعد ازاں ان کے ن لیگ کے اختلافات شروع ہوگئے اور پارٹی ذرائع کے مطابق ن لیگ کے سینئر رہنماؤں کو نظر انداز کر کے مریم نواز کو پارٹی میں اہم منصب دیے جانے پر انہیں اعتراض تھا۔

    2018 کے عام انتخابات میں چوہدری نثار نے ن لیگ کے بجائے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا اور پنجاب اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی۔ جس کے بعد انہوں باضابطہ طور پر ن لیگ چھوڑنے کا بھی اعلان کر دیا۔

    مسلم لیگ ن کا حصہ نہیں ہوں، چوہدری نثار

    بعد ازاں مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے بھی ایک تقریب میں صحافی کے ایک سوال کے جواب میں دوٹوک کہا تھا کہ چوہدری نثار کا ن لیگ سے اب کوئی تعلق نہیں ہے۔

    چوہدری نثار کا مسلم لیگ ن سے کوئی تعلق نہیں، مریم نواز

    گزشتہ سال 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں بھی چوہدری نثار علی خان نے آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لیا۔ تاہم این اے 53 پر انہیں ن لیگ کے امیدوار قمر الاسلام سے شکست ہوئی۔

    چوہدری نثار علی خان نے کئی سال سیاسی خاموشی میں گزارے اور اس دوران بعض حلقوں کی جانب سے پی ٹی آئی جوائن کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں، جو بعد ازاں افواہیں ثابت ہوئیں۔

  • راولپنڈی میں کارکنوں کے درمیان جھگڑا، چوہدری نثار کے 7 کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج

    راولپنڈی میں کارکنوں کے درمیان جھگڑا، چوہدری نثار کے 7 کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج

    راولپنڈی: این اے 53 کے امیدوار چوہدری نثار کے حامیوں نے ن لیگ کے کارکن پر مبینہ تشدد کیا جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ چکری میں سابق وزیرِ داخلہ چوہدری نثار کے 7 کارکنوں پر مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ لیگی امیدوار انجینئر قمر الاسلام اور چوہدری نعیم اعجاز کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    مقدمے کے متن کے مطابق چوہدری نثار کے کارکن گزشتہ رات گھر میں زبردستی داخل ہوئے، کارکنوں نے تشدد کا نشانہ بنایا اور ن لیگ کی الیکشن مہم چلانے پردھمکیاں دیں.

    مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے گھر میں توڑ پھوڑ کی اور گیس سلنڈر اٹھا کر لے گئے۔

  • چوہدری نثار کا آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان

    چوہدری نثار کا آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان

    راوالپنڈی : سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا اور کہا عوام کے کندھوں پر سوار ہوکر قومی اسمبلی جانا چاہتے ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق راوالپنڈی ٹیکسلا میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرا داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کسی پارٹی کی دم پکڑ کر نہیں عوام کے کندھوں پر سوار ہوکر قومی اسمبلی جانا چاہتے ہوں۔

    سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ، اقتدار یا وزارت نہیں اصول اہم ہیں، کسی سیاسی جماعت پر تنقید کرکے ووٹ نہیں لوں گا، آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لوں گا۔

    ن لیگ سے متعلق چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ن لیگ میرے ہاتھوں میں پروان چڑھی مسلم لیگ ن سے 35 سال کا تعلق رہا ہے۔

    بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے چوان سالہ سےتعلق ہے ، اچھے دوست ہیں بانی پی ٹی آئی اس وقت مشکل حالات میں ہیں۔

  • کس پارٹی میں جانا ہے یہ فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوگا، چوہدری نثار

    کس پارٹی میں جانا ہے یہ فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوگا، چوہدری نثار

    راولپنڈی: مسلم لیگ(ن) کے منحرف رہنما چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مجھے کس پارٹی میں جانا ہے یہ فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوگا۔

    سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں کوئی سیاسی پارٹی نہیں بنا رہا میری اس وقت تمام تر توجہ اپنےحلقےکےعوام کو متحرک کرنے پر ہے۔

    سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان سے دوستی ، تعلق اور احترام کا رشتہ ہے،کس پارٹی میں جانا ہے یہ فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوگا۔

    چوہدری نثار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ میں کافی عرصہ رہا، ان سے بھی میرا رابطہ ہے، اس وقت میں عوام کے پاس خدمت کی غرض سے آیا ہوں۔

    سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ خونی الیکشن ہوگا یہ میرا مؤقف ہے، الیکشن ہمیشہ بہت ساری سختیوں کو کم کر دیتا ہے

  • ‘شریف خاندان کے یکطرفہ فیصلوں سے چوہدری نثار جیسا سیاستدان کنارہ کشی کرگیا’

    ‘شریف خاندان کے یکطرفہ فیصلوں سے چوہدری نثار جیسا سیاستدان کنارہ کشی کرگیا’

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن میں شریف خاندان کے یکطرفہ فیصلوں سے چوہدری نثار جیسا منجھا ہوا سیاستدان کنارہ کش ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ شریف خاندان کے فیصلوں سے چوہدری نثار جیسا سیاستدان کنارہ کشی کرگیا، شاہد خاقان عباسی کےتحفظات ابھی نقطہ آغازہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 2023 سے پہلے بہت لوگ پارٹی میں بادشاہی نظام کے خلاف آواز بلند کر کے انہیں چھوڑ جائیں گے، پی پی بھی اسی صورتحال سے دوچار ہے۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں نےساڑھے3برس کےدوران صرف نعرےلگائے، عوام ان سیاست دانوں کی منفی سیاست سےمتنفرہوچکےہیں،عثمان بزدار

    بدقسمتی سے حزب اختلاف قوم کو تقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، اپوزیشن جماعتوں کامنفی رویہ تاریخ کاحصہ بن چکاہے اور اپوزیشن نےتمام توانائی صرف زبانی جمع خرچ پرصرف کی۔

  • چوہدری نثار نے حلف اٹھا لیا

    چوہدری نثار نے حلف اٹھا لیا

    لاہور: چوہدری نثار نے پنجاب اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار  علی خان نے الیکشن جیتنے کے 2 سال 10 ماہ بعد پنجاب اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے آخر کار حلف اٹھا لیا ہے، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے ان سے حلف لیا۔

    چوہدری نثار ایم پی اے کا حلف اٹھانے کے بعد پنجاب اسمبلی سے روانہ ہو گئے، قائم مقام اسپیکر نے چوہدری نثار کو خطاب کی دعوت دی مگر انھوں نے معذرت کر لی۔

    وزیر اعلی ٰپنجاب کے بعد پنجاب اسمبلی میں سب سے بڑا پروٹوکول دیکھنے میں آیا، حلف برداری کے موقع پر 44 افراد کو اسمبلی میں داخلے کی اجازت دی گئی، چوہدری نثار کی گاڑی سے لے کر اسپیکر چیمبر تک ان کے لیے خصوصی حفاظتی حصار بنایا گیا۔

    خصوصی حفاظتی حصار کے ساتھ ساتھ اسمبلی سیکیورٹی بھی فرائض سر انجام دیتی رہی۔

    مسلم لیگ ن سے ناراضی کے بعد چوہدری نثار نے 2018 کا الیکشن آزاد حیثیت سے جیپ کے انتخابی نشان پر لڑا تھا، گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا تھا کہ چوہدری نثار علی خان نے خود مسلم لیگ ن چھوڑی تھی، اب ان کی واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔

    چوہدری نثار نے پنجاب اسمبلی کی نشست جیتی لیکن قومی اسمبلی کی 2 نشستوں پر شکست کھاگئے تھے، جس پر دھاندلی کا الزام لگا کر انھوں نے احتجاجاً صوبائی نشست پر حلف لینے سے انکار کر دیا تھا۔

    چوہدری نثار پاکستانی سیاست کا وہ نام ہے جنھوں نے 3 دہائیوں تک ن لیگ کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑا، اور ایوان کا حصہ بنے مگر 2018 کے انتخابات سے پہلے ن لیگ سے اختلافات اس حد تک پہنچ گئے کہ نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد وہ شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کا حصہ بنے نہ ہی مریم نواز کو لیڈر مانا۔ پارٹی سے ناراض اور تین سال سے خاموش، نواز شریف کے ماضی کے اہم ساتھی چوہدری نثار کی اب سیاست میں واپسی ہو گئی ہے۔

    سینئر پارٹی رہنماؤں کے مطابق نواز شریف نے دور اقتدار کے آخری دنوں میں چوہدری نثار کے مشوروں کو نظر انداز کیا، ڈان لیکس کی انکوائری میں پرویز رشید سے متعلق وزارتِ داخلہ کی رپورٹ کو بھی پارٹی میں ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھا گیا۔، چوہدری نثار پر آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان فاصلے بڑھانے کا بھی الزام لگا، جس کی چوہدری نثار نے تردید کی اور کہا کہ ان کے مشوروں اور تجاویز کو شک کی نگاہ سے دیکھا گیا۔

    چوہدری نثار ان چند ارکان اسمبلی میں سے ہیں جنھوں نے 1985 سے لے کر 2013 تک تمام الیکشنز جیتے، وزیر داخلہ کے ساتھ ساتھ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور وزیر پٹرولیم اور قدرتی وسائل بھی رہے، گیلانی کابینہ کے دور میں وزیر خوراک اور زراعت اور لائیو اسٹاک بھی رہے۔

  • چوہدری نثار کا 3 سال بعد پنجاب اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھانے کا فیصلہ

    چوہدری نثار کا 3 سال بعد پنجاب اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھانے کا فیصلہ

    لاہور : چوہدری نثار نے تین سال بعد پنجاب اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ، وہ راولپنڈی سے آزاد حیثیت سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھانےکافیصلہ کرلیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار 24مئی کو رکنیت کا حلف اٹھائیں گے۔

    یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ حکومت کی جانب سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ ایک آرڈیننس منظور کرے گی ، جس میں ان قانون سازوں کی رکنیت منسوخ کردی جائے گی، جنہوں نے اپنے انتخاب کے بعد حلف نہیں لیا۔

    یاد رہے کہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ایک ترمیم منظور کی تھی ، جس کے مطابق منتخب نمائندہ 60 دن کے اندر حلف نہ اٹھائے تو ایک نشست خالی ہوجائے گی۔

    خیال رہے چوہدری نثار نے 2018 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59، این اے 63 سے بطور آزاد امیدوار الیکشن لڑا مگر انھیں تحریک انصاف کے امیدوار نے شکست دے دی تھی۔

    چوہدری نثار پی پی 10 راولپنڈی سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، لیکن طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے بیرون ملک چلے گئے تھے، جس کی باعث وہ حلف نہ اٹھا سکے تھے۔

    بعد ازاں چوہدری نثار نے الیکشن 2018 میں ناکامی کے بعد اعلان کیا تھا کہ اُن کا کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں، احتساب اورانتقام میں فرق ہونا چاہیے، ملک شدید محاذ آرائی کی طرف بڑھ رہا ہے۔

  • چوہدری نثار کا پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کا امکان

    چوہدری نثار کا پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کا امکان

    لاہور: ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار 18 مئی کے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حلف اٹھا سکتے ہیں، چوہدری نثار راولپنڈی سے آزاد حیثیت سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

    چوہدری نثار نے عام انتخابات میں منتخب ہونے کے بعد سے تاحال حلف نہیں اٹھایا، ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کے ن لیگ اور ق لیگ سمیت آزاد ارکان سے رابطے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیر داخلہ نے مختلف جماعتوں کے اراکین سے رابطوں کے بعد صوبائی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    لندن میں شریف برادران سے ملاقات ہوئی یا نہیں؟ چوہدری نثار نے بتا دیا

    یاد رہے کہ رواں برس فروری میں چوہدری نثار علی خان نے 2 ہفتے برطانیہ میں قیام کیا تھا، انھوں نے پاکستان کے لیے روانہ ہوتے وقت کہا تھا کہ ان کی شریف برادران سے ملاقات نہیں ہوئی، نیز وہ معمول کا چیک اپ کرانے گئے تھے۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کے خلاف پاناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد چوہدری نثار نے مسلم لیگ ن سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی، انھوں نے 2018 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59، این اے 63 سے بطور آزاد امیدوار الیکشن لڑا مگر انھیں تحریک انصاف کے امیدوار نے شکست دے دی تھی۔

  • لندن میں شریف برادران سے ملاقات ہوئی یا نہیں؟ چوہدری نثار نے بتا دیا

    لندن میں شریف برادران سے ملاقات ہوئی یا نہیں؟ چوہدری نثار نے بتا دیا

    لندن: مسلم لیگ ن کے سابق رہنما چوہدری نثار علی خان 2 ہفتے برطانیہ میں قیام کے بعد پاکستان روانہ ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان روانگی سے قبل چوہدری نثار نے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شریف برادران سے ملاقات نہیں ہوئی، معمول کا چیک اپ کرانے کے بعد واپس جا رہا ہوں۔

    12 فروری کو چوہدری نثار پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 785 سے لاہور سے لندن روانہ ہوئے تھے، سیاسی مبصرین کا ماننا تھا کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ لندن میں اہم ملاقاتیں کریں گے اور وہ شریف خاندان سے بھی ملاقات کریں گے۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نوازشریف کے خلاف پاناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد چوہدری نثار نے مسلم لیگ ن سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی، انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 ، این اے 63 سے بطور آزاد امیدوار الیکشن لڑا مگر انہیں تحریک انصاف کے امیدوار نے شکست دے دی تھی۔