Tag: چوہدری نثار علی خان

  • گستاخانہ مواد، فیس بک کے نائب صدر آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے، چوہدری نثار

    گستاخانہ مواد، فیس بک کے نائب صدر آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے، چوہدری نثار

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ فیس بک نے توہین مذہب کی 80 سے زائد پوسٹ ہٹا دی ہیں، فیس بک کے نائب صدر آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے جن کے ساتھ کئی معاملات طے کیے جائیں گے، بلاک شدہ تین لاکھ شناختی کارڈ میں سے ایک لاکھ غیر ملکیوں کے تھے انہیں منسوخ کرکے بقیہ دو لاکھ بحال کیے جارہے ہیں۔

    وہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ توہین مذہب سے متعلق بیشترپوسٹ ہٹوا دی گئی ہیں جب کہ  بیرون ملک مقیم چند افراد اور منظم گروہ کے حوالے سے معلومات کے حصول کے لیے بین الاقوامی اداروں اور او آئی سی سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔

    چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اسلام میں غیر مسلم کے ساتھ بھی زیادتی کی اجازت نہیں ہے لیکن مشال خان کے قتل کے معاملے میں اسلام کا غلط استعمال کیا گیا جس پر بہت غلط پیغام گیا، مردان میں طالبعلم کا قتل سفاکیت کی انتہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مشال خان کے قتل کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا اعلان صوبائی حکومت کا اچھا اقدام ہے ، اس معاملے پر جوڈیشل انکوائری کا انتظار کر رہے ہیں۔

    وفاقی وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ غیرملکیوں کو ویزے، پاسپورٹس اورشناختی کارڈ کا اجرا قومی جرم ہے اورسابقہ دورمیں بغیر سیکیورٹی کلیئرنس کے ہزاروں غیرملکیوں کو ویزے، پاسپورٹ اور ویزے جا ری کیے گئے لیکن ہم نے 3 لاکھ سے زائد شناختی کارڈ بلاک کیے ہیں جن میں سے ایک لاکھ سے زائد شناختی کارڈ غیرملکیوں کے ہیں اس لیے یہ شناختی کارڈ منسوخ کیے جارہے ہیں۔

    شناختی کارڈ بحال کرنے کی شرائط

    انہوں نے بتایا کہ بلاک شدہ شناختی کارڈز بحال کیے جارہے ہیں جس کے لیے تین دستاویزات درکار ہوں گے جنہیں نادرا آفس لے جائیں تو ضروری جانچ پڑتال کے بعد شناختی کارڈز بحال ہوجائیں گے ان دستاویزات میں 1978 سے پہلے زمین کا کوئی کاغذ یا ڈومیسائل، محکمہ مال کی جانب سے تصدیق کنندہ شجرہ نسب اور تیسرا اپنے یاکسی رشتہ دار کا سرکاری ملازمت کا سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کراچی میں رینجرز کے اختیارات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی کا امن بحال کرنے میں رینجرز کا اہم کردار رہا ہے اورکراچی کا بچہ بچہ کہہ رہا ہے کہ آپریشن جاری رہنا چاہئے تاہم بد قسمتی سے رینجرز اختیارات کوہمیشہ مسئلہ بنا دیا جاتا ہے فی الحال رینجرز اختیارات کے نوٹی فکیشن پرسندھ حکومت سے رابطے میں ہیں۔

    انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس سے متعلق رپورٹ پر اتفاق ہوگیا ہے جس سے متعلق رپورٹ چند روزمیں پیش کردی جائے گی اور وزیراعظم ہاؤس بھجوا دی جائے گی اس معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا ہے اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر رپورٹ تیار کی گئی ہے۔

    نیپال سے پاکستانی فوج کے سابق افسر کی گمشدگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کو دھوکا دے کر پُر کشش مشاہرے پر کسی دوسرے ملک بلایا جاتا ہے اورپھراسے غائب کردیا جاتا ہے جس کے تانے بانے جہاں سے ملتے ہیں اس پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں جس کے لیے نیپالی حکومت کا پورا تعاون حاصل ہے۔

    انہوں نے آصف زرداری کے تین مبینہ ساتھیوں کی گمشدگی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلزپارٹی کو کانٹا بھی چبے تو کہتے ہیں وزیرداخلہ کی وجہ سے ہے جب کہ میں چھپ کر وار نہیں کرتا ہوں اور پہلے بھی واضح کر چکا ہوں کہ لوگوں کواٹھانا ہماری پالیسی یا کام نہیں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تین لوگوں کا غائب ہونا خلاف قانون ہے اسلام آباد سے لاپتہ شخص سے متعلق کچھ شواہدملے ہیں جسے 24 اپریل کوعدالت میں پیش کریں گے اس کے علاوہ سندھ حکومت جومدد مانگے گی فراہم کریں گے تاہم سندھ حکومت بے سروپا الزام تراشی سے گریز کرے تو شکر گذار رہوں گا۔

    ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اصغرخان کیس گزشتہ حکومت میں عدالت نے ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا اورایف آئی اے ہی اس مقدمے کو آگے بڑھائے گا کو کہ آزاد اور خود مختار ادارہ ہے اس لیے یہ تاثر غلط ہے کہ وفاقی حکومت دباؤ ڈال رہی ہے یا اثرانداز ہونے کی کوشش کررہی ہے۔

  • چوہدری نثار علی خان لندن سے وطن پہنچ گئے

    چوہدری نثار علی خان لندن سے وطن پہنچ گئے

    اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان لندن میں اپنے علاج کے بعدآج وطن واپس پہنچ گئے۔

    تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان طبی معائنے کے بعد لندن سے آج صبح پی آئی اے کی پرواز 786کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے۔

    برطانیہ میں دو ہفتے قیام کے دوران انہوں نے اپنا مکمل چیک اپ کروایاجس میں ان کی تمام میڈیکل رپورٹس نارمل آئی ہیں۔

    لندن ایئرپورٹ پروطن روانگی سے قبل چوہدری نثار علی خان نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان پہنچ کر ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

    وفاقی وزیرداخلہ نے نئے آرمی چیف کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے آرمی چیف ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے مزید بہتر کام کریں گے۔

    مزید پڑھیں:چوہدری نثار علی خان کی جلد صحتیابی کیلئے 7بکروں کا صدقہ

    یاد رہے کہ اس سےقبل گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جلد صحت یابی کےلیے راولپنڈی کی یونین کونسل نمبر 77میں ن لیگ کے چیئرمین وقار ڈار نےسات بکروں کا صدقہ دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ13نومبر کو وزیرداخلہ برطانیہ گئے تھے جہاں انہوں نے برطانوی وزیراعظم اوردیگر حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔

  • دہشت گردوں کا صفایا کردیا، سہولت کاروں کا خاتمہ باقی ہے، چوہدری نثار

    دہشت گردوں کا صفایا کردیا، سہولت کاروں کا خاتمہ باقی ہے، چوہدری نثار

    مردان : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مردان کچہری حملے سے متعلق صوبائی حکومت کو دو بارانٹیلی جنس رپورٹ دی۔ دہشت گرد ملک میں مایوسی پھیلانا چاہتے ہیں۔ فورسز کے اہلکاروں نے جانیں دے کر حملے ناکام بنائے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے مردان میں دھماکے کے زخمیوں کی اسپتال میں عیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اس بار کسی کو شکایت کا موقع نہ دیا۔ مردان حملے کے دوسرے ہی روز زخمیوں کی عیادت کیلیے پہنچ گئے۔

    میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کوشکست ہوچکی ان کا مکمل خاتمہ کر رہے ہیں۔ ورسک میں مارے گئے دہشت گرد غیرملکی تھے، دہشت گردوں کا صفایا کردیا، سہولت کاروں کا خاتمہ کرنا باقی ہے، دہشت گردی کے خلاف نفسیاتی جنگ جیتنے کی ضرورت ہے۔

    چوہدری نثار نے کہا کہ واقعات سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹ موجود تھی ایک نہیں دو بار صوبائی حکومت کو آگاہ کیا گیا وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گرد سرحد پار سے آکر کارروائی کرتے ہیں اور پھر واپس چلے جاتے ہیں جہاں افغان حکومت ان کے خلاف کچھ نہیں کرسکتی۔

    چوہدری نثار کو کمشنر ہاؤس مردان میں حملے کی تحقیقات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیرداخلہ چودھری نثار نے کہا کہ پوری قوم کو بہادری اور عزم سے دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے۔

     

  • ملامنصور کی نعش افغانستان بھیج دی گئی، وفاقی وزیرداخلہ

    ملامنصور کی نعش افغانستان بھیج دی گئی، وفاقی وزیرداخلہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ تحریک طالبان افغان کے امیر ملا اختر منصور کی نعش اُن کے ورثاء کے حوالے کر کے افغانستان روانہ کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا بورڈ کے اہم اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے چوہدری نثارعلی خان کا کہنا تھا ’’ کہ امریکی ڈرون پاک فضائیہ کے ریڈارمیں نہیں آیا، پاک فضائیہ کا ریڈار سسٹم بہت مضبوط ہے اس لیے یہ کہا جاسکتا ہے کہ ڈرون نے سرحد پار سے گاڑی کو نشانہ بنایا ہے۔

    اس موقع پر چوہدری نثار علی خان نے نادرا حکام  کو ہدایت کی کہ ’’نادرا ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہیں، فوری طور پر شناختی کارڈز کی تصدیق کے لیے اب ڈھائی کرورڑ نہیں بلکہ ساڑھے دس کروڑ شناختی کارڈز کے عمل کو شروع کیا جارہا ہے، اس  دوران عوام کو تنگ کرنے سے باز رکھا جائے اور نادرا اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی مرحلے میں جہاں قومی جعلی شناختی کارڑز حاصل کرنے والے افغان باشندے رہائش پذیر ہیں اُن علاقوں کی نشاندہی کی جائے، ازخود شناختی کارڈ نادرا کے حوالے کرنے والے افغانیوں کی حکومت کی جانب سے سہولت فراہم کی جائے گی۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے نادرا حکام کو کہا کہ جعلی شناختی کارڈ بنانے اور ان کی معاونت کرنے والے افراد کے لیے چودہ سال کی سزا دی جائے گی جبکہ اس بات کی نشاندہی کرنے والے کو حکومت کی جانب سے دس ہزار روپے انعام دیا جائے گا اور اُس کی معلومات کو مکمل صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

     چوہدری نثار نے کہا کہ اب نادرا میں کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، نادرا میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بلاتفریق سخت کارروائی کی جائے گی، انہوں نے بتایا کہ ملاء منصور کے شناختی کارڈ کی تصدیق اور اجراء کرنے والے تمام افراد کوگرفتار کرلیا گیا ہے اور اُن سے تفتیش جاری ہے۔

    مزید پڑھیں :         نوشکی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والا شخص ملا منصور تھا، وزارتِ داخلہ

    واضح رہے وفاقی وزیر داخلہ کی جانب باضابطہ اعلان جاری کرتے ہوئے نوشکی ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والے دوسرے شخص کی شناخت کا اعلان کیا گیا تھا۔

  • تمام شہریوں کے شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کرانے کا فیصلہ

    تمام شہریوں کے شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کرانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کو ملک بھر کے شہریوں کے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کا حکم دیا ہے ۔

    نادراحکام کے اجلاس سے خطاب میں وزیرداخلہ داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کرپشن اور نادرا اب ایک ساتھ نہیں چل سکتے، نادرامیں بدعنوانی سے ملک کی بدنامی ہوگی۔

    چوہدری نثار نے تمام شہریوں کے شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کا فیصلہ کرتے ہوئے اڑتالیس گھنٹے میں لائحہ بنانے کا حکم دے دیا۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہنگامی لائحہ عمل اختیارکیا جائے گا، ہمیں سالوں کا کام دنوں میں کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ہنگامی صورتحال ہے، میں دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان کا جعلی شناختی کارڈز نہیں بنتے، پاکستان میں شناختی کارڈز کا حصول آسان بات نہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ نادرا اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے، واضح رہے کہ طالبان رہنما ملا اختر منصور نے بھی ولی محمد کے نام سے پاکستانی شناختی کارڈ بنا رکھا تھا۔

  • چوہدری نثار کا93میگا کرپشن کیسز کے ملزمان کو گرفتارکرنے کا حکم

    چوہدری نثار کا93میگا کرپشن کیسز کے ملزمان کو گرفتارکرنے کا حکم

    اسلام آباد: چوہدری نثارعلی خان نے ترانوے میگا کرپشن کیسز کے ملزمان کو گرفتارکرنے کا حکم دیدیا ہے۔ اس کے علاوہ بیرون ملک فرارہونے والے ملزموں کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے اور ضمانتوں پررہا افراد کی ضمانتیں منسوخ کرانےکی بھی ہدایت دی ہے۔

    چودھری نثارعلی خان کی سربراہی میں ہونیوالے اجلاس میں ایف آئی اے کی دس ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی جانب سے عدالتوں میں مقدمات کی پیروی کیلئے لیگل ٹیم کی استعداد کار بڑھائی جائے۔

    ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق ترانوے میگا کیسز پر تحقیقات چل رہی ہیں۔ تہتر مقدمات زیرسماعت ہیں، بائیس ملزمان گرفتار ہیں، بیس افراد کیخلاف تحقیقات جاری ہیں، دو سو چالیس ملزمان ضمانتوں پر ہیں، ان میگا کیسز میں کل تین سو اکیاون ملزمان ہیں۔

  • چوہدری نثارکی برطانوی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرسے ملاقات

    چوہدری نثارکی برطانوی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرسے ملاقات

    لندن : وزیرداخلہ چوہدری نثار نے ٹین ڈاوننگ اسٹریٹ میں برطانوی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کم ڈراچ سےملاقات کی ۔

    وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان اور برطانوی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کی ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات،دوطرفہ تعاون اورخطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

     چوہدری نثار کا کہنا تھا آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔پاکستان امن کے لیے ہر قدم اٹھانے کےلیے تیار ہے۔

    کم ڈراچ نے پاکستانی عوام کو دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں بےپناہ قربانیاں پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

  • لندن: چوہدری نثار کی برطانوی ہم منصب سےملاقات

    لندن: چوہدری نثار کی برطانوی ہم منصب سےملاقات

    لندن: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے برطانوی ہم منصب سے ملاقات کی ، دونوں رہنماؤں نے الطاف حسین کی تقاریر ، عمران فاروق قتل کیس سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان لندن میں اپنے برطانوی ہم منصب سے اہم ملاقات کی،ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات اور سیکیورٹی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون پر گفتگو کی گئی۔

     چوہدری نثار نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی تقاریر پر حکومت کے موقف سے آگاہ کیا، دنوں رہنماؤں کے درمیان ایم کیو ایم کے مقتول رہنما عمران فاروق کے کیس پر ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔

    چوہدری نثار اور برطانوی وزیر داخلہ میں مفرور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور پاک برطانیہ کے درمیان سزا یافتہ قیدیوں کے تبادے کے معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی ۔

  • پاکستان میں دہشتگردی کا کوئی نیٹ ورک کام نہیں کررہا ، چوہدری نثار

    پاکستان میں دہشتگردی کا کوئی نیٹ ورک کام نہیں کررہا ، چوہدری نثار

    اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان سے تمام دہشتگرد نیٹ ورکس کو ختم کردیا، کوئی کچھ بھی کہے سول ملٹری تعلقات مثالی ہیں ۔

    اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی زمین سے کوئی دہشتگرد نیٹ ورک آپریٹ نہیں کررہا، وزیر داخلہ نے کہ ماضی کے دو فوجی آپریشنز میں حکومتی نااہلی کے باعث دہشتگردی میں اضافہ ہوا۔

     وزیر داخلہ نے بتایا کہ سالوں بعد بلوچستان میں بات چیت شروع کردی گئی ہے،چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مدارس محب وطن ہیں،کسی کو کافر یا واجب القتل کہنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    چوہدری نثار نے کہا کہ کہ کراچی میں جرائم اور دہشتگردی پر ستر فیصد قابو پالیا، وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کچھ معاملات ایسے ہیں جن کو عوامی سطح پر شیئر نہیں کرسکتے۔

    چوہدری علی خان کا کہنا تھا میں نےآرمی چیف سے کہا کہ شہروں کی سیکیورٹی کے لیے فوج دیں، تعداد نہیں بتاؤں گا لیکن آج چاروں صوبوں میں فوج موجود ہے اور چاروں صوبوں میں کاؤنٹرٹیررازم فورس ایک ایک ہزار کی تعداد میں بھی موجود ہے، چاروں صوبوں میں پاک فوج تھرڈ لائن آف ڈیفنس ہے،اس وقت 9 ملٹری کورٹس فنکشنل ہیں،دہشت گردی کے تمام نیٹ ورکس توڑ دیے ہیں۔

    چوہدری نثار نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد سے کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ نو ماہ میں ایک ہزار دہشتگرد مار گرائے جبکہ کراچی میں ستر فیصد امن قائم ہوا۔

  • الطاف حسین کے تقریر انتہائی قابل مذمت ہے، چوہدری نثار

    الطاف حسین کے تقریر انتہائی قابل مذمت ہے، چوہدری نثار

    اسلام آباد: وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ الطاف حسین کے بیانات پر حکومت نے ہر طرح سے صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا،اب وقت آگیا ہے کہ باضابطہ طور پر اس سلسلے میں حکومتِ برطانیہ سے بات کی جائے۔

    وزیرِداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے الطاف حسین کے بیان کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ الطاف حسین نے گزشتہ رات اپنی تقریر میں تہذیب، شائستگی اور شرافت کی تمام حدیں پار کر دیں اور ہمارے سیکیورٹی اور دفاعی اداروں کے حوالے سے ایسی بد ترین زبان استعمال کی ہے جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور جوزبان ہمارے دشمن بالخصوص بھارت عرصہ دراز سے ہمارے خلاف استعمال کر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی پاک فوج اور رینجرز کے بارے میں اخلاق سے انتہائی گری ہوئی باتیں کرنا اور باعزت لوگوں کو گالم گلوچ کرنا اور دھمکیاں دینا نہ صرف سمجھ سے بالاتر ہے بلکہ ناقابلِ برداشت ہے۔

    وزیرِ داخلہ نے کہا کہ کسی فرد کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ملک کے سیکیورٹی اداروں اور ان کے سربراہان کے بارے میں اخلاق سے گری ہو ئی یا دھمکی آمیز گفتگو کرے۔

     وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے میڈیا کا ملکی سیکیورٹی اداروں کے بارے میں اخلاق باختہ، قابلِ اعتراض اور قابلِ مذمت تقریر کو من و عن نشر نہ کرنا ان کے باشعور اور ذمہ دار ہونے کی عکاسی کرتا ہے۔

     وزیرِ داخلہ نے کہا کہ 1971ء کے حوالے سے جو زبان الطاف حسین نے استعمال کی ہے ہو بہو وہی زبان بھارت بھی استعمال کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار پاکستان، اسکی افواج یا رینجرز نہیں ، الطاف حسین کے اپنے کرتوت ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ جوں جوں ان کے گرد برطانیہ میں گھیرا تنگ ہو رہا ہے ویسے ویسے ان کے غصے اور مایوسی کا نزلہ پاکستان کے سیکیورٹی اداروں پر گر رہا ہے۔

    وزیرِ داخلہ نے کہا کہ اردو بولنے والی کمیونٹی تو مہذب اور تہذیب یافتہ ہے، گالم گلاچ اور اخلاقیات سے گری گفتگو کرکے الطاف حسین کیا اردو بولنے والوں کی ترجمانی کر رہے ہیں یا ان کی تضحیک کر رہے ہیں۔