Tag: چوہدری نثار

  • وزیر داخلہ کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے چند گھنٹوں میں دوسری ملاقات

    وزیر داخلہ کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے چند گھنٹوں میں دوسری ملاقات

    لاہور: ڈان لیکس اور پاناما ہنگامہ کے تناظر میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ملاقات کی۔ دونوں رہنما 24 گھنٹے میں دوسری مرتبہ ایک ساتھ بیٹھے اور ڈان لیکس سمیت پاناما کیس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

    وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پچھلے 2 دن سے لاہور میں ہیں۔ چوہدری نثار نے چند گھنٹوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ دوسری ملاقات کی۔ اس سے پہلے ایک روز قبل بھی دونوں نے ملاقات کی تھی۔

    ذرائع کے مطابق دونوں ملاقاتوں میں ڈان لیکس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس معاملے پر ہونے والی اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ متنازعہ خبر کے معاملے پر دونوں رہنما چند روز پہلے آرمی چیف کے ساتھ بھی ملاقات کر چکے ہیں۔

    وزارت داخلہ کے حکام نے ملاقات کو گزشتہ روز کی ملاقات کا تسلسل قرار دیا۔ ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔

  • حکومت کی جانب سے انعامات کی برسات، پولیس اہلکار خوشی میں محو رقص

    حکومت کی جانب سے انعامات کی برسات، پولیس اہلکار خوشی میں محو رقص

    اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پنجاب پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا جس کے بعد پولیس اہلکار خوشی سے جھوم اٹھے اور فرط مسرت سے رقص کرنے لگے۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار نے آج پولیس دربار میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔ دوران خطاب انہوں نے اسلام آباد پولیس، پنجاب پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) اہلکاروں کی بہترین کارکردگی پر انہیں شاباشی دی۔

    انہوں نے پولیس کی تنخواہوں، مراعات اور ریٹائرمنٹ کی مدت میں اضافے کا اعلان بھی کیا۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کو میڈلز دینے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے اور تعریفی اسناد کے ساتھ بہترین کارکردگی پیش کرنے والے اہلکاروں کو 50 ہزار روپے بھی دیے جائیں گے۔

    انعامات کی اس برسات سے پولیس اہلکار خوشی سے جھوم اٹھے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص شروع کردیا۔

    تاہم اسلام آباد پولیس کی خوشی اس وقت مایوسی میں بدل گئی جب انہیں پتہ چلا کہ اعلان کردہ تمام انعامات پنجاب پولیس اور ایف سی کے لیے ہیں اور انہیں صرف شاباشی پر ٹرخا دیا گیا ہے۔

  • دہشت گرد ختم نہیں ہوئے،ہر وقت الرٹ رہنا ہوگا،چوہدری نثار

    دہشت گرد ختم نہیں ہوئے،ہر وقت الرٹ رہنا ہوگا،چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہناہےکہ دہشت گرد ختم نہیں ہوئے ہمیں ہر وقت الرٹ رہنا ہوگا۔

    تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں نیشنل پولیس اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہناتھاکہ آج میرے اور پاکستان کےلیے دکھ کا لمحہ ہے اور کوئٹہ میں لوگ شہیدوں کی میتیں اٹھارہے ہیں۔

    وفاقی وزیر داخلہ کا کہناتھا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہےدہشت گردختم نہیں ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ جاری ہے،وفاقی وزیرداخلہ نےکہاکہ ہمیں مستقل الرٹ رہنا ہوگا۔

    کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی کی تقریب سےخطاب میں چوہدری نثارنےکہاعوام جنازےاٹھااٹھاکرعدم تحفظ کاشکارہیں۔

    چوہدری نثارنے اعتراف کیاکہ سانحےکےچندروزالرٹ رہنےکےبعدہم واقعہ بھول جاتےہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ہروقت الرٹ رہناہوگا۔

    انہوں نے پولیس اہلکاروں سے کہا کہ آپ کی طاقت آپ کا ایمان ہے،اسی کو لے کر آگے چلنا ہے۔وفاقی وزیرداخلہ کا کہناتھا کہ کامیابی ٹیم ورک سے حاصل ہوسکتی ہے۔

    چوہدری نثار علی خان کا کہناتھا کہ افواج پاکستان اور پولیس ہر روز قربانیاں دی رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہدا نے اپنے خون سے قربانیوں کا نیا باب روشن کیا ہے۔

    مزید پڑھیں:کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ، 60 اہلکار شہید، 3 دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ گزشتہ روز رات گئےکوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پرتین دہشت گردوں کے حملےمیں 60اہلکار شہید،118 سے زائد زخمی ہوئے،فورسزکی کارروائی میں3دہشت گردمارے گئےتھے۔

  • دھرنا روکنے کیلئے، وزیر داخلہ کا پولیس کو انتظامات کرنے کا حکم

    دھرنا روکنے کیلئے، وزیر داخلہ کا پولیس کو انتظامات کرنے کا حکم

    اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار نے 2 نومبر کے اسلام آباد دھرنے کے خلاف پولیس کو تمام تر انتظامات کرنے کی ہدایات دے دیں تاہم انہیں کارروائی کے احکامات چند روز میں دیے جائیں گے۔

    یہ پڑھیں: پی ٹی آئی دھرنا : حکومت کا شرکاء سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

    نمائندہ اے آر وائی نیوز ذوالقرنین کے مطابق یہ ہدایات انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں دیں۔

    اعلیٰ سطح اجلاس میں اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور لاہور سمیت دیگر شہروں کے پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

    یہ بھی پڑھیں: حکومت بے بس نہیں‌ بنے گی،ریاستی مشینری بند نہیں‌ ہونے دیں‌ گے، وزیراعظم

    اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے پنجاب پولیس کو دھرنے کے خلاف تمام تر تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران دھرنے کے شرکا کو روکنے کی تیاریاں مکمل رکھیں۔

    اسی سے متعلق:عمران خان کا ٹیلی فون، طاہرالقادری نے دھرنے میں شرکت کی دعوت قبول کرلی

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب پولیس انتظامات کرلے تاہم اسے احکامات تین سے چار روز میں دیے جائیں گے کہ انہیں کرنا کیا ہے۔

  • ملکی حفاظت کیلیے بیرونی دشمن کیخلاف متحد ہونے کا وقت ہے، چوہدری نثار

    ملکی حفاظت کیلیے بیرونی دشمن کیخلاف متحد ہونے کا وقت ہے، چوہدری نثار

    ٹیکسلا : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پوری قوم متحد ہے،آج اندرونی سیاست کا نہیں بیرونی دشمن کیخلاف متحد ہونے کا وقت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔

    بھارت پاکستان کا براہ راست مقابلہ نہیں کرسکتا اس لیے وہ چھپ کر وار کرے گا، ان کہنا تھا کہ ہم بھارت کی گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہے۔


    India is behind terrorism in Pakistan, says… by arynews

    بھارت کیخلاف پوری قوم متحد ہے۔ اگر کسی نے بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا، تو یہ قوم ایک مکے کی طرح یکجا ہو گی۔

    مودی کی گزشتہ روز کی تقریر کے بعد یہ ضروری ہوگیا ہے کہ ہم متحرک سفارتکاری کریں اور عالمی برادری کو بتائیں کہ خطے میں شرپسندی کون پھیلا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مودی کی تقریر سے واضح ہو گیا کہ کون امن اور کون جنگ چاہتا ہے۔ میں نے آج تک کسی ملک کے سربراہ کو اس قسم کی زبان استعمال کرتے نہیں دیکھا۔

    ہمسایہ ملک کی دھمکیوں سے بھی دنیا کو آگاہ کرنا چاہیے۔ ایک وزیر اعظم کی ایسی تقریر کا اقوام متحدہ سمیت تمام ممالک کو نوٹس لینا چاہیے۔

     

  • صرف فوج ہی نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے یہ کہنا درست نہیں، نثار

    صرف فوج ہی نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے یہ کہنا درست نہیں، نثار

    اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے کہا ہے کہ یہ کہنا غلط ہے کہ فوج نیشنل ایکشن پلان پر عمل کررہی ہے حکومت نہیں، تنقید برائے تنقید نہ کی جائے حکومتی کوششوں کا اعتراف کیا جائے۔

    سینیٹ میں بیان دیتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا،دہشت گردی روکنےکی ذمہ داری حکومت اور اداروں کی ہے،حالات میں بہتری کااعتراف کیا جانا چاہیے۔

    چوہدری نثار نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے ایجنسیوں پرغلط تنقید کی، ایجنسیاں ملک کی بقا کی جنگ لڑرہی ہیں اور اپنا کام کررہی ہیں، تنقید برائے تنقید نہیں ہونی چاہیے۔

    وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد ی کے بعد وی آئی پیز کو اسپتال جانے سے گریز کرنا چاہیے،اسپتال میں دوروں کا معاملہ سیاسی اور فوجی قیادت سے اٹھاؤں گا۔

    واضح رہے کہ آرمی چیف نے یوم پاکستان کی تقریب میں نیشنل ایکشن پلان پر اظہارخیال کیا تھااور تقریر میں اداروں کو بدنام کرنے والوں پر بھی تنقید کی تھی۔

  • وزیر داخلہ چوہدری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

    وزیر داخلہ چوہدری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

    اسلام آباد: ایم کیوایم کے قائد کے معاملے پر برطانوی ہائی کمشنر نے چوہدری نثار سے ملاقات کی ہے جس میں وزارت داخلہ جانب سے قائد متحدہ کے خلاف کارروائی کے لیے بھیجے گئے ریفرنس پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دار الحکومت میں وزیر داخلہ چوہدری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات ہوئی جس میں قائد ایم کیوایم کے خلاف بھیجے گئے ریفرنس پربات چیت ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے الطاف حسین کے خلاف کارروائی کے لیے ضروری شواہد برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کردیئے، چوہدری نثار نے برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں کہا کہ الطاف حسین نے اپنی تقریر کے ذریعے اشتعال انگیزی کی اور بد امنی پھیلائی، برطانوی حکومت اپنے قوانین کے مطابق متحدہ بانی کے خلاف کارروائی کرے۔

    ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے ہائی کمشنر سے کہا کہ قائد ایم کیوایم کے خلاف برطانوی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے،برطانوی ہائی کمشنر نے الطاف حسین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے، انہوں نے بتایا کہ برطانیہ میں تشدد پراکسانے کے قوانین بہت سخت ہیں۔

  • یقین ہے کوئی بھی اردوبولنے والا متحدہ قائد کا ساتھ نہیں دے گا، چوہدری نثار

    یقین ہے کوئی بھی اردوبولنے والا متحدہ قائد کا ساتھ نہیں دے گا، چوہدری نثار

    کراچی : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف بیانات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے لیکن مذمت مسئلے کا حل نہیں، مسئلہ سوچ کا ہے، آج وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی آیا ہوں تاکہ کراچی کے عوام کو مبارک باد دے سکوں۔ اردو بولنے والا طبقہ پاکستان کا سب سے محب وطن طبقہ ہے، اور مججھے یقین ہے کہ پاکستان مخالف نعرے پر کوئی بھی اردو اسپیکنگ الطاف حسین کا ساتھ نہیں دے گا، یہ خوش آئند بات ہے کہ پچیس سال میں پہلی مرتبہ کراچی کے عوام کسی کی دھمکی میں نہیں آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    میڈیا ہاؤسز پر حملے قابل مذمت ہیں 

    نثار علی خان نے کہا کہ دو دن قبل کراچی میں افسوس ناک واقعہ ہوا، توڑ پھوڑ ہوئی۔ گزشتہ روز ہونے والے میڈیا ہاؤسز پر حملے کے واقعے پر بہت افسوس ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے احسن طریقے سے حالات پر قابو پایا،اس کیلئے میں گورنر، وزیراعلیٰ سندھ ڈی جی رینجرز مبارک با د کے مستحق ہیں۔ اس حوالے سے میڈیا نے بھی بہت ذمہ داری کا مظاپرہ کرتے ہوئے مثبت رپورٹنگ کی۔ ہر شخص کی سیکیورٹی اہم ہے لیکن ٹارگٹ کے لحاظ سے میڈیا ہائی پروفائل ٹارگٹ ہے، ایک ٹیررازم کے لحاظ سے اور دوسرا مظاہرہ آپ دو دن قبل حملے کی صورت میں دیکھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو کہہ دیا ہےکہ اس ضمن میں خصوصی انتظامات کیے جائیں اور میڈیا کو سخت سیکیورٹی دی جائے، میڈیا کے لیے ایک سیکیورٹی سسٹم تشکیل دیا جائے گا۔

    متحدہ قائد کی پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی قابل مذمت ہے 

    چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آیا کہ الطاف حسین نے ایسی بات کیوں کہی؟ بد قسمتی سے پرسوں ہونے والی تقریر جس کو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لوگوں نے سنا کہ کس طرح اس شخص نے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کی جس کو اسی ملک نے عزت دی، پرسوں کی تقریر نے تمام پردے ہٹادیئے، تمام راز عیاں کردیئے، ساری تقاریر کا ریکارڈ ہمارے پاس کئی برس سے محفوظ ہے، غیر ملکی فنڈنگ پاکستان کے ذریعے نہیں ہوئی اس میں ایک اور ملک ملوث ہے۔

    متنازعہ تقریرسے متعلق  برطانیہ کو شواہد دے دیئے ہیں

    ایک اور سوال پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی تقاریر دس برس قبل ٹیلی فونک شروع ہوئیں، تقریر کے خلاف برطانیہ کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا، ہم نے برطانیہ کو شواہد دے دیئے ہیں اسی کے نتیجے میں الطاف حسین نے معافی مانگی، ہم نے باقاعدہ دو دن قبل کہہ دیا تھا کہ جو شواہد دیئے ہیں اس کے نتیجے میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کارروائی کرے، ہم برطانوی حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ اس واقعے کا نوٹس لے جس میں ایک شخص مارا بھی گیا ، امید ہے معاملے میں پیش رفت ہوگی، کیوں کہ یہ پاکستان کی سالمیت کا مسئلہ ہے امید ہے حکومت برطانیہ جلد اس کیس میں پیش رفت کرے گی۔

    اردو بولنے والے تمام محب وطن پاکستانی ہیں 

    اردو اسپیکنگ پاکستان کا محب وطن ترین طبقہ ہے کسی اور طبقے نے پاکستان کے لیےاتنی قربانیاں نہیں دیں، اپنے لیڈر کی آواز پر اپنا وطن چھوڑ کر یہاں آگئے، انہوں نے کہا کہ ایسی کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے الطاف حسین پاکستان مردہ بادہ کہہ گئے ، میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ کوئی اردو اسپکنگ الطاف حسین کا ساتھ نہیں دے گا کیوں کہ ان کی زندگی ان کا سب کچھ پاکستان ہے کیوں کہ پاکستان کی بات ہوتی ہے تو کراچی والے امڈ آتے ہیں۔ ان کے چہروں ان کی آنکھوں اور ان کی آواز میں پاکستان سے محبت چھلکتی ہے۔ چوہدری نثار نے خدشہ ظاہر کیا کہ اب یہ ظاہر کیا جائےگا کہ یہ لڑائی حکومت اور اردو اسپیکنگ کمیونٹی کی ہے، ایسا نہیں ہونے دیا جائےگا، یہ ایڈمنسٹریٹو سطح پر میں نے کہہ دیا ہے۔

    کراچی کے عوام نے خوف کا بت توڑ دیا 

    کراچی کے عوام کو مبارک باد دیتا ہوں کہ 20 22 سال کا خمیازہ اتار پھینکا، پہلے کسی کو کھجلی بھی ہوتی تھی تو کراچی کو بند کردیا جاتا تھا، ایک دن کراچی بند ہونے سے پاکستانی کی معیشت کو پانچ ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے، اب کوئی بھی اس شہر کو یرغمال نہیں بنا سکے گا، یہ خوش آئند بات ہے کہ پچیس سال میں پہلی مرتبہ کراچی کے عوام کسی کی دھمکی میں نہیں آئے۔

    ایم کیو ایم ایک ہوگی یا دوجلد پتہ چل جائے گا 

    ایک صحافی کی جانب سے اس سوال پر کہ ایم کیو ایم کا ترجمان واسع جلیل آج بھی ایم کیو ایم لندن کی نمائندگی کررہا ہے، جس پر چوہدری نثار نے کہا کہ یہ آئینی معاملات ہیں، ہم اپنے قانونی ماہرین بھیج رہے ہیں، ایف آئی آر کی بھی درخواست ہے ، صحافی جو پوچھ رہے ہیں اس حوالے سے چند روز میں سب کے سامنے سب کچھ آجائے گا، ایم کیو ایم ایک ہوگی یا دو سب واضح ہوجائے گا۔

    آرمی چیف کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں 

    گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کوئی کچھڑی نہیں پک رہی، کسی کے ذہن میں پک رہی ہوگی، آرمی چیف ایک پروفیشنل عہدہ ہے جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، کچھ لوگ مسئلے کو سیاسی بنانا چاہتے ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کے علاوہ بھی اسلام آباد میں ایک حکمت عملی طے کی جارہی ہے جس کے لیے تمام وزرائے اعلیٰ کو جلد طلب کیا جائےگا۔

    متحدہ کے دفاترکا فیصلہ سندھ خکومت کرے گی 

    متحدہ قومی موومنٹ کے دفاتر سیل کرنے سے متعلق انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے سندھ میں دفاتر سیل کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت پالیسی بنائے اور ہمیں ارسال کرے جو صوبائی حکومت فیصلہ کرے گی وفاق اس کی تائید کرے گا۔

     

  • وزیر داخلہ چوہدری نثار کا اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال کو ٹیلیفون

    وزیر داخلہ چوہدری نثار کا اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال کو ٹیلیفون

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال کو ٹیلی فون کر کے اے آر وائی کے دفتر پر ہونے والے حملہ پر اظہار افسوس کیا۔

    وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال سے ٹیلی فون کے ذریعہ رابطہ کیا۔ چوہدری نثار نے کل اے آر وائی کے دفتر پر ایم کیو ایم کارکنان کے حملہ اور اس سے ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس کیا۔

    وزیر داخلہ نے واقعہ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

    انہوں نے آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت اے آر وائی نیوز کے تمام دفاتر اور ان کے ملازمین کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات اٹھا رہی ہے۔

    کچھ شیشے ٹوٹ گئے تو کون سی قیامت آگئی؟ *

    وزیر اعلیٰ سندھ اور ڈی جی رینجرز کا اے آر وائی نیوز کے دفتر کا دورہ *

    اے آر وائی کے دفتر پر حملہ کے خلاف سیاسی رہنماؤں کا اظہار مذمت *

    واضح رہے کہ کل شام ایم کیو ایم کے مسلح مشتعل کارکنان نے کراچی کے علاقہ صدر میں واقع اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کیا۔ حملہ میں ایک شخص جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوئے۔

    مشتعل کارکنان نے اے آر وائی کے دفتر میں شدید توڑ پھوڑ کر کے دفتر کا نقشہ بدل دیا۔ انہوں نے سیکیورٹی گارڈز اور عملہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور دفتر میں موجود خواتین کو بھی ہراساں کیا۔

    واقعہ کے بعد کراچی اور حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر ایم کیو ایم کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا اور متحدہ کے متعدد دفاتر سیل کردیے گئے۔ فاروق ستار، خواجہ اظہار الحسن اور ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سمیت متعدد رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا جن میں سے کچھ کو رات گئے چھوڑ دیا گیا۔

  • اے آر وائی پرحملہ:وزیراعظم کا ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم

    اے آر وائی پرحملہ:وزیراعظم کا ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم

    کراچی: وزیراعظم نواز شریف نے اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا، چوہدری نثار نے رینجرز سے رپورٹ مانگ لی۔

    ترجمان وزیراعظم کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صحافت پر حملہ ناقابل قبول ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وفاقی اور صوبائی اداروں کے حکام کو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

    صدر مملکت ممنون حسین نے بھی میڈیا ہائوسز پر حملوں کی مذمت کی ہے۔

    دریں اثنا وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے رینجرز سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور کہا ہے کہ میڈیا ہائوسز پر دھاوا ناقابل قبول ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے، سندھ حکومت میڈیا ہائوسز اور ان کے ورکرز کی سیکیورٹی یقینی بنائے ۔