Tag: چوہدری پرویز الہٰی

  • چوہدری پرویز الہٰی کی اہل خانہ کے ساتھ تصویریں بھی سامنے آ گئیں

    چوہدری پرویز الہٰی کی اہل خانہ کے ساتھ تصویریں بھی سامنے آ گئیں

    لاہور: چوہدری پرویز الہٰی جیل سے رہائی کے بعد گھر پہنچے تو اہل خانہ نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا، اہل خانہ کے ساتھ ان کی تصاویر بھی سامنے آ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الہٰی گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل لاہور سے رہا ہو گئے، رہائی کے بعد وہ ظہور الہٰی پیلس پہنچ گئے جہاں اہلیہ اور دیگر افراد نے ان کا استقبال کیا۔

    اپنے گھر میں چوہدری پرویز الہٰی کی اہل خانہ کے ساتھ تصویریں بھی سامنے آ گئی ہیں، جن میں وہ جیل اور عدالتی پیشیوں کی تکالیف کے بعد پرسکون اور مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔ 78 سالہ پرویز الہٰی کو محض بانی پی ٹی آئی کا ساتھ دینے اور منحرف نہ ہونے کے جرم پر اس عمر میں بھی سخت ذہنی و جسمانی اذیت دی گئی۔

    پرویز الہٰی نے اس موقع پر کہا ’’میری گرفتاری اور ظلم میں سب سے اہم کردار محسن نقوی کا رہا، میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تھا، ہمیشہ رہوں گا، میں ثابت قدم رہا، ججوں نے حق اور سچ کا ساتھ دیا۔‘‘

    پرویز الہٰی کوٹ لکھپت جیل سے رہا

    ’شجاعت صاحب کے بچوں سے مینڈیٹ واپسی تک کوئی بات نہیں ہو گی‘

    انھوں نے کہا کہ گجرات کے لوگوں کو زیادتیاں اور ظلم سہنا پڑا، ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا، چوہدری شجاعت کے بچوں سے مینڈیٹ کی واپسی تک کوئی بات نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی بھرتی کیس میں پرویز الہیٰ کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے، پولیس نے صدر پی ٹی آئی کو اکتوبر 2023 میں گرفتار کیا تھا۔

  • چوہدری پرویز الہٰی کی سی ٹی اسکین رپورٹ ڈاکٹرز کو موصول

    چوہدری پرویز الہٰی کی سی ٹی اسکین رپورٹ ڈاکٹرز کو موصول

    اسلام آباد: چوہدری پرویز الہٰی کی سی ٹی اسکین رپورٹ ڈاکٹرز کو موصول ہو گئی ہے، ان کی کئی پسلیوں میں فریکچر ہے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا پمز اسپتال میں علاج جاری ہے، ڈاکٹروں نے ان کو دو تین روز زیرعلاج رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ان کے لیے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل نہیں دیا گیا، کارڈیک، جنرل سرجری اور پلمونولوجی کے ڈاکٹروں نے پرویز الہٰی کا معائنہ کیا۔

    ذرائع نے کہا چوہدری پرویز الہٰی کی مجموعی صحت تسلی بخش قرار دی گئی ہے، سی ٹی اسکین رپورٹ ڈاکٹرز کو موصول ہو گئی، جس میں پسلیوں کے فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے، چوہدری پرویز الہٰی کی دو تین پسلیوں میں فریکچر ہے۔

    چوہدری پرویز الہٰی واش روم میں گر کر زخمی ہو گئے

    پرویز الہٰی کو پسلیوں اور کمر میں درد کی شکایت ہے، ڈاکٹروں نے جاری ادویات میں معمولی رد و بدل کر دی ہے، اور بعض نئی دافع درد ادویات تجویز کی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پسلیوں کے فریکچر کے لیے سرجری کی ضرورت نہیں ہے، فریکچر از خود ٹھیک ہو جائے گا۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کو شدید نقاہت ہو رہی ہے، اس لیے ڈاکٹروں نے ان کو مکمل بیڈ ریسٹ کی ہدایت کی ہے۔

  • چوہدری پرویز الہٰی واش روم میں گر کر زخمی ہو گئے

    چوہدری پرویز الہٰی واش روم میں گر کر زخمی ہو گئے

    لاہور: ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی واش روم میں گر کر زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پرویز الہٰی و دیگر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کے کیس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت میں میڈیکل رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہٰی جیل کے واش روم میں گر کر زخمی ہو گئے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی کو چلنے پھرنے میں مشکل کا سامنا ہے، خدشہ ہے کہ ان کو فریکچر ہوا ہے، تاہم یہ رپورٹ آنے پر کنفرم ہوگا، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ پرویز الہٰی کو ڈاکٹرز نے دو ہفتوں کے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے پراسکیوشن سے حتمی دلائل طلب کر لیے ہیں۔

  • چوہدری پرویز الہٰی کی  ضمانت منظور

    چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور

    لاہور: ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کی تعیناتی کیس میں چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، عدالت نے ضمانت منظور کرتے ہوٸے پرویز الہٰی کو ایک لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی۔

    وکلا نے دلائل دیے کہ پرویز الہٰی کے وزیر اعلیٰ بننے سے پہلے پرنسپل سیکریٹری کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا تھا، پرنسپل سیکریٹری کا نوٹیفکیشن چیف سیکریٹری پنجاب نے جاری کیا اور مقدمے میں چیف سیکریٹری کو فریق ہی نہیں بنایا گیا۔

    وکلا نے کہا جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا، یہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے، لہٰذا پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر کے ان کی رہائی کا حکم دیا جائے۔

  • پی ٹی آئی  کے ساتھ ہوں اس لئے رہائی میں 4 ماہ لگ گئے ، چوہدری پرویز الہٰی

    پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں اس لئے رہائی میں 4 ماہ لگ گئے ، چوہدری پرویز الہٰی

    لاہور : سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے رہائی کے فیصلے پر اللہ تعالی کا شکر ادا  کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں اس لئے رہائی میں 4 ماہ لگ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ سے رہائی کے حکم کے بعد سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ن لیگ آئی ہے انہوں نے مہنگائی ہی کی ہے ، ملک کا بیڑا غرق کرکے ن لیگ کی قیادت لندن بھاگ گئی۔

    چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ مجھے تو اندر رکھا ہوا تھا پتہ نہیں ملک کا کیا کررہے ہیں ، اب تو آئی ایم ایف نے بھی کہہ دیا ہے الیکشن کرائیں۔

    سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ رہائی کے فیصلے پر سب سے پہلے اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں ،میری رہائی کے لئے دعائیں کرنے والے افراد کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں اس لئے رہائی میں 4 ماہ لگ گئے۔

  • چوہدری پرویز الہٰی کو ایک ماہ کے لیے نظر بند کر دیا گیا

    چوہدری پرویز الہٰی کو ایک ماہ کے لیے نظر بند کر دیا گیا

    لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو ایک ماہ کے لیے نظر بند کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کو تھری ایم پی او کے تحت ایک ماہ کے لیے نظربند کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پرویز الہٰی آئندہ ایک ماہ کیمپ جیل میں رہیں گے، پرویز الہٰی کے خلاف تین مقدمات درج ہیں، وہ پی ٹی آئی کے سرکردہ رہنما ہیں، اس لیے ان سے امن و امان کو نقصان ہو سکتا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں 2، غالب مارکیٹ میں درج ایک مقدمے کا ذکر شامل کیا گیا ہے، اور کہا گیا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی ان کیسز میں پولیس کو مطلوب بھی ہیں۔ واضح رہے کہ سی سی پی او لاہور کی جانب سے پرویز الہٰی کی نظر بندی کے لیے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ لکھا گیا تھا۔

  • ایف آئی اے  نے چوہدری پرویز الہٰی کو دوبارہ حراست میں لے لیا

    ایف آئی اے نے چوہدری پرویز الہٰی کو دوبارہ حراست میں لے لیا

    لاہور : سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کو ایک اور کیس میں گرفتار کرلیا گیا ، چوہدری پرویزالہٰی کی ہفتے کواینٹی کرپشن کیس میں ضمانت ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) کی ٹیم نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری  پرویزالہٰی کو دوبارہ حراست میں لے لیا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کی ٹیم نے سابق وزیراعلٰی کو جیل سے گرفتار کیا، ٹیم پرویزالہٰی کو بکتربند گاڑی میں لے کر روانہ ہوگئی۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ پرویزالہٰی کومنی لانڈرنگ کیس میں تفتیش کیلئے حراست میں لیا گیا ہے۔

    چوہدری پرویزالہٰی کی ہفتے کواینٹی کرپشن کیس میں ضمانت ہوئی تھی تاہم ضمانت کی روبکار کیمپ جیل نہیں پہنچ سکی، جس سےرہائی ممکن نہیں ہوئی۔

    یاد رہے آج صبح ایف آئی اے نے چوہدری پرویز الہٰی کے فرنٹ مین اور گن مین چوہدری محمد زمان کو گرفتار کیا تھا ، وہ پرویز الہٰی کے کیش بوائے اور فرنٹ مین تھا۔

    ایف آئی اے ذرائع نے بتایا تھا کہ چوہدری محمد زمان پرویز الہٰی کے پیسوں کے لین دین میں بھی ملوث ہے، چوہدری زمان پرویز الہٰی کی مبینہ بیوی سارا انوار کے ساتھ مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی لین دین کرتا تھا۔

    ایف آئی اے نے چوہدری محمد زمان کے موبائل فون کی فرانزک کے ذریعے شواہد حاصل کر لیے ہیں۔

  • چوہدری پرویز الہٰی کو کہاں رکھا گیا؟ جیل حکام کا اہم بیان

    چوہدری پرویز الہٰی کو کہاں رکھا گیا؟ جیل حکام کا اہم بیان

    لاہور: اینٹی کرپشن مقدمے میں گرفتار چوہدری پرویز الہٰی کو کیمپ جیل کے سیکیورٹی بلاک میں رکھا گیا ہے۔

    جیل حکام کے مطابق کیمپ جیل میں نئے قائم سیکیورٹی بلاک میں پہلے رانا ثنااللہ کو بھی رکھا جا چکا ہے۔

    جیل حکام نے بتایا کہ پرویز الہٰی کی رات کو میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹس نارمل تھیں، پرویزالہٰی کو جیل کا کھانا فراہم کیا جائے گا گھر کے کھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    اینٹی کرپشن پولیس نے پرویز الہٰی کو دوبارہ گرفتار کرلیا

    جیل حکام نے بتایا کہ اینٹی کرپشن کےمقدمات میں قید ملزمان کی ملاقات پیر، جمعرات کو کرائی جاتی ہے، ان کی فیملی کسی ایک دن فیملی روٹین میں پرویز الہٰی سے ملاقات کرسکتے ہیں۔

  • پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن جتوایا، حکومت کی طرف سے پھر وہی خاموشی ہے: پرویز الہٰی

    پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن جتوایا، حکومت کی طرف سے پھر وہی خاموشی ہے: پرویز الہٰی

    لاہور: چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ ہم نے پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن جتوایا، لیکن حکومت کی طرف سے پھر وہی پرانی خاموشی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پرویز الہٰی سے آج ڈسٹرکٹ بار منڈی بہاؤالدین کے وکلا کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس کی سربراہی ایم پی اے ساجد خان بھٹی نے کی، چوہدری پرویز الہٰی نے ڈسٹرکٹ بار کے لیے چیک بھی دیا۔

    اس موقع پر گفتگو میں انھوں نے کہا ہم تحریک انصاف کے اتحادی ہیں، ہماری طرف سے کبھی عدم اعتماد نہیں ہوگا، تاہم ہمارے ساتھ جو چیزیں طے کی گئی تھیں، ان پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

    پرویز الہٰی نے کہا مولانا فضل الرحمان کا معاملہ عمران خان کے کہنے پر ہم نے حل کیا، اس کے حل کے لیے چوہدری شجاعت اور میں نے بڑی محنت کی، سینیٹ الیکشن میں ولید اقبال اور جہانگیر ترین کی ہمشیرہ کو کامیاب کرایا، ورنہ یہ دونوں سیٹ ہار رہے تھے، بے شک ان سے پوچھ لیں۔

    انھوں نے کہا آصف زرداری اور بلاول نے بلا مقابلہ سینیٹر منتخب کروانے میں اہم کردار ادا کیا، سسٹم کی بہتری کے لیے آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے میری بات مان لی، اور ہم نے پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن جتوایا، لیکن حکومت کی طرف سے پھر وہی پرانی خاموشی ہے، الیکشن ختم ہو گیا تو کسی نے پوچھا تک نہیں۔

    چوہدری پرویز الہٰی نے کہا پنجاب میں تبدیلی کا کوئی چانس نہیں، فی الحال اپوزیشن نے پکانے کے لیے کچھ اکٹھا نہیں کیا، جہانگیر ترین بھی تحریک انصاف کا حصہ ہیں، اور وہ پارٹی میں موجود ہیں، ان کے ساتھ کتنے ممبر ہیں یہ اسمبلی میں کھڑے ہوں گے تو پتا چلے گا، میرا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا جب ہم کسی کے ساتھ چلتے ہیں تو کسی کو دھوکا نہیں دیتے، ہم حکومت کے اتحادی ہیں لیکن ہمیں زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جب حکومت کو مشکل پڑتی ہے تو ہم ساتھ دیتے ہیں۔

    نواز شریف سے متعلق انھوں نے کہا ن لیگ کی سیاست کی ساری کتاب نواز شریف کی ہے، باقی سب اس کتاب کے صفحات ہیں، مسلم لیگ ن نواز شریف کی پارٹی ہے اور وہی فیصلے کرتے ہیں، شہباز شریف ہو یا کوئی اور یہ نواز شریف کا بیانیہ ہے، جب کہ مریم نواز ہی ن لیگ کی وارث ہیں، وہ نواز شریف کی مکمل سپورٹ کے ساتھ لیڈ کر رہی ہیں۔

  • پی ٹی آئی ایم پی اے کی پرویز الہٰی سے وزیر اعلیٰ کی شکایت

    پی ٹی آئی ایم پی اے کی پرویز الہٰی سے وزیر اعلیٰ کی شکایت

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی خواجہ محمد داؤد سلیمانی نے چوہدری پرویز الہٰی سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی شکایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے خواجہ محمد داؤد سلیمانی نے ملاقات کی، رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو اقتدار میں آئے ڈھائی سال گزر چکے ہیں لیکن ہمارا معاملہ حل نہیں ہوا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی نے پی ٹی آئی رکن اسمبلی سے کہا کہ اکیلے آپ ہی نہیں اور بھی بہت سے دوستوں کی شکایات ہیں۔

    تحریک انصاف کے ایم پی اے داؤد سلیمانی نے ملاقات میں اسپیکر پرویز الہٰی کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ہمارے 8 ماہ قبل اختلافات پیدا ہوئے تھے، آپ نے ہمارے درمیان صلح کرائی تھی، جو معاہدہ ہوا اس کی گارنٹی بھی آپ نے دی تھی۔

    ایم پی اے نے مزید کہا ہمارے ساتھ جو وعدہ کیا گیا تھا ہر کام اس کے الٹ ہو رہا ہے، اس وقت کرپشن اور اقربا پروری عروج پر ہے.

    ایم پی اے پی ٹی آئی نے کہا پنجاب میں ڈکیتی، چوری کی وارداتیں پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہیں، کوئی پرسان حال نہیں ہے، ڈی جی خان کی ساری انتظامیہ کسی کی بات نہیں سنتی، 15 سے 20 ایم پی اے وزیر اعلیٰ سے اختلاف رکھتے ہیں جو ہمارے ساتھ ہیں۔

    اسپیکر ہونے کے ناطے آپ کا فرض ہے کہ ہماری داد رسی کریں، آج مجبور ہو کر داد رسی کے لیے آنا پڑا ہے۔

    ان کا کہنا تھا اب جو بھی معاملات طے ہوں گے چودھری پرویزالہٰی کے ساتھ ہوں گے، چوہدری پرویز الہٰی نے کہا میں نے پہلے بھی سمجھایا تھا اب بھی سمجھانے کی کوشش کروں گا۔