Tag: چوہوں کا حملہ

  • رات کو پارک میں چہل قدمی کے دوران خاتون کے ساتھ ہوش اڑا دینے والا واقعہ

    رات کو پارک میں چہل قدمی کے دوران خاتون کے ساتھ ہوش اڑا دینے والا واقعہ

    لندن: برطانیہ میں ایک خاتون کے ساتھ رات کے وقت پارک میں چہل قدمی کے دوران خوف ناک واقعہ پیش آیا، جس نے خاتون کے ہوش اڑا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں رہنے والی 43 سالہ سوسن ٹریفٹب چند دن قبل رات نو بجے نارتھ فیلڈز، ایلنگ میں واقع پارک بلونڈن میں چہل قدمی کرنے نکلیں تو پارک میں ان پر لاتعداد خون خوار چوہوں نے حملہ کر دیا۔

    یہ واقعہ 19 جولائی کو پیش آیا تھا، سوسن نے دعویٰ کیا ہے کہ چہل قدمی کے دوران جب ان کی نظر گھاس پر گھومتے بے شمار چوہوں پر گئی تو وہ اچھل پڑیں، اتنے سارے چوہے دیکھ کر وہ بری طرح خوف زدہ ہو گئیں۔

    سوسن کے مطابق وہ پارک سے نکلنے لگیں تو چوہوں نے اچانک ان پر حملہ کر دیا، جس سے ان کے ہاتھ اور پیر کترنے کی وجہ سے زخمی ہو گئے۔

    Blondin Park

    برطانوی میڈیا کی رپورت کے مطابق خاتون اتنے سارے چوہوں کو دیکھ کر خود کو بیمار محسوس کرنے لگیں، انھوں نے بتایا کہ چوہے میرے پیروں پر رینگ رہے تھے، میں انھیں پاؤں مار کر دور کر رہی تھی، لیکن اندھیرا ہونے کی وجہ سے یہ دیکھ پانا مشکل تھا کہ چوہے کہاں سے آ رہے ہیں، اور چوہے میرے پیروں کو کاٹ رہے تھے اور میرے جسم کے اوپر چڑھنے کی کوشش کررہے تھے۔

    سوسن کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس طرح کے کسی واقعے کے بارے میں سنا بھی نہیں تھا اس لیے انھیں سمجھ نہیں آیا کہ وہ کس سے مدد مانگیں، تاہم ایلنگ کونسل کے ترجمان نے کہا ہے کہ پارکوں وغیرہ میں گندگی اور بچے ہوئے کھانے کو جانوروں کے لیے چھوڑ دینے کی وجہ سے عام طور پر چوہے پارک میں آتے ہیں۔

  • ملتان کے نشتر اسپتال پر چوہوں نے یلغار کر دی

    ملتان کے نشتر اسپتال پر چوہوں نے یلغار کر دی

    ملتان: ملک میں سرکاری اسپتالوں کی حالت زار سے متعلق میڈیا رپورٹس سامنے آتی رہتی ہیں، اب ملتان کے نشتر اسپتال سے متعلق رپورٹ آئی ہے کہ اسپتال پر چوہوں نے یلغار کر کے مریضوں کو پریشان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نشتر اسپتال ملتان پر چوہوں نے حملہ کر کے مریضوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، تاہم اس معاملے کا نازک پہلو یہ ہے کہ مریض آپریشن کے بعد انفیکشن میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چوہوں کی بڑی تعداد پورے اسپتال میں دوڑتی پھرتی دکھائی دیتی ہے، چوہوں سے آپریشن تھیٹر بھی نہیں بچے، وارڈز میں بھی ہر جگہ چوہے دوڑتے دکھائی دیتے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق اسپتال انتظامیہ کی جانب سے چوہوں کے تدارک کے لیے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا، مریض چوہوں کی شکایت کر رہے ہیں لیکن ان کی شکایت سننے والا کوئی نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نشتر اسپتال میں ادویات اور ڈرپ کے بعد آکسیجن سلنڈر بھی نایاب

    جنوبی پنجاب کے نشتر اسپتال کی او پی ڈی میں روزانہ 6 ہزار مریضوں کو چیک کیا جاتا ہے، اسپتال میں بلوچستان اور خیبر پختون خوا سے بھی مریض بڑی تعداد میں علاج کے لیے آتے ہیں۔

    یاد رہے کہ 9 نومبر کو اے آر وائی نیوز کے نمایندے نے رپورٹ دی تھی کہ نشتر اسپتال میں مریضوں کے لیے ادویہ اور ڈرپ اسٹینڈز کے بعد آکسیجن سلنڈر بھی نایاب ہو گئے ہیں، بچوں کے ایمرجنسی وارڈ میں تین تین بچوں کو ایک ہی سلنڈر سے آکسیجن دی جا رہی ہے، جس سے بچوں میں انفکیشن پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔