Tag: چکن

  • مرغی کا گوشت کتنے روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے؟

    مرغی کا گوشت کتنے روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے؟

    راولپنڈی: مرغی کا گوشت جڑواں شہروں سمیت پنجاب اور ملک بھر میں 850 سے بڑھ کر 950 روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔

    حکومتی اقدامات کے برعکس قیمتیں کم ہونے کی بجائے آج برائلر مرغی کی قیمتوں میں 1200 روپے فی من مزید اضافہ ہو گیا ہے، وفاقی اور پنجاب حکومت کے اقدامات بھی بے اثر ثابت ہو گئے، اور برائلر مافیا سر چڑھ کر بولنے لگا ہے۔

    مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر مرغی ہول سیل منڈی میں آج 19000 روپے فی من میں فروخت کی جا رہی ہے، بازاروں اور مارکیٹوں میں زندہ برائلر فی کلو 505 سے تجاوز کر گئی۔

    پولٹری فارم ایسوسی ایشن کے باہمی گٹھ جوڑ کے باعث مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے، مصنوعی قلت کے باعث مرغی کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ جاری ہے۔

    رمضان المبارک : 200 روپے کلو ملنے والا لیموں 400 روپے کلو فروخت ہونے لگا

    رمضان المبارک سے قبل مرغی 14 ہزار روپے من تک فروخت ہو رہی تھی، تین ماہ قبل 9 ہزار سے 12 ہزار روپے فی من میں بھی فروخت ہوئی ہے، عام دنوں میں برائلر گوشت کا فی کلو 450 اور زندہ برائلر مرغی 270 سے 300 روپے کلو دستیاب رہتی تھی۔

  • چکن کا یہ حصہ کھانا صحت کے لیے انتہائی خطرناک!

    چکن کا یہ حصہ کھانا صحت کے لیے انتہائی خطرناک!

    آج کل چکن بچوں اور بڑوں کی پسندیدہ ڈش ہے، پیزا سے لے کر زنگر برگر تک ہر چیز میں چکن موجود ہے مگر اس کا کھانا نقصان دہ بھی ہوسکتا ہے۔

    چکن کو اس کی لذت اور جلد پکنے کی وجہ سے کئی لوگ بہت صحت بخش غذا سے تعبیر کرتے ہیں، اگرچہ ایسا ہے بھی لیکن اس کا بہت زیادہ استعمال جسم کے ہارمونز میں تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔

    حقیت یہ ہے کہ چکن کی جلد کھانا آپ کی صحت پر مضر اثرات مرتب کرتا ہے اور چکن کے اس حصے کا استعمال نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

    سوال یہ ہے کہ مرغی کی جلد میں ایسا کیا ہے جو نقصاندہ ہوسکتا ہے، تو اس کا جواب سادہ سا ہے کہ چکن کی جلد میں بہت زیادہ نقصان دہ چکنائی ہوتی ہے۔ یہ کوئی غذائیت فراہم نہیں کرتا ہے، البتہ کھانے میں مزیدار ہوتا ہے۔

    یہ بات جاننا ضروری ہے کہ اگر مرغی کے جسم کا کوئی حصہ مکمل طور پر بیکار ہے تو وہ اس کی جلد ہے جبکہ دکاندار چکن کی جلد پر کیمیکل اسپرے کرتے ہیں تاکہ پرکشش نظر آئے۔

    مرغی کی کھال کھانے سے جسم کو کیا نقصان ہوتا ہے؟

    اگر آپ چکن کی کھال کھانے کے شوقین ہیں تو جان لیں کہ چکن کی کھال کھانے سے جسم میں نقصان دہ چربی جمع ہونے اور وزن میں اضافے کا بہت زیادہ امکان ہوتا ہے۔

    اس کے علاوہ چکن کو اس کی کھال سمیت کھانے سے ہائی بلڈ پریشر اور امراض قلب جیسے امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

    یو ایس ڈی اے کی جانب سے کی جانے والی تحقیقی میں بتایا گیا ہ کہ چکن کا ایک کپ جو جلد کو ہٹا کر پکایا جاتا ہے اس میں 231 کیلوریز ہوتی ہیں جب کہ جلد کے ساتھ پکائے گئے چکن کے ایک کپ میں 276 کیلوریز پائی گئی ہیں۔

    مرغی کی کھال کھانا ہے تو یہ طریقہ اپنائیں

    اگر آپ چکن کو اس کی کھال سمیت کھانے کے شوقین ہیں تو آپ اسے دو یا تین بار دھو کر نمک اور ہلدی ڈال کر پکا سکتے ہیں لیکن یاد رکھیں کہ چکن کی جلد زیادہ نہ کھانے سے پرہیزکریں۔ بہت زیادہ کھانا آپ کے جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو بڑھا دیاگا جسے کنٹرول کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔

    اس میں کوئی شک نہیں کہ کچھ لوگ چکن کی جلد کو پسند کرتے ہیں کیوں کہ یہ سالن کا ذائقہ دوگنا کر دیتا ہے چکن کی کھال نہ کھانے کا مطلب یہ نہیں کہ اس سے مکمل پرہیز کریں مگر احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

  • چکن بنانے سے انکار پر شوہر نے بیوی کی جان لے لی

    چکن بنانے سے انکار پر شوہر نے بیوی کی جان لے لی

    منچریال: بھارت میں چکن نہ پکانے پر شوہر نے بیوی کی جان لے لی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ریاست تلنگانہ کے منچریال ضلع کے گاؤں میں پیشں آیا، جہاں پوشام نامی شخص گھر چکن لے کر آیا لیکن بیوی نے اسے پکانے سے انکار کردیا۔

    گنج پن چھپا کر دوسری شادی کرنے والا عین موقع پر پکڑا گیا! ویڈیو وائرل

    رپورٹس کے مطابق اس بات پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، غصے میں پوشام نے اپنی بیوی شنکراما پر کلہاڑی سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں خاتون کی موت واقع ہوگئی۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ بیوی کو قتل کرنے کے بعد پوشام فرار ہوگیا، پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کردی۔

  • کراچی میں چکن سب سے زیادہ مہنگا، کمشنر کراچی کا اہم اقدام

    کراچی میں چکن سب سے زیادہ مہنگا، کمشنر کراچی کا اہم اقدام

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں چکن کی قیمتیں انتہائی بڑھ جانے پر کمشنر کراچی نے ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اور خاص طور پہ کراچی میں پنجاب کی نسبت مرغی کا گوشت مہنگے داموں فروخت ہونے کے معاملے پر کمشنر کراچی نے مرغی کے گوشت کے نرخ کے تعین کے لیے ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دے دی۔

    کمشنر کراچی کی جانب سے سندھ پولٹری فارم کے نمائندوں سے بھی تجاویز طلب کی گئی ہیں۔

    کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ پنجاب، سندھ اور کراچی میں مرغیوں کے گوشت کی قیمتیں یکساں ہونی چاہیئے، مرغی کے مہنگے داموں گوشت فروخت ہونے پر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جلد مرغی کے گوشت کی مناسب قیمت کا تعین کر لیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ کراچی میں اس وقت مرغی کا گوشت 600 سے 660 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

  • لیبارٹری میں تیار کیے گئے گوشت کو استعمال کی منظوری مل گئی

    لیبارٹری میں تیار کیے گئے گوشت کو استعمال کی منظوری مل گئی

    امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے لیبارٹری میں تیار کیے گئے چکن کو انسانی استعمال کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے اسے مارکیٹ میں لانے کی منظوری دے دی ہے۔

    امریکی ریاست کیلی فورنیا کی کمپنی گڈ میٹ نے لیبارٹری میں تیار کی گئی اپنی چکن کو منظوری ملنے کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا۔

    رپورٹس کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی طرف سے کوئی سوال نہیں اٹھایا گیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by GOOD Meat (@goodmeatinc)

    فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی طرف سے کمپنی کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا کہ یہ پروڈکٹ امریکا میں فروخت کے لیے محفوظ ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ ایک بڑا قدم ہے لیکن خریدار ابھی اس گوشت کو خرید نہیں سکیں گے، صارفین کو فروخت کرنے کے لیے کمپنی کو امریکی محکمہ زراعت سے گرین سگنل ملنا باقی ہے۔

    امریکی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے منظوری لینے کے لیے وہ محکمہ زراعت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by GOOD Meat (@goodmeatinc)

    اس کمپنی کی تیار کی گئی چکن کو سنہ 2020 میں سنگاپور میں فروخت کی اجازت مل گئی تھی جو وہاں کے ریستورانوں میں بھی استعمال کیا جارہا ہے۔

    اس گوشت کو کسی جانور کے خلیے کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے سے تیار کیا جاتا ہے، اس جانور کو تمام ضروری غذائی اجزا فراہم کیے جاتے ہیں اور اس کی صحت کا خیال رکھا جاتا ہے۔

    ایک اندازے کے مطابق اس طریقے سے بنایا جانے والا گوشت زمین کی گرین ہاؤس (نقصان دہ) گیسز میں 14.5 فیصد کمی کرسکتا ہے۔

  • فی کلو چکن کی قیمت 700 روپے سے بھی تجاوز، دکاندار بھی پریشان

    فی کلو چکن کی قیمت 700 روپے سے بھی تجاوز، دکاندار بھی پریشان

    کراچی / لاہور: ملک بھر میں مرغی کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچی ہیں، کراچی میں فی کلو چکن کی قیمت 700 روپے سے بھی تجاوز کر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    کراچی میں 3 روز کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت میں 100 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد شہر میں مرغی کا گوشت 700 سے 720 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔

    زندہ مرغی 480 روپے فی کلو اور بون لیس گوشت 1 ہزار 50 روپے فی کلو ہوگیا۔

    صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی مرغی کا گوشت 620 روپے فی کلو تک پہنچ گیا، زندہ مرغی کا گوشت 410 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔

    صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ایک ہفتے کے دوران 150 روپے اضافہ ہوا۔

    کوئٹہ میں مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 700 روپے تک پہنچ گئی۔

    چکن کی قیمت بڑھنے سے شہریوں کو خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ عام آدمی اب چکن بھی نہیں کھا سکتا، موجودہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

    مرغی کے گوشت کی قیمت بڑھنے سے دکانوں پر بھی رش کم ہوگیا جس سے دکاندار پریشان ہیں۔

    دوسری جانب پولٹری فارمرز نے چکن فیڈ کی قیمت میں بے تحاشا اضافے اور پیداوار میں کمی کو قیمت بڑھنے کی وجہ قرار دیا ہے۔

  • مزیدار فرائیڈ ٹماٹو چکن بنانے کی ترکیب

    مزیدار فرائیڈ ٹماٹو چکن بنانے کی ترکیب

    جانوروں میں لمپی اسکن وائرس کے پھیلاؤ کے سبب مرغی کا استعمال بہت زیادہ کیا جارہا ہے، آج ہم آپ کو نئے انداز سے چکن بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    فرائیڈ ٹماٹو چکن بنانے کی ترکیب

    اجزا

    مرغی کا گوشت: آدھ کلو

    ٹماٹر (سلائس میں کاٹ لیں): 3 عدد

    سفید زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    سویا سوس: 1 کھانے کا چمچ

    سیاہ مرچ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    ٹماٹو کیچپ: 1 کھانے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    تیل: حسب ضرورت

    ترکیب

    سب سے پہلے گوشت، سفید زیرہ، سویا سوس، سیاہ مرچ پاؤڈر، نمک اور ٹماٹو کیچپ ڈال کر نصف گھنٹے کے لیے میری نیٹ ہونے کے لیے رکھ دیں۔

    اس کے بعد بیکنگ ڈش میں تیل ڈال کر میری نیٹ کیا ہوا گوشت ڈال کر ہائی ہیٹ پر 8 سے 10 منٹ تک مائیکرو ویو اون میں بیک کرلیں۔

    اس کے بعد بیکنگ ڈش کو اوون سے نکال کر اس میں ٹماٹر ڈال کر مکس کریں اور ہائی ہیٹ پر 3 سے 4 منٹ تک مزید بیک کرلیں۔

    سرونگ ڈش میں نکال کر گرم گرم فرائیڈ ٹماٹو چکن سرو کریں۔

  • مزیدار زیرہ چکن بنانے کی ترکیب

    مزیدار زیرہ چکن بنانے کی ترکیب

    چکن ایسی چیز ہے جس سے کم وقت میں مزیدار ڈشز بنائی جاسکتی ہیں، اسی لیے آج ہم آپ کو مزیدار زیرہ چکن بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اس کے لیے آپ کو مندرجہ ذیل اجزا کی ضرورت ہوگی۔

    اجزا

    چکن: 1 کلو

    دہی: 1 کپ

    ہرا دھنیا: حسب ذائقہ

    ہری مرچ: حسب ذائقہ

    زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    پیاز چوپ کر لیں: 1 عدد

    لہسن ادرک کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    لال مرچیں کٹی ہوئی: 1 چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    تیل: حسب ضرورت

    ترکیب

    ایک پیالے میں چکن، دہی، نمک، کٹی ہوئی لال مرچیں اور لہسن ادرک کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح مکس کر کے ایک گھنٹہ میری نیٹ کریں۔

    سوس پین میں تیل گرم کر کے زیرہ ڈالیں، کڑ کڑا جائے تو پیاز ڈال کر فرائی کریں۔

    سنہری ہو جائے تو میری نیٹڈ چکن ڈال کر فرائی کریں۔

    حسب ضرورت پانی ڈال کر ڈھک کر پکائیں۔

    گوشت گل جائے تو بھون لیں۔

    ہرا دھنیا اور ہری مرچیں ڈال کر 2 منٹ تک مزید پکائیں۔

    مزیدار زیرہ چکن تیار ہے، گرما گرم سرو کریں۔

  • بھارت: چکن کھانے سے فوڈ پوائزننگ، 2 بچوں کی موت

    بھارت: چکن کھانے سے فوڈ پوائزننگ، 2 بچوں کی موت

    نئی دہلی: بھارت میں چکن کھانے کے بعد مبینہ زہر خورانی سے 2 بچوں کی موت واقع ہوگئی، بچوں کی والدہ کی حالت تشویش ناک ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ میں چکن کھانے کے بعد 2 بچوں کی موت واقع ہوگئی، پولیس کو زہر خورانی کا شبہ ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ منوہر آباد کے ایک گھر میں چند روز قبل رات کو چکن کا سالن بنایا گیا جسے گھر میں موجود ماں اور 2 بچوں نے کھایا۔

    آدھی رات کو نیند کے دوران ان کے پیٹ میں شدید درد کی شکایت محسوس ہوئی جس پر انہیں قریبی سرکاری اسپتال پہنچایا گیا، علاج کے دوران 15 سالہ منیشا اور 10 سالہ کمار کی موت واقع ہوگئی۔

    بچوں کی والدہ کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

  • سعودی عرب میں مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں ہوا؟

    سعودی عرب میں مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں ہوا؟

    ریاض: سعودی عرب میں چارے پر حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی ختم کیے جانے کے بعد مرغی کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں مرغی کمپنیوں نے مرغی پر 10 سے 12.5 فیصد تک نرخ بڑھا دیے۔ اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل نہیں ہے۔

    مرغی کمپنیوں نے یہ اضافہ قومی چارہ فیکٹریوں کی جانب سے مصنوعات کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد اضافے پر کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ حکومت نے یکم جنوری 2020 سے چارے پر سبسڈی ختم کردی ہے، چارہ تیار کرنے والی فیکٹریوں نے سبسڈی ختم ہونے پر قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد تک اضافہ کیا ہے۔

    مرغی کمپنیوں کے ذرائع کے مطابق ایک ٹن چارے کی قیمت میں 200 تا 400 ریال اضافے پر ایک مرغی کی پیداواری لاگت 60 تا 65 ہللہ بڑھے گی۔

    کمپنیوں کے مطابق مرغیوں کے نرخوں پر نظر ثانی مارکیٹ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے جڑی ہوئی ہے۔ چارے کے نرخوں میں غیر متوقع اضافے نے صورتحال بدل دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مرغیوں کے نرخ ایک ریال سے ڈیڑھ ریال تک بڑھیں گے اور یہ اضافہ وزن کے لحاظ سے ہوگا۔ نئے نرخ کچھ اس طرح ہوں گے:

    800 گرام والی مرغی ساڑھے 8 ریال کے بجائے 10 ریال، 900 گرام والی مرغی 10 ریال کے بجائے ساڑھے 11 ریال، 1 کلو والی مرغی ساڑھے 10 ریال کے بجائے 12 ریال، 11 سو گرام والی مرغی ساڑھے 11 ریال کے بجائے 13 ریال اور 12 سو گرام والی مرغی 13 ریال کے بجائے ساڑھے 14 ریال میں دستیاب ہوگی۔