Tag: چکوال

  • چکوال میں کلاؤڈ برسٹ ،  425 ملی میٹر بارش ریکارڈ  ،نظام زندگی مفلوج

    چکوال میں کلاؤڈ برسٹ ، 425 ملی میٹر بارش ریکارڈ ،نظام زندگی مفلوج

    چکوال : پنجاب کے شہر چکوال میں کلاؤڈ برسٹ سے 425 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، جس سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا تاہم فلڈایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون کی طوفانی بارش نے جہلم اورچکوال میں تباہی پھیلادی، درجنوں دیہات زیرآب آگئے۔

    چکوال میں کلاؤڈ برسٹ ہونے سے چار سو پچیس ملی میٹر بارش ہوئی، جس سے تلہ گنگ، لاوہ، کلر کہار، چوآسیدن شاہ میں نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔

    بارش کے بعد مختلف علاقوں میں طغیانی آگئی، شہر اور گردونواح کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ متعدد دیہات کا زمینی رابطہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز سے منقطع ہوگیا۔

    کلر کہار ، وہالی زیر میں 325 اور چو آسیدن شاہ میں 310 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

    ندی نالوں میں طغیانی سے پنوال ڈیم کا بند ٹوٹ گیا ، جس سے بھٹہ خشت زیرآب آگیا جبکہ گاڑیاں بہہ گئیں تاہم دو افراد کو ریسکیو کر لیاگیا جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔

    قصبہ کھیوال میں مکان گرنے سے باپ بیٹا جاں بحق جبکہ بیوی اور دوسرا بچہ زخمی ہو گئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    شدید بارش سے ڈوہمن پل بند، کئی دیہات کا چکوال شہر سے رابطہ منقطع ہوگیا اور رابطہ سڑکیں تباہ ہو گئیں۔

    ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے چکوال اور تلہ گنگ میں فلڈایمرجنسی نافذ کردی اور تمام محکموں کے سربراہان کو 24 گھنٹے دستیاب رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف یقینی بنایا جائے۔

    انتظامیہ نے پاک فوج کی مدد طلب کر لی ہے، ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں، محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط کی ہدایت دی گئی ہے۔

    دوسری جانب جہلم کےنالہ گھان میں طغیانی سے پانی آبادی میں داخل ہوگیا ، جس کے بعد پاک فوج کے جوانوں کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ہیلی کاپٹر سے ریلے میں پھنسےانتیس افراد کو بچالیا گیا۔

  • چکوال :   تیز رفتار کار حادثے کا شکار ،  4 افراد جاں بحق، 2 زخمی

    چکوال : تیز رفتار کار حادثے کا شکار ، 4 افراد جاں بحق، 2 زخمی

    چکوال: کار بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی ، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے ، کار سوار راولپنڈی سے لاہور جا رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق چکوال میں موٹر وے ایم ٹو دھراب پل کے قریب کار بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرا گئی۔

    حادثے میں چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے تاہم لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    کار سوار راولپنڈی سے لاہور جا رہے تھے، جاں بحق افراد کی شناخت رضا علی، عاطف،صفت اللہ اور رمضان بلوچ کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں فہیم اور عرفان شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : تیز رفتار کار بے قابو ہو کر الٹ گئی، خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق

    یاد رہے گذشتہ ماہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر الٹ گئی تھی ، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل 20 مارچ 2025 کو چنیوٹ میں بس اور مسافر ویگن میں ہولناک تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے تھے، مسافر وین سرگودھا سے فیصل آباد جا رہی تھی۔

  • پولیس کا انوکھا کارنامہ،  مردہ شخص کے خلاف مقدمہ درج

    پولیس کا انوکھا کارنامہ، مردہ شخص کے خلاف مقدمہ درج

    چکوال : پولیس نے مردہ شخص کیخلاف قتل کی دھمکیاں دینے اور قبضہ کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق چکوال پولیس کا انوکھا کارنامہ سامنے آیا، پولیس نے ایک ایسے شخص کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، جو کئی برس قبل دنیا سے گزر چکا ہے۔

    مردہ شخص کے خلاف قتل کی دھمکیاں دینے اور قبضہ کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا۔

    پولیس نے دسمبر 2021 میں انتقال کرنے والے ملازم حسین کے خلاف مقدمہ درج کیا، ساڑھے تین سال قبل انتقال کرنیوالے شخص پر خاتون کا راستہ روکنے اور دھمکیوں کا الزام بھی ہے۔

    ملہال مغلاں پولیس چوکی نے مقدمہ متوفی ملازم حسین کے خلاف درج کیا۔

    مزید پڑھیں : پولیس نے مردہ شخص پر مقدمہ درج کر دیا

    یاد رہے سال 2019 میں فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں تھانہ سٹی پولیس نے مردہ شخص پر مقدمہ درج کیا تھا۔

    عبدالعزیر عرف گلو کو آتش بازی کے مقدمے میں نامزد کیا گیا جس کا انتقال 8 سال قبل ہوا تھا۔

  • چکوال : موٹروے کلر کہار پر مسافر بس حادثے کا شکار ، 5 مسافر جاں بحق

    چکوال : موٹروے کلر کہار پر مسافر بس حادثے کا شکار ، 5 مسافر جاں بحق

    چکوال: موٹروے سالٹ رینج پر مسافر بس الٹنے سے 5 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے،حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق چکوال میں موٹروے کلر کہار پر مسافربس بے قابو ہوکر الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں پانچ مسافر جاں بحق اور تیرہ زخمی ہوگئے۔

    جس میں چار زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے، حادثےکا شکار بس راولپنڈی سے وہاڑی جارہی تھی۔

    ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت کےباعث پیش آیا تاہم ریسکیو اہلکار، پولیس اور علاقہ مکین نے جائے وقوعہ پر ملبے میں پھنسے زخمی افراد کو نکال کر قریبی ایم ایس ٹراما کلر کہار منتقل کیا۔

    اس سے قبل بلوچستان میں قلات کے قریب 2 بسیں ٹکرا گئیں تھیں ، حادثے میں 5 مسافر جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔

    لیویز حکام کے مطابق حادثے کا شکار ایک بس کوئٹہ سے کراچی اور دوسری کراچی سے کوئٹہ جارہی تھی تاہم لاشیں اور زخمی قلات اسپتال منتقل کر دیے گئے ہیں۔

  • چکوال میں قید میں رکھے گئے بہن بھائی میں سے بہن قتل

    چکوال میں قید میں رکھے گئے بہن بھائی میں سے بہن قتل

    چکوال: پنجاب کے شہر چکوال میں قید میں رکھے گئے بہن، بھائی میں سے بہن کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چکوال میں دو بہن بھائیوں کو قید کیا گیا تھا، جن میں سے بہن کو قتل کر دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ جائیداد پر قبضہ کرنے کے لیے چچا زاد بھائیوں نے دونوں کو قید رکھا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق اہلکاروں نے گھر پر چھاپا مارا تو ایک کمرے سے لڑکی کی لاش ملی، 26 سالہ لڑکی کی لاش 8 سے 10 دن پرانی تھی۔

    پولیس حکام نے تکلیف دہ انکشاف کیا کہ کہ کمرے میں 2 سال سے لڑکی کے ساتھ اس کا 32 سال کا بھائی حسن بھی قید تھا، جو بازیاب ہونے کے بعد بھی خوف کے مارے کچھ بول نہیں پا رہا تھا۔

    درندہ صفت باپ نے 4 بچوں کو ذبح کر کے خودکشی کر لی

    گاؤں کے کچھ لوگوں نے پولیس کو بتایا کہ دونوں بہن بھائیوں کا ذہنی توازن بھی درست نہیں ہے۔ پولیس کو دونوں کے قید کی اطلاع گمنام خط سے ملی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جائیداد ہتھیانے کے لیے چچا زاد بھائی دونوں پر ظلم کر رہے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • گھریلو ناچاقی پر میاں بیوی نے انتہائی قدم اٹھالیا

    گھریلو ناچاقی پر میاں بیوی نے انتہائی قدم اٹھالیا

    صوبہ پنجاب کے شہر چکوال میں گھریلو ناچاقی پر میاں بیوی نے تیزاب پی لیا۔

    صوبہ پنجاب کے شہر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، ضلع چکوال کے نواحی علاقے ندرال میں گھریلو ناچاقی پر میاں بیوی نے تیزاب پی لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی کو ابتدائی طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، خاوند کی حالت تشویشناک ہونے پر راولپنڈی ریفر کر دیا گیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی اور اس کی کزن پر تیزاب سے حملہ کر دیا تھا۔

    واقعہ پاکپتن کے محلے عزیز آباد میں پیش آیا تھا جہاں ارشاد نامی شخص نے گھریلو ناچاقی پر بیوی شازہ پر تیزاب پھینک دیا تھا جس سے خاتون کا چہرہ اور جسم بُری طرح جھلس گئے تھے۔

  • پیراگلائیڈرز کے ذریعے بیجوں کی ’بمباری‘ کا تجربہ

    پیراگلائیڈرز کے ذریعے بیجوں کی ’بمباری‘ کا تجربہ

    چکوال: پنجاب کے ضلع چکوال میں محکمہ جنگلات نے پیراگلائیڈرز کے ذریعے پہلی بار بیجوں کی ’بمباری‘ (سیڈ بم) کا تجربہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چکوال فاریسٹ ڈویژن نے پیرا گلائیڈنگ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پیرا گلائیڈرز کی مدد سے 20 ہزار سیڈ بالز پھیلانے میں کامیابی حاصل کی ہے، پیراگلائیڈرز نے 13 اور 14 اگست کو آرا فاریسٹ ریزرو میں سیڈ بم پھینکے تھے۔

    یہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا قدم تھا جس میں فاریسٹ ڈویژن نے پیرا گلائیڈرز کی مدد سے بیس ہزار سیڈ بالز کے ذریعے ایک لاکھ سے زیادہ پودے اگانے کا تجربہ کیا، ہر سیڈ بال میں 5 مختلف پودوں کے بیج تھے۔

    چکوال فاریسٹ ڈویژن کے مطابق اس طریقے سے پودے اگانے کا تجربہ دنیا میں کافی کامیاب رہا ہے، اسی وجہ سے چکوال میں بھی پیراگلائیڈنگ کے ذریعے پودے اگانے کی کوشش کی گئی ہے۔

    سیڈ بالز کو اونچائی سے زمین پر پھینکا جاتا ہے، اور زمین پر گرنے کے بعد بالز پھٹ جاتی ہیں، اور ان میں موجود مختلف پودوں کے بیج زمین پر پھیل جاتے ہیں۔ اس سیزن میں شجر کاری کی اس منفرد مہم کے ذریعے ایک لاکھ 75 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔

    ڈویژنل فاریسٹ افسر سدھیر احمد مغل کے مطابق فضا سے سیڈ بال پھینکنا پودے لگانے کے لیے ایک مقبول عمل ہے لیکن پیرا گلائیڈرز کے ذریعے سیڈ بالز پھینکنا ملک میں پہلا تجربہ تھا، اس مہم میں پاکستان ہینڈ گلائیڈنگ اینڈ پیرا گلائیڈنگ ایسوسی ایشن (PHPA) کے پندرہ پیرا گلائیڈرز نے حصہ لیا۔

    چکوال میں جنگلاتی رقبہ 167,000 ایکڑ پر مشتمل ہے، اس جنگل کا ایک بڑا حصہ دھندلے سالٹ رینج میں آتا ہے، گزشتہ موسم گرما میں ان جنگلات میں متعدد بار آگ لگی اور بڑے پیمانے پر درخت جلے۔

  • چکوال: بس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم، 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    چکوال: بس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم، 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    چکوال: کلرکہار موٹر وے پر بھٹی گجر کے قریب بس اور ٹریلر کے تصادم میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 3 خواتین سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو ٹراما سینٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل کراچی میں ڈی اے پل پر ٹریلر اور کار کے خوفناک تصادم میں ایک خاتون جاں بحق اور چارافراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقہ نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے پل پر ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ٹریلر اور کار کے درمیان خوفناک تصادم ہوا۔

    حادثے کے نتیجے میں کار سوار خاتون جاں بحق اور تین خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔

    کراچی میں جمعے کو ریڈ لائن بسز چلیں گی یا نہیں؟ اعلان ہوگیا

    پولیس نے بتایا کہ تیز رفتار کار بے قابو ہو کر ٹریلر سے جا ٹکرائی،زخمیوں کی شناخت لیڈی کانسٹیبل فاطمہ، ہیڈ کانسٹیبل سراج، اقصیٰ، طوبیٰ کے نام سے ہوئی۔ حادثے کے زخمیوں میں لیڈی کانسٹیبل اور پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

  • پیپر ملز میں زہریلی گیس سے 4 مزدور جاں بحق

    پیپر ملز میں زہریلی گیس سے 4 مزدور جاں بحق

    چکوال: پنجاب کے شہر چکوال میں منوال پیپر ملز میں زہریلی گیس سے 4 مزدور جاں بحق ہو گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق چکوال میں واقع منوال پیپر ملز کے اندر چار مزدور صفائی کرتے ہوئے 8 فٹ گہرے ٹینک میں گر گئے، جس سے وہ جاں بحق ہو گئے۔

    جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے نام عامر، ذیشان، محمد ثاقب اور جمشید بتائے گئے ہیں، حادثے کے بعد پولیس اور انتظامیہ نے پیپرز مل کو سیل کر دیا ہے۔

    پیپرز مل کے مالک کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو قتل کر کے جلا دیا

  • سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو قتل کر کے جلا دیا

    سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو قتل کر کے جلا دیا

    راولپنڈی: تھانہ چونترہ کی حدود اڈیالہ میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو جلا کر قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چکوال کی رہائشی خاتون راضیہ کو مبینہ طور پر سسرالیوں نے جلا کر قتل کر دیا، خاتون کے والد کی مدعیت میں پولیس نے خاوند اور ساس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

    مقدمے کے متن کے مطابق چکوال کی رہائشی خاتون راضیہ کی شادی 9 سال قبل تصدق حسین سے ہوئی تھی، ملزم تصدق نے اپنی ماں نسیم اختر کے ساتھ مل کر اپنی بیوی راضیہ بتول کو قتل کر دیا، راضیہ کے والد کا کہنا تھا کہ ملزمان مقتولہ سے گھریلو معاملات پر لڑائی جھگڑا کرتے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا پوسٹ مارٹم کیا جا چکا ہے اور اب رپورٹ کا انتظار ہے، اس واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ و دیگر شواہد کی روشنی میں ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

    تاہم دوسری طرف مقتول خاتون کے لواحقین نے کہا ہے کہ انھیں پولیس کی تفتیش پر تحفظات ہیں، کیوں کہ 3 روز گزرنے کے باوجود تحقیقات آگے نہیں بڑھی ہیں۔