Tag: چکوال

  • "زیادتی کرنے کے بعد چاقو سے زیڈ لکھتے تھے”

    "زیادتی کرنے کے بعد چاقو سے زیڈ لکھتے تھے”

    چکوال: مدرسے کے طلبا سے اساتذہ کی مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نگراں وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا، پکڑے گئے ملزمان کا 4 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چکوال میں علاقہ مجسٹریٹ نے مدرسے کے طلبا سے زیادتی کرنے والے ملزمان کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ 2 ملزمان کا 4 روزہ ریمانڈ منظور کیا گیا ہے۔ مدرسے کے طلبا سے اساتذہ کی مبینہ زیادتی کا نگراں وزیراعلیٰ نے نوٹس لیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اس واقعے کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔

    مہتمم مدرسہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ میں بیرون ملک تھا، واقعے سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ جوالزامات لگائے جارہے ہیں ان میں ذرہ بھی حقیقت نہیں،

    نوید حیدری مہتمم مدرسہ نے مزید کہا کہ طلبا کا تحفظ اور والدین کا اعتماد اولین ترجیح ہے۔ کلاس میں بچوں پرجسمانی تشدد کی شکایت پر والدین کو بلایا تھا،

    مہتمم مدرسہ نے ملزمان کے حوالے سے کہا کہ 11 نومبر کو والدین کے سامنے دونوں اساتذہ کو اپنے ادارے سے فارغ کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ چکوال کے ایک مدرسے میں اساتذہ کی جانب سے طالبعلموں کے ساتھ مبینہ زیادتی کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔

    ایک متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں تھانہ صدر میں اساتذہ کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔ مدعی نے بتایا کہ 12 سال کا بیٹا کافی دنوں سے پریشان تھا، پوچھنے پر بیٹے نے بتایا کہ استاد کی جانب سے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

  • چکوال:  مدرسے میں  کئی طلبا سے  اساتذہ کی  زیادتی کا انکشاف

    چکوال: مدرسے میں کئی طلبا سے اساتذہ کی زیادتی کا انکشاف

    چکوال: مدرسے میں زیر تعلیم کئی طلبا سے 2 اساتذہ کی مبینہ زیادتی کا انکشاف سامنے آیا ، پولیس نےمقدمہ درج کرکے ایک ملزم انیس کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق چکوال کے علاقہ چوآچوک کے مدرسے میں زیر تعلیم کئی طلبا کے ساتھ 2 اساتذہ کی مبینہ زیادتی کا ہولناک واقعہ سامنے آیا۔

    پولیس نےمتاثرہ بچے کے والدکی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا، ایف آئی آر میں کہا گیا کہ میرےبیٹےسمیت 14طلباکوذیشان اورانیس نےزیادتی کانشانہ بنایا،ملزمان چاقو سےڈراتے اورجسم پر نشان بناتے تھے۔

    پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم انیس کوگرفتارکرلیا اور بتایا کہ ذیشان اور انیس نامی مدرس نے مجموعی طور پر مدرسہ میں زیر تعلیم 17طلباء کو باری باری بدفعلی کی اور یہ سلسلہ کئی روز سے جاری تھی۔

    صدر پولیس نے متاثرہ 17 طلباء کو میڈیکل کے لئے ہسپتال منتقل کردیا ہے، جہاں ان کا میڈیکل جاری ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کے بعد نتیجہ آنے کے بعد زیادتی کی تصدیق ہوگی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ طلبانےذیشان،انیس نامی ملزمان کےخلاف زیادتی کی شکایت کی، میڈیکل رپورٹ کےبعدمزیدکارروائی کی جائےگی۔

  • نیچر ریزرو میں سیمنٹ پلانٹ: جنگلی حیات اور زیر زمین آبی ذخائر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ

    نیچر ریزرو میں سیمنٹ پلانٹ: جنگلی حیات اور زیر زمین آبی ذخائر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے کلائمٹ چینج شیری رحمان کا کہنا ہے کہ چکوال میں سالٹ رینج نیچر ریزرو کمپلیکس میں سیمنٹ پلانٹ کی تنصیب سے علاقے میں زیر زمین پانی کے ذرائع بھی کم ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے کلائمٹ چینج شیری رحمان نے چکوال میں سالٹ رینج نیچر ریزرو کمپلیکس میں سیمنٹ پلانٹ کی تنصیب کا نوٹس لے لیا۔

    وفاقی وزیر نے پنجاب انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کو معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

    شیری رحمان کا کہنا ہے کہ مجوزہ سیمنٹ پلانٹ کی وجہ سے علاقے میں حیاتیاتی تنوع کو خطرہ لاحق ہوجائے گا، کسان اور جنگلات کے محافظ سیمنٹ پلانٹ کی تنصیب کی شدید مخالفت کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی اس معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لے، سیمنٹ پلانٹس کے علاوہ مجوزہ پلانٹ زیر زمین پانی کے ذرائع تیزی سے ختم کر رہے ہیں، پلانٹ کی وجہ سے علاقے کو پانی کی کمی کا سامنا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں مختلف قسم کے نباتات اور حیوانات موجود ہیں، پاکستان کو پہلے ہی حیاتیاتی تنوع کے نقصان، آلودگی اور ماحولیاتی بحران کا سامنا ہے، رواں برس گرمی کی شدید لہروں کی وجہ سے کئی ہزار ایکڑ قیمتی جنگلات کو نقصان ہوا، ماحولیات کے ساتھ زیر زمین پانی کا بھی تحفظ کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے جنگلات ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے لڑنے کے لیے ناکافی ہیں، قدرتی ذخائر کو خطرے میں ڈالنے کے بجائے کان کنی کے لیے دوسری جگہیں تلاش کی جائیں۔

  • صحافی عمران ریاض جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    صحافی عمران ریاض جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    چکوال: عدالت نے صحافی عمران ریاض کو جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج جمعہ کو چکوال کے مجسٹریٹ کی عدالت میں صحافی عمران ریاض کی پیشی ہوئی، عمران ریاض نے جج کے سامنے بیان دیا کہ انھیں اپنی تقریر پر کوئی افسوس نہیں۔

    بیان میں عمران ریاض نے کہا مجھے رجیم چینج سیمینار میں کی گئی تقریر پر کوئی افسوس نہیں، میں اپنی بات پر قائم ہوں۔

    عمران ریاض نے عدالت میں اپنے دلائل میں کہا کہ پٹرول مہنگا ہے لیکن پولیس کی دس گاڑیاں میرے ساتھ ٹریول کرتی ہیں، سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔

    صحافی کے دلائل مکمل ہونے پر ڈیوٹی مجسٹریٹ کی جانب سے کچھ دیر بعد فیصلہ سنا دیا گیا۔

    عمران ریاض کے وکیل علی اشفاق ایڈووکیٹ نے 91 منٹ تک دلائل دیتے ہوئے کہا ریاست کی ایک پالیسی پر اعتراض کی قیمت مشکوک افراد کے ذریعے 18 ایف آئی آرز کی صورت میں سامنے آئی، عمران ریاض کی پوری تقریر میں اداروں کے خلاف کوئی بات نہیں۔

    وکیل نے کہا یہ کیس عمران ریاض خان کا نہیں، عدلیہ کی عزت اور وقار کا ہے، کہ جج صاحبان آزادانہ فیصلے کرتے ہیں یا نہیں؟ میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے ویڈیو روک کر تصاویر بھی جج کو دکھا دیں۔ سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا آئین اداروں سے اختلاف رائے کی اجازت نہیں دیتا۔

    پولیس کی جانب سے صحافی عمران ریاض کے جسمانی ریمانڈ کے لیے استدعا کی گئی تاہم عدالت نے جسمانی ریمانڈ مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، جس کے بعد لاہور پولیس عمران ریاض کو لے کر روانہ ہو گئی۔

    دریں اثنا، عدالت کے باہر عمران ریاض کے حق میں سول سوسائٹی نے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔

  • چکوال:بارش کے باعث چھت گرنے کے 2 واقعات، 8 افراد جاں بحق

    چکوال:بارش کے باعث چھت گرنے کے 2 واقعات، 8 افراد جاں بحق

    چکوال: صوبہ پنجاب کے شہر چکوال میں بارش کے باعث چھت گرنے کے 2 مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر چکوال کے علاقے لکھوال اور گھگھ میں بارش کے باعث دو مکانات کی چھتیں گرنے سے 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں 6 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثات میں جاں بحق ہونے والی لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    اس سے قبل گزشتہ روز صوابی کے علاقے زیدہ موسیٰ بانڈہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    مانسہرہ: مٹی کا تودہ مکان پر گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ دو روز قبل مانسہرہ کے علاقے اوگی حسین بانڈہ میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں مکان کی چھت پر مٹی کا تودہ گرنے سے خاتون اور بچے سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

  • پنجاب کے تین کروڑ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کئے جائیں گے، عثمان بزدار

    پنجاب کے تین کروڑ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کئے جائیں گے، عثمان بزدار

    چکوال : وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہمی اولین ترجیح ہے، صوبے کے تین کروڑ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کئے جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکوال میں صحت انصاف کارڈز کی تقریب تقسیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سردارعثمان بزدارنے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سےتین کروڑ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کئے جائیں گے، اب تک 1لاکھ سے زائد شہری اس سہولت سے مستفید ہوچکے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہمی حکومت کے منشورکا حصہ ہے، صحت انصاف کارڈز سے شہری باآسانی اپنا علاج کسی بھی سرکاری یا پرائیویٹ ہسپتال سے مفت کرواسکیں گے۔

    کارڈ کے تحت7لاکھ روپے تک کے اخراجات حکومت برداشت کریگی، غریب اور مستحق افراد کے علاج معالجے کے لئے یہ ایک بہترین منصوبہ ہے، جہلم میں تین جبکہ چکوال میں چار لاکھ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کیے جائیں گے۔

    علاوہ ازیں وزیراعلی نے دورہ چکوال اور جہلم کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا جس میں انٹرٹینمنٹ اور پارک اور واٹر سپورٹس منصوبے شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ انہوں نے پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال کے بی ایس بلاک کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد رکھا جبکہ دھارابی جھیل میں ریزاٹ اور رابطہ سڑک کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

  • پنجاب حکومت چکوال میں یونیورسٹی قائم کرے گی، عثمان بزدار

    پنجاب حکومت چکوال میں یونیورسٹی قائم کرے گی، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ چکوال میں یونیورسٹی کے قیام کے لیے بل کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے چکوال میں یونیورسٹی آف نارتھ پنجاب کے قیام کا فیصلہ کرلیا، وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت چکوال میں یونیورسٹی قائم کرے گی، یونیورسٹی کے قیام کے لیے بل کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں بل کا مسودہ پیش کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ سردار عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ ایک سال میں وہ کام کیا جو سابق حکومتیں کئی سال نہ کرسکیں، پنجاب اسمبلی نے پہلے سال ریکارڈ قانون سازی کی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی نے ایک سال میں انتہائی اہمیت کے 19 بل منظور کیے، تقریباً 32 اہم بل تیاری کے مراحل میں ہیں۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ محکمہ قانون و پارلیمانی امور کا نئی ویب سائٹ کا اجرا خوش آئند ہے، ماضی میں ون مین شو تھا، فیصلے بغیر مشاورت کے کیے جاتے تھے۔

  • چکوال:‌ استاد کا طالب علم پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو منظر عام پر آگئی

    چکوال:‌ استاد کا طالب علم پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو منظر عام پر آگئی

    چکوال:  طالب  علم پر استاد کے بہیمانہ تشدد کا ایک اور کیس سامنے آگیا. ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس کی بابت  دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ چکوال کے علاقے تلہ کنگ کے نجی اسکول کی ویڈیو ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک استاد اپنے طالب علم کو چھڑی سے  پیٹ رہا ہے ۔

    موصولہ اطلاقات کے مطابق یہ واقعہ مبینہ طور پر تلہ کنگ کے علی اینجل نامی اسکول میں پیش آیا اور تشدد کرنے والا استاد اسکول کا پرنسپل ہے، تاہم اس کی ابھی تصدیق نہیں ہوسکی۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں طلبا پر تشدد یا جسمانی سزا (corporal punishment ) کے خلاف قوانین موجود ہیں.

    پاکستان پینل کوڈ کے مطابق بچوں پر اسکول، کالجز اور مدارس میں جسمانی تشدد کی قطعی اجازت نہیں اور یہ عمل قانوناً جرم ہے، جس کی سزائیں متعین ہیں.

    مزید پڑھیں: سکھرملتان اورلاہور میں اسکول کے بچوں سے جبری مشقت کا انکشاف

    بدقسمتی سے قانون کی موجودگی کے باوجود ملک بھر میں طلبا پر تشدد کے کیسز روز سامنے آتے. چند افسوس ناک واقعات میں تو طلبا کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے.

    تلہ کنگ سے سامنے آنے والی ویڈیو میں‌ بھی استاد کو بچے پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے.

  • چکوال سے ہاتھی کی معدوم نسل کی ایک کروڑ سالہ قدیم باقیات دریافت

    چکوال سے ہاتھی کی معدوم نسل کی ایک کروڑ سالہ قدیم باقیات دریافت

    فیصل آباد : ماہرین آثار قدیمہ کو چکوال کے علاقے میں کھدائی کے دوران ہاتھی کی ایک معدوم نسل کا دانت ملا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ہاتھی کی یہ نسل ایک کروڑ سال قبل افریقہ،ایشیا اور یورپ میں پائی جاتی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی جی سی یونیورسٹی نے چکوال سے ہاتھی کی معدوم نسل کی ایک کروڑ سال قدیم باقیات دریافت کرلی۔

    شعبہ زولوجی کو ڈھوک بن امیرخاتون کے مقام پر کھدائی کے دوران گومفوتھیرم کے دانت ملے، ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق ہاتھی کی یہ نسل ایک کروڑ سال قبل افریقہ،ایشیا اور یورپ میں پائی جاتی تھی۔

    واضح رہے کہ ہاتھی جنگلی حیات میں جسیم اور طاقتور ترین ممالیہ جانور ہے، دنیا بھر میں ہاتھیوں کی عام طور پر تین اقسام پائی جاتی ہیں افریقی بش ہاتھی، افریقی جنگلی ہاتھی اور ایشیائی ہاتھی، جسے انڈین ہاتھی بھی کہا جاتا ہے جبکہ  ہاتھی کی بقیہ اقسام برفیلے زمانے میں تقریباً دس ہزار سال پہلے معدوم ہو چکی ہیں۔

    مزید پڑھیں: جہلم ، 33لاکھ سال پرانا ہاتھی کے دانت کا ٹکڑا دریافت

    ماہرین کے مطابق ایک ہاتھی کے عمومی حمل کی میعاد 22 مہینے ہوتی ہے جو کسی بھی زمینی جانور کے مقابلے میں طویل ترین میعادِ حمل ہے۔ پیدائش کے وقت ایک ہاتھی کے بچے کا عمومی وزن120کلوگرام تک ہوتا ہے۔ ایک ہاتھی کی طبعی زندگی عموماً70سال تک ہوتی ہے جبکہ کچھ ہاتھی اس سے زیادہ عرصے تک بھی زندہ رہتے ہیں۔

  • چکوال میں تیل اور گیس کا نیا ذخیرہ دریافت

    چکوال میں تیل اور گیس کا نیا ذخیرہ دریافت

    لاہور: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے صوبہ پنجاب کے ضلع چکوال میں تیل اور گیس کا ذخیرہ دریافت کرلیا۔ کرسال بلاک کے تلہ گنگ ایکس ون سے یومیہ 313 بیرل تیل اور 77 پی ایس آئی گیس حاصل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم نے پنجاب کے ضلع چکوال میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔

    ان ذخائر سے یومیہ 313 بیرل تیل اور 77 پی ایس آئی گیس حاصل ہوگی۔

    پی پی ایل، پنجاب کے ضلع چکوال کے مقام کرسال بلاک کے تلہ گنگ ایکس ون کنوئیں کا 100 فیصد حصے دار ہے۔

    تلہ گنگ کنویں کی کھدائی کا آغاز 24 مئی 2018 کو ہوا تھا جہاں سے کنویں سے حاصل شدہ مواد کی جانچ کے دوران کنوئیں سے تیل حاصل ہوا۔

    کنویں کی مزید کھدائی کے بعد بلند شرح پر تیل کے بہاؤ میں اضافے کے امکانات ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں پاکستان کے مختلف مقامات پر تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے جاچکے ہیں۔

    گزشتہ برس سندھ کے علاقے گھوٹکی میں جاری گیس کی تلاش کامیابی سے ہمکنار ہوئی جہاں ماری ڈیولپمنٹ اور لیز ایریا کے شاہین ون نامی ایکسپلوریشن ویل میں قابل ذکر تعداد میں گیس کا ذخیرہ دریافت ہوا۔

    کمپنی کے مطابق ذخیرے میں موجود نئے امکانات کی مختلف سطحوں پر موجودگی کی سیسمک ڈیٹا سے شناخت کی گئی اور کمپنی ان کے لیے آئندہ دو سے تین سال میں ڈرلنگ کا ارادہ رکھتی ہے۔

    اس سے قبل خیبر پختونخواہ میں بھی تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے جن سے یومیہ 2800 بیرل تیل اور 19.26 مکعب فٹ قدرتی گیس کا حصول ممکن تھا۔