Tag: چکوال

  • چکوال : حلقہ پی پی 23 نوا زلیگ نے پی ٹی آئی کو شکست دے دی

    چکوال : حلقہ پی پی 23 نوا زلیگ نے پی ٹی آئی کو شکست دے دی

    تلہ گنگ: چکوال کے حلقہ پی پی 23 کے ضمنی انتخاب میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے نوجوان امیدوار نے میدان مار کر پی ٹی آئی کے سینئر امیدوار کو شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی 23 چکوال کے غیرحتمی وغیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے, جس کے مطابق نوازلیگ کے امیدوار شہریار ملک 71198 ووٹ لے کرآگے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے سلطان سرخرو 51063 ووٹ لے کردوسرے نمبرپر رہے۔

    پی پی 23 تلہ گنگ میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ملک ظہور اعوان کے انتقال کے بعد ان کے بھتیجے ملک شہریار اعوان کو ٹکٹ جاری کیا گیا تھا۔

    ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے امیدوار ملک سرخرو اعوان تھے جنہوں نے 2013 میں بھی پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے الیکشن میں حصہ لیا تھا اور شکست کھائی تھی۔

    لیگی امیدوار شہریاراعوان کو چچا کے انتقال کے بعد ہمدردی کا ووٹ بھی ملا ہے جبکہ الیکشن کے دوران انہیں نوجوان ہونے کا بھی فائدہ حاصل ہوا جس کی وجہ سے ان کی جیت کا مارجن کافی بڑا رہا ہے.

    دوسری جانب پی ٹی آئی امیدوار نے بھی اپنے ووٹ بڑھائے ہیں جو ن لیگ کیلئے واقعی تشویش کی بات ہے۔

  • مذہب سب کا الگ، لیکن انسانیت کی اساس مشترک ہے: وزیر اعظم

    مذہب سب کا الگ، لیکن انسانیت کی اساس مشترک ہے: وزیر اعظم

    چکوال: وزیر اعظم نواز شریف نے ہندوؤں کے تاریخی مقام کٹاس راج کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام ہندو، سکھ، پارسی اور دیگر تمام مذاہب کے ماننے والوں کی خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں۔ انسانیت ہماری مشترکہ اساس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے کٹاس راج کے دورے کے موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقام نہ صرف ہندوؤں کے لیے امتیازی حیثیت رکھتا ہے بلکہ سکھ، بدھ مت کے ماننے والوں، اور مسلمانوں کی ثقافت کا سنگم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں صرف مسلمانوں کا نہیں، تمام پاکستانیوں کا وزیر اعظم ہوں۔ ’یہاں پر 5 مذاہب کے ماننے والے پاکستانیوں کا اجتماع میری خوشی کا باعث ہے‘۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس اجتماع سے پوری دنیا کو واضح پیغام گیا ہے کہ پاکستان میں ہندو، سکھ، پارسی اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کو برابر کا شہری مانا جاتا ہے۔ ’تمام مذاہب کے ماننے والے انسانیت کے رشتے میں بندھے ہیں اور پاکستان کی ترقی، استحکام، امن اور خوشحالی کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کام کر رہے ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ مذہب سب کا اپنا اپنا لیکن انسانیت ہماری مشترکہ اساس ہے۔

    اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے قرآن کریم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام انبیا اور تمام کتابوں پر ایمان لانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ یہی نہیں ہمیں اقلیتوں کے ساتھ بہترین سلوک اور ان کے حقوق کے تحفظ کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک وقت آئے گا کہ پاکستان کو اقلیت دوست ملک کے طور پر جانا جائے گا۔

    خطاب میں وزیر اعظم سیاسی گفتگو کرنا نہ بھولے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے والے کچھ نہیں بنا رہے۔

    انہوں نے ماضی کی حکومتوں کو بھی لتاڑتے ہوئے کہا کہ جو پہلےحکمران رہے، ہم ان کے صوبے میں بھی ہم موٹر وے بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ایسے لوگ آگئے ہیں جوروز نیا جھوٹ بولتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے مخالفین کو اللہ سے معافی مانگنے کا بھی مشورہ دیا۔

    تقریب کے بعد وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ہندؤوں کے مقدس مقام امرت جل میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی کیا۔ فلٹریشن پلانٹ سے مذہبی رسومات کے لیے آنے والے ہندوؤں کو صاف پانی میسر ہوگا۔

    دورے کے موقع پر وزیر اعظم نے کٹاس راج میں ہندوؤں کے تاریخی مندر کے مختلف حصے بھی دیکھے۔

    اس موقع پر وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق اور دیگر اہم شخصیات بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھیں۔

    بعد ازاں وزیر اعظم نے کٹاس راج میں ہندوؤں کے مذہبی رہنما شیو جی کے مندر کے قریب پودا بھی لگایا اور ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا مانگی۔

  • شہبازشریف نے جھگی میں رہنے والی طالبہ سے ملاقات میں انعامات کی برسات کردی

    شہبازشریف نے جھگی میں رہنے والی طالبہ سے ملاقات میں انعامات کی برسات کردی

    چکوال : وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چکوال کی ہونہار طالبہ نرگس گل سے ملاقات کے دوران پانچ لاکھ روپےاور لیپ ٹاپ دینے کے علاوہ تمام تعلیم اخراجات اُٹھانے کی نوید سنائی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چکول کی ہونہار غریب طالبہ نرگس گل سے ملاقات کے دوران طالبہ کی علم دوستی اور ذہانت کے متعرف ہوئے انہوں نےجھگی میں رہنے والی طالبہ کی خود اعتمادی اور بلند ہمتی کی داد دی۔

    یہ خبر پڑھیں : جھگی میں رہنے والی طالبہ کی میٹرک میں دوسری پوزیشن

    وزیر اعلیٰ نے طالبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے پانچ لاکھ روپے کا چیک اورایک لیپ ٹاپ دیتے ہوئے طالبہ کے آئندہ کے تمام تعلیمی اخراجات اُٹھانے کا عندیہ بھی دیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے جھونپڑی میں رہائش پذیر طالبہ نرگس گل کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے گھر دینے کا بھی اعلان کیا،دورانِ گفتگو طالبہ کی نانی کی ناساز طبعیت کا معلوم ہونے پر اُن کا مفت علاج کرانے کا یقین دہانی بھی کرائی۔

  • چکوال موٹر وے پر ٹرالراور بس میں تصادم 6 افراد جاں بحق 22 زخمی

    چکوال موٹر وے پر ٹرالراور بس میں تصادم 6 افراد جاں بحق 22 زخمی

    چکوال : موٹر وے پر مسافر بس اور ٹرالر میں خوفناک تصادم کے باعث چھ افراد جان سے گئے، حادثے میں 22 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چکوال کے قریب پنڈدادن خان میں سالٹ رینج کےقریب مسافر بس اور ٹرالرکے تصادم میں چھ افرادجاں بحق جبکہ بائیس زخمی ہوگئے۔

    بدقسمت بس راولپنڈی سےجھنگ جارہی تھی کہ کلر کہار سے پانچ کلو میٹر کے فاصلے پر سالٹ رینج کے علاقے میں پیچھے سے آنے والا ٹرالر کی بریک فیل ہونے کے باعث بس سے ٹکرا گیا۔ جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ چار زخمیوں نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونےوالوں میں ابوبکر،یاسرعلی،احمدسعید،محمدارشداورمحمدنعیم شامل ہیں، زخمیوں میں دوخواتین اورایک بچہ بھی شامل ہےجبکہ چارزخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

  • چکوال: دھند کے باعث ٹریفک حادثہ،2 افراد جاں بحق

    چکوال: دھند کے باعث ٹریفک حادثہ،2 افراد جاں بحق

    پنجاب : ملک کے بیشتر شہروں میں دُھند کے بادل چھائے ہوئے ہیں، کئی شہروں میں حدِ نگاہ صفرہونے کے باعث چکوال میں ٹریفک حادثہ میں دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    سردی بڑھتے ہی ملک کے بیشترشہروں نے دُھند کی چادر تان لی ہے، دُھند کے باعث مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے۔

    شیخوپورہ میں جڑانوالہ روڈ پردُھند کے باعث کاراور وین میں تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں دوافراد جاں بحق اوربارہ زخمی ہوگئے، مسافر وین لاہور سے جڑانوالہ جارہی تھی، لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    وفاقی دارالحکومت آج کل شدید دُھند کی لپیٹ میں ہے، حدِ نگاہ صرف چند میٹر رہ گئی ہے، ٹریفک پولیس نے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی ہے، چکوال بھی دھند کی لپیٹ میں ہے، کلرکہار کے مقام پر موٹر وے بند کردی گئی ہے۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر حد نگاہ صفر ہونے کے باعث فلائٹ آپریشن بند ہے، شدید دھند کے باعث موٹروے پر چھوٹی گاڑیوں کو موٹر وے پولیس کی نگرانی میں قافلے کی صورت میں سفر کروایا جا رہا ہے۔

    موٹر وے پولیس نے ہدایات جاری کیں ہیں کہ شہری سفر کے دوران احتیات برتیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں

  • چکوال: تلہ گنگ روڈ پرٹریفک حادثہ بچی سمیت تین افراد جاں بحق

    چکوال: تلہ گنگ روڈ پرٹریفک حادثہ بچی سمیت تین افراد جاں بحق

    چکوال : تلہ گنگ روڈ پر مسافر ویگن اور کار کے مابین تصادم کے نتیجہ میں کم سن بچی سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ بارہ زخمی ہو گئے

    حادثہ مسافر ویگن کے ڈرائیور کی تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا۔حادثہ میں جان بحق ہونے والوں میں محمد افضل،زروا خالداور کم سن بچی حلیمہ شامل ہیں ۔

    حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقعہ پر پہنچ گئی جبکہ حادثہ میں جاں بحق اور ہونے والے اور بارہ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہید کوارٹرز اسپتال چکوال منتقل کر دیا گیا.

    جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔حادثہ کے بعد مسافر ویگن کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس اسٹیشن تھانہ صدر نے حادثہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

  • بلکسر انٹر چینج پر بھی گو نواز گو کے نعرے لگ گئے

    بلکسر انٹر چینج پر بھی گو نواز گو کے نعرے لگ گئے

    چکوال: تیس نومبر کو شہر اقتدار میں داخل ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو روکنے کے لئے موٹر وے پر بلکسر انٹر چینج کے مقام پر مقامی انتظامیہ نے چالیس کنٹینر قبضہ میں لے کر انٹر چینج کو بند کرنے کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

    اس موقعہ پر حالات کے مارے کنٹینر ڈرائیور اور دیگر عملہ سراپا احتجاج بن گیا۔ بے چارے ڈرائیور انتظامیہ کا تو کچھ نہ بگاڑ سکے لیکن گو نواز گو کا نعرہ لگا کر دل کا بوجھ ہلکا کر لیا۔

    کنتینر قبضہ میں لئے جانے پراحتجاج کرنے والے ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے ان کے کنٹینر قبضہ میں لے کر ان کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا ہے۔

  • چکوال:برساتی نالے میں وین ڈوبنے سے نوجوان جاں بحق

    چکوال:برساتی نالے میں وین ڈوبنے سے نوجوان جاں بحق

    چکوال: ڈوہمن کے علاقہ تکیہ شاہ مراد میں برساتی نالے میں طغیانی کے نتیجہ میں مسافر وین ڈوب گئی جس کے نتیجہ میں وین میں سوار ایک خاتون سمیت سات افراد پانی کے ریلے میں بہہ گئے۔

    کئی گھنٹوں کے بعد ضلعی انتظامیہ اورامدادی ٹیموں نے ریسکیو کرکے خاتون سمیت چھ افراد کو زندہ بچا لیا جبکہ کافی تگ ودو کے بعد ریلے میں بہہ کرڈوب کر جاں بحق ہونے والے عاطف نامی نوجوان کی نعش نکال لی گئی ۔

    زندہ بچ جانے والے افراد کو بنیادی مرکز صحت ڈوہمن پہنچایا گیا،جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ڈوبنے والی بد قسمت وین اسکول وین تھی اور بارش کی وجہ سے  بچے آج اس میں سوار نہ ہو سکے

  • دس بیس سالوں کی خرابیوں کو دور کرنے میں وقت لگے گا، نواز شریف

    دس بیس سالوں کی خرابیوں کو دور کرنے میں وقت لگے گا، نواز شریف

    چکوال : وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دس بیس سالوں کی خرابیوں کو دور کرنے میں وقت لگے گا۔

    چکوال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ معاشی صورتحال میں گذشتہ ایک سال میں کافی بہتری آئی ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف نے گذشتہ حکومتوں کو توانائی بحران کا ذمہ دار ٹہراتے ہوئے کہا کہ آج جو لوڈ شیڈنگ ہے، اس سے بہت بری صورتحال گذشتہ تین سالوں کےدوران تھی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ استعفی دینے کی باتیں کرنے والے آج ہم سے استعفی مانگ رہے ہیں، ڈالرکی قیمت نیچےآگئی مگر انہوں نے استعفی نہیں دیا۔

     نوازشریف نےکہا کہ  توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے بڑے بڑے اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں اتنے بڑے پیمانے پر توانائی کے منصوبے کبھی نہیں ہوئے۔