Tag: چھاپہ مار کارروائی

  • سعودی عرب: ایک ماہ کے دوران متعدد تجارتی مراکز پر چھاپے

    سعودی عرب: ایک ماہ کے دوران متعدد تجارتی مراکز پر چھاپے

    ریاض: سعودی عرب کے مختلف شہروں اور علاقوں کے تجارتی مراکز پر 1 ماہ کے دوران متعدد چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں اور مہنگا سامان پیچنے والوں کو قانون کے دائرے میں لایا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت کے انسپکٹرز نے مملکت میں قانون محنت کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے لیے 75 ہزار تفتیشی دورے کیے، مملکت کے تمام علاقوں میں موجود تجارتی اداروں پر چھاپے مارے گئے اور 8 ہزار 600 سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔

    وزارت تجارت کی ٹیموں نے 7 مارچ سے 8 اپریل تک مختلف اوقات میں تھوک بازاروں، کھانے پینے کی اشیا کے گوداموں اور اشیائے صرف فروخت کرنے والے تجارتی مراکز پر چھاپے مارے۔

    علاوہ ازیں جنرل سٹورز (بقالوں)، ہائپر مارکیٹس، گوشت فروخت کرنے والی دکانوں، سبزی اور پھل فروخت کرنے والی دکانوں، مچھلی بیچنے والوں، بیکریوں اور پیٹرول اسٹیشنوں پر بھی چھاپے مار کر دیکھا گیا کہ وہاں قوانین تجارت کی پابندی کس حد تک کی جا رہی ہے۔

    وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ 46 فیصد خلاف ورزیاں مہنگائی کے بارے میں تھیں۔ حکام نے سامان مہنگا فروخت کرنے والوں پر فوری جرمانے لگائے اور انہیں دیگر منافع خوروں کے لیے نشان عبرت بنا دیا۔

    بیان میں کہا گیا کہ تمام تجارتی مراکز اور گوداموں میں اشیائے صرف، ضرورت کا سامان اور کھانے پینے کی اشیا وافر مقدار میں پائی گئی ہیں، کہیں کسی بھی سامان کی قلت ریکارڈ نہیں کی گئی۔

    وزارت تجارت نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ ضرورت کا سامان ضرورت کی حد تک خریدیں، حد سے زیادہ سامان ذخیرہ کرنے کی کوشش نہ کریں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو کوئی قانون تجارت کی کوئی خلاف ورزی کہیں نظر آئے تو فوری طور پر شکایت درج کروائیں۔

  • چھاپہ دہشتگردی کی کارروائی کے بعد مارا گیا، رینجرز

    چھاپہ دہشتگردی کی کارروائی کے بعد مارا گیا، رینجرز

    کراچی: رینجرزحکام کا کہنا ہے کہ کارروائی منصوبہ بندی کے تحت نہیں بلکہ دہشتگردی کے واقعے کی بعد کی گئی، پوچھ گچھ کے بعد بے گناہ افراد کو چھوڑدیا جائے گا۔
    گلشن معمار اسکیم تینتیس میں رینجرز نے ایم کیوایم کے دفتر پر چھاپہ مار کارروائی سے متعلق مؤقف اختیارکیا ہے کہ کارروائی منصوبہ بندی کے تحت نہیں دہشتگردی کے واقعےکے بعد کی گئی۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ سندھ رینجرز کی ٹیم رات آٹھ  بجے گلشن معمار پر معمول کے گشت پر تھی کہ ایک عمارت سے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی، جس کے بعد رینجرز حکام نے عمارت کا گھیراؤ کرکے کارروائی کی۔

    رینجرز حکام کے مطابق آپریشن میں تیئس مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا ہے، بے گناہ افراد کو تفتیش کے بعد چھوڑدیا جائے گا، ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن معمار میں ایم کیوایم کے دفتر پر رینجرز نے کارروائی کرکے درجنوں کارکنان کو حراست میں لے لیا تھا ۔