کراچی : سیمنز چورنگی کےقریب فیکٹری کی چھت گرگئی ، جس کے باعث عمارت کے ملبے تلے متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیر شاہ میں سیمنزچورنگی کے قریب فیکٹری کی چھت گرگئی ،سندھ رینجرز کے جوان جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور ریسکیواداروں کے ساتھ امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے متعدد افراد دبے ہونے کی اطلاع ہیں جبکہ ریسکیو ادارے نے ایک زخمی کو نکال لیا ہے ، جسے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا کہ فیکٹری مالکان کےخلاف ایف آئی آردرج کرائی جائےگی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، عمارت کے ملبے نیچے تلاش کا کام جاری ہے۔
افتخار شالوانی کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنرکی قیادت میں کمیٹی مخدوش عمارتوں کاسروےکررہی ہے، بوسیدہ اورمخدوش عمارتوں کو گرایا جائے گا، رہائشی عمارت نہ ہونے کی وجہ سےکوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے ڈپٹی کمشنرغربی کوہدایت جاری کی ہے کہ چھت گرنےسےایک شخص زخمی ہوا،سائٹ میں موجود مخدوش عمارتوں کاسروے کیا جائے ، مخدوش عمارتوں کوخالی کرایا جائے۔
یاد رہے چند روز قبل کراچی میں لیاری کوئلہ گودام کے قریب 2 منزلہ رہائشی عمارت گر گئی تھی ، حادثے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 10 زخمیوں کو عمارت کے ملبے سے نکال کر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا ۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے لیاری میں رہائشی عمارت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ سے رپورٹ طلب کی تھی اور کہا تھا کہ ایس بی سی اے کی نا اہلی سے شہریوں کی جانیں محفوظ نہیں ہیں۔
اس سے قبل 10 ستمبر کو کورنگی کے علاقے اللہ والا ٹاؤن میں رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی تھی ، جس کے ملبے سے 7 افراد کی لاشیں نکال لی گئی تھیں۔