Tag: چھت گر گئی

  • سرجانی ٹاؤن میں چھت منہدم، گھر کے تمام افراد زخمی، ایک بچی جاں بحق

    سرجانی ٹاؤن میں چھت منہدم، گھر کے تمام افراد زخمی، ایک بچی جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں چھت منہدم ہونے سے گھر کے تمام افراد زخمی ہو گئے، جب کہ ایک بچی جاں بحق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 4 ڈی میں مکان کی چھت گر گئی، حادثے میں زخمی ہونے والی 12 سالہ بچی دوران علاج جاں بحق ہو گئی، چھت کے ملبے تلے دب کر 9 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی 8 افراد عباسی اسپتال میں زیر علاج ہیں، زخمیوں میں میاں بیوی اور ان کے 6 بچے شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

    ادھر سندھ کے شہر سانگھڑ کے سیال گوٹھ میں کچن میں آگ لگنے سے جھلس کر زخمی ہونے والی لڑکی چل بسی ہے، گزشتہ روز 16 سالہ لڑکی چولہے میں گیس لیکیج سے آگ لگنے سے جھلس گئی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ 70 فی صد جھلسنے والی لڑکی کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، لڑکی نے زخمی ہونے کے بعد ویڈیو بیان میں کچن میں آگ سے جھلسنے کا بتایا۔

  • کراچی: لیاری میں مکان کی چھت گر گئی، 2 افراد جاں بحق

    کراچی: لیاری میں مکان کی چھت گر گئی، 2 افراد جاں بحق

    کراچی:لیاری چاکیواڑہ تھانے والی گلی میں مکان کی چھت منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 7زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقام سے مرنے والوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا ہے، جبکہ ریسکیو کا عمل جاری ہے۔

    چھت گرنے کا ایک اور واقعہ لیاری کھڈا مارکیٹ کے قریب پیش آیا، جہاں چھت گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ٹریفک پولیس نے لیاقت آباد انڈر پاس میں پانی جمع ہونے کے باعث اسے بندکر دیا ہے۔ حسن اسکوائر سے لیاقت آباد جانے والی سڑک عیسیٰ نگری کے قریب 3 سے 4 فٹ دھنس گئی۔

    وزیراعظم کا بجلی کے بلوں سے متعلق بڑا فیصلہ

    حسن اسکوائر سے لیاقت آباد جانے والا روڈ ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے، علاقہ پولیس نے موبائلیں لگا کر عیسیٰ نگری روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے۔ لیاقت آبادسے حسن اسکوائرجانے والے ٹریک کو ڈبل چلایاجا رہا ہے۔

  • بھارت میں بارش کے دوران ایئرپورٹ کی چھت گر گئی، ویڈیو وائرل

    بھارت میں بارش کے دوران ایئرپورٹ کی چھت گر گئی، ویڈیو وائرل

    گوہاٹی: بھارت میں موسلا دھار بارش کے دوران ہوائی اڈے کی چھت مسافروں پر گر گئی جبکہ بارش کا پانی ایئرپورٹ میں جمع ہونا شروع ہوگیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق انڈیگو، ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس کے ذریعے چلنے والی پروازوں کا رخ تیز بارشوں کے سبب موڑ دیا گیا ہے۔

    ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ لوک پریہ گوپی ناتھ بوردولوئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، جس کے باعث ایئرپورٹ کی چھت کا ایک حصہ اُڑ گیا۔

    چیف ایئرپورٹ آفیسر نے بتایا کہ تیز بارش کے باعث چھت ٹوٹ گئی اور پانی اندر بہنا شروع ہوگیا، تاہم کسی کو کوئی چوٹ نہیں آئی اور معاملات کو قابو میں کرلیا گیا ہے۔

    مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایئر پورٹ کی چھت کے گرنے اور بارش کا پانی بہنے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔

    سی ای او کا کہنا تھا کہ طوفان اور موسلا دھار بارش کی وجہ سے حد نگاہ بہت کم ہوگئی اور ہمیں چھ پروازوں کا رخ موڑنا پڑا۔

    سینئر عہدیدار کے مطابق طوفانی بارش کے باعث آئل انڈیا کمپلیکس میں ایک بڑا درخت بھی اکھڑ کر گر گیا جس سے سڑک بلاک ہوگئی۔ تاہم نے موقع پر پہنچ کر سڑک کلیئر کیا۔

  • لاہور میں گھر کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

    لاہور میں گھر کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

    لاہور میں آج صبح سویرے لٹن روڈ پر موجود گھر کی چھت گرنے سے 3 بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ لٹن روڈ پر گھر کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہوگئے ہیں، جاں بحق بچوں میں ایک بچہ اور 2 بچیاں شامل ہیں۔

    ڈی سی لاہور نے افسوسناک سانحے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کو ریسکیو آپریشن جلد مکمل کروانے کا حکم دیا ہے جبکہ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے سوگوار خاندان کی ہر ممکن مدد کرنیکا حکم بھی جاری کیا ہے۔

    ڈی سی لاہور کے مطابق اسکول سے واپس آنے والے بچوں کوکمرے میں چھوڑ کر والدہ کھانا لینے گئی تھی، بچے کمرے میں تھے اس دوران ٹی آر گاڈر سے بنی عمارت کی چھت زمین بوس ہوگئی۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے گذری میں فلیٹ سے غیرملکی شہری کی چند روز پرانی لاش برآمد ہوئی، تعفن اٹھنے پر فلیٹ کے مکینوں نے پولیس کو آگاہ کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر دروازہ توڑا تو اندر سے لاش ملی ہے۔بظاہر طبعی موت معلوم ہوتی ہے، پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا جس کے بعد موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔

    بعدازاں ایس ایس پی نے بتایا کہ لاش جس گھر سے ملی اس کا دروازہ اندر سے لاک تھا، 55 سالہ چن شپنگ 3 سال سے مذکورہ مقام پر رہائش پذیر تھا۔

    کراچی: پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزم افغان ڈکیت گروہ کا سرغنہ نکلا، اہم انکشافات سامنے آگئے

    انہوں نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔

  • سرجانی میں مکان کی چھت گر گئی، بچہ جاں بحق، 3 افراد زخمی

    سرجانی میں مکان کی چھت گر گئی، بچہ جاں بحق، 3 افراد زخمی

    کراچی: سرجانی ٹاؤن کے علاقے شاہ بیگ گوٹھ سیکٹر 10 میں گھر کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک 12سالہ بچہ دم توڑ گیا جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی 12 سال کا رضا نامی لڑکا دم توڑ گیا، جبکہ حادثے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق مکان میں رہائش تھی، گراؤنڈ فلور اور ایک منزل پر مشتمل تھا، جہاں دینی تعلیم دی جاتی تھی، پہلی منزل پر چھت پریکاسٹ کی تھی، پہلی منزل کی چھت پرنعت خوانی جاری تھا، چھت وزن زیادہ ہونے کے بعد گر گئی۔

    اس سے قبل پنجاب کے شہر حافظ آباد میں گھر میں آگ لگنے کے بعد چھت گر گئی تھی جس کے ملبے تلے دب کر 4 افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے تھے۔

    غیرقانونی سمیں جاری کرنے میں ملوث افراد کی شامت آگئی

    یہ افسوسناک واقعہ پنجاب کے شہر حافظ آباد کے علاقے رامکے چٹھہ میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پیش آیا تھا جہاں گھر میں آگ لگنے کے بعد چھت گر گئی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔ان میں سے خاتون اور چار بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ چار افراد زخمی ہوئے۔

  • اسٹیڈیم کی چھت گر گئی، 3 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    اسٹیڈیم کی چھت گر گئی، 3 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    بھارت کے تلنگانہ کے رنگاریڈی ضلع میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، معین آباد کے علاقہ میں ایک زیر تعمیر اِنڈور اسٹیڈیم کی چھت گرنے کے باعث 3 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افسوسناک حادثے کے بعد ریسکیو کا عمل شروع کردیا گیا ہے، جبکہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بعض افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

    راجندر نگر کے ڈی سی پی جگدیشور ریڈی کے مطابق معین آباد میں ایک زیر تعمیر پرائیویٹ انڈور اسٹیڈیم منہدم ہونے سے اب تک 2 لوگوں کی موت ہوئی ہے اور تقریباً 10 زخمی ہوئے ہیں۔

    ڈی سی پی نے بتایا کہ ایک لاش برآمد کر لی گئی ہے اور عملہ ملبے سے دیگر لاشیں نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہے، جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو علاج کے لئے اسپتال روانہ کردیا گیا ہے۔جبکہ ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔

  • میکسیکو: چرچ کی چھت گر گئی، متعدد ہلاک

    میکسیکو: چرچ کی چھت گر گئی، متعدد ہلاک

    میکسیکو میں چرچ کی چھت اچانک گرنے کے سبب 10 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 39 افراد زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چرچ کی چھت گرنے کا یہ المناک حادثہ میکسیکو کے ساحلی شہر سیوڈیڈ میڈارو میں رونما ہوا، جب سانٹا کروز چرچ کی چھت اچانک زمین بوس ہوگئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے جس وقت یہ چھت گری اس وقت چرچ میں عبادت ہورہی تھی، سانحے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 39 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں مقامی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    رپورٹس میں بتایا گیا ہے واقعے میں اب تک 10افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جن میں 2 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔

    پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ چرچ میں حادثے کے وقت 100 افراد موجود تھے جبکہ حادثے کے نتیجے میں درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے جنہیں ملبے سے نکالنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد زخمیوں کو ملبے سے نکالنے کے لیے مقامی افراد نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جب کہ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاربھی بر وقت جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔

  • گوجرانوالہ میں‌ بارش کے باعث گھر کی چھت منہدم، 3 افراد دب کر جاں بحق

    گوجرانوالہ میں‌ بارش کے باعث گھر کی چھت منہدم، 3 افراد دب کر جاں بحق

    گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں بارش کے باعث ایک مکان کی چھت منہدم ہونے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں عبداللہ روڈ پر بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر 2 بچیاں اور ایک خاتون جاں بحق، جب کہ 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو تحصیل اسپتال کامونکی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز لاہور میں بارش نے 30 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، اور پورا شہر بارش کے پانی میں ڈوب گیا، 291 ملی میٹر بارش کے بعد ہر طرف تباہی دکھائی دے رہی ہے۔

    کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 7 افراد جان سے گئے، پانی میں تیرتی بجلی کی تاریں موت کا سامان بن گئیں۔

  • اوکاڑہ، زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    اوکاڑہ، زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    اوکاڑہ: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ایک زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے گھر میں موجود 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ شہر میں نیشنل ہائی وے گیمبر اڈا کے قریب نواحی گاؤں میں ایک مکان کی چھت گر گئی، گھر کے ملبے میں دب کر 5 افراد جاں بحق ہو گئے، واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبی لاشیں نکال لی گئی ہیں جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ مکان زیر تعمیر تھا اور چھت پر ملبہ رکھا ہوا تھا جس کا لوڈ چھت برداشت نہ کر سکی اور چھت ڈھ گئی۔

    ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اوکاڑہ کے نواحی گاؤں میں چھت گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہم دردی اور تعزیت کی ہے۔

    لاہورمیں‌ مکان کی چھت گرگئی، میاں بیوی اور 2 بچے جاں بحق

    وزیر اعلیٰ نے زخمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی، اور کمشنر ساہیوال ڈویژن سے افسوس ناک واقعے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی۔

  • گوجرانوالہ میں گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

    گوجرانوالہ میں گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

    گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے علاقے چراغ آباد میں ایک گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق علی پور چھٹہ کے علاقے چراغ آباد میں گزشتہ رات بوسیدہ ہونے کے باعث ایک گھر کی چھت اس کے مکینوں پر گر پڑی، جس کے ملبے کے نیچے دب کر 3 بچے جاں بحق جب کہ میاں بیوی زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 8 سالہ کرن، 5 سالہ علی، 2 سالہ ساحل شامل ہیں، جب کہ زخمی میاں بیوی کو تشویش ناک حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    چمن میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 11 جنوری کو صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن میں کلی لقمان میں مکان کی چھت گرنے سے چار خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق جب کہ 2 افراد زخمی ہو گئے تھے، مکان کی چھت بارش کے باعث گری تھی اور گھر میں موجود تمام افراد ملبے کے نیچے دب گئے تھے، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا۔

    اس سے قبل 8 جنوری کو پنجاب کے شہر لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، یہ حادثہ لاہور کے علاقے یوحنا آباد کے علاقے خالد نگر میں پیش آیا تھا، مکان خستہ حالت میں تھا، جس کی چھت گرنے کے نتیجے میں ماں اور 2 بچے جاں بحق ہوئے۔