Tag: چھت

  • گائے چھت پر کیسے پہنچی؟ حیرت انگیز ویڈیو وائرل

    گائے چھت پر کیسے پہنچی؟ حیرت انگیز ویڈیو وائرل

    بے ضرر جانوروں کے شرارتی پن سے تو سب ہی واقف ہیں، یہ اپنی معصومیت میں اکثر غیر معمولی جگہوں اور صورتحال میں پھنس جاتے ہیں۔

    تاہم اس قسم کی شرارتیں عموماً بلیاں زیادہ کرتی ہیں جو کبھی کسی اونچی جگہ چڑھ جاتی ہیں، کہیں پھنس جاتی ہیں یا پھر ادھر سے ادھر چھلانگ لگاتے ہوئے گر جاتی ہیں۔

    لیکن کیا آپ نے کبھی کسی گائے کو کسی غیر معمولی جگہ پر دیکھا ہے؟

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک گائے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو ایک گودام کی چھت پر موجود ہے۔

    گائے نہ صرف وہاں موجود ہے بلکہ آرام سے چہل قدمی بھی کر رہی ہے۔

    آس پاس کوئی شخص بھی موجود نہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گائے نے تنہائی پا کر کھیل ہی کھیل میں خود کو مشکل صورتحال میں پھنسا لیا ہے۔

    گائے وہاں کیسے چڑھی، یا بعد ازاں اسے کیسے اتارا گیا، یہ واضح نہیں ہوسکا۔

    ٹویٹر پر لوگ اس ویڈیو کو دیکھ کر بے حد محظوظ ہوئے اور اس پر دلچسپ تبصرے کیے۔

  • برف کا گولہ چھت توڑتا ہوا گھر کے اندر آگرا

    برف کا گولہ چھت توڑتا ہوا گھر کے اندر آگرا

    امریکا کی مختلف ریاستوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، ریاست نیو جرسی میں ایک خاندان کے ساتھ برفباری کے دوران انوکھا واقعہ پیش آیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق نیو جرسی میں ایک گھر میں اچانک برف کا ایک گولہ چھت توڑتا ہوا گھر کے اندر آگرا جس سے گھر والے خوفزدہ ہوگئے۔

    گھر میں رہائشی کم نامی خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیمار بیٹے کو دوا کھلا رہی تھیں جب انہوں نے دوسرے کمرے سے ایک زوردار آواز سنی۔

    انہوں نے کچن میں جا کر دیکھا تو برف کے ٹکڑے پڑے ہوئے تھے جبکہ چھت میں ایک بڑا سا سوراخ تھا۔

    کم کا کہنا ہے کہ وہ نہیں جانتیں کہ یہ برف کیسے گری، اب ان کے گھر کے باہر اور چھت پر تو برف موجود ہی ہے، لیکن گھر کے اندر بھی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ واقعے میں خوش قسمتی سے گھر کا کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

  • گھر کی چھت پر سانپوں کا بسیرا، گھر والے خوف کا شکار

    گھر کی چھت پر سانپوں کا بسیرا، گھر والے خوف کا شکار

    اگر آپ کو اپنے گھر میں کوئی چوہا، لال بیگ یا دوسرا کوئی کیڑا نظر آجائے تو آپ کو بے حد پریشانی ہوگی، لیکن تصور کریں کہ آپ کے گھر میں سانپوں کا پورا بل (گھر) بنا ہوا ہو تو یقیناً آپ کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے۔

    امریکی ریاست جارجیا کا ایک خاندان ایسی ہی صورتحال کا شکار ہوگیا جب انہیں اپنے کرائے کے مکان میں سانپ دکھائی دیے۔

    یہ خاندان اپنے مکان میں چوہوں اور کاکروچز کی موجودگی سے پہلے ہی کافی پریشان تھا، پھر ایک روز اچانک کئی ماہ سے ٹپکتی چھت کا ایک حصہ ٹوٹ کر گر پڑا اور گھر والوں پر خوفناک انکشاف ہوا کہ وہاں سانپوں کا پورا خاندان موجود ہے۔

    مذکورہ خاندان نے چھت کے رساؤ کے بارے میں مالک مکان کا کافی عرصے سے آگاہ کر رکھا تھا لیکن اس نے مرمت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی، گھر والوں کا کہنا ہے کہ مسلسل پانی رسنے کی وجہ سے چھت میں گڑھا بن گیا اور پھر وہاں سانپوں نے بسیرا کرلیا۔

    سانپوں کو نکالنے کے لیے اینیمل کنٹرول ادارے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ مالک مکان کی اجازت کے بغیر وہ چھت کو منہدم نہیں کرسکتے، اور اس کے بغیر سانپوں کو نکالنا نا ممکن ہے۔

    تاہم مالک مکان نے اس کی اجازت دینے سے انکار کردیا اور کرائے دار کو گھر خالی کرنے کا نوٹس دے دیا۔

  • برف کی وزنی تہہ سے مکان کی چھت گر گئی

    برف کی وزنی تہہ سے مکان کی چھت گر گئی

    مقبوضہ کشمیر میں سخت سردی اور برفباری کے دوران ایک گھر کی چھت بے تحاشہ برف جمع ہونے سے گر گئی، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    یہ واقعہ مقبوضہ کشمیر کے شہر سرینگر میں پیش آیا جہاں درجہ حرارت اس وقت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ہے، سڑکوں پر 6 فٹ تک برف جمع ہوچکی ہے جبکہ مکانات کی چھتیں بھی برف سےڈھکی دکھائی دے رہی ہیں۔

    ایسے میں ایک 3 منزلہ مکان سے گڑگڑاہٹ کی آوازیں سنائی دیتی ہیں اور برف کی وزنی تہہ کے باعث مکان کی چھت زمین بوس ہوجاتی ہے۔ چھت گرنے سے مکان کی اوپری منزل بھی تباہ ہوجاتی ہے۔

    راہ گیروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے مکان سے گڑگڑاہٹ کی آوازیں سنیں تو وہ رک گئے اور اس سے پہلے کہ وہ کچھ کرسکتے مکان کی چھت گر گئی، ایک شخص نے واقعے کی ویڈیو بھی بنا لی۔

    خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی شخص زخمی یا نقصان نہیں ہوا البتہ پڑوس کے کچھ مکانات کو معمولی نقصان پہنچا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق شدید سردی کے باعث وادی کشمیر میں ڈیزل اور پیٹرول کی راشن بندی کی جارہی ہے۔

  • شمالی وزیرستان میں مدرسے کی چھت گرنے سے 7 بچے جاں بحق

    شمالی وزیرستان میں مدرسے کی چھت گرنے سے 7 بچے جاں بحق

    میرانشاہ: شمالی وزیرستان میں مدرسے کی چھت گرنے سے 7 بچے جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں مدرسے کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 7 بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق بچوں کی عمریں 10 سے 14سال کے درمیان تھیں۔

    چارسدہ میں مدرسے کی چھت گرنے سے 4 بچے جاں بحق

    اس سے قبل رواں سال فروری میں چارسدہ کے علاقے کانگڑہ میں مدرسے کی چھت گرنے کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق اور 10 شدید زخمی ہوگئے تھے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت برآمدے کے ملبے تلے دبے بچوں کو نکالا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 10 سے 16 سال کے درمیان تھیں۔

  • سعودی بھائیوں نے گھر کی چھت پر اسپورٹس کلب بنا لیا

    سعودی بھائیوں نے گھر کی چھت پر اسپورٹس کلب بنا لیا

    ریاض: سعودی عرب میں 4 بھائیوں نے فراغت کا حل نکالتے ہوئے گھر کی چھت پر اسپورٹس کلب بنا دیا، سوشل میڈیا پر ان کے کلب کو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    مکہ مکرمہ کے رہائشی محمد داغستانی نے وائرل ویڈیو میں اسپورٹس کلب کے بارے میں بتایا کہ ہم 4 بھائی ہیں اور ہمارے ساتھ ہمارا بھتیجا بسام بھی شریک ہوگیا ہے۔

    داغستانی نے بتایا کہ کرفیو شروع ہوا تو چاروں بھائی اپنی والدہ کے فلیٹ میں جمع ہوجاتے کیونکہ اس کے سوا ہمارے پاس کوئی اور سرگرمی نہیں تھی۔ اسی دوران گھر کی چھت پر اسپورٹس کلب بنانے کا خیال ذہن میں آیا، ایک ہفتے کے اندر اس کی تیاری کرلی گئی اور سائنٹفک بنیادوں پر اسپورٹس کلب ڈیزائن کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے بھائی گھر کی چھت پر ایکسر سائز کر رہے ہیں، یہ ایکسر سائز افطار سے قبل یا تراویح کے بعد کرتے ہیں۔ سب سے چھوٹا بھائی یاسر ہمارا ٹرینر بنا ہوا ہے۔

    داغستانی نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے ہمارے اسپورٹس کلب پر شکوک و شبہات کا اظہار بھی کیا، کئی لوگ سمجھ رہے ہیں کہ ہم نے اجتماع کا جواز پیدا کرنے کے لیے اسے تشکیل دیا ہے۔

    ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ میں اپنے ان بھائیوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ جس عمارت کی چھت پر اسپورٹس کلب بنایا گیا ہے وہ ہمارے خاندان کی چھت ہے، اس میں کرائے کا کوئی مکان نہیں ہے۔ ہم چاروں بھائی اور ان کی اولادیں اس عمارت میں رہتی ہیں۔

    داغستانی نے سوشل میڈیا کے ان صارفین کا شکریہ بھی ادا کیا جنہو ں نے اسپورٹس کلب کے قیام پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔

  • مردان میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    مردان میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    مردان : صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر مردان میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مردان میں تخت بھائی کے علاقے قدرت آباد میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں دادا، دادی اور2 پوتے شامل ہیں۔

    دوسری جانب چاسدہ کے نواحی علاقے میں گھر کی چھت گرنے سے ماں سمیت 2 بچے جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی۔

    ہرنائی میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور5 بچے جاں بحق

    اس سے قبل 25 مارچ کو بارش کے باعث ہرنائی کے علاقے زندہ پیر میں گھرلینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگیا تھا، ماں اور 5 بچے جاں بحق جبکہ 2 سال کی بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی تھی۔

    پشین میں مکان کی چھت گرنے سے4 بچے جاں بحق

    واضح رہے کہ 5 فروری 2019 کو بلوچستان میں ضلع پشین کے علاقے یعقوب کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

  • لاہورمیں مکان کی چھت گرگئی‘4 افراد زخمی

    لاہورمیں مکان کی چھت گرگئی‘4 افراد زخمی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کےعلاقے جنوبی چھاؤنی میں مکان کی چھت گرنے سے چار افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی رضاکار وں نے جائے وقوع پر پہنچ کر ملبے تلے دبے افراد کو ریسکیو کیا۔ زخمیوں میں احمد ،صبا، فوزیہ اورعلی شامل ہیں ، انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    قصورمیں مکان کی چھت گرنےسے3 بچے جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں قصور کے نواحی علاقے گنڈا سنگھ میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا۔

    ریسکیو اہلکاروں کے مطابق چھت کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے بچوں میں دو بھائی اور بہن شامل تھے۔

    لاہور: مکان کی چھت گرنے سے دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 6 جنوری کو لاہور کے علاقے اندرون دہلی گیٹ میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • لاہور: کاسمو کلب کی چھت گرنےسے3 افراد جاں بحق

    لاہور: کاسمو کلب کی چھت گرنےسے3 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جناع باغ کاسمو کلب کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں واقع جناح باغ میں کاسمو کلب کی چھت گرنے کی وجہ سے پانچ افراد ملبے تلے دب گئے، اطلاع ملنے پرامدادی ٹیمیوں کی جانب سے ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت امین کے نام سے ہوئی ہے تاہم دو افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔

    حادثے میں زخمی لیاقت اسپتال میں زیرعلاج ہے جبکہ معمولی زخمی ہونے والے شہریار کو طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا ہے۔

    پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرتے ہوئے حادثے کی تحقیقات شروع کردی اور کلب کے ٹھکیدار غلام رسول کو بھی حراست میں لے کرپوچھ گچھ شروع کردی ہے۔


    مکان کی چھت گرنے سے دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ رواں سال 6 جنوری کو لاہور کے علاقے دہلی گیٹ میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے دو بچوں سمیت چھ افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔


    رائیونڈ روڈ پر گودام کی چھت گرگئی‘ 3 مزدور جاں بحق

    خیال رہے کہ گزشتہ سال 21 جون کو لاہور میں رائیونڈ روڈ پر ٹی آر گارڈر کے گودام کی چھت گرنے سے 3 مزدور جاں بحق ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لاہور: مکان کی چھت گرنے سے دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق

    لاہور: مکان کی چھت گرنے سے دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق

    لاہور : بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے دو بچوں سمیت چھ افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے، تنگ گلیوں اور تجاوزات کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے اندرون دہلی گیٹ میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے، واقعہ میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق غلام حسین نامی شخص کا مکان تنگ گلی میں ہے جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں بہت سی پریشانیاں درپیش ہیں۔

    ریسکیو آپریشن میں تاخیر تنگ گلیوں کی وجہ سے ہوئی، کم جگہ اورتجاوزات کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا رہا اور امدادی کارروائیوں کیلئے گدھوں کا استعمال کرنا پڑا، آپریشن میں تاخیر کے باعث 6 قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔

    ریسکیوذرائع کے مطابق جاں بحق لڑکوں میں 13 سال کا زاہد ، 15سال کاعلی شامل ہیں جبکہ بچوں کے ماں باپ تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے لاہور میں مکان کی چھت گرنے کے واقعے پراظہارافسوس کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کی۔

    علاوہ ازیں مانگا منڈی میں ہونے والے ٹریفک کے حادثے میں ٹریکٹرٹرالی کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 14 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، حادثے میں زخمی 4 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔


    سوات میں مکان کی چھت گرنے سے 3افراد جاں بحق


    خیال رہے کہ گزشتہ سال 23 مئی کو صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقے سوات میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ 30 جنوری 2017 کو صوبہ پنجاب کے شہرگوجرانوالہ کے علاقے گوندلانوالہ میں گھر کی چھت گرنے سے والد اور4 بچے جاں بحق ہو گئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں