Tag: چھوٹا طیارہ

  • کینیا: مسافر طیارہ گر کر تباہ

    کینیا: مسافر طیارہ گر کر تباہ

    نیروبی : ایک اور مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ، حادثے میں تین راہ گیر جاں بحق ہوگئے جبکہ تین مسافر زخمی بھی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیا کے ساحلی شہر مالندی میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں تین راہ گیر جاں بحق ہوگئے.

    طیارہ مالندی ایئرپورٹ سے نیروبی کے ولسن ایئرپورٹ کی جانب روانہ ہوا تھا اور معمول کی تربیتی پرواز پر تھا لیکن پرواز کے کچھ ہی دیر بعد تکنیکی خرابی کے باعث ایئرپورٹ سے تقریباً دو کلومیٹر دور مالندی – ممباسا ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا۔

    حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک بچہ، مرد اور خاتون نشانہ بنیں جبکہ طیارے میں موجود پائلٹ، انسٹرکٹر اور ایک طالب علم معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    کینیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

    یہ حادثہ ایئرپورٹ کے قریب حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھاتا ہے اور مقامی حکام نے اس حوالے سے مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

  • میکسیکو میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتوں کی تصدیق

    میکسیکو میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتوں کی تصدیق

    میکسیکو سٹی: شمالی امریکا کے ملک میکسیکو میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کی شمالی ریاست نوویو لیون کے ڈیلنارٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب ایک چھوٹا طیارہ گرنے سے کم از کم 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ریاست کے شہری تحفظ کے حکام نے جمعرات کو حادثے کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹا طیارہ سینیگا ڈی فلورس کی میونسپلٹی میں ایک ٹرانسپورٹ کمپنی کے اندر گر کر تباہ ہوا، طیارے میں 6 افراد سوار تھے۔

    طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور 3 مرد شامل تھے، یہ طیارہ 1972 کا پائپر پی اے 32 چیروکی سکس تھا، جو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر لاریڈو سے رجسٹرڈ تھا۔

    امریکا میں‌ طیارہ گر کر تباہ، ہلاکت کی تصدیق

    ٹرانسپورٹ کمپنی کے اندر طیارہ کریش ہونے کے سبب کمپنی کا ایک ملازم بھی زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    شہری ڈیفنس کے مطابق ٹرانسپورٹ لائن کے لیے کام کرنے والا شخص ایک ٹریکٹر ٹریلر آپریٹر تھا، جب جہاز ٹریکٹر پر آ کر کریش ہوا تو اس وقت وہ ٹریکٹر میں سوار تھا۔

  • امریکا: طیارے کی ساحل سمندر پر ایمرجنسی لینڈنگ، ویڈیو وائرل

    امریکا: طیارے کی ساحل سمندر پر ایمرجنسی لینڈنگ، ویڈیو وائرل

    امریکا میں چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس کا پائلٹ معجزاتی طور پر محفوظ رہا، ایوی ایشن حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کردیں۔

    امریکی ریاست فلوریڈا میں حادثے کا شکار یہ طیارہ سیسنا 172 تھا جس نے دوپہر 2 بجے ہالی ووڈ ایئر پورٹ سے اڑان بھری۔ 10 منٹ فضا میں رہنے کے بعد طیارے کو ساحل پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ترجمان کے مطابق بظاہر جہاز کے انجن میں کوئی خرابی پیدا ہوئی جس کی وجہ سے پائلٹ اسے واپس ایئر پورٹ نہ لے جاسکا اور اسے ساحل پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔

    ساحل پر موجود ایک شخص نے اس کی ویڈیو بھی بنائی، اس کا کہنا تھا کہ زمین کو چھونے کے بعد طیارے کی ناک ریت میں دھنستی ہوئی آگے چلی گئی اور بالآخر وہ رک گیا۔

    حادثے میں پائلٹ معمولی زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    فیڈرل ایوی ایشن حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

  • آسٹریلیا میں طیارہ حادثے کا شکار، بھارتی کرکٹ ٹیم بال بال بچی

    آسٹریلیا میں طیارہ حادثے کا شکار، بھارتی کرکٹ ٹیم بال بال بچی

    کینبرا: آسٹریلیا میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہوٹل کے قریب ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں جس ہوٹل میں بھارتی کرکٹ ٹیم قرنطینہ کے دن گزار رہی ہے، اس سے صرف 30 کلو میٹر دور ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

    بھارتی ٹیم اس وقت سڈنی اولمپک پارک ہوٹل میں موجود ہے، چار روز قبل پیش آنے والے واقعے کے وقت چند کھلاڑی ایک شیڈ میں موجود تھے۔

    وہاں موجود کرومر کرکٹ کلب کے سینئر وائس پریزیڈنٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے طیارے کو تیزی سے قریب آتے دیکھا تو وہ زور سے چلائے بھاگو، بھاگو اور خود بھی بھاگ کھڑے ہوئے۔ انہیں خدشہ تھا کہ طیارہ شیڈ کی چھت سے ٹکرا جائے گا۔

    یہ طیارہ سڈنی فلائنگ اکیڈمی سے اڑا تھا جسے ایک نوجوان پائلٹ اڑا رہا تھا، طیارے میں کو پائلٹ بھی موجود تھا۔

    بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ طیارہ نوجوان پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہوگیا جس کے بعد اس نے کریش لینڈنگ کی، حادثے میں دونوں کی جان بچ گئی تاہم دونوں بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔

    اسپتال لے جاتے ہوئے ایک کا چہرہ خون سے تر تھا جبکہ دوسرے کی ٹانگ ٹوٹ چکی تھی۔ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    حادثے میں بھارتی ٹیم بال بال بچی ہے، بھارتی ٹیم 2 ماہ سے زائد کے طویل دورے پر آسٹریلیا پہنچی ہے اور اس وقت قرنطینہ میں ہے۔

    اس دورے میں دونوں ٹیمز 3 ون ڈے، 3 ٹی 20 اور 4 ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔ دورے کا آغاز 27 نومبر کو پہلے ون ڈے سے ہوگا۔

  • برلن میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک

    برلن میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک

    برلن: جرمنی کے دارالحکومت برلن میں چھوٹا طیارہ گرنے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برلن میں چھوٹا طیارہ اپارٹمنٹ کی عمارت پر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد عمارت کی بالائی منزل پر آگ لگ گئی۔طیارہ گرم ہوا کے غبارے سے ٹکرا کر گرا۔ طیارے میں آگ لگنے سے پہلے ایک چھوٹے بچے کو معمولی چوٹیں آئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ دو افراد کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا تھا، ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کتنے افراد طیارے میں سوار تھے اور ہلاکہ ہونے والے تینوں افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

  • چلی میں چھوٹا طیارہ گھر پر گِر کر تباہ، چھ افراد ہلاک

    چلی میں چھوٹا طیارہ گھر پر گِر کر تباہ، چھ افراد ہلاک

    سینتیاگو : چلی میں چھوٹا طیارہ برقی تاروں سے ٹکرانے کے باعث ایک گھر پر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا چھوٹا طیارہ چلی کے دارالحکومت سین تیاگو کے نزدیکی علاقے کے ایئرپورٹ سے اڑا اور ٹیک آف کے کچھ دیر بعد ہی بجلی کی طیاروں سے ٹکرا کر ایک گھر پر گرگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گرتے ہی طیارے میں آگ بھڑک اٹھی جس سے گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ افسوس ناک حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں پائلٹ سمیت دو خواتین اور چار مرد شامل ہیں۔

    لاس ویگاس علاقے کے گورنر جیری جوگونس نے بتایا کہ جہاز جس مکان پر گرا اس میں کوئی موجود نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جہاز میں ایک پائلٹ اور 5مسافر سوار تھے۔

    مزید پڑھیں : امریکا: فلائنگ کلب سے نجی طیارہ چُرانے والے دو بچے گرفتار

    امریکا میں‌ مسافر بردار طیارہ چوری کے بعد حادثے کا شکار

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا چھوٹا ’BN-2B-27  ایئر کمپنی آرکیا پولیجی‘ کا تھا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ چلی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاہم حادثے اور تحقیقات سے متعلق ابھی تک کمپنی ترجمان کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

  • پاکپتن، پولیس نے طیارہ محنت کش فیاض کے حوالے کردیا

    پاکپتن، پولیس نے طیارہ محنت کش فیاض کے حوالے کردیا

    پاکپتن: پنجاب کے ضلع پاکپتن میں چھوٹا طیارہ بنانے والے محنت کش اور پولیس کے درمیان معاہدہ طے پاگیا جس کے بعد پولیس نے طیارہ فیاض کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی پی او پاکپتن ماریہ محمود کی ہدایت پر پولیس نے محنت کش فیاض کو طیارہ واپس کردیا، فیاض نے تھانہ رنگشاہ میں طیارے کو دوبارہ جوڑ لیا۔

    محمد فیاض کا کہنا ہے کہ وہ اپنا تیار کردہ طیارہ واپس ملنے پر بے حد خوش ہے جبکہ سول ایوی ایشن کی ٹیم طیارے کے معائنے کے لیے پاکپتن آئے گی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل پاکپتن کے علاقے تھانہ رنگشاہ پولیس نے منی طیارہ بنانے والے نوجوان فیاض کو گرفتار کرکے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے عدالت میں پیش کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: پاکپتن: نوجوان کو منی طیارہ بنانا مہنگا پڑ گیا، پولیس نے حراست میں لے لیا

    نوجوان کے خلاف درج ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ طیارہ بغیر پرمٹ کے بنایا گیا جبکہ اس سلسلے میں حکومتی اجازت نامہ بھی نہیں ہے، نوجوان نے جہاز پر کرتب بھی دکھائے پولیس پہنچی تو جہاز لینڈ کررہا تھا۔

    یاد رہے کہ پاکپتن کی عدالت نے جہاز بنانے والے نوجوان کو تین ہزار روپے جرمانہ کرکے چھوڑنے کا حکم جاری کیا تھا، تھانہ رنگشاہ پولیس نے نوجوان فیاض کو ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا تھا۔

    نوجوان فیاض کا کہنا تھا کہ جہاز بنانے کے لیے ایک ایکڑ زمین بیچ دی تھی، طیارہ بنانے پر داد دینے کے بجائے ہتھکڑیاں لگادی گئیں، حکومت نوٹس لے۔

  • کیلیفورنیا میں چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار، 5 افراد ہلاک

    کیلیفورنیا میں چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار، 5 افراد ہلاک

    واشنگٹن : امریکی ریاست کیلیفورنیا میں چھوٹا مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے فوراً بعد 1.6 کلومیٹر کے فاصلے پر شاپنگ مال میں گرکر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع اسٹرپ نامی شاپنگ مال کی کار پارکنگ میں اچانک چھوٹا طیارہ انجن میں فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں جہاز میں سوار پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ طیارہ دو انجن والا کیسنا 414 تھا جو جان وائن ایئر پورٹ کے رن وے سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد 1.6 کلو میٹر کے فاصلے پر شاپنگ مال کی پارکنگ میں کھڑی لال رنگ کی گاڑی پر گر کر تباہ ہوگیا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ طیارے کے پرواز کرنے کے بعد ہی پائلٹ نے کنٹرول روم کے عملے کو جہاز میں فنی خرابی سے آگاہ کردیا تھا تاہم کچھ دیر بعد ہی طیاہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

    کیلی فورنیا پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جہاز گذشتہ روز 12 بج کر 28 منٹ پر حادثے کا شکار ہوا تھا اور خوش قسمتی سے طیارے کی زد میں آنے والی کار کا مالک چند لمحے قبل ہی گاڑی سے اتر کر  مال میں گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ فیڈرل ایوی ایشن اور نیشنل ٹرانسپورٹ سروس کی جانب سے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ تاہم حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔


    میکسیکو میں مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 85 افراد زخمی


    خیال رہے کہ چند روز قبل بھی امریکی ریاست میکسیکو کے شہر ڈورانگو میں ایرو میکسیکو نامی فضائی کمپنی کا مسافر بردار طیارہ اے ایم 2431 رن وے سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد 10 کلو میٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 85 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں97 مسافروں سمیت 101 افراد سوار تھے، جائے حادثہ سے 85 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • شکاگو: انجن میں خرابی، پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    شکاگو: انجن میں خرابی، پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    واشنگٹن : امریکی شہر  شکاگو میں پائلٹ نے انجن میں خرابی کے باعث چھوٹے طیارے کو شہر کے مصروف ترین ہائی وے پر اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز  دورانِ پرواز  چھوٹے طیارے کے انجن میں خرابی پیدا ہوگئی، جس کے باعث پائلٹ نے طیارے کو شکاگو کے مصروف ترین لیک شور ڈرائیو ہائی وے پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔

    امریکی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ طیارے کی لینڈنگ کے دوران قریب میں گاڑیاں موجود ہیں جبکہ طیارے کا پائلٹ اور خاتون مسافر  بلکل محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ طیارے کی ہائی وے پر لینڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، تاہم موقع کے امدادی خدمات انجام دینے والے رضا کاروں نے طیارے کو دھکیل کر سائڈ پر کرکے ٹریفک کی روانی بحال کی۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں ہورہا ہے کہ پائلٹ نے یہ کر کیسے لیا، یہ منظر براہ راست دیکھنے کے بعد بھی یقین نہیں آرہا ہے کہ طیارہ ہائی وے پر اتار لیا گیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق طیارے نے مصروف ترین ہائی وے پر شام 3:15 منٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی، پولیس کا کہنا ہے کہ پائلٹ نے بتایا ہے کہ طیارے کے انجن میں خرابی ہوگئی تھی اور ایئرپورٹ بھی دور تھا اس لئے سڑک پر طیارے کو اتارنا مجبوری تھی۔

    ایف ایف اے انویسٹی گیشن کی جانب سے پائلٹ اور خاتون مسافر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے تاہم قرب و جوار میں رہائش پذیر لوگوں کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    عینی شاہد کے مطابق پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارے کو لینڈ کیا اور ٹریفک رواں دواں ہونے کے باوجود کسی گاڑی اور کسی شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • فلوریڈا میں چھوٹا طیارہ گرکرتباہ‘ 3 افراد ہلاک

    فلوریڈا میں چھوٹا طیارہ گرکرتباہ‘ 3 افراد ہلاک

    واشنگٹن : امریکی ریاست فلوریڈا میں چھوٹا طیارہ گرکرتباہ ہوگیا، حادثے میں پائلٹ سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں چھوٹا طیارہ گر کرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    امریکی حکام کے مطابق نجی کمپنی کا یہ طیارہ دوران پرواز فنی خرابی کے با عث فلوریڈا کی ہرنائی جھیل میں گرکر تباہ ہوگیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کرحادثے میں ہلاک پائلٹ اور مسافروں کی لاشوں کو جھیل سے نکال لیا۔


    امریکی ریاست اوٹا میں طیارہ گرکرتباہ‘ 4 افراد ہلاک


    خیال رہے کہ رواں سال 27 جولائی کو امریکی ریاسٹ اوٹا کے شہر سالٹ لیک سٹی میں ہائی وے پر چھوٹا طیارہ گرکرتباہ ہوگیا تھا، حادثے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


    امریکی فوجی طیارہ گرکر تباہ‘ 16 افراد ہلاک


    یاد رہے کہ 11 جولائی 2017 کو جنوبی امریکی ریاست مسی سپی میں امریکی فوجی طیارہ گرکر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئر کریں۔