بھارت اور کینیڈا کے خلاف میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے پاس ایک چھوٹے سے لڑکے نے آکر رونا شروع کردیا تھا۔
آئی سی سی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ میں ایک بچے سے ملا تھا جس نے مجھے دیکھ کر رورہا تھا، قومی ترانہ ختم ہونے کے بعد وہ میرے پاس آیا اور رونا شروع کردیا۔
بابر نے بتایا کہ میں ڈر گیا، میں نے بچے سے پوچھا کہ کسی نے تمہیں کچھ کہا ہے کیا؟ تو بچے کا کہنا تھا کہ نہیں میں آپ کا مداح ہوں۔
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ کینیڈا کے میچ کے دوران بھی اس چھوٹے بچے نے یہی کیا، میرے پاس آکر رونا شروع کردیا، وہ ایک لائن میں کھڑا تھا اور رورہا تھا، بعض دفعہ ہمیں اس طرح کے تجربے سے گزرنا پڑتا ہے۔
بابر نے کہا کہ مجھے لگا کہ وہ میرا بہت بڑا مداح ہے تو مجھے بھی اس کے لیے کچھ کرنا چاہیے، اس لیے میں نے اسے اپنے گلوز تحفے میں دے دیے۔
انھوں نے بتایا کہ گلوز لینے کے بعد وہ اور جذباتی ہوگیا اور مزید رونا شروع کردیا، میں نے اسے دلاسا دیا پھر بچے نے مجھ سے گلوز پر دستخط کرنے کی بھی درخواست کی۔
واضح رہے کہ امریکا اور بھارت کے دو میچز ہارنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کینیڈا کے خلاف پہلی جیت کو گلے لگایا ہے۔