Tag: چھوڑنے کا اعلان

  • سری لنکن کرکٹر کا ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان

    سری لنکن کرکٹر کا ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان

    سری لنکا کے تجربہ کار کرکٹر اور سابق کپتان نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے اگلے ماہ وہ آخری بار ایکشن میں نظر آئیں گے۔

    سری لنکا کرکٹ ٹیم کے سب سے تجربہ کار بیٹر اور سابق کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ کیا ہے۔ اگلے ماہ جون میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ ان کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہوگا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک طویل جذباتی پوسٹ میں سینئر کرکٹر نے وائٹ بال فارمیٹ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ون ڈے اور ٹی 20 میں سری لنکا کی نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    اپنے پیغام میں سابق سری لنکن کپتان نے کھیل اور اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کیا۔
    انہوں نے لکھا کہ "میرے پیارے دوستو اور خاندان، شکر گزار دل اور ناقابل فراموش یادوں کے ساتھ۔ اب وقت آگیا ہے کہ میں کھیل کے سب سے پیارے فارمیٹ، انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ دوں! سری لنکا کے لیے گزشتہ 17 سال کی کرکٹ کھیلنا میرے لیے سب سے بڑا اعزاز اور فخر ہے۔

    کوئی بھی چیز حب الوطنی اور خدمت کے جذبے سے مماثل نہیں ہو سکتی۔
    اینجلو میتھیوز کا کیریئر 16 برس پر محیط ہے۔

     

    انہوں نے 2009 میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور اب تک 118 میچز کھیلے ہیں۔ انہوں نے 34 میچوں میں اپنی ٹیم کی قیادت کی اور کئی یادگار فتوحات دلائیں۔ ان میں مشہور 2014 کا ہیڈنگلے ٹیسٹ بھی شامل ہے،جہاں ان کی 160 رنز کی میچ ٹرننگ اننگز نے سری لنکا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

    تجربہ کار بلے باز نے ٹیسٹ کرکٹ میں 16 سنچریوں کی مدد سے 8167 رنز بنائے اور وہ سری لنکا کی آل ٹائم لسٹ میں لیجنڈری سنگاکارا (12400) اور مہیلا جے وردھنے (11814) کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 33 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔

  • سابق گورنر محمد زبیر کا مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان

    سابق گورنر محمد زبیر کا مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان

    مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے سابق ترجمان اور سابق گورنر محمد زبیر نے ن لیگ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ترجمان اور سابق گورنر محمد زبیر نے ن لیگ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، محمد زبیر سندھ کے گورنر اور نواز شریف کے ترجمان رہ چکے ہیں۔

    محمد زبیر نے اس اعلان کے بعد اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کافی عرصے سے میں  نے یہ فیصلہ کرلیا تھا، جب سے پاور پالیٹکس شروع کی ہے تو ساتھ چلنا مشکل ہوگیا تھا۔

    سابق گورنر سندھ نے کہا کہ میں کافی عرصے پہلے ن لیگ قیادت کو واضح کر چکا تھا، مجھے تحریک عدم اعتماد، پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی کارکردگی سمیت مختلف ایشوز پر اختلافات تھے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے ابھی کسی اور پارٹی میں جانے کا فیصلہ نہیں کیا، آئندہ چند دنوں میں سیاسی مستقبل کا فیصلہ کروں گا۔

    محمد زبیر نے پارٹی چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا مؤقف تبدیل ہوگیا تھا اس لئے خود کو پارٹی سے الگ کرلیا، میں نے عوام کیلئے سیاست کرنی تھی,ووٹ کو عزت دو ہمارا نعرہ تھا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ چھوڑ کر ہر قیمت میں حکومت میں آنا ہے تو پھر کیا بات چیت کرسکتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میں جب پارٹی کے ساتھ تھا تو سویلین بالادستی کی بات ہوتی تھی، اب ہر قیمت پر پاور میں ہی رہنا تو ساتھ چلنا بڑا مشکل ہوجاتا ہے، متنازع الیکشن کی بنیاد پر حکومت کی جائے تو یہ صحیح طریقہ نہیں۔

    سابق گورنر سندھ نے کہا کہ پارٹی میں مختلف مؤقف شدید تھے اس لئے مفاہمت اور بیچ کی راہ نہیں ہوسکتا، مفتاح اسماعیل اور دانیال عزیز سے بھی پوچھیں تو پارٹی میں داد رسی کا کوئی فورم نہیں۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل پہلے ہی شدید اختلاف کے بعد ن لیگ چھوڑ چکے ہیں۔

  • شاہد آفریدی نے پشاور زلمی کو خیرباد کہہ دیا

    شاہد آفریدی نے پشاور زلمی کو خیرباد کہہ دیا

    کراچی : قومی ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پشاور زلمی کے کھلاڑی شاہد آفریدی نے پشاور زلمی چھوڑنے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ نمبرون ٹیم کے ساتھ پی ایس ایل کپ جیتا۔ زلمی کے ساتھ نیک خواہشات ہمیشہ رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق بوم بوم شاہد آفریدی نے پی ایس ایل کا فائنل جیتنے والی ٹیم پشاور زلمی کو خیر باد کہہ دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر پشاور زلمی چھوڑنے کا اعلان کررہا ہوں، تاہم میری تمام نیک خواہشات زلمی کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بطورصدراور ٹیم ممبر پشاورزلمی کیلئےخدمات ختم کردیں ہیں، میں جہاں جاؤں گا میرے چاہنے والے میرےساتھ آئیں گے۔

    شاہد آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک ٹیم کیلئے کپ جیتا اور اب دوسری ٹیم کیلئے جیتوں گا۔