Tag: چھپکلیاں

  • کپڑوں میں سانپ اور چھپکلیاں چھپا کر اسمگلنگ کرنے والا شخص گرفتار

    کپڑوں میں سانپ اور چھپکلیاں چھپا کر اسمگلنگ کرنے والا شخص گرفتار

    امریکا کی سرحد پر کپڑوں میں درجنوں سانپ اور چھپکلیاں چھپا کر لے جانے والے شخص کو حکام نے گرفتار کرلیا، مذکورہ شخص میکسیکو سے آرہا تھا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص گذشتہ ماہ میکسیکو سے امریکا میں داخل ہوا تھا اور وہ پک اپ ٹرک چلا رہا تھا جب اسے پوچھ گچھ کے لیے باہر نکالا گیا۔

    سرحد پر پیٹرولنگ ایجنٹ کے مطابق وہاں موجود افسران نے 43 سینگ والی چھپکلیاں اور 9 سانپ پلاسٹک کے ان تھیلوں سے برآمد کیے جو اس شخص نے اپنی جیکٹ، پینٹ کی جیبوں میں اور پیٹ کے نچلے حصے میں چھپا رکھے تھے۔

    30 سالہ امریکی شہری کو جنگلی حیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ اسمگلر ہر ممکن کوشش کرتے ہیں اور ہر طریقہ اختیار کرتے ہیں تاکہ وہ مختلف اشیا یا زندہ رینگنے والے جانوروں کو سرحد کے دوسری جانب لے جا سکیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسمگلر نے جانوروں کی صحت اور حفاظت کو نظر انداز کرتے ہوئے ان جانوروں کو امریکا لا کر افسران کو دھوکا دیا۔

  • میک اپ کے سامان کی تیاری میں چھپکلیوں کے استعمال کا انکشاف

    میک اپ کے سامان کی تیاری میں چھپکلیوں کے استعمال کا انکشاف

    جکارتہ: انڈونیشیا میں میک اپ کے سامان کی تیاری میں چھپکلیوں کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

    وائس آف انڈونیشیا کے مطابق انڈونیشیا کے کیپتا کان نامی گاؤں کے باسی چھپکلیاں پکڑ کر سپلائی کرتے ہیں اور اس سے اچھی خاصی رقم حاصل کرتے ہیں۔

    جریدے کے مطابق انڈویشیا کے اس گاؤں میں آپ کو جگہ جگہ چھپکلیوں کے ڈھیر لگے نظر آئیں گے۔

    گاؤں کے رہائشی رات کے وقت چھپکلیوں کو تلاش کرکے پکڑنے کے لیے نکلتے ہیں، چھپکلیوں کو پکڑنے کے لیے ایک خاص قسم کی چھڑی کا استعمال کیا جاتا ہے جس پر گلو لگی ہوتی ہے، گلو لگی چھڑی کے ذریعے چھپکلی کو پکڑنا آسان ہوجاتا ہے۔

    چھپکلیاں پکڑنے والے انہیں جمع کرکے اس کام کی سربراہی کرنے والے کے حوالے کردیتے ہیں جو انہیں ایک کلو چھپکلیوں کے عوض تین ڈالر دیتا ہے۔

    مزید پڑھیں: رنگ گورا کرنے کی کریمز میں لال بیگوں کا استعمال

    چھپکلیاں جمع کرنے کے بعد انہیں پانی سے دھویا جاتا ہے اور پھر ان پر سرف میں پانی ملا کر تیار کیا جانے والا آمیزہ لگایا جاتا ہے، چھپکلیوں کو کچھ گھنٹے بھونے جانے کے بعد دھوپ میں سکھایا جاتا ہے جس کے بعد یہ مارکیٹ میں فروخت کے لیے تیار ہوجاتی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اس گاؤں میں چھپکلیوں کے علاوہ مینڈک اور سانپوں کے بیچنے کا کاروبار بھی کیا جاتا ہے لیکن سب سے زیادہ پیسہ چھپکلیوں سے کمایا جاتا ہے۔

    چھپکلیوں کے کاروبار سے جڑے ایک شخص کے مطابق سب سے زیادہ چین اور امریکا سے لوگ اسے خریدتے ہیں.

    یہ چھپکلیاں میک اپ کے سامان کے علاوہ جلد الرجی اور خارش کی ادویات کی تیاری میں بھی استعمال کی جاتی ہیں۔

  • چھپکلیوں کے خون کا رنگ ہرا کیوں ہوتا ہے؟ سائنسدانوں نے پتہ لگالیا

    چھپکلیوں کے خون کا رنگ ہرا کیوں ہوتا ہے؟ سائنسدانوں نے پتہ لگالیا

    چھپکلی رینگنے والے کیڑوں کے گروہ کا ایک بڑی تعداد میں پایا جانے والی رکن ہے، جس کی دنیا بھر میں تقریباً پانچ ہزار اقسام ہیں اور یہ براعظم انٹارکٹیکا کے علاوہ سارے براعظموں میں پائی جاتی ہیں۔

    چھپکلیاں ایسی مخلوق ہیں کہ دنیا کا کوئی کونہ ان کی دسترس سے باہر نہیں اوریہ حیرت انگیز طور پر ہر جگہ اور ہر عمارت میں پہنچ جاتی ہیں۔

    حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں سائنسدانوں نے معلوم کیا ہے کہ نیوگنی کے جزیرے پر پائی جانے والی چھپکلیوں کے خون کا رنگ سبز کیوں ہوتا ہے؟ یہ سوال سائنس دانوں کو پریشان کر رہا تھا کہ ان کے سبز خون کی وجوہات کیا ہیں؟ یعنی دنیا میں زیادہ تر جانوروں کا خون سرخ ہے، تو پھر ان چھپکلیوں کو لہو سبز کیوں ہے؟

    چھپکلیوں کے ڈی این اے کے نمونے حاصل کرنے کے بعد ان مختلف چھپکلیوں کے سبز خون کی وجوہات جاننے میں کسی حد تک کامیاب ہوگئے ہیں، سائنس دانوں نے اس تحقیق کے لیے سبز خون کی حامل چھ مختلف چھپکلیوں اور ان کی 45 قریبی انواع کے ڈی این اے کی جانچ کی۔

    ایسی چھپکلیوں کے ڈی این اے کی جانچ کے بعد سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ خون کے سبز ہونے کی وجہ ان چھپکلیوں کے جسم میں ایک خاص زہریلے مادے بیلی وَیردِن کی زیادہ مقدار ہے۔

    سائنس دانوں کے مطابق اس عام سے سبز زہریلے مادے کی وجہ سے ممکنہ طور پر چھپکلیوں کا خون سبز ہوتا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق ان کا تعلق ممکنہ طور پر شِنکس نامی چھپکلی کی قسم سے ہے اور ان تمام نے نیو گنی کے اس جزیرے پر چار مختلف ادوار میں ارتقائی نمو پائی۔

    محققین کے مطابق اس چھپکلی کے جد امجد یقینی طور پر سرخ خون والے تھے، مگر ان سبز رنگ والی مختلف نوع کی چھپکلیوں کا آپس میں کوئی گہرا تعلق نہیں ہے۔

    امریکا کی لوئزیانا یونیورسٹی کے میوزیم آف نیچرل سائنس سے وابستہ ارتقائی حیاتیات کے ماہر ذخاری روڈریگیز کے مطابق ان چھپکلیوں کا تعلق سرخ خون والے جانوروں ہی کے اجداد سے ہے اور سبز خون ان مختلف چھپکلیوں میں آزادانہ اور علیحدہ ارتقائی عمل کے ذریعے پیدا ہوا،۔

    اس کا مطلب ہے کہ خون کی سبز رنگت ان چھپکلیوں کے لیے فائدہ مند خصوصیت کی حامل ہو گی، سائنسدانوں کے مطابق تحقیق کے نتائج کے بعد میں اسے انسانوں میں یرقان کے علاج کے لیے استعمال کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔