Tag: چھینے ہوئے موبائل

  • کراچی : گرفتار ملزمان  نے چھینے ہوئے موبائل فون آن لائن  فروخت کرنے کا انکشاف

    کراچی : گرفتار ملزمان نے چھینے ہوئے موبائل فون آن لائن فروخت کرنے کا انکشاف

    کراچی : شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث گرفتار ملزمان نے چھینے ہوئے موبائل فون آن لائن فروخت کرنے کا انکشاف کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں زمان ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 4 رکنی گروہ سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے بتایا کہ پولیس نےچار ڈاکوؤں کا گروہ گرفتارکرکےتین پستول،چھینے گئے پانچ موبائل فون برآمد کرلئے، ملزمان کوموبائل فون ٹریسنگ کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔

    طارق نواز نے کہا کہ ملزمان کورنگی روڈ،صنعتی ایریا،ملیر ندی پروارداتیں کرتے تھے، تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ چھینےہوئےموبائل فون آن لائن کےذریعےفروخت کرتے تھے اور موبائل فون فروخت کیلئےپوش علاقوں کی لوکیشن استعمال کرتے تھے جبکہ سو سے زائد وارداتوں کا بھی انکشاف کیا ہے۔

    دوسری جانب بلدیہ ٹاؤن گلشن مزدور بدھ بازار کے قریب پولیس نے فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتارکرلئے، جن کی شناخت غلام مصطفیٰ اورکاشف کےنام سے ہوئی۔

  • موبائل فون کی خرید و فروخت کے لیے ضابطہ اخلاق تیار

    موبائل فون کی خرید و فروخت کے لیے ضابطہ اخلاق تیار

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات کی روشنی میں سی پی ایل سی، پولیس اور الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے استعمال شدہ موبائل فون کی خرید و فروخت کے لیے ضابطہ اخلاق ترتیب دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مستقل امن و امان قائم کرنے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہر میں دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے چوری شدہ یا چھینے گئے موبائل فون کی خرید و فروخت پر پابندی کا فیصلہ کیا تھا۔

    اس فیصلے کی روشنی میں سی پی ایل سی نے صدر موبائل مارکیٹ سے اسمارٹ فون ان لاک کرنے والے دو دکان داروں کو حراست میں لیا تھا جس کے بعد کاروباری سرگرمیاں معطل اور دکان داروں کی طرف سے احتجاجاً مارکیٹ بند کردی گئی تھی۔

    بعد ازاں پولیس، سی پی ایل سی نے دکان داروں کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ہمراہ موبائل کی خرید و فروخت کے لیے ضابطہ اخلاق ترتیب د ے دیا جس کے مطابق موبائل فون خریدنے والے دکان دار پر لازم ہوگا کہ وہ فروخت کرنے والے شخص کے شناختی کارڈ کی کاپی ضرور حاصل کرے۔

    ضابطہ اخلاق میں یہ بھی طے کیا گیا کہ اگر کوئی دکان دار چوری یا چھینے ہوئے موبائل کی خرید و فروخت میں ملوث پایا گیا یاپھر اُس نےموبائل فروخت کرنے والے شخص سے شناختی کارڈ کی کاپی طلب نہیں کی تو وہ مجرم ہوگا اور اُس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    ضابطہ اخلاق کے تحت آئندہ موبائل فون کی خرید و فروخت کے وقت دکان دار پر لازم ہے کہ وہ گاہک کے استعمال میں رہنے والا موبائل فون نمبر حاصل کرے گا تاہم اگر کوئی موبائل فون سی پی ایل سی کے ریکارڈ میں چوری شدہ یا چھینا ہوا پایا جائے تو دکان دار پر لازم ہے کہ وہ اسے اپنے قبضے میں لے کر فوری طور پر سی پی ایل ایس، ایس آئی یو اور مارکیٹ ایسوسی ایشن کو اطلاع دے گا۔

    سی پی ایل سی نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی بھی دکان دار موبائل فون ان لاک کرنے میں ملوث پایا گیا تو اُس کے خلاف دفعہ 411 کے تحت کارروائی ہوگی۔

    علاوہ ازیں دکان داروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موبائل فون خریدتے وقت گاہک کے فون کا تمام ریکارڈ حاصل کریں۔