Tag: چھیپا

  • ایمبولینس میں پیٹرول ختم، مریضہ کی جان خطرے میں پڑ گئی

    ایمبولینس میں پیٹرول ختم، مریضہ کی جان خطرے میں پڑ گئی

    کراچی: ایمبولینس ڈرائیور کی غفلت نے شہر قائد میں مریضہ کی جان کو خطرے میں ڈال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ گورنمنٹ اسپتال سے نکلنے والی ریسکیو ادارے کی ایمبولینس کا پیٹرول کوریڈور تھری پر ختم ہو گیا، جس کے باعث گاڑی میں موجود مریضہ کی جان خطرے میں پڑ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایمبولینس ڈرائیور نے گاڑی میں پیٹرول کی موجودگی سے غفلت برتتے ہوئے مریضہ کی جان خطرے میں ڈالی، ایمبولینس راستے ہی میں رک جانے پر اور مریض کی حالت کے پیش نظر ساتھ موجود شخص پریشانی میں مبتلا ہو گیا۔

    کوریڈور تھری پر ایمبولینس ڈرائیور نے دوسری ایمبولینس منگوانے کے لیے سیل فون کے ذریعے ہیڈ آفس رابطہ کیا لیکن کسی نے فون نہ اٹھایا، ڈرائیور نے متاثرہ شخص سے تلخ کلامی بھی کی، ہیڈ آفس رابطہ نہ ہونے پر متاثرہ شخص نے مریض کو مجبوراً رکشے میں منتقل کیا۔

    متاثرہ شخص اپنی مریضہ کو سول اسپتال ایمرجنسی منتقل کر رہا تھا تاہم راستے میں یہ نا خوش گوار واقعہ پیش آیا، ایمبولینس کا پیٹرول ختم ہونے پر متاثرہ شخص نے راہ چلتا رکشا روک کر مریضہ کو اس میں سول اسپتال پہنچایا۔

    فلاحی ادارے نے اپنے مؤقف میں کہا کہ ان کی ایمبولینس سروس میں خرابی نہیں تھی، پیٹرول ختم ہو گیا تھا، یہ واقعہ ڈرائیور کی غلطی سے پیش آیا۔ دوسری طرف ڈرائیور بجائے اپنی غلطی تسلیم کرنے کے، متاثرہ شخص کے ساتھ بدتمیزی پر اتر آیا، اور کہا کہ مریضہ کی حالت اتنی خراب نہیں ہے جتنی وہ کہہ رہا ہے۔

  • کراچی میں رضاکارنے کتے کو گندے نالے میں ڈوبنے سے بچالیا، ویڈیو دیکھئے

    کراچی میں رضاکارنے کتے کو گندے نالے میں ڈوبنے سے بچالیا، ویڈیو دیکھئے

    کراچی: شہر قائد میں ایک رضا کار نے نالے میں گرے ہوئے کتے کے پلے کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈوبنے سے بچا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے لسبیلہ میں پیش آیا جب ایک شہری نے نالے میں گرے ہوئے کتے کی نشاندہی چھیپا کے ایمرجنسی رسپانس سینٹر پر کی۔

    یہ ایمرجنسی رسپانس سنٹر شہر میں مریضوں کی بروقت اسپتال منتقلی کے لیے بنائے گئے ہیں، جہاں ایمبولنس اور اس کا ڈرائیور ہر وقت موجود رہتے ہیں۔

    شہری کی نشاندہی پر موقع پر موجود ایمبولینس ڈرائیور نے اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہوئے نالے میں اتر کر کتے کے پلے کی جان بچانے کا فیصلہ کیا۔

    قریب تھا کہ یہ جانور ڈوب جاتا کہ چھیپا رضاکاربروقت گندے نالے میں اتر کر اس تک پہنچ گیا اور اس گندے نالے میں ڈوب کر مرنے سے بچا لیا۔

    واقعے کی ویڈیو موقع پر موجود شہریوں نے بنائی اور انہوں نے اس کا م کو ثواب قرار دیتے ہوئے ایمبولنس ڈرائیور کو بے پناہ سراہا۔

  • ایدھی،چھیپا ٹرسٹ ڈکیتی میں ملوّث چھ ملزمان گرفتار

    ایدھی،چھیپا ٹرسٹ ڈکیتی میں ملوّث چھ ملزمان گرفتار

    کراچی : ساؤتھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایدھی فاؤنڈیشن اور چھیپا ویلفیئر ٹرسٹ میں ڈکیتی میں ملوث چھ ملزمان کو گرفتارکرلیا گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایدھی فاؤنڈیشن سے لوٹی گئی ڈھائی کروڑ مالیت کی رقم، پرائزبانڈ اور زیورات برآمد ۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ساوتھ عبدالخالق شیخ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے ایدھی فاونڈیشن ڈکیتی میں ملوث مرکزی ملزم جمشید خان کو کوہاٹ سے گرفتار کرلیا ہے جس کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے لوٹے گئے پرائز بانڈز بھی برآمدہوئے ہیں،

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ ملزم جمشید خان کی نشاندہی پر دیگر ملزمان عمران اللہ خان ، محمد سلیم اورڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ محمد علی کو گرفتار کرلیا ہے

    دوران تفتیش ملزم محمد علی کے دو ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا جو کہ چھیپا ویلفیئر ٹرسٹ میں ہونیوالی ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج پر بھی دیکھے گئے تھے۔

    گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ سات لاکھ ستائس ہزار کے پرائز بانڈز ،تیرہ لاکھ پندرہ ہزار روپے نقدی ،چوبیس طلائی چوڑیاں،چار انگوٹھیاں،ایک لاکٹ اور ایک کان کا جھمکا برآمد ہوا ہے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ ڈکیتی کے پانچ کروڑ روپے میں سے ڈھائی کروڑ روپے برآمد کرلئے ہیں مزید برآمدگی کیلئے ملزمان سے تحقیقات جاری ہے۔

    آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے ایدھی فاؤنڈیشن میں ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر پولیس پارٹی کو دس لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔