Tag: چیئرمین

  • پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی دوڑ میں سابق کپتان بھی شامل

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی دوڑ میں سابق کپتان بھی شامل

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی دوڑ میں سابق کپتان بھی شامل ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے لیے حکومتی شخصیت سابق کپتان معین خان سے رابطے میں ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ سابق کپتان معین خان پیر کو اسلام آباد جائیں گے، وہاں انہیں گورننگ بورڈ کیلئے نامزد کیا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین کے انتخاب کیلئے عبوری منیجنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، عبوری منیجنگ کمیٹی چیئرمین کے انتخاب کیلئے گورننگ بورڈ تشکیل دے گی۔

    پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف مستعفی

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    ذکا اشرف نے بطور چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی اور ممبربورڈ آف گورنر سے استعفیٰ دیا۔ ان کا کہنا تھاکہ میں کرکٹ کی بہتری کےلیے کام کر رہا تھا، اس طرح ہمارے لیے کام کرناممکن نہیں۔

    یاد رہے کہ چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن گزشتہ سال 5 جولائی کو جاری ہوا تھا جس کی مدت 4 ماہ تھی۔

    بعد ازاں گزشتہ سال نومبر میں نگران وزیراعظم کی طرف سے چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) ذکا اشرف کو ورلڈکپ تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

  • بڑے لوگوں کو لندن جانے کی ضرورت نہیں، لاہور میں مفت علاج کی سہولت دیں گے: بلاول بھٹو

    بڑے لوگوں کو لندن جانے کی ضرورت نہیں، لاہور میں مفت علاج کی سہولت دیں گے: بلاول بھٹو

    لاہور: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بڑے لوگ جو بیمار ہوتے ہیں انھیں لندن جانے کی ضرورت نہیں، لاہور میں مفت علاج کی سہولت دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے این اے 127 کے علاقے ٹاؤن شپ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ آج خوشی ہورہی ہے کہ آپ سب کے درمیان ہوں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آپ اس حلقے اور علاقے میں میرے نمائندے اور سفیر ہیں، آپ نے گھر گھر جاکر پیپلزپارٹی کا پیغام پہنچانا ہے یہ کسی کاروباری شخص کا لاہور  ہے نہ کسی کھلاڑی کا، یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا لاہور ہے۔

    پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ قائدعوام، بینظیر بھٹو، جیالوں کو شہید کر کے ہمیں ڈرا سکتے ہیں تویہ انکی غلط فہمی ہے، ذوالفقار بھٹو، بینظیر بھٹو کی طرح میں بھی لاہور سے الیکشن لڑرہا ہوں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اس شہر میں سیاست صرف جیالوں اور عوام کیلئے کرتے ہیں، نہ پٹواریوں نہ کسی اور کی ضرورت ہے صرف آپ کا ساتھ چاہتا ہوں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ  آپ میرا پیغام پہنچائیں کہ ہمارے عوامی منشور میں 10 نکات ہیں، میرا وعدہ ہے 10 نکات پورا کر کے غربت، بیروزگاری، مہنگائی کا مقابلہ کرینگے۔

    ’’ ہم عوام کی تنخواہ اور آمدنی کو ڈبل کرینگے، ہم 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرینگے، مفت تعلیم دینگے، سندھ کے شہروں کی طرح ملک بھر میں مفت صحت کا علاج دینگے تاکہ پھر کسی کو لندن جانے ضرورت پیش نہ آئے، بڑے لوگ بیمار ہوں گے تو انہیں لندن جانے کی ضرورت نہیں ہوگی‘‘۔

    بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پنجاب کے ہرضلع میں مفت علاج کے ادارے بنائیں گے، عوام کو پکے گھر بنا کر دینگے، خواتین کو مفت مالکانہ حقوق دینگے،کچی آبادیوں کے گھروں میں جائیں اور بتائیں پی پی حکومت آئی تو مالکانہ حقوق ملیں گے۔

    بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے حکومت میں آکر بی آئی ایس پی کو بڑھانا ہے، مزدور کارڈ سے بی آئی ایس پی جیسی سہولت پہنچائیں گے، کسان کارڈ اور یوتھ کارڈ سے بھی لوگوں کو سہولت دینگے۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم مل کر جدوجہد کرینگے تو لاہور کی قسمت بدلیں گے، ہم لاہور کے عوام اورپاکستان کی قسمت بدلیں گے، نہ شہر نہ ملک کی قسمت میں لکھا ہے کہ ایک شخص کو بار بار قبول کرنا ہے، پاکستان کے عوام خود فیصلہ کرینگے ان کا وزیراعظم کون ہوگا۔

    بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ 8 فروری کو عوام تیر پر ٹھپہ لگا کر پرانی سیاست اور پرانے سیاستدان کو خداحافظ کرینگے، پاکستان کے عوام ووٹ کے ذریعے نوجوان قیادت منتخب کریں گے، قائد عوام اور شہید بینظیر بھٹو نے جو منشور دیا اسی میں مہنگائی، بے روزگاری کا حل ہے۔

  • چیئرمین واپڈا عہدے سے مستعفی

    چیئرمین واپڈا عہدے سے مستعفی

    اسلام آباد: واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے استعفیٰ دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کے ساتھ کام نہیں کر سکتے۔

    چیئرمین واپڈا لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم شہباز شریف کو بھیج دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مزمل حسین نے کہا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کے ساتھ کام نہیں کر سکتے۔

    چیئرمین واپڈا مزمل حسین کے دور میں 2.6 کھرب کے منصوبوں پر کام شروع کیا گیا، مزمل حسین کے دور میں شروع کیے گئے 75 فیصد منصوبے سیلف فنانس کے تھے۔

    دیامر، بھاشا، مہمند، داسو اور دیگر 7 ڈیمز مزمل حسین کے دور میں شروع ہوئے۔

    سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ لیفٹننٹ جنرل (ر) مزمل حسین باصلاحیت اور پیشہ ور شخصیت ہیں، ہمارے دور میں ان کو حکومت کی پوری حمایت حاصل تھی۔

    انہوں نے کہا کہ مزمل حسین کا عہدہ چھوڑنا افسوسناک ہے۔

  • ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے پالیسیوں میں ترامیم کی جارہی ہیں: ایس ای سی پی

    ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے پالیسیوں میں ترامیم کی جارہی ہیں: ایس ای سی پی

    اسلام آباد: چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) عامر خان کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے ریگولیٹری پالیسیوں میں ترامیم کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) عامر خان نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایکسچینج ٹریڈ فنڈ سے متعلق تقریب میں شرکت کی۔

    اپنے خطاب میں چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پر عملدر آمد کر لیا ہے، منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے والے پیسوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے استعمال کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، مالیاتی شمولیت میں اضافے کے لیے فن ٹیک کو فروغ دے رہے ہیں، ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے ریگولیٹری پالیسیوں میں ترامیم کی جارہی ہیں۔

    چیئرمین ایس ای سی پی کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کو فروغ اور عوام کو آسان مواقع میسر آئیں گے، ایس ای سی پی نے وبا کے دوران ٹیکنالوجی کے استعمال کے اقدامات کیے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے مالیاتی شمولیت کو ملک کے ہر حصے میں پہنچایا جا سکتا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رسائی ممکن بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک سے بات کر رہے ہیں تاکہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے ای ٹی ایف تک رسائی ہو سکے۔

  • اقوام متحدہ میں وزیر اعظم کے خطاب پر ہر پاکستانی کو فخر ہے: عاصم باجوہ

    اقوام متحدہ میں وزیر اعظم کے خطاب پر ہر پاکستانی کو فخر ہے: عاصم باجوہ

    اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں وزیر اعظم عمران خان کے خطاب پر ہر پاکستانی کو فخر ہے، ان کی تقریر میں سراہنے کے لیے بہت کچھ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیر اعظم عمران خان نے جامع خطاب کیا جس پر ہر پاکستانی کو فخر ہے۔

    عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے حقیقی معنوں میں پاکستان کی ترجمانی کی اور کشمیر، فلسطین اور خطے میں امن پر دو ٹوک مؤقف پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں بھارت کو سنگین نتائج کی وارننگ دی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے عوام کو غربت سے نکالنے کا عہد کیا، ان کی تقریر میں سراہنے کے لیے بہت کچھ تھا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی دہشت گرد فورسز جعلی مقابلوں میں سینکڑوں بے گناہ کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل کرچکی ہیں۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی جارہی ہے، سیکیورٹی کونسل نے گزشتہ سال 3 بار کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ بھارتی حکومت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت کی فسطائی حکومت نے پاکستان کے خلاف کوئی جارحیت کی تو قوم بھرپور جواب دے گی۔

  • کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ایف بی آر کا ایک اور اقدام

    کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ایف بی آر کا ایک اور اقدام

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ایف بی آر دستیاب نان کسٹم پیڈ اشیا کی تیز سیٹلمنٹ پر کام کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایف بی آر دستیاب نان کسٹم پیڈ اشیا کی تیز سیٹلمنٹ پر کام کر رہا ہے۔

    شبر زیدی کا کہنا تھا کہ تفصیلات آئندہ ہفتے جاری کی جائیں گی، اقدام کا مقصد کاروبار کو متاثر کیے بغیر کاروباری آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

    اس سے قبل شفافیت اور کاروباری آسانی مزید بہتر بنانے کے لیے ایف بی آر نے کسٹمز رولنگز اپنی ویب سائٹ پر دستیاب کردی تھیں۔

    اس سے قبل شبر زیدی نے کہا تھا کہ ریفنڈ کی صورت حال بہتر ہوئی ہے، خود کار نظام کے تحت ریفنڈ کے 25 ارب کے کلیمز 5 ماہ میں آئے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ متعدد ریفنڈ کلیئر ہو گئے ہیں جو خود کار طریقے سے ہوئے، مجموعی 1800 میں سے 1604 کلیمز کلیئر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ فارم ایچ کمپیوٹر سے فائل ہوتا ہے اور خود کار نظام سے آگے جاتا ہے۔

  • ریاست مدینہ کے لیے اپنی ترجیحات، اپنے گھر اور پھر گرد و نواح کو ٹھیک کرنا ہے: چیئرمین نیب

    ریاست مدینہ کے لیے اپنی ترجیحات، اپنے گھر اور پھر گرد و نواح کو ٹھیک کرنا ہے: چیئرمین نیب

    اسلام آباد: قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ریاست مدینہ کے لیے اپنی ترجیحات، اپنے گھر اور پھر گرد و نواح کو ٹھیک کرنا ہے۔ پاکستان آج بھی ریاست مدینہ کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے فاطمہ جناح یونیورسٹی کے سیمینار سے خطاب کیا، اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے دیانتداری سے کردار ادا کر رہے ہیں۔

    چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ کرپشن نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، نیب نے کرپشن کے خلاف عوام میں شعور بیدار کر دیا ہے، کرپشن کے خلاف اقدامات کر کے اپنی منزل کا آغاز کردیا۔ نیب سے سفارش کلچر کا خاتمہ کر کے صرف میرٹ کو اپنایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نیب اپنی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھے ہوئے ہے۔ ملک کی دولت لوٹنے والوں کو حساب دینا پڑے گا۔ احتساب کرنا اگر جرم ہے تو یہ جرم کرتے رہیں گے۔ نئی نسل ملک کو کرپشن فری بنانے میں نیب کا ساتھ دے۔

    چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ عدل و انصاف سے ہی ملک ترقی کے منازل طے کرتے ہیں، احتساب کرنا اگر جرم ہے تو یہ جرم کرتے رہیں گے۔ نیب کا ملک سے کرپشن کے خاتمے میں اہم کردار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک 100 ارب ڈالر سے زیادہ کا مقروض ہوگیا ہے، نیب نے اب تک 328 ارب روپے کی وصولی کی ہے۔ سیاستدان نہیں ہوں کہ کوئی تنقید کروں، ماضی میں وہ اقدامات نہیں کیے گئے جس سے کرپشن کا خاتمہ ہو۔

    جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب نے کرپشن کے خلاف پہلی اینٹ ضرور رکھ دی ہے، ملک سے کرپشن کا خاتمہ نیب کی پہلی اور آخری منزل ہے۔ نیب کرپشن کے 70 سالہ پرانے مرض کو اکیلے دور نہیں کر سکتا۔ ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے، خود احتسابی کے عمل کو اپنانا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ خود احتسابی کو اپنائیں گے تو آہستہ آہستہ کرپشن کا ضرور خاتمہ ہوجائے گا، نیب میں کسی قسم کی سفارش نہیں ہوگی صرف میرٹ پر کام ہوگا۔

    چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ وہی خواب ہے جو آج ہم دیکھ رہے ہیں، ریاست مدینہ کے لیے اپنی ترجیحات، اپنے گھر اور پھر گرد و نواح کو ٹھیک کرنا ہے۔ پاکستان آج بھی ریاست مدینہ کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

  • انڈر انوائسنگ روکنے کے لیے درآمدات کے یونٹس میں تبدیلیاں

    انڈر انوائسنگ روکنے کے لیے درآمدات کے یونٹس میں تبدیلیاں

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ انڈر انوائسنگ کو روکنے اور درآمد کنندگان کی آسانی کے لیے درآمدات پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ درآمدات پر درآمد کنندگان کی آسانی کے لیے تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    شبر زیدی کا کہنا ہے کہ تبدیلیاں یونٹ آف میرمنٹ سسٹم اور ویلیو ایشن یونٹ میں کی گئی ہیں، درآمد کنندگان اس بارے میں مزید تجاویز دیں۔

    چیئرمین کا کہنا ہے کہ یہ عمل انڈر انوائسنگ کو روکنے کے لیے ضروری ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ پہلی سہ ماہی کے بڑے ٹیکس ہدف کا 90 فیصد حاصل کرلیا ہے۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ 960 ارب روپے محصولات میں 15 ارب کے ٹیکس ری فنڈ شامل نہیں ہیں، مقامی ٹیکس محصولات میں 25 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

    چیئرمین ایف بی آر نے مزید کہا تھا کہ حوصلہ شکنی کے اقدامات سے درآمدات کی مالیت 3 ارب ڈالر کم رہی ہے، تین ارب ڈالر کم درآمدات سے 125 ارب روپے کا ٹیکس نہیں ملا ہے۔ کم درآمدات کے سبب ٹیکس کا ہدف حاصل ہوا۔

  • آئندہ ہفتے سے زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی: چیئرمین این ڈی ایم اے

    آئندہ ہفتے سے زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی: چیئرمین این ڈی ایم اے

    میرپور آزاد کشمیر: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے سے زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی، ایسا نظام وضع کر رہے ہیں جس سے حکومت پر انحصار ختم ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے آزاد کشمیر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے لواحقین کو حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر نے 5، 5 لاکھ دیے، زلزلہ متاثرین کا 95 فیصد ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی، زلزلے کے بعد سے ایدھی فاؤنڈیشن شانہ بشانہ کام کر رہی ہے۔ ایسا نظام وضع کر رہے ہیں جس سے حکومت پر انحصار ختم ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی وجہ سے حالیہ زلزلے سے نمٹا گیا، این ڈی ایم اے کی وجہ سے بہت سی قیمتی جانیں بچائی گئیں۔ این ڈی ایم اے ہر سال 8 اکتوبر کو ریزیلینس ڈے مناتی ہے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت آزاد کشمیر نے آڈٹ کا 95 فیصد کام مکمل کرلیا، ایرا سے نکالے گئے ملازمین کو ایمرجنسی یونٹ میں بھرتی کیا جائے گا۔ میرپور میں بچوں اور خواتین کے لیے سہولت مرکز بنا رہے ہیں، آخری متاثر کی آباد کاری تک این ڈی ایم اے عوام کے ساتھ ہے۔

  • قدرتی بہاؤ کے راستے پر ہم نے آبادیاں بنا لی ہیں: این ڈی ایم اے

    قدرتی بہاؤ کے راستے پر ہم نے آبادیاں بنا لی ہیں: این ڈی ایم اے

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ قدرتی بہاؤ کے راستے پر ہم نے آبادیاں بنا لی ہیں، جہاں سے پانی گزرتا ہے وہاں گھر نہ بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے اقدامات کر رہے ہیں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے یہاں اچھی تیاری کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 2 ماہ پہلے کہا تھا کراچی کے نالے پلاسٹک کی بوتلوں سے بھرے ہیں، پانی کے بہاؤ کے راستے صاف کیے جانے چاہیئں۔ آبادی بڑھنے سے دریا کے کنارے آباد شہروں کو خطرہ ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہم ساتویں نمبر پر ہیں۔ سیلاب اور دیگر تباہی قدرت کی طرف سے ہوتے ہیں۔

    چیئرمین کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے بالا کوٹ میں جلد کام شروع کرنے کا کہا ہے، پی ڈی ایم اے کی تیاری بہترین ہے۔ قدرتی بہاؤ کے راستے پر ہم نے آبادیاں بنا لی ہیں۔ کچھ علاقوں میں بارش کا پانی روکنے کا انتظام کرنا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومتوں سے مل کر پانی کے بہاؤ کے راستے صاف کریں، جہاں سے پانی گزرتا ہے وہاں گھر نہ بنائیں۔ بلین ٹری میں حکومت ہم سے مل کر چترال میں درخت لگائے گی۔

    یاد رہے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ 2 روز کی بارش سے سڑکیں ندی نالے بن گئے، نالے اور ڈیم ابل پڑے،مسلسل تیز بارش کے بعد بارش کا پانی سیلاب کی صورت اختیار کرگیا۔ دو روز کے دوران کرنٹ لگنے سے 17 افراد جاں بحق ہوئے۔

    کراچی کے علاوہ حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، دادو، نواب شاہ، ٹندو جام اور تھر سمیت اندرون سندھ میں بھی مون سون کے بادل جم کر برسے، سب سے زیادہ بارش ٹھٹھہ میں 190 ملی میٹر ہوئی، حیدر آباد کی سڑکیں بھی بارش کے بعد تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔