Tag: چیئرمین تحریک انصاف

  • چیئرمین تحریک انصاف کی  7  مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد

    چیئرمین تحریک انصاف کی 7 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد

    لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کی جناح ہاوس حملہ سمیت 7 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے تحریک انصاف کے سربراہ کی جناح ہاؤس سمیت سات مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

    تحریک انصاف کے سربراہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ اُن کے موکل کو ایک پیشی کیلئے استنثی دیا جائے، وہ ایک مقدمے سزا کی وجہ سے جیل میں ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے۔

    بیرسٹر سلمان صفدر نے استدعا کی کہ ٹیکنیکی بنیادوں پر درخواست مسترد نہ کی جائے اور اس حوالے سے اعلی عدلیہ کےفیصلے پیش کرنے کی مہلت دی جاٸے۔

    جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ پہلے ہی آپ کو ایک موقع دیا جا چکا ہے، آپ کو اس دوران تیاری کر لینی چاہیے تھی۔

    پراسیکیوٹر نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی ملزم سزا پر جیل میں ہو تو اسے عدالت میں پیش نہیں کیا جاتا، اس لیے درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔

    فاضل جج نے کہا کہ سزا یافتہ ملزم نہیں پیش ہوتے، عدالت نے دلاٸل مکمل ہونے پر چئیرمن تحریک انصاف کے پیش نہ ہونے پر ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔

    یاد رہے تحریک انصاف کے سربراہ نے جناح ہاؤس پر حملے سمیت سات مقدمات میں عبوری ضمانت کیلئے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رجوع کیا تھا۔

  • چیئرمین تحریک انصاف نے  عبدالقادر پٹیل کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز ‌‌کردیا

    چیئرمین تحریک انصاف نے عبدالقادر پٹیل کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز ‌‌کردیا

    لاہور : چیئرمین تحریک انصاف نے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے 10 ارب کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا، جس پر سیشن عدالت نے عبدالقادر پٹیل کو نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ پر عبدالقادر پٹیل کی پریس کانفرنس کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف نے عبدالقادر پٹیل کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔

    چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل ابوذرسلمان خان نیازی عدالت میں پیش ہوئے ، عبدالقادر پٹیل کیخلاف 10 ارب کے ہرجانے کا دعویٰ دائرکیا گیا، انھوں نے پریس کانفرنس میں جھوٹا پروپیگنڈا کیا تھا اور پریس کانفرنس میں جھوٹے، بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ الزامات پر چیئرمین پی ٹی آئی نے لقادر پٹیل کو 10 ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا ،استدعا ہے کہ عدالت قادر پٹیل کو10 ارب ہرجانے کی ادائیگی،غیر مشروط معافی مانگنے کا حکم دے۔

    سیشن عدالت کی جانب سے عبدالقادر پٹیل کو نوٹس جاری کردیا۔

    یاد رہے عمران خان نے عبدالقادرپٹیل کو 10 ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا، نوٹس چیئرمین تحریک انصاف کےوکیل ابوذرسلمان نیازی کی جانب سے بھجوایا گیا تھا۔

    نوٹس میں کہا گیا تھا کہ عبدالقادرپٹیل15روز میں اپنےبیہودہ الزامات واپس لیں اور فوری چیئرمین تحریک انصاف سےغیرمشروط معافی مانگیں، عبدالقادرپٹیل 10 ارب بطور ہرجانہ اداکریں جسےشوکت خانم اسپتال میں جمع کرایا جائےگا، اگر معافی نہ مانگی تو قانونی کارروائی آگے بڑھائیں گے۔

  • چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج شام قوم سے خطاب کریں گے

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج شام قوم سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج شام قوم سے خطاب کریں گے، عمران خان کا خطاب میڈیا اورسماجی میڈیا پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قوم سے اہم ترین خطاب کا فیصلہ کرلیا ، عمران خان آج شام سوا 5بجے قوم سے براہِ راست مخاطب ہوں گے۔

    عمران خان کا خطاب میڈیا اور سماجی میڈیا پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

    گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان تونسہ شریف میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیلاب سے تباہی بڑا امتحان ہے اور قوم کو اکٹھا ہوکر ایک دوسرے کی مدد کرنی ہوگی، صرف 5 گھنٹے میں 10 ارب روپے پاکستانیوں نے اکٹھا کر کے مجھے دیا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مجھ سے خوفزدہ ہو کر ٹیلی تھون کی نشریات ہی بند کرا دیں، بڑے مجرموں کو خوف ہے کہ ان کی کرسی نہ چلی جائے اور ان کی کرپشن نہ پکڑی جائے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ ہم سیلاب زدگان کے لیے پیسے اکٹھے کر رہے ہیں، اس دوران حکومت حربے نہ اپنائے۔

  • چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا شادی کے بعد پہلا بیان

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا شادی کے بعد پہلا بیان

    اسلام آباد : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نکاح پر تہنیتی پیغامات اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں.

    سربراہ تحریک انصاف نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر اپنی تیسری شادی کے بعد پہلا بیان جاری کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والے ایک ایک فرد کا شکریہ ادا کیا ہے، عمران خان کا عقد ثلاثہ گزشتہ روز ایک سادہ اور مختصر سی تقریب میں پاکپتن کی روحانی شخصیت بشریٰ بی بی کے ساتھ منعقد ہوا تھا جس میں دونوں جانب سے مخصوص افراد نے شرکت کی تھی.

     

    اپنے تہنیتی بیان کے ساتھ ہی عمران خان نے معمول کی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے اور کل سے باقاعدہ پی ٹی آئی کے اجلاسوں اور انتظامی معاملات میں اپنا کردار نبھانا شروع کریں گے جب کہ اُن کی تیسری اہلیہ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ سیاسی زندگی کے بجائے چیئرمین پی ٹی آئی کی گھریلو ذمہ داریوں میں ہاتھ بٹائیں گی اور زیادہ تر ان کا قیام بنی گالہ میں ہی رہے گا.


    یہ بھی پڑھیں : عمران خان تیسری بار رشتہ ازدواج سے منسلک

     

    دوسری جانب جہاں ماہر نجوم عمران خان کی تیسری شادی کو ان کے سیاسی کیریر کے لیے خوش آئند قرار دے رہے ہیں وہیں سیاسی تجزیہ نگاروں نے عمران خان کی سیاسی سرگرمیوں میں یک سوئی اور کسی منفی پروپیگنڈے کے باعث مشکلات سے بچنے کے لیے شادی کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے شادی کو آئندہ انتخابات کے لیے مثبت امر گردانا ہے.


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ارکان کے اثاثوں کی چھان بین ہو تو ایوان خالی ہوجائے گا، عمران خان

    ارکان کے اثاثوں کی چھان بین ہو تو ایوان خالی ہوجائے گا، عمران خان

    اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ جس طرح میرے اثاثوں کی چھان بین کی گئی ہے اگر اس طرح دیگر اراکین پارلیمنٹ کی جائے تو 95 فیصد ممبرز نااہل ہو جائیں.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک سال تک میری چھان بین باریکی سے ہوئی حالانکہ میرے پاس سوائے کرکٹ کے کیا آمدن ہو سکتی تھی؟

    عمران خان نے سابق اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے جمائما نے ریکارڈ اپنے پاس سنبھال کر رکھے ہوئے تھے جس کے باعث میرے لیے چالیس سال کا ریکارڈ اور منی ٹریل پیش کرنا ممکن ہو سکا اور نااہلی کے مقدمے میں سر خرو ہوا، یہ غیبی مدد تھی.

    جمائما سے متعلق پوچھے گئے سوال کے پر جواب پر عمران خان نے کہا کہ دریا کو ایک ہی بار عبورکیا جاتا ہے، جمائما کی میرے لیے بہت زبردست خدمات ہیں ان کی جتنی بھی تعریف کروں وہ کم ہے تاہم جمائما کی واپسی کی بات اب ماضی کی بات ہوگئی ہے.

    انہوں نے مزید کہا کہ جمائما جب تک پاکستان میں رہیں انہیں شدید تنقید کا سامنا رہا، پہلے مسلمان ہونے پر تنقید کی زد میں آئی، پھر یہودی لابی کا الزام لگا کر کردار کشی کی گئی جس پرجمائما کو بہت تکلیف ہوئی اور جب جمائما نے اپنی ماں کو ٹائلز گفٹ کیے تو اسمگلنگ کا الزام لگایا گیا.

    انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پیسہ چوری کرکے باہرمنتقل کیا، اثاثے چھپائے، جعل سازی کی، لوگوں کو بے وقوف بنایا اورعدالت سے غلط بیانی کی جس پر وہ سزا کے حقدار تھے چنانچہ ملنی چاہئے جب کہ میں باہر پیسا کمایا اور اسے اپنے ملک لایا چنانچہ میرا نواز شریف سے موازنہ ہو ہی نہیں سکتا.

    چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف کو اپنے کیے کی سزا ملی ہے لیکن وہ عدلیہ کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور ایسی زبان استعمال کی جا رہی ہے جو اور کہیں نہیں جاتی ہے، اپنے اداروں کی تضحیک کوئی محب الوطن شخص نہیں کرسکتا تھا.

    انہوں نے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے میرا مقدمہ افتخار چوہدری کے زمانے میں نہیں چلا ورنہ وہ مجھے فارغ کر دیتے لیکن اس کے باوجود میں اُن پر تنقید نہیں کرتا اور عدالت کے خلاف مہم جوئی کی طرف نہیں جاتا.

    عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو شکرکرنا چاہیے کہ وہ پاکستان میں ہے اور برطانیہ میں کوئی تصورنہیں کرسکتا کہ وزیراعظم دبئی میں ملازم ہو اور عدالت کو تنقید کا نشانہ بنائے اور اس پر توہین عدالت کا مقدمہ نہیں بنے.

    جہانگیر ترین کی نااہلی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ عدالت نے ٹرسٹ ڈیڈ پر جہانگیرترین کے خلاف فیصلہ دیا جو کہ ایک ٹیکنیکل غلطی تھی، جہانگیر خان کرپشن یا منی لانڈرنگ کے مرتکب نہیں ہوئے ہیں اور نظر ثانی کی اپیل دائر کریں گے.

    انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیرترین مشکل وقت میں ساتھ کھڑے تھے اور مشکل وقت میں میرے ساتھ جو کھڑا رہا اس کی قدر کرتا ہوں، میرا خیال ہے کہ انہیں تاحیات نااہل قرار دینے کے بجائے ڈی سیٹ کر کے پھر سے الیکشن لڑنے دے دیا جاتا تو زیادہ مناسب ہوتا.

    حدیبیہ کیس کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ حدیبیہ کیس فیصلے پرعدالت کے بجائے نیب کو ذمہ دار قرار دیتا ہوں کیوں کہ پاناما کیس میں حدیبیہ سے متعلق نئے ثبوت سامنے آئے ہیں چنانچہ تحریک انصاف حدیبیہ کیس کھلوانے کے لیے نیب سے رجوع کرے گی جس کے لیے شاہ محمود کی سربراہی میں کمیٹی لائحہ عمل طے کر رہی ہے.

    انہوں نے کہا وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مقدمات کا سامنے کرنے سے بچنے کے لیے اسپتال کے بستر پر تصویر کھینچوا کر کمال اداکاری کی ہے جس کے لیے آسکر ایوارڈ کے مستحق ہیں.

  • پاکستان ایک دم اٹھے گا، صرف 200 سو لوگ درکار ہیں جو اداروں کو درست کردیں گے، عمران خان

    پاکستان ایک دم اٹھے گا، صرف 200 سو لوگ درکار ہیں جو اداروں کو درست کردیں گے، عمران خان

    شیخوپورہ : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی کے لیے 200 افراد کی تلاش شروع کر دی ہے جو ملک کے بے حال اداروں کو ٹھیک کرسکتے ہیں اگر ایک آئی جی خیبرپختونخواہ کی پولیس ٹھیک کرسکتا ہے تو کیا 4 اور آئی جی نہیں مل سکتے؟

    وہ شیخو پورہ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے عمران خان کا کہنا تھا کہ بینک آف خیبرکی طرح کیوں نہیں ہم پی آئی اے اور اسٹیل مل کو ٹھیک کر سکتے؟ ہمیں اداروں کو ،مضبوط اور مستحکم کر کے ملک کو خوشحال اور ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں.

    عمران خان نے کہا کہ نظام ٹھیک ہوگا تو ملک میں سرمایہ کاری آئے گی اور بے روزگاری ختم ہوگی لیکن شریفوں اور زرداریوں نے میرٹ کو اوپر نہ آنے دیا اور ملک کو تباہ کیا.

    عمران خان نے کہا کہ اقتدارمیں آکر پیسہ بنانا بہت آسان ہے، اور نوازشریف تو اقتدارمیں آیا ہی پیسہ بنانے کے لئے تھا کرپٹ وزیراعظم ادارے تباہ کر کے پیسہ بناتا ہے میں بھی کے پی کے میں بہت پیسا بنا سکتا تھا لیکں میں نے عوام کے لیے کام کیا اور خیبرپختونخواہ میں ایک بھی جعلی یا میرٹ کے خلاف بھرتی نہیں کرائی.

    انہوں نے کہا کہ گائے کا گوشت بیچنے پر بھارت میں ڈنڈوں سے مار مار کر ایک مسلمان کو قتل کیا گیا تھا جس کی ویڈیو دیکھ کر قائداعظم کا مسلمانوں کے لیے ایک الگ ملک کا مطالبہ سمجھ میں آیا کیوں کہ قائد اعظم جان چکے تھے کہ علیحدہ ملک نہ ملا تو مسلمان پس جائیں گے.

    عمران خان نے کہا کہ نریندر مودی صرف ہندوؤں کا ہندوستان چاہتا ہے جہاں مسلمانوں اور عیسائیوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں ہورہےہیں، اگر ہمیں اقتدار ملا تو ہم پاکستان میں موجود اپنے اقلیتی برادری کو برابرکا شہری بنائیں گے، سندھ میں ہندو لڑکیوں کو زبردستی مسلمان کرنے کا سن کر دکھ ہوتا ہے کیوں کہ قرآن میں واضح لکھا ہے کہ دین میں زبردستی نہیں ہے.

  • زبردستی اسلام قبول کرانا دین کے خلاف ہے،عمران خان

    زبردستی اسلام قبول کرانا دین کے خلاف ہے،عمران خان

    کراچی : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام میں کسی قسم کا جبر نہیں ہے اور نہ ہی کسی کو مذہب تبدیل کرانے کا اختیار حاصل ہے۔

    سربراہ تحریک انصاف دیوالی کی مناسبت سے ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ ہم سب کے لیے قائد اعظم کی تعلیمات مشعل راہ ہیں جو مسلمان اور ہندو اتحاد کے سفیرسمجھے جاتے تھے۔

    عمران خان نے کہا کہ قائد اعظم محمدعلی جناح نے ایک مقصد کے لئے پاکستان بنایا تھا جہاں تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کی گئی تھی چنانچہ قائد اعظم کے پاکستان میں کسی مذہبی اقلیت کے ساتھ ناروا سلوک ہو یہ ممکن نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ ہندوؤں کو جبرآ مسلمان کرنے کی خبریں آتی رہتی ہیں جس کی نہ تو مذہب اسلام اجازت دیتا ہے اور نہ ہی آئین پاکستان میں ایسی کوئی بات ہے اور ایسے اقدام قائد اعظم کے نظریات کے بھی منافی ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ اسلام میں کوئی جبر نہیں خود نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مکہ کے دو عمر میں سے ایک کو مسلمان کرنے کے لیے دعا کی تھی جس کے بعد جناب عمر بن خطاب لذت اسلام سے سیراب ہوئے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ہندو برادری کو دیوالی کی مبارک باد دیتا ہوں اور سندھ حکومت کو کہتا ہوں کہ ان کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں کیوں ہندو بھائیوں کو کوبھی وہی حقوق حاصل ہیں جو کہ کسی پاکستانی کے ہوتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • فاٹا کو ضم کرنے میں‌ فضل الرحمن اور اچکزئی رکاوٹ ہیں، عمران

    فاٹا کو ضم کرنے میں‌ فضل الرحمن اور اچکزئی رکاوٹ ہیں، عمران

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرنے کا اہم موقع فضل الرحمن اور اچکزئی کی وجہ سے ضائع کررہی ہے، کروڑوں روپے کے عوض پولیٹیکل ایجنٹ تعینات ہوتے ہیں، قبائلی عوام کو ان کا فنڈ نہیں ملتا، معاملہ ملتوی کردیا تو دہشت گرد اور کرپٹ مافیا فائدہ اٹھائے گا۔

    شمالی وزیرستان میں کچھ نہیں بچا

    وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے خطرہ ہے کہ فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرنے کا جو موقع ملا ہے اسے وفاقی حکومت کی طرف سے ضائع کیا جارہا ہے، قبائلی علاقے میں اب کوئی نظام نہیں رہا، پرانا نظام ختم ہوگیا، نیا نظام ہے نہیں، قبائل علاقے میں حالات برے ہیں، شمالی وزیرستان میں لوگوں کے واپس جانے کے لیے کچھ نہیں بچا، گھر اور مویشی تباہ ہوگئے۔

    کے پی کے کا لوکل باڈی سسٹم فاٹا کے لیے انتہائی موزوں ہے

    ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے پاس اب کوئی آپشن نہیں ہے کہ فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرے، کے پی کے انتظامی اور معاشی طورپر اس کے لیے تیار ہے، ویسے بھی کے پی کے کا لوکل سسٹم فاٹا کے لیے انتہائی بہترین ہے کیوں کہ فاٹا میں بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی کے لیے جو رقم تقسیم کی جائے گی وہ لوکل باڈیز کی سطح پر ہی تقسیم ہوگی۔

    فاٹا سیکریٹریٹ کرپٹ ترین، کروڑوں روپے کے عوض پولیٹکل ایجنٹ تعینات

    عمران خان نے کہا کہ فاٹا سیکریٹریٹ پاکستان کا کرپٹ ترین ادارہ ہے، جہاں سے قبائلی علاقوں میں پیسہ نہیں جاتا، اربوں روپیہ یہاں اسمگلنگ کے ذریعے بنایا جاتا ہے ،پولیٹیکل ایجنٹس کو تعینات کرنے کے لیے کروڑوں روپے کے عوض یہ عہدہ فروخت ہوتا ہے اسی لیے قبائلی علاقوں میں بہتری نہیں آرہی۔

    معاملہ ملتوی نہ کیا جائے ورنہ قبائل عوام مزید پیچھے چلے جائیں گے

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی طرف سے مطالبہ کرتا ہوں کہ یہ معاملہ ایسے ہی نہ چھوڑ دیا جائے ورنہ لوگ اور پیچھے چلے جائیں گے، ان کے پاس اپنی آواز بلند کرنے کا کوئی پلیٹ فارم نہیں، ایک دور میں ان پر ایک طرف ڈرون حملے ہوئے تو دوسرے طرف فوجی آپریشن جاری تھا اور یہ اپنے ہی ملک میں آئی ڈی پیز بنے ہوئے تھے اس بھی یہ اپنی آواز ٹھیک طرح دنیا تک نہیں پہنچاسکے تھے۔

    ضم نہ کرنے کا فائدہ پولیٹیکل ایجنٹ لانے والے مافیا اور دہشت گردوں کو ہوگا

    سربراہ تحریک انصاف نے زور دیا کہ اس معاملے میں بالکل تاخیر نہ کی جائے اگر یہ معاملہ 2023ء تک ملتوی کردیا تو سب سے زیادہ نقصان قبائل علاقوں اور سب سے زیادہ فائدہ اس مافیا کو ہوگا جو پیسے کے عوض پولیٹیکل ایجنٹ تعینات کرتا ہے، اور دشمنوں کو دہشت گردی کو دوبارہ جنم دینے اور لوگوں کو استعمال کرنے کا موقع ملے گا۔

    فضل الرحمن اور اچکزئی کی وجہ سے فاٹا ضم نہیں ہورہا

    عمران خان نے کہا کہ فضل الرحمن اور محمود خان اچکزئی کی وجہ سے اگر یہ معاملہ ملتوی کیا ہے تو بتایا جائے کہ ان کا کیا حق ہے اور کیس بنیاد پر معاملہ ملتوی کیا جارہا ہے،اچکزئی کا تو قبائل علاقوں میں کچھ ہے ہی نہیں اور نہ ہی لینا دینا ہے وہ تو ہمیشہ افغانستان کے مفاد میں بات کرتے ہیں۔

    حکومت مفلوج ہوچکی، نواز شریف کی بیرون ملک جائیداد بچانے میں لگی ہے

    عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت مفلوج ہوچکی ہے جو نااہل وزیراعظم کو بچانے میں لگی ہوئی ہے، اس لیے کہ اگر نواز شریف کی منی لانڈرنگ ثابت ہوگئی تو ان کی باہر اربوں روپے کی جو جائیداد ہے اسے منجمد کرکے پیسہ واپس وطن لایا جائے گا، نواز شریف کو یہی ڈر ہے کہ انہوں نے جتنی محنت سے یہ پیسہ چوری کیا ہے اسے بچایا جائے۔

    قبائلی احتجاج کریں گے توہم  ساتھ دیں گے

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام اگر اس معاملے پر احتجاج کریں گے تو ہم ان کے ساتھ ہوں گے، ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے بیانات سے ظاہر ہے کہ مارشل لا کا کوئی امکان نہیں، گیلانی کے وقت ن لیگ سپریم کورٹ کے ساتھ تھی، میمو گیٹ کے وقت نواز شریف فوج کے ساتھ تھے اب کیا ہوا؟

    پشاور پریس کلب کے صحافیوں کا احتجاج

    دریں اثنا پشاور پریس کلب کے صحافیوں نے دوران پریس کانفرنس احتجاج کیا کہ پشاور پریس کلب کے لیے فنڈ کا اعلان کیا گیا تھا جو تاحال جاری نہیں کیا گیا، ہفتے بھر میں ہمارا مسائل حل نہ ہوئے تو میڈیا بائیکاٹ کریں گے۔

    صحافیوں نے پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر شاہ فرمان کی بھی خوب شکایات کیں جس پر عمران خان نے انہیں یقین دلایا کہ وہ پرویز خٹک سے خود بات کریں گے۔

  • بھارت نے حریت پسند کشمیری نوجوان کو شہید کرکے منفی سوچ کا ثبوت دیا، عمران خان

    بھارت نے حریت پسند کشمیری نوجوان کو شہید کرکے منفی سوچ کا ثبوت دیا، عمران خان

    اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ عمران خان کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور حریت پسند نوجوان سبزار احمد کو بربریت کا نشانہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں قابض بھارتی فوج کشمیریوں پر پیلٹ گن چلا رہی ہے۔

    سربراہ تحریک انصاف نے بھارتی فوج کے ہاتھوں حریت پسند نوجوان سبزاراحمد کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی نئی لہر ریاستی دہشت گردی ہے اورعالمی برادری کو کشمیری عوام کے خلاف بھارتی جبر کا نوٹس لینا چاہیے۔

    اپنے بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ قابض فوج سرینگرمیں مظاہرین پر پیلٹ گن چلارہی ہے اور دوسری جانب ظالم افواج کی جانب سے میڈیا کی آواز کو خاموش کرایا گیا جب کہ بدقسمتی سےعالمی سیاست میں بھارت کوظلم ڈھانے کی اجازت ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کثیرتعداد میں بھارتی فوج تعینات ہے جو مسلسل انسانیت سوز ظلم ڈھا رہی ہے لیکن حکومت پاکستان اپنے کشمیریوں بھائیوں کا مسئلہ عالمی سطح پرصحیح طریقے سے اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان کی سربراہی میں قائم کشمیر کمیٹی بھی ناکام ہو چکی ہے جس پرکشمیرکمیٹی کا بھی احتساب ہونا چاہے کہ اب تک کشمیر کے لیے کیا کر سکی ہے؟

    سربراہ تحریک انصاف نے کہا ہے کہ بھارت سے نوازشریف کے ذاتی تعلقات کشمیر کازکونقصان پہنچا رہے ہیں جس کانتیجہ یہ نکل رہا ہے کہ بھارت نہتے اور معصوم کشمیریوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔

    خیال رہے گزشتہ روز معروف شہید کشمیری رہنما برہان وانی کے قریبی رفیق ساتھی سبزاراحمد کو بھارتی فوج نے اپنی بربریت کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کردیا جس کی اطلاع پورے کشمیر میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور پورا کشمیر سراپا احتجاج بن گیا۔

  • پاکستان اسلام کےنام پر بنا لیکن حکمراں اچھے نہ ملے، عمران خان

    پاکستان اسلام کےنام پر بنا لیکن حکمراں اچھے نہ ملے، عمران خان

    لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان بنا تو اسلام کے نام پرتھا لیکن یہاں حکومتیں انسانیت کی خدمت کرنے سے عاری ہیں۔

    عمران خان لاہورمیں خصوصی بچوں کے اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ کام تو حکومت کا تھا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کا بندوبست کرتی اورانہیں بھی معاشرے کا کارآمد فرد بناتی لیکن جب کرپشن پہلی ترجیح ہو تو حکومتیں عوامی مفاد کے بجائے ذاتی مفادات کو اہمیت دیتی ہیں۔

    چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ خصوصی بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم و تربیت سے متعلق فلاحی کام اللہ کی خوشنودی کے حصول کے جذبے کے تحت کیا گیا ہے اور اس طرح کا مشن بھی کوئی خاص انسان ہی شروع کرسکتا ہے۔

    دوران خطاب عمران خان نے پاکستان میں شرح تعلیم کے اعداد و شمار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر اور پینتیس فیصد آبادی کو پوری طرح خوراک بھی میسر نہیں ہے حالانکہ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا تھا جہاں ایک فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھنی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے حکمرانوں نے قیام پاکستان کے عظیم مقصد کو پس پشت ڈال کرذاتی مفادات کے حصول، مراعات اور اسٹیٹس کو بڑھاوا دیا جس کے لیے ملک میں کرپشن کو پروان چڑھایا گیا جس کے باعث ملک میں غریب آدمی غریب سے غریب  تر اور امیر آدمی امیر سے امیر تربنتا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ اس تقریب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبد العلیم خان نے بھی خطاب کیا اور اس طرح کے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔